Tag: Auckland

  • نیوزی لینڈ اور امریکا کے درمیان کیا ہونے جارہا ہے؟

    نیوزی لینڈ اور امریکا کے درمیان کیا ہونے جارہا ہے؟

    نیوزی لینڈ کی سرکاری ایئر لائن اپنے کیریئر کی سب سے طویل پرواز کا آغاز کرنے جارہی ہے۔

    نیوزی لینڈ نے کم وبیش دو سال عالمی وبا کرونا سے نمٹنے کے لئے سخت ایس او پیز نافذ کئے رکھے اب حال ہی میں نیوزی لینڈ کی حکومت نے اپنی فضائی حدود کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ، جس کی وجہ ملک کی سیاحت کی صنعت کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر نیوزی لینڈ نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ آکلینڈ اور نیویارک کے درمیان براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، طویل دورانیے کی یہ فلائٹس رواں برس 17 ستمبر سے آکلینڈ سے شروع ہوں گی۔

    آکلینڈ سے چلنے والی پروازوں کا نمبر ’این زیڈ ٹو‘ اور نیویارک سے روانہ ہونے والی پروازوں کو ’این زیڈ ون‘ کا نمبر دیا گیا ہے، ان نمبروں کے مطابق اندازہ ہوتا ہے کہ یہ نیا روٹ ایئر نیوزی لینڈ کے لیے کتنا اہم ہے اور اور یہ خبر اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ نیوزی لینڈ بتدریج عالمی سیاحت کے لیے کھل رہا ہے۔

    ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گریگ فورین نے ایک بیان میں کہا کہ ’روایتی طور ایک اور دو نمبر ایئرلائن کے فلیگ شپ روٹ کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں اور نیویارک ہمارے لیے فلیگ شپ روٹ ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ دونوں شہروں کے درمیان ہفتے میں بوئنگ 787 ڈریم لائنر کی تین فلائٹس چلیں گی، ایئر نیوزی لینڈ کی ویب سائٹ پر ان ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوچکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ کے ساتھ امریکی تعلقات میں دراڑ پڑ گئی

    گریگ فورین کا کہنا تھا کہ ہم نے اس طویل دورانیے کی فلائٹ کو ممکن بنانے کے لیے گذشتہ چند برس بہت محنت کی ہے، نیویارک پہنچنے تک مسافروں کو تازہ دم رکھنے کے لیے ہم سفر کو خوش گوار بنانے کے انتظامات مکمل کرنے جارہے ہیں ہماری تجربہ کار ٹیمیں اسے بہترین بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ نیویارک سے آکلینڈ کی پرواز کا دورانیہ 17 گھنٹے 35 منٹ پر محیط ہوگا جو دنیا کی سب سے طویل فلائٹس میں سے ایک ہے۔

    یاد رہے کہ اس وقت دنیا میں سب سے طویل دورانیے کی فلائٹ سنگاپور اور امریکی ایئرپورٹ جے ایف کینیڈی کے درمیان چلتی ہے جس کا دورانیہ 18 گھنٹے ہے۔

  • غیر ضروری طور پر سفر کرنے والی خاتون ٹرانسپورٹ اہلکاروں پر تھوک کر فرار

    غیر ضروری طور پر سفر کرنے والی خاتون ٹرانسپورٹ اہلکاروں پر تھوک کر فرار

    نیوزی لینڈ میں ایک جوڑے کو بس میں سفر کرنے سے منع کیا گیا تو انہوں نے ٹرانسپورٹ سروس کے 3 اہلکاروں پر تھوک دیا، پولیس نے جوڑے کی تلاش شروع کردی ہے۔

    مذکورہ واقعہ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں گزشتہ روز پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ جوڑا ایک بس میں سفر کر رہا تھا تاہم ان کے سفر کی نوعیت جاننے کے بعد علم ہوا کہ وہ غیر ضروری طور پر سفر کر رہے تھے۔

    بس سے اترنے کا کہنے پر جوڑا آپے سے باہر ہوگیا اور خاتون نے ٹرانسپورٹ سروس کے 3 اہلکاروں پر تھوک دیا جس کے بعد دونوں فرار ہوگئے۔

    واقعے کا شکار افراد کو کرونا وائرس کے خدشے کے تحت فوری طور پر قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آج کل کے حالات کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی حرکت پر وہ حیران ہیں اور وہ اسے بالکل برداشت نہیں کریں گے۔

    حکام کے مطابق ٹرانسپورٹ سروس کا عملہ لوگوں کو سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے دن رات کام کر رہا ہے، ان کے ساتھ اس طرح کا سلوک بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    پولیس نے جوڑے کی تصویر جاری کر کے لوگوں سے ان کی معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم براستہ دبئی نیوزی لینڈ پہنچ گئی

    پاکستان کرکٹ ٹیم براستہ دبئی نیوزی لینڈ پہنچ گئی

    آکلینڈ : پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم براستہ دبئی آکلینڈ پہنچ گئی جہاں آج قیام کے بعد کھلاڑی کل نیلسن روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچزسیریز کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ پہنچ گئی۔

    ون ڈے سیریز سے قبل نیوزی لینڈ الیون اورپاکستان کے درمیان 3 جنوری کو پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔

    پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچز 6، 9، 13، 16 اور19 جنوری کو کھیلے گا جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز 22، 25 اور 28 جنوری کو کھیلے گا۔

    کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں قومی اسکواڈ اظہرعلی، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، رومان رئیس، حسن علی، عامر یامین، محمد عامر، فخرزمان، بابراعظم، امام الحق، حارث سہیل اور فہیم اشرف پر مشتمل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم ضرور کامیابی حاصل کرے گی۔

    یونس خان کا کہنا تھا کہ چیمپیئنزٹرافی کے بعد سے قومی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی جاری رہے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • آکلینڈ: اعصام الحق کی جوڑی نے ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

    آکلینڈ: اعصام الحق کی جوڑی نے ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

    آکلینڈ : پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق کی جوڑی نے آکلینڈ کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔ آکلینڈ میں کھیلے جانے والے ٹائٹل معرکے میں اعصام کی جوڑی کا مقابلہ جوناتھن ایلرچ اور اسکاٹ لیپسکی پر مشتمل جوڑی سے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹینس اسٹار نے رواں سال کا پہلا آکلینڈ کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، ابتداء میں دو سیٹس تک مقابلہ برابر تھا۔ فیصلہ کن سیٹ میں اعصام اور ان کے پولش پارٹنرمیٹ کووسکی نے غیر معمولی کھیل پیش کیا اور کھیل پر حاوی رہے۔

    اعصاب شکن مقابلے کےبعد میچ ٹائی بریک دس تین سے جیت لیا۔ فتح پر اعصام الحق نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ آئندہ آنے والے ایونٹس میں بھی اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

  • مقامی کرنسی نہ ہونے پرشاہد آفریدی کو ریسٹورنٹ میں شرمندگی کا سامنا

    مقامی کرنسی نہ ہونے پرشاہد آفریدی کو ریسٹورنٹ میں شرمندگی کا سامنا

    آکلینڈ : نیوزی لینڈ کے ریسٹورنٹ میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کے کھانے کا بل ادا کرکے نوجوان ہیرو بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ پہنچ گئی۔ آکلینڈ ایئرپورٹ پر کپتان شاہد آفریدی مشکل میں آنے سے بچ گئے۔

    آفریدی نے ساتھی کھلاڑی احمد شہزاد کے ہمراہ ریسٹورنٹ سے کھانا تو لے لیا لیکن مقامی کرنسی لے جانا بھول گئے۔ ریسٹورنٹ والے نے ڈالرز لینے سے بھی انکار کردیا۔اس وجہ سے سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایسے میں ایک پرستار ہیرو بن کر سامنے آیا۔ وقاص نوید نامی شخص نے آفریدی کو بل دینے کے پیشکش کی۔ نوجوان نے کھانے کا بل ادا کیا جس پر آفریدی نے اس کا شکریہ ادا کیا۔

    شاہد آفریدی تو وقاص کے اتنے شکر گزار ہوئے کہ انہوں نے اس سے بل واپس ادا کرنے اور میچ کے ٹکٹس کا بھی وعدہ کرلیا۔

    وقاص نوید کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا پرستار ہے۔ نیوزی لینڈ سے سیریز کا اسے بے صبری سے انتظار ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کا آغاز پندرہ جنوری کو آکلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی میچ سے کرے گی۔

  • واپسی کا ارادہ نہیں، ون ڈے کیرئیز ختم ہوگیا، مصباح الحق

    واپسی کا ارادہ نہیں، ون ڈے کیرئیز ختم ہوگیا، مصباح الحق

    لاہور: مصباح الحق کاکہنا ہےکہ ون ڈے کیریئرختم ہوگیا، واپسی کاکوئی ارادہ نہیں، ورلڈ کپ میں شکست کی ذمہ داری خراب بیٹنگ اور فیلڈنگ پر عائد ہوتی ہے۔

    میڈیا سے بات کرتے ہوئےسابق ون ڈے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہماری بیٹنگ اور فیلڈنگ بری رہی، بیٹنگ لائن اپ میں سنجیدگی نہیں آئی اور ہمارے بیٹسمین بڑی اننگز نہیں کھیل سکتے اس لئے بیٹنگ پر بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2003 اور 2007 ورلڈ کپ میں نے نہیں ہرایا تنقید کرنے والے اگر ٹیم کے لئے کچھ بہتری چاہتے ہیں تو باتیں کرنے کے بجائے کرکٹ کی بہتر کے لئے تجاویز دیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے انتخاب میں کپتان کا کوئی کردار نہیں ہے، ٹیم سلیکشن کے لئے کپتان سے رائے لی جاتی ہے مگر وہ کوئی اتھارٹی نہیں جب کہ سرفراز احمد کے ساتھ ہمارا کوئی ایشو نہیں تھا، انہیں ہم نے یو اے ای میں آزمایا تاہم ابتدائی میچوں میں وہ بہت مشکل میں نظر آئے اور شروع میں ایڈجسٹ نہیں کر پارہے تھے۔

     انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی ٹیم میں واحد آل راؤنڈر ہے جن کی جگہ پر کھلانے کے لئے ہمارے پاس کوئی متبادل نہیں تھا جب کہ چھٹے ساتویں نمبر پر انہیں کھلانا ہماری مجبوری تھی۔

    مصباح الحق اپنی الوداعی پریس کانفرنس میں  نجی ٹی وی چینل پر پھٹ پڑے، انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیں، ایسا نہیں ہونا چاہے جسے کوئی کام نہ ملے اسے کرکٹ ایکسپرٹ بنادو۔

    مصباح الحق نے سابق کرکٹر سکندر بخت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سکندر بخت مٹھائی بانٹیں، خوشیاں منائیں میرا واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ جسے کوئی کام نہیں آتا ایکسپرٹ بن جاتا ہے۔

     ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سے متعلق ہر چیز کی ذمہ داری مجھ پر ڈال دی جاتی ہے حالانکہ کچھ بھی غلط ہورہا تھا تو اس کا ذمہ دار میں اکیلا نہیں تھا، پاکستان کی کرکٹ میں نے ختم نہیں کی اور نہ سری لنکن ٹیم پر حملہ میں نے کرایا لیکن الزام ہمیشہ مجھ پر ہی لگادیا جاتا ہے۔

  • پہلا سیمی فائنل: جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کل مد مقابل ہونگے

    پہلا سیمی فائنل: جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کل مد مقابل ہونگے

    آکلینڈ : نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ورلڈ کپ کا پہلا سنسنی خیز سیمی فائنل کل آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔سنسنی خیز سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق صبح چھ بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کا فائنل پہلی مرتبہ کون کھیلے گا ؟ نیوزی لینڈ یا جنوبی افریقہ ،فیصلہ آکلینڈ کا میدان کرے گا۔ کیویز میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں۔

    جنوبی افریقہ نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائی ہے۔ دونوں ٹیموں کی بولنگ اور بیٹنگ لائن بہت ہی مضبوط ہے۔

    جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلئیرز ون ڈے کو ٹی ٹوئنٹی بنانے میں دیر نہیں کرتے۔ ادھر ہاشم آملہ، ڈوپلیسی اور روسو پر ٹیم کا سارا دارومدار ہوگا۔

    بولنگ میں ڈیل اسٹین ٹیم کی جان ہیں۔ ادھرنیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن چل گئی تواسکور بورڈ میں رنز ،مشین کی طرح بڑھیں گے۔

    میک کلم، گپتل بھرپور فارم میں ہیں۔ خطرہ برابری کا ہے۔سنسنی خیز سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق صبح چھ بجے شروع ہوگا۔

  • دوسرا سیمی فائنل:نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا دیا

    دوسرا سیمی فائنل:نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا دیا

    آکلینڈ  : مارٹن گپتل کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ایک سو تینتالیس رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

    آکلینڈ میں کیوی ٹیم نے ٹاس جیتا اور پھر شائقین کا دل بھی جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کا ایک کھلاڑی پوری ویسٹ انڈیز کی ٹیم پر بھاری رہا۔

    کیوی اوپنر نے ویسٹ انڈیز کی بینڈ بجادی۔ چوبیس چوکوں اور گیارہ چھکوں کی مدد سے ورلڈ کپ میں ریکارڈ دو سو سینتیس رنز جڑدیئے۔

    نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں پر تین سو ترانوے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ جواب میں گیل نے بھی خوب دھویا۔ اکسٹھ رنز کی اننگز میں آٹھ چھکے اور دو چوکے لگاڈالے۔

    ویسٹ انڈیز اسکور تو بڑھاتے لیکن ساتھ ہی وکٹیں گنواتے رہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم تیس اعشاریہ تین اوورز میں دو سو پچاس رنزبناکر آؤٹ ہوئی اور پھر ورلڈ کپ سے بھی آؤٹ ہوگئی۔

  • سرفراز احمد نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

    سرفراز احمد نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

    ایڈلیڈ: آئرلینڈ کے خلاف میچ میں سرفراز احمد نے شاندار سینچری بناکر ایک بار پھر ٹیم کو سرفراز کردیا، سرفراز ورلڈ کپ میں سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین بن گئے۔

    ایڈیلیڈ میں پاکستان کو سرفراز نے سرفراز کیا، آئرش بولرز کے سامنے وکٹ کیپر بیٹسمن ڈٹ گئے، سرفراز ایک بار پھر آئے اور چھاگئے۔

     سرفرازاحمد کی شاندار بیٹنگ نے شائقین کو جھومنے پر مجبور کردیا، سرفراز نے ایک سو بیس گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے کیرئیر کی پہلی سینچری اسکور کی۔

    ورلڈ کپ میں وہ سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بھی بن گئے، سینچری بنانے پر سرفراز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

     سرفراز کا کہنا تھا کہ کوچ نے سینچری بنانے کے لئے حوصلہ بڑھایا تھا، دوہزار سات کے عالمی کپ کے بعد سرفراز ورلڈ کپ میں سینچری بنانے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔

  • بھارت نے زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی

    بھارت نے زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی

    آکلینڈ: عالمی کرکٹ کپ کے پول بی میں بھارت بمقابلہ زمبابوے کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے زمبابوے کو چھ وکٹوں  سے شکست دیدی، سریش رائنا نے ایک سو دس رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں جاری میچ میں زمبابوے نے بھارت کو  دو سو اٹھاسی رنز کا ہدف دیا،  زمبابوے کی پوری ٹیم 48.5 اوورز میں 287 ،رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی

    بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔زمبابوے کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے، تینتیس رنز پر ابتدائی تین وکٹیں حاصل کرنے کے بعد بھارت مضبوط پوزیشن میں آگیا۔

    جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 48.4 اوررز میں چاروکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی پچیاسی رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    کوارٹرفائنل میں بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا ، دوسری  جانب زمبابوے کی ٹیم پانچ میں سے چار میچ ہار کر پہلے ہی کوارٹر فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔