Tag: Austerity

  • پانی کا بل کیسے کم کیا جاسکتا ہے؟؟ ادارے نے ہدایات جاری کردیں

    پانی کا بل کیسے کم کیا جاسکتا ہے؟؟ ادارے نے ہدایات جاری کردیں

    ریاض : شہر میں پانی کی فراہمی کے ادارے نے سعودی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ہدایات پر عمل کرکے اپنے پانی کے بل کی رقم میں مزید کمی لاسکتے ہیں۔

    سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کے ماتحت واٹر ریگولیٹر ادارے نے پانی کا بل کم کرنے کے لیے مشورہ دیے ہیں۔ سعودی ویب سائٹ کے مطابق واٹر ریگولیٹراتھارٹی کا کہنا ہے کہ شکایات پلیٹ فارم سے پیغامات اور درخواستوں سے یہ بات ریکارڈ پر آئی ہے کہ گھروں میں پانی کے رساو اور ضیاع سے بل زیادہ آتا ہے۔

    واٹر ریگولیٹر نے صارفین سے کہا کہ وہ پانی کے استعمال میں کفایت شعاری سے کام لیں، پانی کے ضیاع سے پرہیز کریں، حد سے زیادہ پانی نہ استعمال کریں۔ سعودی سٹینڈرڈ آرگنائزیشن کے مقرر کردہ آلات استعمال کریں۔

    واٹر ریگولیٹر نے صارفین سے کہا کہ وہ عمارتوں میں رساؤ کا پتہ لگانے والے آلات سے فائدہ اٹھائیں۔ واٹر ریگولیٹر نے پانی کے بل پر نظرثانی اور حد سے زیادہ بل پر اعتراض درج کرانے کے حوالے سے کہا ہے کہ شکایت کنندہ صارف یا عمارت کا مالک ہونا چاہیے۔

    صارف کو واٹر سروس فراہم کرنے والے کی طرف سے شکایت پر کارروائی کی تاریخ سے تیس روز کے اندر معاملہ آگے بڑھانے کا موقع ہوگا۔ جواب نہ ملنے کی صورت میں تیس دن گزرنے پر شکایت کی جاسکے گی۔

  • بجٹ 22-2021: سندھ حکومت سادگی اختیار کر کے 40 ارب روپے بچت کرے گی

    بجٹ 22-2021: سندھ حکومت سادگی اختیار کر کے 40 ارب روپے بچت کرے گی

    کراچی: سندھ حکومت نے سادگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے رواں مالی سال کے بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات میں مزید کمی کا فیصلہ کیا ہے، دونوں اقدامات کے ذریعے 40 ارب روپے بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالی سال 22-2021 کے لیے سندھ کے بجٹ میں حکومت نے غیر ترقیاتی اخراجات میں مزید کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    بجٹ کے مطابق آئندہ مالی سال میں بھی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی ہوگی، غیر ترقیاتی اخراجات میں 34 فیصد تک کمی کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ فنانشل گورننس کے ذریعے بھی اخراجات میں توازن لایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے سادگی اختیار کرنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، غیر ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی اور سادگی کے ذریعے 40 ارب روپے بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    آئندہ مالی سال میں ترقیاتی بجٹ 48 فیصد زائد ہونے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ صوبہ سندھ کا بجٹ 22-2021 آج 15 جون کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    بجٹ میں وبائی امراض اسپتالوں کے لیے 9 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس سے سکھر، میرپور خاص اور بے نظیر آباد میں وبائی امراض اسپتال قائم کیے جائیں گے۔

  • گورنرپنجاب چوہدری  سرور نے کفایت شعاری میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کفایت شعاری میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    لاہور : گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کفایت شعاری میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، گورنرہاؤس میں رواں سال مختص اخراجات میں 1 کروڑ 31 لاکھ روپے کی بچت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کفایت شعاری اور بچت کی پالیسی کیلئے عملی اقدامات نے مثال قائم کردی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنرہاؤس میں رواں سال 1کروڑ57لاکھ میں سے صرف26لاکھ خرچ ہوئے اور مختص اخراجات میں 1 کروڑ 31 لاکھ روپے کی بچت کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق گورنرہاؤس، سیکرٹریٹ،اسٹاف کے مجموعی اخراجات میں بھی 6کروڑ کی بچت ہوئی جبکہ اسٹاف کے اخراجات میں بھی 3 کروڑ 80 لاکھ کم خرچ ہوئے۔

    ،گور نرپنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کےوژن کےمطابق کفایت شعاری پرعمل کررہےہیں، عوام کے ایک پیسے پیسے کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔

    یاد رہے قومی خزانے سے عیاشی کرنے کی بجائے وزیر اعظم نے امانت و احساس کی تاریخ رقم کی تھی، یہ معلومات سامنے آئی تھی کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی رہائش گاہ کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں۔

    معلوم ہوا تھا کہ نوکروں کی تنخواہوں، بلوں کی ادائیگی اور رہائش گاہ کی سیکورٹی پر اٹھنے والے اخراجات بھی وزیر اعظم خود ادا کرتے ہیں، وزیر اعظم کا دفتر بھی بچت کی قابل تقلید مثال بن گیا۔

    کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم کے دفتر میں ملازمین کی تعداد تاریخ کی کم ترین سطح تک آ گئی، ایک سال کے دوران وزیر اعظم کے دفتر نے 18 کروڑ سے زائد رقم بچا کر قومی خزانے میں واپس کی۔

  • کفایت شعاری مہم: وزارت مواصلات نے ساڑھے 3 ارب روپے بچا لیے

    کفایت شعاری مہم: وزارت مواصلات نے ساڑھے 3 ارب روپے بچا لیے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کی جانے والی کفایت شعاری کی مہم کے تحت وزارت مواصلات نے مختلف اخراجات کم کر کے ساڑھے 3 ارب روپے کی رقم بچا لی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر مختلف وزارتوں میں کفایت شعاری کی مہم جاری ہے جس پر عمل کرتے ہوئے وزارت مواصلات نے مختلف اخراجات میں کمی سے ساڑھے 3 ارب روپے بچالیے۔

    کفایت شعاری مہم کے تحت وزارت مواصلات نے اپنی اضافی گاڑیاں نیلام کردی ہیں جبکہ اعزازیہ اور انٹرٹینمنٹ فنڈز بھی ختم کردیے۔

    اضافی گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والے 20 کروڑ 88 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کردیے گئے۔ فیول اور مرمت کے کاموں میں کمی کے باعث مزید 52 لاکھ روپے کی بچت ہوئی۔

    علاوہ ازیں وزارت کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن میں 1 ارب 28 کروڑ روپے وصول کیے گئے جبکہ غیر قانونی ٹھیکے اور گھپلوں میں 40 کروڑ روپے کی ریکوری کرلی گئی۔

    وزارت ذرائع کے مطابق 2 ماہ میں وزارت مواصلات کی آمدن میں77 کروڑ روپے کا اضافہ بھی ہوا ہے۔

  •  وزیر اعظم ہاؤس کے بعد وزارت مواصلات میں بھی گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ

     وزیر اعظم ہاؤس کے بعد وزارت مواصلات میں بھی گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کے بعد وزارت مواصلات میں بھی گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مواصلات میں گاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے وزیرمملکت مراد سعید کی ہدایت پر دارالحکومت میں نیلامی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    وزارت مواصلات میں گاڑیوں کی نیلامی کے پہلے مرحلے میں چھہتر گاڑیاں نیلام کی جائیں گی، اگلے مرحلے میں کراچی اور کوئٹہ میں گاڑیاں نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی۔

    مجموعی طور پر دو سو چھیالیس گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    حکومت کی کفایت شعاری مہم، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کی نیلامی 24 اکتوبر کو ہوگی

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی چھ استعمال شدہ گاڑیاں اورایک موٹر سائیکل چوبیس اکتوبر کو نیلام کی جائیں گی، گاڑیوں کا معائنہ دن گیارہ سے ایک بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس میں کیا جاسکتا ہے۔

    وزیراعظم ہاؤس کی نیلامی کے لیے پیش کی گئی ایک سو دو گاڑیوں میں چوہتر فروخت ہوئیں تھی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے پیغام دینا تھا کہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال ہرگز نہیں ہوگا۔ نئے پاکستان میں کفایت شعاری مہم کا گھر سے آغاز کیا ہے۔

    اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر وزیراعظم ہاؤس نے میڈیا کو بتایا تھا کہ102میں سے61گاڑیاں 20کروڑ روپے سے زائد میں نیلام ہوئیں، جس میں تین لینڈ کروزر8 کروڑ، 5 ہزارسی سی کی چار بلٹ پروف مرسڈیز بینز ساڑھے چار کروڑ اور ایک ٹویوٹا لینڈ کروزردو کروڑ 74 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔

  • وزارت صحت نے کفایت شعاری مہم پر عمل شروع کردیا

    وزارت صحت نے کفایت شعاری مہم پر عمل شروع کردیا

    اسلام آباد: وزارت صحت نے کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد کرتے ہوئے صبح 10 بجے سے پہلے اے سی کے استعمال اور مہمانوں کی تواضع کے لیے غیر ضروری خرچ پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد کا آغاز کرتے ہوئے کفایت شعاری سے متعلق ہدایت جاری کردیں۔

    ذرائع کے مطابق وزارت صحت میں صبح 10 بجے سے پہلے اے سی کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    ہدایات کے مطابق وزیر صحت عامر کیانی نے دن کےاوقات میں غیر ضروری لائٹس جلانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران بجلی کا غیر ضروری استعمال روک کر بچت کریں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر صحت نے مہمانوں کی تواضع کے لیے غیر ضروری خرچ پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ وزیر صحت نے ہدایت کی ہے کہ اجلاسوں، کانفرنسز میں صرف چائے پیش کی جائے گی۔

    عامر کیانی نے وزارت کے لیے کسی بھی خریداری کو پیشگی اجازت سے مشروط کردیا ہے اور کہا ہے کہ وزارت کے لیے کسی بھی بڑی خریداری سے پہلے پیشگی اجازت لی جائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کے افسران و عملے کو کفایت شعاری پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔