Tag: Aus vs PAk

  • پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20 آج برسبین میں کھیلا جائے گا

    پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20 آج برسبین میں کھیلا جائے گا

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج سے برسبین میں ہوگا، میچ سے قبل شائقین کرکٹ کے لئے ایک بری خبر بھی ہے۔

    آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر ایک بجے بارش کا امکان ہے، جس کے باعث برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کا ٹی ٹوئنٹی میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    پاکستان کی جانب سے محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے 12 ویں کپتان ہونگے۔

    رضوان کا کہنا ہے کہ تیاری اچھی ہے، فائنل الیون سے متعلق وہی فیصلہ کیا جائے گا جو بہتر ہوگا۔

    جوش انگلس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے، آسٹریلیا کو مچل اسٹارک، جوش ہیز ل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن بھر بارش ہوسکتی ہے، جبکہ ہلکی ہوا چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوجائے گا۔

    دوسری جانب پاکستان نے آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے ساتھ ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

    پاکستان نے آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں دو، ایک سے شکست دے کر کینگروز کے دیس میں 22 سال بعد یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس آسٹریلیا میں ایشیا کی سب سے کامیاب کرکٹ ٹیم بن گئی ہے۔

    اس سے قبل وقار یونس کی قیادت میں گرین شرٹس نے آسٹریلیا کو 2002 میں ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔

    سیریز میں اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے بعد دنیائے کرکٹ کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جس نے کینگروز کو اسی کی سر زمین پر دو طرفہ ون ڈے سیریز میں دوسری بار شکست دی ہے۔

    چیمپئنز ٹرافی: محسن نقوی ڈٹ جائیں تو پاکستان کی جیت ہوگی، باسط علی

    اس کے ساتھ ہی پاکستان خطہ ایشیا کی پہلی ایسی ٹیم بن گئی ہے جس نے کرکٹ کی سپر پاور کو دو بار اسی کی سر زمین پر زیر کرنے کی ہمت کی ہے۔

  • ون ڈے سیریز، پاکستان کرکٹ ٹیم میلبرن سے ایڈیلیڈ روانہ

    ون ڈے سیریز، پاکستان کرکٹ ٹیم میلبرن سے ایڈیلیڈ روانہ

    میلبرن میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے بعد پاکستانی ٹیم دوسرا ون ڈے میچ کھیلنے کے لئے میلبرن سے ایڈیلیڈ روانہ ہوگئی۔

    گزشتہ روز پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیزمقابلے کے بعد قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 204 رنز کا معمولی ہدف پاکستانی بلے بازوں نے کینگروز کے لیے پہاڑ بنا دیا تاہم اعصاب شکن مقابلے کے بعد میزبان ٹیم یہ مقابلہ 2 وکٹوں سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔

    204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی دو وکٹیں جلد گر گئیں۔ میتھیو شارٹ (1) اور جیک فریسر (16) رنز بنا کر بالترتیب شاہین شاہ اور نسیم شاہ کا شکار بن گئے۔

    28 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد اسٹیون اسمتھ اور جوش انگلس کے درمیان 85 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم اس موقع پر صرف 4 گیندوں پر آسٹریلیا نے تین وکٹیں گنوا کر پاکستان کو گیم میں واپس آنے کا موقع فراہم کیا۔

    113 کے مجموعے پر حارث رؤف نے اسٹیون اسمتھ کو 44 کے انفرادی اسکور پر صائم ایوب کے گٹھ جوڑ سے قابو کیا۔ شاہین شاہ نے جوش انگلس کو 49 رنز پر آؤٹ کیا اور اس کے اگلے ہی اوور میں لگاتار دو گیندوں پر مارنس لبھوشن (16) اور گلین میکسویل (0) کی وکٹیں لے کر میچ میں سنسنی پیدا کر دی۔

    ایرون ہارڈی کو محمد حسنین نے بولڈ کیا جب کہ سین ایبٹ 13 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت آسٹریلیا کو جیت کے لیے 18 رنز اور پاکستان کو دو وکٹیں درکار تھیں لیکن اس کے بعد آسٹریلیا نے کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

    کینگرو کپتان پیٹ کمنز 32 رنز ذمے دارانہ اننگ کھیل کر نا قابل شکست واپس لوٹے جب کہ مچل اسٹارک دو رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر حارث رؤف رہے جنہوں نے 67 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے 43 رنز دے کر 2 جب کہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی گئی اور پوری ٹیم 46.4 اوورز میں صرف 203 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئی۔

    آسٹریلیا سے سیریز کیلیے پاکستانی کھلاڑی کیا خاص تیاری کر رہے ہیں؟

    ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں جب کہ تیسرا اور آخری میچ 10 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوں گے۔

  • ورلڈ کپ 2015 کی کوارٹرفائنل لائن اپ مکمل

    ورلڈ کپ 2015 کی کوارٹرفائنل لائن اپ مکمل

    آسٹریلیا: ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کی کوارٹرفائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، دو روز آرام کے بعد کوارٹرفائنل میچ کا آغاز اٹھارہ مارچ سے ہوگا۔

    پول اے میں نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا، سری لنکا اور بنگال ٹائیگر کواٹرفائنل میں پہنچے جبکہ پول بی یعنی گروپ آف ڈیتھ سے دفاعی چیمپیئن بھارت، جنوبی افریقہ ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز نے رن ریٹ کی بنیاد پر کوالیفائی کیا۔

    عالمی کپ میں دو روز آرام کے بعد اٹھارہ مارچ سے ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہوگا، پہلا کوارٹرفائنل جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان بدھ کو سڈنی میں ہوگا، جنوبی افریقہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں کبھی بھی ناک آؤٹ میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔

    دوسرے ناک آؤٹ میچ میں ناقابل شکست بھارتی سورما، بنگال ٹائیگر سے انیس مارچ کو میلبرن میں مدِمقبل ہونگے ۔

    تیسرے کوارٹرفائنل میں پاکستانی شاہین مشترکہ میزبان آسٹریلیا کیخلاف ایڈیلیڈ میں ٹکرائیں گے، چوتھا اور آخری کوارٹرفائنل پول اے میں ٹاپ کرنے والی نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اکیس مارچ کو ویلنگٹن میں ہوگا۔