Tag: Attock

  • اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

    اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

    اسلام آباد (19 اگست 2025): پمز سے فرار ہونے والے منکی پاکس مریض کو اٹک میں گھر پر ٹریس کر لیا گیا ہے، اور اسے گھر ہی پر آئسولیٹ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع قومی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں ایک اور منکی پاکس کا کیس سامنے آ گیا ہے، جس سے رواں سال رپورٹ ہونے والے ایم پاکس کیسز کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق منکی پاکس کا 42 سالہ مریض اٹک کا رہائشی ہے، جو 15 اگست کو دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا، بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے مریض میں ایم پاکس کی نشان دہی کی تھی اور علامات کی تصدیق کی۔

    مسافر میں ایئرپورٹ پر دوران اسکریننگ منکی پاکس علامات پائی گئی تھیں، جس پر مریض کو ایئرپورٹ سے پمز منتقل کیا گیا، ٹیسٹ کے لیے مریض کا سیمپل 16 اگست کو لیبارٹری بھیجا گیا تھا، جس کے بعد قومی ادارہ صحت نے 18 اگست کو مریض میں ایم پاکس کی تصدیق کر دی۔

    ’ذیابطیس کے مریضوں میں ذہنی امراض، جان لیوا ڈپریشن کی شرح 50 فیصد ہو گئی‘

    ذرائع کے مطابق ایم پاکس کے مریض کو ایئرپورٹ سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ آئیسولیشن وارڈ سے فرار ہو گیا تھا، جسے اٹک کے قریب محکمہ صحت کے تعاون سے دوبارہ ٹریس کیا گیا۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے مریض کو گھر پر آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے، اور اس کی حالت تسلی بخش ہے، رواں سال ملک میں منکی پاکس کے 9 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ایم پاکس کو اگست 2024 میں انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجنسی ڈکلیر کیا گیا تھا، جب کہ اگست 2024 کے بعد پاکستان میں 15 ایم پاکس کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

  • عید کے کپڑے سلائی نہ کرنے پر درزی قتل

    عید کے کپڑے سلائی نہ کرنے پر درزی قتل

    اٹک: پنجاب کے شہر اٹک میں کپڑے سلائی نہ کرنے پر ایک درزی کو قتل کر دیا گیا، جب کہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے کیمبل پور موسیٰ میں عید کے کپڑے سلائی نہ کرنے پر دو درزیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک قتل دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    ملزم مدثر فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا، زخمی کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جب کہ ملزم کی جانب سے درزی پر فائرنگ کی وجہ عید کے کپڑوں کی سلائی سے انکار بتائی گئی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ ساجد پر کی گئی تھی، جس کی زد میں آ کر دوسرا درزی شدید زخمی ہوا ہے۔ ریسکیو عملے نے مقتول ساجد کی لاش اور زخمی احسان کو اسپتال منتقل کیا۔

    ویڈیو: جیکب آباد میں 9 خواتین اساتذہ کے اغوا کی کوشش، خوفزدہ معلمات نے اسکول جانا چھوڑ دیا

  • سوتیلے باپ نے 12 سالہ بچی کا 70 سالہ شخص سے زبردستی نکاح کروادیا

    سوتیلے باپ نے 12 سالہ بچی کا 70 سالہ شخص سے زبردستی نکاح کروادیا

    پنجاب کے شہر اٹک میں سوتیلے باپ نے 12 سالہ بچی کا 70 سالہ شخص سے زبردستی نکاح کروادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، اٹک میں سوتیلے باپ نے 12 سالہ بچی کا 70 سالہ شخص سے زبردستی نکاح کروادیا۔

    بچی سے زبردستی شادی کرانے پر نکاح خواں سمیت 10 افراد  کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، حضرو پولیس نے دلہا نعیم  اسکے 4 بہن بھائیوں سمیت 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔

    حضرو پولیس نے 12 سالہ بچی کے 60 سالہ سوتیلے باپ طیب کو بھی گرفتار کرلیا ہے جبکہ نکاح خواں موقعے سے فرار ہوگیا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-girl-kidnapping-drama/

  • اٹک میں آسمانی بجلی گرنے سے تھانے کی عمارت منہدم، 5 اہلکار زخمی

    اٹک میں آسمانی بجلی گرنے سے تھانے کی عمارت منہدم، 5 اہلکار زخمی

    اٹک: پنجاب کے شہر اٹک میں ایک پولیس تھانے کی عمارت اس وقت اچانک منہدم ہو گئی جب اس پر تیز بارش کے دوران آسمانی بجلی گری۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ اٹک خورد کی عمارت آسمانی بجلی گرنے سے گر گئی، تھانے کی عمارت کے ملبے دبنے سے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے، جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی تھی، عمارت گرتے ہی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔ معلوم ہوا کہ تھانے کی عمارت بوسیدہ تھی۔

  • پسند کی لڑکی کا نکاح کسی اور سے پڑھانے کا رنج، عاشق نے نکاح خواں کو گولی مار دی

    پسند کی لڑکی کا نکاح کسی اور سے پڑھانے کا رنج، عاشق نے نکاح خواں کو گولی مار دی

    اٹک: پنجاب کے شہر اٹک میں رنج کے مارے ایک عاشق نے نکاح خواں کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ میں لڑکی کا نکاح کسی اور سے پڑھانے پر نکاح خواں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نکاح خواں مولانا محمد اسحاق امام مسجد اور سرکاری ٹیچر تھے، نامعلوم عاشق نے انھیں اس لیے گولی ماری کہ انھوں نے عاشق کی پسند کی لڑکی کا نکاح کسی اور سے پڑھا دیا تھا۔

    یہ واقعہ تحصیل جنڈ کے انجرا گاؤں میں پولیس اسٹیشن سے صرف آدھا کلو میٹر فاصلے پر پیش آیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حافظ محمد اسحاق کو گھر کے دروازے پر گولیاں ماری گئیں، لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم قاتل کی تلاش جاری ہے، بتایا جا رہا ہے کہ قاتل ایک اور شخص کے ساتھ موٹر سائیکل پر آیا تھا اور دستک دے کر نکاح خواں کو باہر بلایا تھا، واقعے کے دن بھی وہ نکاح پڑھ کر آئے تھے۔

  • دو بچے تیزاب کو شربت سمجھ کر پی گئے، تڑپ تڑپ کر جاں بحق

    دو بچے تیزاب کو شربت سمجھ کر پی گئے، تڑپ تڑپ کر جاں بحق

    اٹک : گھر میں صفائی کیلئے رکھے گئے تیزاب کو شربت سمجھ کر پینے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔ لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے نواحی علاقے ڈہوک گاما میں2کمسن بچے تیزاب پینے سے جان کی بازی ہار گئے، دونوں کمسن بھائیوں نے باتھ روم کی صفائی کا تیزاب شربت سمجھ کر پی لیا۔

    اپنے بچوں کو تڑپتا دیکھ کر والدہ پر غشی کے دورے پڑگئے، سیف اللہ اور سمیع اللہ کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئیں، لاشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔

    واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر میں لاہور کے گریٹر اقبال پارک کے ایک ریسٹورنٹ میں مبینہ طور پر تیزاب پینے سے 2 بچے شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق تیزاب ہوٹل میں منرل واٹر کی بوتل میں موجود تھا، کچھ بوتلیں ریسٹورنٹ میں الگ سے رکھی ملی تھیں۔

  • کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا جتنا ہم نے کیا: وزیر اعظم

    کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا جتنا ہم نے کیا: وزیر اعظم

    اٹک: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کبھی بھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا جتنا ہم نے کیا ہے، غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ضلع اٹک کی تحریک انصاف قیادت سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت جب آئی تو مجموعی معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ معاشی خسارے کی وجہ سے معاشی صورتحال میں بہتری مشکل تھی، ہمارا انحصار درآمدات پر ہے، باہر قیمتیں بڑھتی ہیں تو یہاں بھی بڑھتی ہیں۔ محنت کر کے ایک سال میں خسارہ 20 ارب سے کم کر کے 1 ارب ڈالر پر لے آئے، اس کے بعد وبا نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا۔

    انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی معیشت خسارے میں چلی گئی اور بین الاقوامی سطح پر بحران آیا، کامیاب پالیسیوں کی بدولت کرونا وائرس کا مقابلہ کیا اور چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب رہے۔ بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی پذیرائی کی گئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا پنجاب میں آغاز کر رہے ہیں، صحت کارڈ سے غریب گھرانے معیاری علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ احساس سبسڈی پروگرام میں آٹا، دالوں، گھی پر 30 فیصد سبسڈی فراہم ہوگی۔ کامیاب پاکستان پروگرام 20 لاکھ گھرانوں کے لیے بغیر سود قرضے فراہم کرے گا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر گھر میں جا کر احساس سروے کیا گیا تاکہ مستحق پروگرام سے باہر نہ رہ جائیں، کبھی بھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ ہر سطح پر تمام پروگرامز کا فائدہ اپنے اپنے علاقوں میں غربا تک پہنچائیں، ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے، کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ مقامی سطح کی قیادت متحرک ہو کر مستحق افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے۔

  • وزیراعظم نے  اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیراعظم نے اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    اٹک: عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں ایک اور احسن اقدام، وزیراعظم نے اٹک میں 200 بستروں پر مشتمل اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج مختصر دورے پر ضلع اٹک پہنچے، جہاں انہوں نے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا،   اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور صوبائی وزیر یاور عباس بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

     وزیرِ اعظم عمران خان کو اس موقع پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا  کہ جدید سہولتوں سے لیس اسپتال کی تعمیر میں چھ ارب روپے لاگت آئے گی

    حکومت پنجاب  دو سو بستروں کا یہ  اسپتال دو سال کی مدت میں مکمل کرے گی،منصوبے کی لاگت کی نصف رقم وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو فراہم کی ہے۔

    مدراینڈچائلڈاسپتال اٹک سمیت پنجاب بھر میں 5بڑے اسپتال بن رہےہیں ، اٹک کےاسپتال میں320 ملازمین کیلئے رہائشی مکان اورہاسٹل بھی ہوگا۔

    وزیر اعظم دورے کے دوران اٹک کے منتخب نمائندوں اور تحریک انصاف کی مقامی قیادت سے ملاقات سمیت ایک عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

     

  • وزیراعظم عمران خان آج اٹک میں اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیراعظم عمران خان آج اٹک میں اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان آج اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 300 بستر کے اسپتال پر چھ ارب روپے لاگت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج اٹک کا ایک روزہ دورہ کریں گے ، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ،صوبائی وزیریاورعباس بخاری بھی عمران خان کے ہمراہ ہوں گے۔

    وزیراعظم عمران خان اٹک میں مدر اینڈ کیئر اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 300 بیڈز پر مشتمل اسپتال کی تعمیر پر 6ارب لاگت آئے گی ، جس کی افتتاحی تقریب کامسیٹ یونیورسٹی میں ہوگی۔

    مدراینڈچائلڈاسپتال اٹک سمیت پنجاب بھر میں 5بڑے اسپتال بن رہےہیں ، اٹک کےاسپتال میں320 ملازمین کیلئے رہائشی مکان اورہاسٹل بھی ہوگا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورے کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،اس ضمن میں سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئےہیں۔

  • عدالت کے باہر قتل کرنے والا خود بھی عدالت کے باہر قتل

    عدالت کے باہر قتل کرنے والا خود بھی عدالت کے باہر قتل

    اٹک : احاطہ عدالت کے باہر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک ملزم کو ہلاک کردیا، واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کی سیشن عدالت کے باہر قتل کیس کے ملزم کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقامی پولیس آج ملزم کو پیشی پر عدالت لائی تھی کہ مرکزی دروازے پر پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول ملزم صدام حسین نے سال 2020 میں عدالت کے باہر ایک شخص کو قتل کیا تھا جس پر مقدمہ چل رہا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

    واضح رہے کہ حملہ آور سخت چیکنگ کے باوجود احاطہ عدالت میں اسلحے سمیت داخل ہونے میں کیسے کامیاب ہوگئے اس حوالے سے سیکڑوں سوالات نے جنم لیا ہے اس سلسلے پولیس کے ملوث ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ مختلف مواقع پر اب تک متعدد افراد احاطہ عدالت میں قتل ہوچکے ہیں۔ رواں سال 31 جنوری کو بھی سیشن کورٹ لاہور میں فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل آصف شہید اور زیر حراست ملزم ملک امجد ہلاک ہوگیا تھا۔ اس کے بعد 20 فروری کو دو وکلاء کو کمرہ عدالت کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔