Tag: audio call

  • سانحہ مری: شہریوں نے چندہ کر کے برف صاف کرنے والی مشینوں میں ڈیزل ڈلوایا

    سانحہ مری: شہریوں نے چندہ کر کے برف صاف کرنے والی مشینوں میں ڈیزل ڈلوایا

    اسلام آباد: سانحہ مری کے حوالے سے ایک اور فون کال منظر عام پر آگئی جس سے علم ہوتا ہے کہ برف ہٹانے والی مشینوں میں شہریوں نے خود چندہ کر کے ڈیزل ڈلوایا تاکہ برف صاف ہوسکے۔

    7 اور 8 جنوری کی رات مری میں ہونے والے اندوہناک سانحے کے حوالے سے تاحال انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔

    ایک اور آڈیو کال منظر عام پر آئی ہے جس میں ڈیزل ڈیپو کے عملے کا ایک شخص بتا رہا ہے کہ برف صاف کرنے والی مشینوں میں ڈیزل نہیں ہے اور شہریوں نے چندہ کر کے ڈیزل ڈلوایا ہے۔

    یاد رہے کہ 7 اور 8 جنوری کی درمیانی رات کو برفانی طوفان کے باعث ہزاروں افراد مری کی سڑکوں پر گاڑیوں میں پھنس گئے تھے اور اس دوران 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    مری میں حادثے کی رات مختلف ہوٹلوں نے ایک کمرے کے لیے اضافی ہزاروں روپے وصول کیے اور اس کے باوجود ہیٹر اور گرم پانی کی سہولیات نہیں دیں، اب تک ایسے 17 ہوٹلوں کو سیل کیا جاچکا ہے۔

    مقامی افراد کے مطابق برفانی طوفان کی رات جب پورا مری ٹریفک کے باعث بلاک تھا اور بچے، بوڑھے اور خواتین گاڑیوں میں پھنسے ہوئے تھے، مقامی افراد نے 15 سو کے قریب افراد کو ریسکیو کیا۔

    اس کے اگلے روز تک بھی انتظامیہ غائب تھی، شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مقامی افراد برف میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو نہ کرتے تو ہلاکتیں 1 ہزار سے اوپر ہوسکتی تھیں۔

  • اجمل وزیر کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی

    اجمل وزیر کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی

    پشاور : مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کوعہدے سے ہٹانے کیلئے جس آڈیو کا الزام عائد کیا گیا تھا وہ آڈیو ٹیپ آے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کی وہ مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی ہے جس کی وجہ سے انہیں عہدے سے ہٹایا گیا، مبینہ آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ اشتہارات پر ٹیکسز کی مد میں چھوٹ پر بات ہوئی، مبینہ آڈیو میں ٹیکس چھوٹ کو کمیشن میں تبدیل کرنے کی بات کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے کامران بنگش کو مشیراطلاعات کے پی کی اضافی ذمہ داری سونپ دی ہے، کامران بنگش کے پاس بلدیات کا قلمدان بھی ہے۔

    اس حوالے سے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ مبینہ آڈیو لیک پر وزیراعلیٰ نے بروقت اور واضح نوٹس لیا، شفافیت برقرار رکھنے کے لئے اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹایا گیا، مبینہ آڈیو کا فرانزک تجزیہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    ان کا کہنا ہے کہ اگر اجمل وزیر بے گناہ ثابت ہوئے تو دوبارہ ٹیم کا حصہ ہوں گے، وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو اعلیٰ سطح انکوائری مقرر کرنے کا حکم دیا ہے، مجھ سے منسوب دیگرخبروں کی تردید کرتا ہوں۔

    واضح رہے کہ 3 مارچ 2020 کو وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر اجمل وزیر کو یہ عہدہ سونپا گیا تھا۔