Tag: Auction

  • گیراج سے ملنے والی چائے کی کیتلی نے زندگی بدل ڈالی

    گیراج سے ملنے والی چائے کی کیتلی نے زندگی بدل ڈالی

    لندن : برطانیہ میں لاک ڈاﺅن کے دوران جب گھر پر فارغ بیٹھنے کے سوا کوئی کام نہ تھا، ایک آدمی کو اپنے گھر کے گیراج کی صفائی ستھرائی کا خیال آیا اور صفائی کے دوران اسے وہاں سے ایسی چیز مل گئی کہ جس سے اس کی زندگی ہی بدل گئی گویا لاٹری نکل آئی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارےکے مطابق اس 51سالہ آدمی کو گیراج میں پڑے کاٹھ کباڑ سے ایک چائے کی کیتلی مل گئی جو تاریخی طور پر اہمیت کی حامل تھی اور اس کی مالیت 1لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 2کروڑ 13لاکھ روپے) تھی۔

    رپورٹ کے مطابق یہ چائے کی کیتلی چین کے ایک قدیم بادشاہ شیان لونگ کی تھی جب یہ کیتلی اس آدمی کو ملی تو وہ اسے ایک نیلام گھر کے ماہر کے پاس لے گیا جس نے اسے اس کیتلی کی اصلیت بتائی تو اس کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔

    اس آدمی کا کہنا ہے کہ یہ کیتلی ہمارے خاندان میں نسلوں سے چلی آ رہی ہے، مجھے یاد ہے کہ جب میں چھوٹا تھا تو میری ماں اس کیتلی کو الماری میں سجا کر رکھتی تھی۔

    میرا خیال ہے کہ یہ کیتلی میرا دادا چین سے لایا تھا وہ فوج میں تھا اور دوسری جنگ عظیم کے دوران وہ چین میں رہا تھا، واضح رہے کہ یہ کیتلی ہینسن آکشنیرز پر نیلام کی جارہی ہے اور اس کی بولی 24ستمبر کو ہوگی۔

  • وہ برفانی تودہ جس نے ٹائی ٹینک کو تباہ کیا، تصاویر منظرعام پر

    وہ برفانی تودہ جس نے ٹائی ٹینک کو تباہ کیا، تصاویر منظرعام پر

    لندن : شہرہ آفاق بحری جہاز ٹائی ٹینک کے برفانی تودے سے ٹکرانے سے دو دن قبل لی گئی تصویر اور فوٹو گرافر کا خط نیلامی کیلئے پیش کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے پہلے بڑے اور جدید بحری جہاز کا درجہ رکھنے والے آر ایم ایس ٹائی ٹینک جو 1912 میں بحر اوقیانوس میں کینیڈا کے قریب جس برفانی تودے سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہوگیا تھا، اس برفانی تودے کی تصویر اور فوٹو گرافر کا خط نیلامی کیلئے پیش کردیا گیا۔

    برفانی تودے (آئس برگ) کی نادر تصویر 108 سال کے بعد منظر عام پر آئی ہے، یہ بلیک اینڈ وہائٹ نادر تصویر ٹائٹینک کے ڈوبنے سے دو دن قبل اتفاقی طور پر ایک مسافر نے بنائی تھی۔

    کیپٹن ڈبلیو ووڈ نے نامی مسافر فوٹو گرافی میں دلچسپی رکھتا تھا اس نے اپنے کیمرہ سے ایک بہت بڑے آئس برگ کی تصویر بنائی اور اپنے کیمرے میں محفوظ کرلی، اس واقعہ کے دو دن بعد ہی جہاز کو حادثہ پیش آگیا

    نیو یارک پہنچنے کے بعد اس نے اپنے خط کے ساتھ اس تصویر کا پرنٹ اپنے نانا دادا کو بھیجا تھا، جس میں اس نے بتایا تھا کہ یہ وہ برفانی تودہ ہے جس سے ٹکرا کر ٹائٹینک تباہ ہوا۔

    ذرائع کے مطابق ٹائی ٹینک  14 اپریل 1912 کی رات 10.20 بجے ایک آئس برگ سے ٹکرایا اور اس کے ٹھیک تین گھنٹے بعد ڈوب گیا۔

    ٹائٹینک حادثے کے آس پاس کے آئسبرگ کی متعدد تصاویر جو ٹکرانے سے قبل اور اس کے بعد لی گئیں ہیں، پچھلی صدی کے دوران منظر عام پر آچکی ہیں تاہم لگتا ہے کہ کیپٹن ڈبلیو ووڈ کی غیر معمولی شکل والی آئس برگ کی یہ تصویر خاکے اور عینی شاہد کی وضاحت سے ملتی جلتی نظر آتی ہے جسے ٹائٹینک نے ٹکر ماری تھی۔

    اب اس نایاب تصویر اور خط کو نیلامی کیلئے پیش کردیا گیا ہے، جس کا اندازہ لگ بھگ 12،000پاؤنڈ ہے، یہ خط اور فوٹو 20 جون کو فروخت کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : مشہور بحری جہاز ‘ٹائی ٹینک ‘ کی نئی تصاویر منظر عام پر

    سال1912ء میں اپنے پہلے سفر پر روانہ ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے بحری جہاز کے ڈوبنے کے نتیجہ میں1500 سے زیادہ بد قسمت مسافر لقمہ اجل بنے تھے۔

  • میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو سٹی : شمالی امریکی میکسیکو نے درجنوں سپورٹس اور پُرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ضبط کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکن پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن دوران اپنے قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ میکسیکو میں یہ فیصلہ صدر آندرے مینویل لوپز کے سادگی اپنانے سے متعلق پیغام کو عام کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے صدر آندرے مینویل لوپز نے کہا کہ ان 82 مہنگی ترین گاڑیوں کی نیلامی سے جمع ہونے والے رقم معاشرے کے گرے پڑے افراد کی بہبود پر لگائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان مہنگی گاڑیوں میں لیمبورگینی، پورش سمیت دیگر سپورٹس کار اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیلامی کا اہتمام حکومت کی جانب سے ایک منفرد نام کے تحت تشکیل دیئے گئے ادارے نے کیا ہے۔ ادارے کا نام عوام سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہے۔

    میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد سے ضبط کیا گیا تمام سامان پیچ کر اس سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام بالخصوص غریب اور نادار افراد کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری لائے جا سکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میکسیکو کے نو منتخب صدر نے دسمبر میں اپنی حلف برداری کے بعد سے ملک کو جرائم اور کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔

  • چاند کے نایاب پتھر 8 لاکھ 55 ہزار امریکی ڈالرز میں فروخت

    چاند کے نایاب پتھر 8 لاکھ 55 ہزار امریکی ڈالرز میں فروخت

    نیویارک : سنہ 1970 میں چاند سے زمین پر لائے گئے نایاب پتھروں کو8 لاکھ 55 ہزار امریکی ڈالرز (تقریباً12 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں نیلام کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سویت یونین کے لونا 16 نامی خلائی مشن کے دوران نصف صدی پہلے چاند سے کرہ ارض پر لائے گئے انتہائی چھوٹے سائز کے تین نایاب پتھروں کو لاکھوں ڈالرز میں نیلام کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کاکہنا تھا کہ کرہ ارض پر لائے جانے والے نایاب پتھروں کو چاند پر ڈرلنگ کے ذریعے 35 سینٹی میٹر کرکے سوراخ کرکے ستمبر 1970 میں نکالا گیا تھا۔

    چاند سے لائے گئے تین میں دو پتھروں کی چوڑائی 2 ملی میٹر جبکہ ایک پتھر کی چوڑائی 1 ملی میٹر ہے، ان قیمتی و نایاب پتھروں کا وزن انتہائی ہلکہ ہے۔

    غیر ملکی میڈیاکا کہنا تھا کہ سویت یونین نے اپنے خلائی مشن کے سربراہ اورخلائی جہاز کا ڈیزائن تیار کرنے والے سرگئی کورولووکی خدمات کے پیش نظر چاند سے زمین  پر لائے گئے قیمتی پتھروں کو ان کی اہلیہ کی خدمت میں بطور تحفہ پیش کیا تھا۔

    سرگئی کورولوو کی اہلیہ نے ان پتھروں کو پہلی مرتبہ سنہ 1993 میں 4 لاکھ 40 ہزار 500 امریکی ڈالرز میں فروخت کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نومبر 2018 میں قیمتی اور نایاب پتھروں کو 8 لاکھ 55 ہزار امریکی ڈالر ز میں نیلام کیا گیا ہے جو 1993 کی قیمت سے دگنی ہے۔

  •  وزیر اعظم ہاؤس کے بعد وزارت مواصلات میں بھی گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ

     وزیر اعظم ہاؤس کے بعد وزارت مواصلات میں بھی گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کے بعد وزارت مواصلات میں بھی گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مواصلات میں گاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے وزیرمملکت مراد سعید کی ہدایت پر دارالحکومت میں نیلامی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    وزارت مواصلات میں گاڑیوں کی نیلامی کے پہلے مرحلے میں چھہتر گاڑیاں نیلام کی جائیں گی، اگلے مرحلے میں کراچی اور کوئٹہ میں گاڑیاں نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی۔

    مجموعی طور پر دو سو چھیالیس گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    حکومت کی کفایت شعاری مہم، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کی نیلامی 24 اکتوبر کو ہوگی

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی چھ استعمال شدہ گاڑیاں اورایک موٹر سائیکل چوبیس اکتوبر کو نیلام کی جائیں گی، گاڑیوں کا معائنہ دن گیارہ سے ایک بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس میں کیا جاسکتا ہے۔

    وزیراعظم ہاؤس کی نیلامی کے لیے پیش کی گئی ایک سو دو گاڑیوں میں چوہتر فروخت ہوئیں تھی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے پیغام دینا تھا کہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال ہرگز نہیں ہوگا۔ نئے پاکستان میں کفایت شعاری مہم کا گھر سے آغاز کیا ہے۔

    اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر وزیراعظم ہاؤس نے میڈیا کو بتایا تھا کہ102میں سے61گاڑیاں 20کروڑ روپے سے زائد میں نیلام ہوئیں، جس میں تین لینڈ کروزر8 کروڑ، 5 ہزارسی سی کی چار بلٹ پروف مرسڈیز بینز ساڑھے چار کروڑ اور ایک ٹویوٹا لینڈ کروزردو کروڑ 74 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔

  • وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری،  75  گاڑیاں فروخت

    وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری، 75 گاڑیاں فروخت

    اسلام آباد : کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں کی نیلامی جاری ہے ، اب تک 75 گاڑیاں فروخت ہوگئیں ہیں، پہلی گاڑی کرولاالٹس 2010 ماڈل گیارہ لاکھ بیس ہزار میں فروخت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، کفایت شعاری مہم کا آغاز پہلے اپنے گھر سے وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں نیلامی کیلئے پیش کردیں،  خریدار وزیر اعظم ہاؤس میں نیلامی کیلئے پیش کی گئی گاڑیوں کامعائنہ کر رہے ہیں۔

    نیلامی میں 75 گاڑیاں فروخت ہوگئیں، فروخت ہونے والی گاڑیوں میں کرولاالٹس 2010ماڈل، 8بی ایم ڈبلیو،28مرسٹڈیز، کرولا،لیموزین اور دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔

    اب تک 2کروڑ روپے کی بولی لگائی جاچکی ہے، گاڑیوں کی فروخت سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع ہوں گی۔

    خریداروں کا کہنا ہے کہ نیلامی کا عمل بہترین ہے، گاڑیوں کی قیمت مناسب ہے، گاڑی مہنگی بھی خریدی تو پیسہ قومی خزانے میں جانے کی خوشی ہوگی۔

    نیلامی کے لئے پیش کی جانے والی گاڑیوں میں جدید ترین مرسڈیز، بلٹ پروف بی ایم ڈبلیوز لیموزین اور دس سال پرانی بہتر گاڑیاں شامل ہیں، خریدار کو گاڑی پر عائدتمام ٹیکسسز ادا کرنے ہوں گے۔

    وزیراعظم ہاؤس کے لیے کابینہ ڈویژن کے پاس دوسو سے زائد گاڑیاں ہیں، پہلے مرحلے میں ایک سو دو گاڑیاں نیلام کی جائیں گی جبکہ بقیہ آئندہ نیلام کی جائیں گی۔

    نیلام کی جانے والی کئی گاڑیاں وزیراعظم اور غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کی نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری

    گاڑیوں کی نیلامی 3 مراحل میں کی جائے گی ، پہلے مرحلے میں نان امپورٹڈ، دوسرے مرحلے میں امپورٹڈ اور تیسرے مرحلے میں بلٹ پروف گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    یاد رہے 5 ستمبر کو پی ٹی آئی نے وزیراعظم ہاؤس کی ان نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں درجنوں قیمتی اور لگژری گاڑیاں وزیراعظم ہاؤس میں دیکھی جاسکتی تھی۔

    واضح رہے 31 اگست کو وزیر اعظم ہاؤس میں موجود اضافی غیرضروری گاڑیوں کی فوری فروخت کا فیصلہ کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ گاڑیوں کی نیلامی17ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، پہلے مرحلے میں33گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیاں17ستمبر کو نیلام کی جائیں گی، اشتہار جاری

    علاوہ ازیں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، اس سے خاطرخواہ رقم ملے گی،5 کروڑ والی گاڑی کی قیمت5کروڑ سے زیادہ ہی ملیں گے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔

  • سعودی عرب: جائیداد کا تنازع، حکام نے جائیداد نیلام کردی

    سعودی عرب: جائیداد کا تنازع، حکام نے جائیداد نیلام کردی

    ریاض : سعودی عرب میں عدالتی فیصلے کے باوجود نانا کی وراثت میں بچوں کو ان کی والدہ کا شرعی حصّہ نہ دینے پر حکام نے جائیداد نیلام کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے صوبے ال باحہ میں جائیداد میں والدہ کا حصّہ نہ ملنے پر سعودی شہری اور اس کی بہن نے اپنے ماموں کے خلاف مقدمہ دائر کردیا تھا جس کے باعث خاندان میں وراثت کے معاملے پر تنازع شروع ہوگیا۔

    مقامی میڈیا نے بتایا کہ عدالت نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ اپنی ماں کا حائیداد میں حصّہ مانگنے والے بہن بھائیوں کے حق میں سنایا لیکن والدہ کے بھائیوں کی جانب سے پھر بھی وراثت میں حق نہیں دیا گیا۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود جائیداد میں حصّہ نہ دئیے جانے پر حکام نے مذکورہ شخص کی تمام جائیداد 40 لاکھ ریال میں نیلام کردی گئی۔

    عدالت میں مقدمہ دائر کرنے والے ابراہیم الغامدی نے میڈیا کو بتایا کہ میری والدہ نے 4 سال قبل  والد کی جائیداد میں حصّہ نہ ملنے پر اپنے بھائیوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا لیکن ایک برس قبل والدہ کا انتقال ہوگیا تھا۔

    ابراہیم الغامدی کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ جائیداد کی نیلامی کے بعد ہم اپنی والدہ کا شرعی حق حاصل کرسکیں گے‘۔

  • وزیراعظم کا نواز لیگ کے دورمیں منگوائی گئی پر تعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا نواز لیگ کے دورمیں منگوائی گئی پر تعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے نواز لیگ کے دور میں منگوائی گئی پرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا، کیبنٹ ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کی تیاری شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز حکومت نے جاتے جاتے بھی ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے چھ مرسڈیز ایس 600 گاڑیاں منگوائی تھیں، تمام گاڑیاں ہائی ٹیک اور بم پروف ہیں اور ایک گاڑی کی قیمت تقریبا اٹھارہ کروڑ روپے ہے۔

    وزیراعظم عمران خان تمام پرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم کی ہدایت پر کیبنٹ ڈویژن نے نیلامی کی تیاری شروع کردی ہے، نیلامی کےلئے اشتہار جاری کیا جائے گا۔

    وزیراعظم نے تمام عمل آئندہ ماہ تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائےگی۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکریٹریز اور سول انتظامیہ کے پاس بھی بے پناہ مراعات ہیں، وزیراعظم کے بیرونی دوروں65 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے، مغرب میں جانور بھی بھوکے نہیں رہتے وہاں ان کےلئےبھی اسپتال ہیں، ہمارے انسانوں کا حال مغرب کے جانوروں سے بھی برا ہے۔

  • لاہور ہائیکورٹ کا  اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 28 فروری کو دوبارہ نیلام کرنے کا حکم

    لاہور ہائیکورٹ کا اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 28 فروری کو دوبارہ نیلام کرنے کا حکم

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بینک کا قرض واپس نہ کرنے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی عزیز کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز 28 فروری کو نیلام کرنے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے نجی بنک کی نیلامی کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر کورٹ آکشنر نے نیلامی کامیاب نہ ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

    کورٹ آکشنر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالت کی جانب سے نیلامی کی مقرر کی جانے والی تاریخ پندرہ دسمبر تک نادہندہ ٹیکسٹائل ملز کی نیلامی میں حصہ لینے کیلئے کوئی خریدار نہیں آیا۔

    جس پر عدالت نے نیلامی کی نئی تاریخ اٹھائیس فروری مقرر کرتے ہوئے نادہندہ ٹیکسٹائل ملز نیلام کرنے کا حکم دیتے ہوئے کورٹ آکشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔

    نجی بینک کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اتفاق ٹیکسٹائل ملز کے مالکان نے کاروبار کیلئے بینک سے قرض حاصل کیا، ڈیفالٹر میاں ہارون یوسف وغیرہ نے قرض کیلئے گارنٹی بھی دی۔

    نجی بینک کا کہنا ہے کہ قرض کی عدم ادائیگی پر اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 2000ء میں ڈیفالٹر قرار دیا گیا، ڈیفالٹر اتفاق ٹیکسٹائل ملز کیخلاف 2016ء سے 25 کروڑ 33 لاکھ 64 ہزار کی ڈگری جاری ہوئی، جس کے بعد اتفاق ٹیکسٹائل ملز مالکان نے 14 کروڑ 32 لاکھ 69 ہزار ادا کئے مگر باقی کی رقم ادا نہیں کی جا رہی۔

    موقف میں مزید کہا گیا کہ بقایا رقم کی واپسی کیلئے اتفاق اڈہ پر واقع اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو نیلام کرنے کا حکم دیا جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • شریف خاندان کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز نیلام کرنے کا حکم

    شریف خاندان کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز نیلام کرنے کا حکم

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے شریف خاندان کی ملکیت اتفاق ٹیکسٹائل ملز 15 دسمبر کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے نجی بنک کی جانب سے نیلامی کی درخواست پر سماعت کی، بینک کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اتفاق ٹیکسٹائل ملز کے مالکان نے کاروبار کے لیے قرض حاصل کیا اور قرض کے لیے میاں نواز شریف کے رشتہ داروں نے 27 کنال 1 مرلہ پر مشتمل اتفاق ٹیکسٹائل ملز رہن رکھوائی۔

    بینک کے مطابق ڈیفالٹر میاں ہارون یوسف، میاں یوسف عزیز، کوثر یوسف، سائرہ فاروق، عائشہ ہارون نے قرض کے لیے گارنٹی بھی دی تاہم یہ قرض واپس نہیں کیا گیا اورقرض کی عدم ادائیگی پر اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 2000ء میں ڈیفالٹر قرار دیا گیا ۔

    ڈیفالٹر اتفاق ٹیکسٹائل ملز کیخلاف 2016ء سے 25 کروڑ 33 لاکھ 64 ہزار کی ڈگری بھی جاری ہو چکی ہے، عدالتی ڈگری کے بعد اتفاق ٹیکسٹائل ملز مالکان نے14 کروڑ 32 لاکھ 69 ہزار ادا کئے تاہم اتفاق ٹیکسٹائل ملز نے ڈگری کی بقایا 11 کروڑ 95 ہزار کی رقم ادا نہیں کی جا رہی ۔

    درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ ہائی کورٹ رقم کی ریکوری کے لیے اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو نیلام کرنے کا حکم دیا جائے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ ملز کی جانب سے رہن رکھی گئی زمین کی نیلامی کے لیے 15 دسمبر کو کارروائی کا آغاز کیا جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔