Tag: Attock

  • اٹک: تفریح کے لئے جانے والی فیملی خوفناک حادثے کا شکار

    اٹک: تفریح کے لئے جانے والی فیملی خوفناک حادثے کا شکار

    اٹک: پکنک منانے کی غرض سے جانے والی فیملی خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق اٹک کے دریائے ہرو میں باہتر کے مقام پر تفریحی کے لئے آنے والے پانچ افراد ڈوب گئے، ڈوبنے والوں میں بچے اور بچیاں بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دریا میں نہانے کے دوران ایک بچہ گہرے پانی میں ڈوبا تو دیگر افراد اسے بچانے کے لئے گہرے پانی کی جانب بڑھے مگر پانی کی تیز لہریں انہیں اپنے ساتھ بہا لے گئیں، دلخراش حادثے میں پانچ قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔

    یہ بھی پڑھیں: دریائے کنہار پر تصویر بنانے کی خواہش، خاتون ڈوب گئیں

    امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے لاشوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، جاں بحق افراد میں ماں بیٹے اور بیٹیاں شامل ہیں، جن کی شناخت زوجہ عبد الرحمان، دس سالہ عائشہ، چودہ سالہ مریم ، بارہ سالہ فلک اور سولہ سالہ عبدالمنان کے ناموں سے کی گئیں۔

  • جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں جائیداد کے تنازعہ پر چچا نے بھتیجے پر انسانیت سوز ظلم کرتے ہوئے اس کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے جنڈ میں چچا نے جائیداد کی خاطر بھتیجے پر تشدد کیا اور اس کے جسم میں کیلیں ٹھوک دیں، 28 سالہ مظہر حسین والدین کے انتقال کے بعد چچا کے ساتھ رہا تھا۔

    متاثرہ نوجوان کو ڈی ایچ کیو اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر نے آپریشن کے ذریعے نوجوان کے جسم سے کیلیں نکالیں۔

    پولیس کو بیان دیتے ہوئے مظہر حسین کا کہنا تھا کہ ملزم حبیب (چچا) نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر تشدد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل افسر کے دستخط کے ساتھ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    اٹک: معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کھیل کے میدان میں بھی متحرک ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک امین اسلم نے اپنے انتخابی حلقے میں کھیل کے نئے میدان بنانا شروع کر دیے، انھوں نے ضلع اٹک میں 10 نئے کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    ملک امین اسلم نے آج تحصیل حضرو کے علاقے چیچیاں میں کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کرکٹ گراؤنڈز کلین گرین پاکستان ویژن کے تحت بنائے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور میچ بھی دیکھا، انھوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کو بہت جلد دورہ اٹک کی بھی دعوت دیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

    واضح رہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے خیبر پختون خوا حکومت نے بھی ایک سال قبل بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 40 کروڑ کے منصوبوں کی منظوری دی تھی، منصوبے کے تحت چترال میں 15 پولوگراؤنڈز پر 12 کروڑ سے زائد خرچ کیے جائیں گے، مردان میں اسپورٹس سٹی کی فزیبلٹی اسٹڈی پر 2 کروڑ کی منظوری دی گئی تھی۔

  • سبق یاد نہ کرنے پر اسکول ٹیچر جلاد بن گیا ،  پہلی کلاس کے طالب علم پر بدترین تشدد

    سبق یاد نہ کرنے پر اسکول ٹیچر جلاد بن گیا ، پہلی کلاس کے طالب علم پر بدترین تشدد

    اٹک : سبق یاد نہ کرنےپر اسکول ٹیچرجلاد بن گیا ، 6 سال کے طالبعلم پرشدید تشدد کیا ، پولیس نے اسکول ٹیچراعجاز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک میں سبق یاد نہ کرنے پر اسکول ٹیچر نے پہلی کلاس کے طالب علم پر بدترین تشدد کرتے ہوئے ڈنڈوں،گھونسوں،لاتوں کی بارش کردی
    6 سال کاعبدالرحمان گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2حضرو میں زیرتعلیم ہے۔

    متاثرہ بچہ تحصیل اسپتال حضرو منتقل کردیا گیا ہے اوروالدین نے وزیراعلیٰ سے انصاف کی اپیل کی ہے جبکہ پولیس نے پولیس اسکول ٹیچراعجاز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    مزید پڑھیں : اسکول ٹیچر کا طالب علم پر وحشیانہ تشدد، بازو توڑ دیا

    یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں گجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد میں سرکاری اسکول ٹیچر نے آٹھویں جماعت کے طالب علم کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا ، جس سے طالب علم اصغر کا بازو ٹوٹ گیا تھا۔

    خیال رہے کہ اساتذہ کا طالب علموں پر تشدد کوئی نئی بات نہیں اس سے قبل بھی ملک کے مختلف شہروں میں اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں، رواں سال اپریل میں صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں اسکول ٹیچر نے تیسری جماعت کی 8 سالہ طالبہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے بال کاٹ دیے تھے۔

  • 11 سالہ بچے کو 8 لاکھ تاوان کے لیے اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا مل گئی

    11 سالہ بچے کو 8 لاکھ تاوان کے لیے اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا مل گئی

    اٹک: 11 سالہ بچے کو 8 لاکھ تاوان کے لیے اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اغوا کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا، گیارہ سال کے بچے عمیر علی کو اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا سنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق عدالت نے میاں بیوی سمیت 7 ملزمان کو 2،2 بار عمر قید کی سزا کا حکم سنایا، ملزمان کی تمام جائیدادیں بھی بہ حق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں ملزمان نے مرزا گاؤں سے 11 سالہ بچے عمیر علی کو اغوا کیا تھا، بچے کے اہل خانہ نے 8 لاکھ روپے تاوان بھی ادا کر دیا تھا، تاہم پولیس نے پھرتی دکھاتے ہوئے ملزمان کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا تھا، ملزمان سے تاوان کے 8 لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے تھے۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے بچے کی بازیابی کے لیے سی آئی اے، آئی ٹی لیب ٹیم اور ایلیٹ فورس پر مشتمل ٹیم تشکیل دی تھی، جس نے کام یاب کارروائی کرتے ہوئے بچے کو اغوا کاروں کے چنگل سے جلد اور بہ حفاظت بازیاب کرا لیا۔

    بچے کے اغوا کی واردات کی رپورٹ مرزا گاؤں کے تھانے میں بچے کے والد فرخ سلطان کی مدعیت میں درج کرائی گئی تھی۔

  • اٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    اٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    اٹک : صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے گاؤں اڑانگ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں نکال لیں۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مرنے والوں میں 2 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔

    لودھراں میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لودھراں کے علاقے بستی سرداروالی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹی جان کی بازی ہار گئی تھیں۔

    پشین میں مکان کی چھت گرنے سے4 بچے جاں بحق

    واضح رہے کہ 5 فروری 2019 کو بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے یعقوب کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

  • جنگی ہیرو سپاہی مقبول حسین اٹک میں انتقال کر گئے

    جنگی ہیرو سپاہی مقبول حسین اٹک میں انتقال کر گئے

    اٹک: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جنگی ہیرو سپاہی مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپاہی مقبول حسین 1965 کی جنگ کے دوران بھارتی فوج کے جنگی قیدی بنے، قید کے دوران ان پر بے پناہ تشدد کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقبول حسین 40 سال بھارتی جیلوں میں قید رہنے کے بعد 2005 میں رہا ہوئے، سپاہی مقبول حسین کو بہادری پر ستارۂ جرات سے نوازا گیا، وہ سی ایم ایچ میں زیرِ علاج تھے۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مقبول حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، انھیں آج فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

    انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے باہمت سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر قوم کی آنکھیں اشک بار ہیں۔


    اسے بھی پڑھیں:  پاک فوج کے میجرعمرفاروق کے لئے برطانوی اعزاز


    واضح رہے کہ سپاہی مقبول حسین 1965 کی جنگ میں سری نگر میں ایک  آپریشن میں زخمی ہو کر انڈیا کے قیدی بنے تھے، ان پر بھارتی فوجیوں نے اتنا تشدد کیا کہ وہ اپنی یادداشت بھی کھو بیٹھے، ان کی زبان بھی کاٹی گئی تھی۔

  • انھوں نے مجھے نکال کر پاکستان کی ترقی کا پہیہ روک دیا: نواز شریف

    انھوں نے مجھے نکال کر پاکستان کی ترقی کا پہیہ روک دیا: نواز شریف

    اٹک: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین نے انھیں نکال کر پاکستان کی ترقی کا پہیہ روک دیا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اٹک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو 14 ماہ کے لئے اٹک کے قلعے میں بند کیا گیا تھا، اسے ہائی جیکر قرار دے کر جہاز کی سیٹ کے ساتھ باندھ دیا گیا.

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نوجوانوں کے مستقبل کے لئے دن رات کام کررہا تھا، عوام کی خدمت کررہا تھا، لیکن اچانک ایک دن فارغ کردیا جاتا ہے، یہ نہیں دیکھا جاتا کہ 4 سال میں نوازشریف نے کیا کام کئے.

    انھوں نے کہا کہ یہ کہتے تھے کہ ہم نیا کے پی کے بنائیں گے، اس سے پہلے اٹک آکر دیکھ لو، کتنا فرق ہے، تم لوگوں نے کے پی کےعوام کو دھوکا دیا، ان سے ناانصافی کی.

    انھوں‌ نے مخالفین کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھتے تھے، نوازشریف کو ن لیگ کی صدارت سے نکل دیں، تو یہ ختم ہوجائیں گا، نوازشریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، اسے جرم بنا کر سزا دی گئی.

    نواز شریف نے کہا کہ 2013 میں روزانہ دہشت گردی ہوتی تھی، جسے ن لیگ نے ختم کیا، اب کہاں گم ہوگئی لوڈشیڈنگ، اٹک پنجاب کا بہترین ضلع بن رہا ہے.

    انھوں نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کوووٹ دینا ہے، دل سے عہد کریں، آئندہ ووٹ کو بے عزت و بے توقیر نہیں ہونے دیں گے، ووٹ کی عزت خودبھی کریں گےاور دوسروں کو بھی کرنا ہوگی.


    وطن دشمن اورغدارکہنے سے کچھ فرق نہیں پڑتا، نوازشریف


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نواز شریف نے بتادیا ان کو کیوں نکالا اور کس نے نکالا، مریم نواز

    نواز شریف نے بتادیا ان کو کیوں نکالا اور کس نے نکالا، مریم نواز

    اٹک: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ میاں صاحب نے بتادیا ان کو کیوں نکالا اور کس نے نکالا، نواز شریف کو عوام سے محبت کی سزا مل رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے 18 سال پہلے بھی عوام سے محبت کی سزا بھگتی، میاں صاحب روزے کی حالت میں چار، چار گھنٹے نیب میں بیٹھے رہے، 70 سے زیادہ پیشیاں بھگت چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جس کا نام پاناما میں ہے ہی نہیں وہ 70 سے زائد پیشیاں بھگت چکا ہے، جن کے پاناما میں نام آئے وہ آزاد گھوم رہے ہیں، کیا کوئی کبھی اپنے بیٹے سے تنخواہ لیتا ہے؟ بیٹے سے تنخواہ لے سکتے تھے کیوں نہیں لی اب نکلو وزیر اعظم ہاؤس سے، پاناما کے باقی 400 لوگوں کو کسی نے پوچھا بھی نہیں۔

    مریم نواز کے مطابق نواز شریف ووٹ لے کر آتے ہیں، کچھ لوگ سازش کرکے نکال دیتے ہیں، آپ لیڈر سرخرو ہوا، ایک پائی کی منی لانڈرنگ، کرپشن ثابت نہ ہوئی، نواز شریف کو پارٹی صدارت سے نکالا گیا، عوام کی محبت کم نہ ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ این اے 120 میں والدہ کے مقابلے میں 40 امیدوار اتارے گئے، این اے 120 الیکشن سے پہلے متحرک کارکنوں کو اٹھا لیا گیا۔ پولنگ اسٹیشن پر لیگی پرچی والے کو 6،6 چکر لگوائے جارہے تھے، کچھ لوگ روتے رہے، شیر کو ووٹ ڈال کر ہی جائیں گے۔

    مریم نواز نے کہا کہ میاں صاحب کی نااہلی کے بعد چکوال اور لودھراں کے فیصلے آئے، مان لو تم ہار گئے، جتنی مرضی دھاندلی کرکے لوٹے بناؤ، الیکشن میں ووٹ عوام نے دینا ہے لوٹوں نے نہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • اسلام آباد : اے ٹی ایم توڑکر رقم لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار

    اسلام آباد : اے ٹی ایم توڑکر رقم لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار

    اسلام آباد / اٹک : اسلام آباد میں ڈاکو بینک کی اے ٹی ایم خالی کر گئے، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا، سی سی ٹی ٹی وی کیمرے کا ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے تھے، اٹک میں اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے پہلے سیف سٹی اسلام آباد میں ڈاکؤوں نے اے ٹی ایم لوٹ لی، ڈاکو سیکٹر ایس6میں واقع نجی بینک کے اے ٹی ایم روم کی چھت سے اندر داخل ہوئے اور اے ٹی ایم کھول کر54لاکھ روپے لے اڑے۔

    ملزمان جاتے ہوئے سی سی ٹی وی ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے تھے، پولیس کو سی سی ٹی وی ریکارڈ جنگل سے پڑا ہوا ملا، ڈکیتی کی جیو فینسنگ کر کے پولیس نے دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی، ملزمان نے رقم بھی گھر میں چھپا رکھی تھی۔

    دوسری جانب اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سکیورٹی گارڈ کی بروقت کارروائی کے باعث ڈاکو لوٹ مار کیے بغیر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    رات گئے مسلح ڈاکو نجی بینک کی اے ٹی ایم توڑنے کے لیے پہنچے تو سکیورٹی گارڈ نے بہادری سے ڈاکوؤں کو للکارا اور ان پر گولیاں چلادیں۔

    دوطرفہ فائرنگ سے بینک کا مرکزی دروازہ ٹوٹ گیا، اطلاع ملتے ہی پنڈی گھیب پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے جس کے بعد ڈاکو بھاگ نکلے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔