Tag: Austerity drive

  • ‘عوامی دولت اور وسائل کا محافظ عمران خان ملک کا سربراہ ہے’

    ‘عوامی دولت اور وسائل کا محافظ عمران خان ملک کا سربراہ ہے’

    لاہور : معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سرکاری اخراجات میں ریکارڈ کمی اس بات کی عکاس ہے کہ عوامی دولت اور وسائل کا محافظ عمران خان ملک کا سربراہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم نے کفایت شعاری کاسلسلہ اپنی ذات سےشروع کیا ، وزیراعظم آفس کے اخراجات میں 29 فیصد اور وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں 49 فیصد کمی ہوئی، کفایت شعاری کاسلسلہ وزیر اعظم ہاؤس، آفس تک محدود نہیں ، وفاقی وصوبائی کابینہ اراکین بھی کفایت شعاری مہم پرعمل پیرا ہیں، فضول خرچیوں کے بغیر بھی امور سلطنت انجام دیے جاسکتے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سرکاری اخراجات میں ریکارڈ کمی اس بات کی عکاس ہے کہ عوامی دولت اور وسائل کا محافظ عمران خان ملک کا سربراہ ہے۔ جبکہ ذاتی مفادات کے پجاری ماضی کے حکمران کیمپ آفسز کے نام پر درندوں کی طرح بے رحمی سے قومی وسائل اور دولت لوٹتے رہے۔

    خیال رہے پی ٹی آئی حکومت کے کفایت شعاری مہم کے نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم کے نتیجے میں مختلف اداروں اور گورنمنٹ ہاؤسز میں بڑے پیمانے پر بچت ہو رہی ہے۔

    ترجمانوں کے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم آفس اور وزیر اعظم ہاؤس میں اخراجات کی مد میں کروڑوں روپے بچائے گئے ہیں، وزیر اعظم مشکل معاشی حالات میں اخراجات 49 فی صد تک کم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

    وزیر اعظم نے صواب دیدی اختیارات کے تحت نہ کوئی تحائف دیے نہ کیش ایوارڈز، اس وقت وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات 180 ملین روپے تک کم ہو چکے ہیں۔

  • سعودی عرب کا ویلیو ایڈڈ ٹیکس3 گنا بڑھانے اور رہائشی الاؤنس ختم کرنے کا اعلان

    سعودی عرب کا ویلیو ایڈڈ ٹیکس3 گنا بڑھانے اور رہائشی الاؤنس ختم کرنے کا اعلان

    ریاض : سعودی عرب نے معاشی بحران کے باعث ویلیو ایڈڈ ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے اور رہائشی الاؤنس جون تک ختم کرنے کا اعلان کردیا، حکومت ان اقدامات سے 100ارب ریال کی بچت یا آمدنی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی معیشت میں سست روی کے باعث ٹیکسوں میں اضافہ کردیا اورویلیوایڈڈ ٹیکس3 گنا بڑھا دیا گیا، نئے ٹیکسوں کااطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

    وزیر خزانہ محمد الجدان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رہائشی الاؤنس کو جون 2020 سے روک دیا جائے گا اور یکم جولائی سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کو 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کردیا جائے گا‘۔

    سعودی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر خام مال کی مانگ میں کمی اور تیل سے آمدنی میں ’زبردست کمی‘ کے دوران ریاستی مالیات کو بحال رکھنے کے لیے یہ اقدامات ضروری تھے۔

    یاد رہے سعودی عرب میں سرکاری ملازمین کو ہزار ریال ماہانہ کا وظیفہ دیا جاتا تھا، ماہانہ وظیفہ 2018سےشروع کیا گیا تھا۔

    واضح رہے رواں مالی سال کے پہلے3ماہ سعودی عرب کا بجٹ خسارہ 9 ارب ڈالر تک جا پہنچا ، خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ سےمعیشت سست روی کا شکارہوئی ہے ، سعودی عرب کو خا م تیل سے حاصل آمدنی میں ایک چوتھائی کمی ہوئی اور مجموعی حکومتی آمدنی میں22فیصد کی کمی آئی ہے۔

    خیال رہے سعودی عرب کے ان اقدامات سے عوام کی زندگی متاثر ہوگی ، سعودی عرب جو خام تیل کا دنیا کا سب سے بڑا برآمد کنندہ اور عرب دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلیے عمرہ پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ پروازیں بھی بند ہیں، جس کی وجہ سے ملک کی آمدنی کو نقصان پہنچ رہا ہے

  • نئی حکومت اورنئی انتظامیہ، پی آئی اے  کو ریونیو کی مد میں کروڑوں روپے حاصل

    نئی حکومت اورنئی انتظامیہ، پی آئی اے کو ریونیو کی مد میں کروڑوں روپے حاصل

    کراچی : کفایت شعاری مہم کے تحت پی آئی اے انتظامیہ نے مختلف مدمیں کروڑوں روپے ریونیو کی مد میں حاصل کئے اور اور لاکھوں روپے کی بچت بھی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق نئی حکومت اورنئی انتظامیہ قومی ائیرلائن کو ایک بارپھربہتری کی راہ پرگامزن کرنے میں کامیاب ہوگئی، قومی ایئرلائن کی انتظامیہ کی جانب سے کفایت شعاری پر عمل کرتے ہوئے ادارے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہورہا ہے۔

    ادارے نے رواں سال کے پہلے مہینے میں لاہور اسٹیشن سے ریونیو کی مد میں کروڑوں روپے حاصل کئے اور لاکھوں روپے کی بچت رہی، علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اندرون و بیرونی ملک جانیوالے مسافروں سے اضافی سامان کی مد میں 1 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کا ریکارڈ ریونیو حاصل کیا۔

    اسٹیشن منیجرلاہور کا کہنا ہے کہ ریونیوجنوری کےمہینےمیں حاصل ہوا، پی آئی اے نے لاہوراسٹیشن پر 25 لاکھ سے زائد ہر ماہ کرائے کی مد میں بچت کی۔

    دوسری جانب پی آئی اے نے سی اے اے کی 22 ہزار اسکوائر فٹ جگہ خالی کردی ، پی آئی اے نے اپنے مختلف دفاتر کواپنے کملپکس میں شفٹ کیا ہے جس کے باعث ہر ماہ کثیر مقدار میں بچت ہوگی۔

    پی آئی اےلاہور ایئرپورٹ پر 23 سے زائد دفاتر کا کرایہ اداکر رہی تھی اور سی اے اے کو دفاتر کی کرائے کی مد میں ہر ماہ لاکھوں روپے ادا کئے جارہے تھے۔

    سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا اسٹیشن منیجر لاہوراور عملے کوکارکردگی پر تعریفی اسناد بھی جاری کی۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی آئی اے میں کفایت شعاری مہم جاری ہے۔

  • کراچی: وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی اے میں کفایت شعاری مہم جاری

    کراچی: وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی اے میں کفایت شعاری مہم جاری

    کراچی: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی آئی اے میں کفایت شعاری مہم جاری ہے، ملازمین کا آفیشیٹنگ الاونس ادائیگی عارضی طور پر معطل کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مالی مشکلات کے باعث پی آئی اے ملازمین کا آفیشیٹنگ الاؤنس عارضی طور پر معطل کی گئی ہے، اور پی آئی اے صدر کی منظوری کے بعد نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    آفیشیٹنگ ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کا الاؤنس بھی 12 دسمبر 2018 سے معطل رہے گی، الاؤنس کی عارضی معطلی مالی حالات بہتر ہونے پر بحال کر دی جائے گی۔

    کفایت شعاری مہم ، وفاقی حکومت کا جاری اخراجات میں 10 فیصد بچت کا فیصلہ

    متعلقہ ملازم کی بنیادی تنخواہ کے 20 فیصد مساوی اضافی الاونس کی عارضی معطلی مالی حالات بہتر ہونے پر بحال کر دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وفاقی حکومت کا جاری اخراجات میں 10فیصد بچت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزارت خزانہ نے کہا تھا کہ ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پرپابندی عائد ہوگی،گاڑیاں خریدنے کے لئے وزارت خزانہ سے این او سی لازمی قرار دیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کفایت شعاری مہم کے تحت وزہراعظم ہاؤس ، وزارت مواصلات اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کی گاڑیوں کی نیلامی کی گئی تھی۔