Tag: August 9

  • 9 اگست کی رات اسمبلی تحلیل کر دیں گے، رانا ثنا اللہ

    9 اگست کی رات اسمبلی تحلیل کر دیں گے، رانا ثنا اللہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 9 اگست کی رات اسمبلی تحلیل کر دیں گے، انتخابات کو کسی سازش یا خاص مقصد کے تحت آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسمبلی نو اگست کی رات ہی کو تحلیل کر دی جائے گی، اس سلسلے میں انھوں نے کسی سازش یا خفیہ مقصد کے امکان کو بھی رد کر دیا، اور کہا کہ انتخابات کو آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔

    نگراں وزیر اعظم کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ ن لیگ نے اسحاق ڈار کا نام نہیں دیا، اسحاق ڈار ہو یا رضا ربانی، ان سمیت کسی بھی سیاست دان کا نام نگراں وزیر اعظم کے منصب کے لیے دیا جا سکتا ہے۔

    وزیر داخلہ نے انتخابات کے لیے پرانی مردم شماری کے استعمال کا بھی واضح اشارہ دیا، انھوں نے کہا کہ اگر حالیہ مردم شماری کو نوٹیفائی کیا جائے گا تو اس سے مزید تنازعات جنم لیں گے۔

    رانا ثنا اللہ نے نواز شریف کی وطن واپسی الیکشن سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف الیکشن سے ڈیڑھ ماہ قبل وطن واپس آئیں گے۔ انھوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی عدالت سے نا اہل ہو اور عدالت سے اسے سزا اور جیل ہو جائے۔‘‘

  • وزیراعظم عمران خان کا 9 اگست کو ٹائیگر فورس ڈے منانے کا اعلان

    وزیراعظم عمران خان کا 9 اگست کو ٹائیگر فورس ڈے منانے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے 9اگست کو ٹائیگرفورس ڈے منانے کا اعلان کردیا اور کہا ایک روز میں سب سے زیادہ پودے لگا کر ریکارڈ قائم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نوجوان رضاکاروں سے خصوصی پیغام میں کہا کہ 9 اگست کو پورے پاکستان میں ٹائیگر فورس ڈے منائیں گے، ٹائیگرفورس ڈے منانے کا مقصد ملک میں شجرکاری مہم شروع کرنا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس دن پورے پاکستان میں شجرکاری کریں گے ، ارکان اسمبلی ،وزرائےاعلیٰ اور تمام پاکستانی شجرکاری مہم میں حصہ لیں، 9اگست کو 10لاکھ ٹائیگر رضاکاروں نے لیڈ کرنا ہے جبکہ ہمارے نوجوانوں اور طلبا نے شجرکاری میں بھرپورشرکت کرنی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں اور طلبا نے شجرکاری میں بھرپورشرکت کرنی ہے، آلودگی کےخلاف شجرکاری اہم ہے، گلوبل وارمنگ سے دنیا کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، شجرکاری سے دنیا کا درجہ حرارت بڑھنے سے روکا جاسکتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن میں ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے اور ایک روز میں سب سے زیادہ پودے لگا کر ریکارڈ قائم کریں گے، 9 اگست کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کےباعث متاثرہ ملکوں میں پاکستان بھی شامل ہے ، گلوبل وارمنگ سےمتاثرہ ممالک میں پاکستان کا دسواں نمبرہے۔