Tag: australia

  • جنگلات میں لگی قیامت خیز آگ سے کروڑوں جانور ہلاک

    جنگلات میں لگی قیامت خیز آگ سے کروڑوں جانور ہلاک

    سڈنی: آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگی قیامت خیز آگ سے جہاں کئی انسان ہلاک ہوئے اور کئی گھر تباہ ہوئے، وہیں نصف ارب کے قریب جانور بھی اس ہولناک آگ میں ہلاک ہوگئے۔

    یونیورسٹی آف سڈنی کے ماہرین ماحولیات کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ سے، ستمبر سے اب تک اندازاً 48 کروڑ ممالیہ جانور، پرندے اور رینگنے والے جانور ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تعداد میں اضافہ جاری ہے۔

    صرف چند دن کے دوران اس آگ سے متعدد افراد بھی ہلاک جبکہ کئی لاپتہ ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے مشرقی ساحل کے ساتھ موجود بے شمار گھر تباہ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

    اب تک سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خوفزدہ کینگروز شعلوں کو پھلانگ کر جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ریکسیو اہلکاروں کو کوالا کی لاتعداد جھلسی ہوئی لاشیں بھی ملی ہیں۔

    مقامی شہریوں نے بھی کئی جانوروں کی دلدوز کراہیں سن کر ان کی جانیں بچائیں جو آگ سے بری طرح جھلس گئے تھے اور شدید زخموں کی وجہ سے تڑپ رہے تھے۔

    ان جانوروں میں بڑی تعداد کوالا کی ہے جو آہستہ حرکت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں ان کی خوراک کا انحصار بھی یوکلپٹس کے پتوں پر ہے جن کے درخت پہلے ہی جل کر خاک ہوچکے ہیں۔

    تاہم ان کوالاز کو اسپتال پہنچانے کے بعد ان کی تکلیف دیکھتے ہوئے انہیں موت کی نیند سلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا کے نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا کے جنگلات میں چند روز قبل آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

    سرکاری حکام کی جانب سے ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کیے گئے جن کے مطابق اب تک 17 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق آتشزدگی کے باعث اب تک 175 گھروں کے نذر آتش ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ آسمان بھی آگ کے شعلوں کی وجہ سے بالکل سرخ ہو رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو روز میں درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ تک جائے گا جس سے صورتحال مزید بدتر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • ہوم کنڈیشنز کا فائدہ، کینگروز نے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی

    ہوم کنڈیشنز کا فائدہ، کینگروز نے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی

    میلبورن: آسٹریلیا نے ہوم گراؤنڈ اور کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا لیا، کینگروز نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے میلبورن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 247 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، ٹریوس ہیڈ شاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

    جیمز پیٹنسن نے میچ میں چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    نامور آسٹریلوی بولر پیٹر سڈل نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3جنوری 2020 سے شروع ہوگا، شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

    دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز 13 جنوری سے شروع ہوگی۔ یاد رہے کہ میزبان ٹیم نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پہلے پنک بال ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 296 رنز سے شکست دی تھی۔

  • بڑی خوشخبری، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار

    بڑی خوشخبری، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار

    لاہور: کرکٹ کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے آئندہ سال دورہ پاکستان کے لیے آمادگی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے عالمی دروازے آہستہ آہستہ پاکستان کے لیے کھلنے لگے ہیں، سری لنکن ٹیم کے دورے کے بعد اب جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں، پاکستان نے دنیا کے سامنے پرامن ملک ہونے کا ثبوت دے دیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 کھیلنے 2020 میں پاکستان آئے گی، ہم چاہتے ہیں آسٹریلیا 3 ٹیسٹ میچ کھیلے، نیوساؤتھ ویلز سے اسکالرشپ پروگرام پر بات ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں خواتین سمیت کھلاڑی بھی وہاں تربیت حاصل کریں۔

    کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے میچ 11 سال بعد بگٹی اسٹیڈیم میں ہوئے، ہمارے ٹیم نے لائیو میچوں کو یقینی بنایا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بہتری کے لیے کام کررہے ہیں، پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ بہتر بنانے کے اخراجات برداشت کرے گا۔

    دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم مارچ کے تیسرے ہفتے میں دورہ بھارت کے بعد 3 ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز کی دعوت دی تھی، آئندہ ہفتے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

    علاوہ ازیں ایم سی سی کرکٹ ٹیم(میریلیبون کرکٹ کلب) فروری 2020 میں پاکستان کا دورہ کرے گی، ٹیم کی قیادت صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کریں گے جبکہ اجمل شہزاد ہیڈ کوچ اور لاوینڈر ٹیم منیجر ہوں گے، ایم سی سی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچ ایچی سن کالج لاہور میں کھیلے گی، ٹیم پاکستان بھجوانے کا فیصلہ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

    ایم سی سی کرکٹ ٹیم  46 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سی ای او پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر خوشی ہے، ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں مؤقف پیش کیا تھا، امید ہے اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی دورے کا بھرپور لطف اٹھائے گا۔

    جبکہ صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال کرنے کے لیے پی سی بی سے تعاون کرنا ہوگا، پاکستان کا دورہ کرنے والی ایم سی سی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر خوشی ہے، پاکستان میں ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر مداح مسرور ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں دس سال بعد عالمی کرکٹ بحال ہوچکی ہے، سری لنکن ٹیم اس وقت دورہ پاکستان پر ہے، جبکہ کل دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز 0-2 سے جیت کر پاکستان کو وائٹ واش کردیا، دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے شکست دے دی۔

    پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 589 رنز بنائے، وارنر نے اپنے کیریئر کی پہلی اور ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ٹرپل سنچری اسکور کی اور ناقابل شکست 335 رنز بنائے۔

    وارنر ایڈیلیڈ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔

    آسٹریلوی بلے باز لبوشین نے بھی مسلسل دوسری سنچری بنائی، اور اس دوران پاکستانی بولرز کی خوب درگت بنائی۔ قومی بولرز آسٹریلیا میں وکٹ لینا ہی بھول گئے، پاکستانی بولر عباس، یاسر اور موسیٰ بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

    جواب میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 302 رنز بنائے۔ یاسر شاہ 113 اور بابر اعظم 97 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    مچل اسٹارک نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ بابر اعظم نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر مچل اسٹارک کے ہاتھوں 97 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور دوسری سنچری اسکور نہ کر سکے۔

    دوسری طرف یاسر شاہ نے شاندار بیٹنگ کی اور اپنے کیرئیر کی پہلی سنچری بنائی۔ یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے بلے باز نے 192 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران انہوں نے 12 چوکے لگائے۔ پہلی اننگز میں 3 وکٹیں لینے والے شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    بابر اعظم نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ یاسر دورہ آسٹریلیا میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے ہیں۔

    پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔

    فالو آن کے بعد پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، شان مسعود اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں بنائیں۔ نیتھن لائن نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستانی بلے بازوں نے غلطیوں سے کچھ نہ سیکھا، بار بار وکٹیں گنواتے رہے۔ اظہر علی اور امام الحق دونوں اننگز میں ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

    پاکستانی بولرز بھی بری طرح ناکام رہے اور صرف 3 وکٹیں لے سکے۔ محمد عباس، موسیٰ خان اور یاسر شاہ میچ میں ایک بھی وکٹ نہ لے سکے۔

    یہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری بار مسلسل 2 میچز میں اننگز کی شکست ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں مسلسل پانچویں بار وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 1 وکٹ پر 302 رنز بنالیے

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 1 وکٹ پر 302 رنز بنالیے

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز لبوشین اور ڈیوڈ وارنر کی سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے دن کے اختتام پر ایک وکٹ پر 302 رنز بنالیے، کھیل کا پہلا روز آسٹریلیا کے نام رہا، پاکستانی بولرز صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اوپنر ڈیوڈ وارنر 166 اور لبوشین 126 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی۔

    پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد آسٹریلوی بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، میچ کا دوسرا سیشن بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔

    دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ہیں، جبکہ بادلوں نے بھی میچ کو گھیر رکھا ہے، پاکستان کی جانب سے جوائے برن کی وکٹ شاہین آفریدی نے لی، آسٹریلوی اوپنر جوائے برن 4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ امام الحق، محمدعباس اور محمدموسیٰ ٹیم میں شامل ہوگئے۔ حارث سہیل، عمران خان سینئر اور نسیم شاہ کو ٹیم سے آؤٹ کردیا گیا۔

    ٹاس کے بعد کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھتے ہوئے ہم پہلے بولنگ ہی کرنا چاہتے تھے، ہم نے گزشتہ میچز میں تیسرے اور چوتھے دن اچھا کھیلا، کوشش کریں گے آج بھی اچھا کھیلیں۔

    مصباح کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد کیا قومی ٹیم آج پہلی کامیابی حاصل کرپائے گی یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوا ہے، جبکہ مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔

    ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا، البتہ ٹیم کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم سیریز ہارنے کی صورت میں پی سی بی بڑے فیصلے کرسکتی ہے۔

  • ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کا اعلان کل ہوگا: اظہرعلی

    ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کا اعلان کل ہوگا: اظہرعلی

    ایڈلیڈ: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ جیتنا ہے تو تاریخ بدلنی ہوگی، ایڈلیڈ میں بولنگ کے ساتھ بیٹنگ کے لیے پچ اچھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کا اعلان کل کریں گے، ہمیں میچ جیتنے کے لیے وکٹیں لینی پڑیں گی، آسٹریلیا میں بولنگ کے ساتھ بیٹنگ کے لیے پچ اچھی ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آپ کو اپنے پلان صحیح طرح استعمال کرنے ہوتے ہیں، دوسرے ٹیسٹ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کروں گا، ڈیوڈوارنر ورلڈ کلاس پلیئر ہیں، ہم نے ڈیوڈوارنر کے خلاف صحیح جگہ بولنگ نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے گزشتہ میچ میں اچھی اسپرٹ دکھائی، تیسرے اور چوتھے دن لڑکوں نے گراؤنڈ میں اچھی فائٹ کی، ڈریسنگ روم میں مثبت ماحول ہے، کوشش کریں گے میچ جیتیں، ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ بال کے ساتھ کنڈیشنز بھی مختلف ہوتی ہے۔

    قومی ٹیم کے ایڈلیڈ میں ڈیرے، دوسرے روز بھی پریکٹس جاری

    اظہرعلی نے مزید کہا کہ پہلے بھی آسٹریلیا میں نائٹ سیشن میں اچھا کھیلا ہے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 29 نومبر (کل) سے کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم دو روز قبل برسبین سے ایڈلیڈ پہنچی۔

    برسبین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد فائنل الیون میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے، حارث سہیل کی جگہ امام الحق اور عمران خان سینیئر کی جگہ محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ایڈلیڈ کے میدان میں پاکستان کبھی ٹیسٹ نہیں جیتا۔

  • قومی ٹیم کے ایڈلیڈ میں ڈیرے، دوسرے روز بھی پریکٹس جاری

    قومی ٹیم کے ایڈلیڈ میں ڈیرے، دوسرے روز بھی پریکٹس جاری

    ایڈلیڈ: آسٹریلیا کے خلاف دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اپنے نام کرنے کے لیے قومی ٹیم کی پریکٹس دوسرے روز بھی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم غلطیوں کو نہ دہرا کر سیریز میں واپسی کا عزم لیے دوسرے روز بھی ایڈلیڈ میں پریکٹس کررہی ہے، ایڈلیڈ میں اسپنرز کو مدد ملےگی، یاسرشاہ کا کردار اہم ہوگا، شائقین کرکٹ نے ٹیم سے امیدیں باندھ لیں۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 29 نومبر (کل) سے کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم دو روز قبل برسبین سے ایڈلیڈ پہنچی۔

    برسبین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد فائنل الیون میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے، حارث سہیل کی جگہ امام الحق اور عمران خان سینیئر کی جگہ محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ایڈلیڈ کے میدان میں پاکستان کبھی ٹیسٹ نہیں جیتا۔

    دوسرا ٹیسٹ: پاکستان اور آسٹریلیا کل سے مدمقابل ہوں گے

    دوسری جانب سابق آسٹریلوی کپتان اور مایہ ناز بلے باز اسٹیون اسمتھ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

    خیال رے کہ اسٹیون اسمتھ پہلے ٹیسٹ میچ میں صرف 4رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے تھے اور یاسر نے انہیں آؤٹ کرنے کے بعد انگلیوں سے 7 اشارہ کیا تھا۔ یاسر کا یہ اشارہ کرنے کا مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ وہ اب تک ٹیسٹ میچوں میں اسمتھ کو 7مرتبہ نشانہ بنا چکے ہیں۔

  • پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست

    پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست

    برسبین: ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑگیا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹاپ آرڈر بلےباز دوسری اننگز میں بھی ناکام ہوگئے، آسٹریلیا نے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، پاکستانی بلے بازوں کی وکٹیں ریت کی دیوار ثابت ہوئیں۔

    آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 5رنز سے ہرا دیا، آسٹریلیا نے ایک اننگز میں580رنز بنائے، پاکستان 2 اننگز میں نہ بنا سکا، پہلی اننگز میں پاکستانی کھلاڑی 240 جبکہ دوسری اننگز میں 335رنز پر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 104 اور محمد رضوان 95رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ نے 4 اور مچل اسٹارک نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روز بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، آسٹریلیا کے 340 رنز کے جواب میں دوسری اننگز میں پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، شان مسعود 42 اور افتخار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اس سے قبل کپتان اظہرعلی 5، حارث سہیل 8 اور اسد شفیق کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے تھے۔

    بابراعظم نے شاندار اور ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری جڑی لیکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری برسبین ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنائے تھے، قومی ٹیم کا برسبین میں جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا، دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بلے باز بوکھلاہٹ کا شکار نظر آئے تھے۔

    برسبین ٹیسٹ: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کو شروع سے ہی سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلوی بلے بازوں نے پہلی اننگز میں 580 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، میزبان بلے باز پاکستانی بولرز پر قہر بن کر ٹوٹے، وارنر اور لبوشین نے سنچریاں اسکور کیں، جب کہ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز بنا سکی تھی۔

  • پوری کوشش ہوگی کل آسٹریلیا کو آؤٹ کریں: یاسر شاہ

    پوری کوشش ہوگی کل آسٹریلیا کو آؤٹ کریں: یاسر شاہ

    برسبین: قومی ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ آج کھیلے جانے والے میچ میں پچ پہلے دن کی طرح نہیں تھی، کوشش کریں گے کل آسٹریلیا کو آؤٹ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ آج مجھے پچ پر باؤنس مل رہا تھا، پہلے سیشن میں اچھی بولنگ نہیں کی، دوسری نئی بال سے لڑکوں نے اچھی بولنگ کی۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کل آسٹریلیا کو آؤٹ کریں، وکٹ اسپنر کے لیے مددگار نہیں تھی، بال نہ گھومنے کی وجہ سے وکٹ نہیں ملی، کوشش کے باوجود وکٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوئے۔

    پہلا ٹیسٹ: دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 312رنز بنالیے

    خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بیٹنگ میں بھی آسٹریلوی بلے باز پاکستان پر حاوی رہے، اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا،دوسرے روز کے اختتام پر کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 312رنز بنالیے۔

    بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی آسٹریلوی بلے بازوں کے سامنے قومی ٹیم بے بس دکھائی دی، اوپنر ڈیوڈ وارنر نے موقع ملنے پر سنچری جڑ دی، نسیم شاہ نے وارنر کو آؤٹ کیا لیکن نوبال نے وارنر کو بچایا۔ جوبرنز 97رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے، ڈیوڈ وارنر 151 اور مارنس لبوشین 55رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

  • پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    برسبین: ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ شاہینوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا، برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی، قومی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر مایوس کن بیٹنگ کا آغاز کیا، اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا۔

    پاکستان نے کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے 49رنز بنائے، کپتان اظہرعلی 28 اور شان مسعود 21رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 75رنز پر گری، شان مسعود 27رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار ہوئے، شان مسعود کے جانے کی دیر تھی کہ اظہرعلی بھی آسٹریلوی بولر کا نشانہ بن گئے، آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی دوسری وکٹ 75 رنز پر گری، اظہر علی39رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

    حارث سہیل کو 1 رن پر مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا، پاکستان کی چوتھی وکٹ 78رنز پر گری، بابراعظم بھی 1 رن بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ آسٹریلیو بولر نے افتخار احمد کو 7 رنز پر آؤٹ کیا، پاکستان نے پہلے روز چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 125رنز بنائے،  محمد رضوان اور اسدشفیق نے وقفے کے بعد دوبارہ کھیل کا آغاز کیا لیکن ٹیم کو بڑا اسکور دینے میں ناکام رہے۔

    اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا، حارث سہیل مسلسل ناکام رہے، اسد شفیق اور یاسر شاہ نے 84 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کی عزت بچائی، اسد شفیق نے سب سے زیادہ چھہتر رنز بنائے، مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے 3، 3 اور جوش ہیزل ووڈ نے 2 وکٹیں لی، آسٹریلوی ٹیم کل اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرے گی۔

    اظہر علی کی قیادت میں شان مسعود، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسرشاہ، شاہین آفریدی، عمران خان اور نسیم عباس قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ 16سال کے نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

    رکی پونٹنگ نے بابراعظم کو بڑا خطرہ قرار دے دیا

    ٹیسٹ کیپ ملنے پر سولہ سال کے نسیم شاہ کی آنکھیں بھر آئیں، نسیم شاہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے پہلےکم عمر ترین کھلاڑی بن گئے، ٹاس کے بعد کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہرعلی کاکہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے، محمد عباس کو نہ کھلانا مشکل فیصلہ ہے، نسیم شاہ کو والدہ کی وفات کے بعد سب نے دلاسہ دیا، ٹیسٹ کیپ لیتے ہوئے نسیم شاہ جذباتی ہوگئے تھے۔

    آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے 25 نومبر تک کھیلا جائے گا، شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک برسبین میں ہورہا ہے، جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔