Tag: australia

  • آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

    آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

    لاہور: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا، دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 1 ٹی 20 میچ شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا، آسٹریلوی ٹیم سنہ 1998 کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    مہمان ٹیم آئندہ سال مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 1 ٹی 20 میچ شامل ہے۔

    سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 تا 7 مارچ سے کراچی میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ میچ 12 تا 16 مارچ راولپنڈی میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 تا 25 مارچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، ون ڈے میچز 29 مارچ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

    سیریز کا واحد ٹی 20 میچ لاہور میں 5 اپریل 2022 کو کھیلا جائے گا۔

  • ٹی 20 ورلڈکپ: آسٹریلیا کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

    ٹی 20 ورلڈکپ: آسٹریلیا کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

    دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، اور شائقین کرکٹ کو دلچسپ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آج مزید دو میچز کا فیصلہ ہوگا، پہلا ٹاکرا دبئی میں آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان ہورہا ہے، جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

    کینگروز قائد ایرون فنچ نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ بولنگ کے لئے سازگار لگ رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، آگر کی جگہ مچل مارش کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔Image

    بنگلہ دیشی کپتان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسکورنگ بورڈ پر ایک معقول ٹوٹل کی ضرورت ہے، یہ ٹورنامنٹ ہمارے لئے مشکل رہا، ہم اپنی صلاحیت کے مطابق نہ کھیل سکے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آخری میچ میں ہمیں خود کو ثابت کرنا ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے آصف علی کو بڑی خوشخبری سنادی

    کپتان محمداللہ نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے نسیم کی جگہ مستفیض الرحمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔Image

    واضح رہے کہ بنگال ٹائیگرز چار میچز میں شکست کے باعث ورلڈکپ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں تاہم آسٹریلیا کی گروپ ون سے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار ہیں۔

    آسٹریلیا کے لئے یہ میچ نہایت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ فتح کی صورت میں آسٹریلیا 6 پوائنٹس ہوجائیں گے اور وہ جنوبی افریقا کے ہم پلہ ہوجائے گی۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے آسٹریلین ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے آسٹریلین ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے آسٹریلین وزیر خارجہ کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، دونوں وزرائے خارجہ نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے آسٹریلین ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔

    گفتگو میں افغانستان کی ابھرتی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعاون بڑھانے کا متمنی ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں بد امنی کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، افغانستان میں 40 سالہ جنگ کے بعد قیام امن کی امید پیدا ہوئی ہے۔ عالمی برادری افغان شہریوں کی معاونت کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

    اہوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے چیلنجز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ہوں گے۔

    وزیر خارجہ نے آسٹریلوی ہم منصب کو کابل سے انخلا میں پاکستانی معاونت سے بھی آگاہ کیا، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 37 ممالک کے باشندوں کو افغانستان سے انخلا میں معاونت فراہم کی۔ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہیں۔

    انہوں نے آسٹریلوی ہم منصب کو ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    وزیر خارجہ نے آسٹریلوی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

  • فیس بک استعمال کرنے سے قبل بچوں‌ کے لیے بڑی شرط

    فیس بک استعمال کرنے سے قبل بچوں‌ کے لیے بڑی شرط

    سڈنی: آسٹریلیا میں اب فیس بک کے استعمال کے لیے بچوں کو والدین کی اجازت ضروری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں ایک مجوزہ قانون کے تحت 16 سال سے کم عمر بچوں کو فیس بک اور انسٹاگرام میں لاگ ان ہونے کے لیے اپنے والدین کی اجازت درکار ہوگی۔

    اس قانون کا اطلاق فیس بک، انسٹاگرام، ریڈٹ، اونلی فینز، بومبل، واٹس ایپ اور زوم پر بھی ہوگا، ان تمام کمپنیوں کو صارفین کی عمر کا درست تعین کرنے اور والدین کی اجازت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا میں پہلے ہی فیس بک اور انسٹاگرام استعمال کرنے کے لیے 13 سال سے زائد عمر ہونا ضروری ہے اور عمر کا صحیح تعین کرنے کے لیے مذکورہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہے ہیں۔

    قانون کی خلاف ورزی کرنے پر سوشل میڈیا کمپنیوں پر آسٹریلیا میں 20 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور اب جرمانے کو بڑھا کر ایک کروڑ ڈالر کیا جا رہا ہے۔

    نئے قانون کا مقصد رضا مندی کے بغیر بچوں کو معلومات دینے کو روکنا ہے۔

    مجوزہ قانون میں کہا گیا ہے کہ آن لائن پلیٹ فارمز کے رازداری کے موجودہ طریقے بچوں اور کمزور افراد کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں، بشمول اشتہاری مقاصد کے لیے ڈیٹا شیئر کرنا یا نقصان دہ ٹریکنگ، پروفائلنگ یا ٹارگٹڈ مارکیٹنگ۔

    اس قانون کے تحت دیگر بڑے آن لائن آپریٹرز جیسا کہ ایمازون، گوگل اور ایپل کے لیے بھی نئے اصول بنائے جائیں گے، جن کے 25 لاکھ سے زیادہ آسٹریلوی صارفین ہیں۔

  • آسٹریلیا کی تاریخ میں پہلی بار ہیروئن کی بہت بڑی کھیپ برآمد

    آسٹریلیا کی تاریخ میں پہلی بار ہیروئن کی بہت بڑی کھیپ برآمد

    سڈنی : آسٹریلیا میں پولیس نے کامیکاب کارروائی کرتے ہوئے 17 ارب روپے مالیت کی ریکارڈ مقدار میں ہیروئن ضبط کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں پولیس نے ملک میں اب تک کی سب بڑی ہیروئن کی کھیپ پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے پکڑی جانے والی ہیروئن کا تخمینہ 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر (17 ارب 80 کروڑ 48 لاکھ پاکستانی روپے) لگایا گیا ہے۔

    کارروائی کے دوران پولیس نے ہیروئن کی اسمگلنگ کے الزام میں ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو حراسے میں لے لیا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس کے مطابق ملائیشیا سے بھیجے گئے سیرامک ٹائلوں کے سمندری مال بردار کنٹینر میں 450 کلو گرام ہیروئن پائی گئی۔

    پولیس حکام نے حراست میں لینے والے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے اور مزید  پیش رفت سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق زیر حراست شخص پر الزام ثابت ہونے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید ہوگی لیکن اس سے قبل نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے مزید محنت کرنی ہوگی۔

    آسٹریلوی فیڈرل پولیس کمشنر سدرن کمانڈ کریسی بیریٹ نے کہا کہ آسٹریلوی فیڈرل پولیس رائل ملائیشیا پولیس ( آر ایم پی) کے ساتھ کام کر رہی تھی۔  انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہم بین الاقوامی منظم جرائم کے نیٹ ورک کی شناخت اور اس کے بے نقاب کرنے  کے لیے مل کر کام کررہے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے سدباب کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ منشیات دونوں ممالک کی نئی نسل کو نقصان پہنچا رہی ہے اور ملوث افراد مجرمانہ سرگرمیوں  سے لاکھوں ڈالر کا منافع کماتے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ہیروئن قبضے میں لے کر انہوں نے 225 جانیں بچائیں ہیں۔ پولیس کا خیال ہے کہ آسٹریلیا میں ہر دوکلو گرام ہیروئن کے استعمال سے ایک شخص کی موت ہوجاتی ہے۔

  • آسٹریلیا میں خوفناک زلزلے سے تباہی، عمارتیں زمین بوس

    آسٹریلیا میں خوفناک زلزلے سے تباہی، عمارتیں زمین بوس

    سڈنی: تاریخ کے طاقتور زلزلے نے آسٹریلیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، لمحوں میں فلک بوس عمارتیں مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق خوفناک زلزلہ آسٹریلوی وقت کے مطابق صبح نو بجکر 15 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز میلبورن سے تقریباً 180 کلو میٹر شمال مشرق میں مانس فیلڈ میں تھا، زلزلے کے جھٹکے پورے میلبورن اور سڈنی اور کینبرا تک محسوس کیے گئے۔

    پانچ اعشاریہ نو شدت کے زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ لوگ حواس باختہ ہوکر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا میں خوفناک زلزلہ، زمین کانپ اُٹھی

    امریکی جیولوجیکل رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایڈیلیڈ اور سڈنی میں بھی محسوس کئے گئے، زلزلے کے بعد سونامی کاخطرہ نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ میلبرن میں کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظرنافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کا آٹھواں ہفتہ ہے، جبکہ شہر میں ویکسین کے خلاف مظاہرے بھی ہو رہے ہیں۔ اس وجہ سے زیادہ تر شہری زلزلے کے وقت گھروں میں ہی موجود تھے۔

     

  • امریکا کا آسٹریلیا کے ساتھ آبدوز معاہدہ انتہائی خطرناک ہے: شمالی کوریا

    امریکا کا آسٹریلیا کے ساتھ آبدوز معاہدہ انتہائی خطرناک ہے: شمالی کوریا

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے آسٹریلیا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ انتہائی ناپسندیدہ اور خطرناک قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے آسٹریلیا کو ایٹمی طاقت سے چلنے والی آبدوزیں فراہم کرنے کے امریکی فیصلے پر تنقید کی ہے، شمالی کوریا نے اس معاہدے کو انتہائی ناپسندیدہ اور خطرناک قرار دیا۔

    شمالی کوریا نے تنبیہ کی ہے کہ اگر اس معاہدے کی وجہ سے شمالی کوریا کی سلامتی کو کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق ہوا تو غیر متعین اقدامات کیے جائیں گے۔

    شمالی کوریا کا مؤقف ہے کہ امریکا اور برطانیہ کا آسٹریلیا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدے سے خطے میں جوہری اسلحے کی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔

    شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی جانب سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ ایشیا پیسیفک ریجن میں اسٹریٹیجک توازن کو بگاڑ دےگا۔

    واضح رہے کہ امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ نے گزشتہ ہفتے انڈو پیسیفک کے لیے اپنی سہ فریقی سیکیورٹی شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آسٹریلیا کو ایٹمی طاقت سے چلنے والی لیکن "روایتی طور پر مسلح” کم از کم 8 آبدوزوں سے لیس کرنے کی ٹیکنالوجی کا اشتراک کریں گے۔

    اس معاہدے نے فرانس میں ایک شدید رد عمل کو جنم دیا ہے، جو ایک دیرینہ اتحادی ہے، فرانس پہلے ہی آسٹریلیا کے ساتھ 12 روایتی آبدوزوں کی فراہمی کا معاہدہ کر چکا ہے، اب اس معاہدے کی وجہ سے پیرس نے کینبرا اور واشنگٹن ڈی سی سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔

  • قرنطینہ میں موجود شخص ہوٹل کی چوتھی منزل سے کیسے فرار ہوا؟

    قرنطینہ میں موجود شخص ہوٹل کی چوتھی منزل سے کیسے فرار ہوا؟

    کینبرا: آسٹریلیا میں ایک شخص ہوٹل کی چوتھی منزل سے چادروں کو آپس میں باندھ کر نیچا اترا اور قرنطینہ سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے کچھ گھنٹوں بعد اسے گرفتار کرلیا۔

    آسٹریلیا کے شہر پرتھ آنے والے مذکورہ شہری کو ہوٹل میں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا، مذکورہ شہری برسبین سے آیا تھا۔

    کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آسٹریلیا میں ایک سے دوسری ریاست میں سفر پر بھی فی الحال پابندی عائد ہے لہٰذا مذکورہ شخص کو شہر میں داخل ہونے نہیں دیا گیا اور اسے 48 گھنٹوں کے اندر واپس جانے کا کہا گیا۔

    اس دوران اس مدت کے لیے اسے ہوٹل میں قرنطینہ کے لیے بھیج دیا گیا۔

    تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے بستر کی چادروں کو جوڑ کر رسی بنائی اور اس کی مدد سے چوتھی منزل سے نیچے اتر کر فرار ہوگیا۔

    پولیس نے 8 گھنٹوں بعد اسے گرفتار کرلیا، پولیس نے ملزم کی شناخت ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ اس کی عمر 39 سال ہے اور اس کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا میں نہ صرف اندرون ملک سفر بلکہ بیرون ملک سے آنے والے افراد پر بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔

  • سپر مارکیٹ میں اچانک 10 فٹ لمبا اژدہا نکل آیا، خریدار خاتون شدید خوف زدہ (ویڈیو)

    سپر مارکیٹ میں اچانک 10 فٹ لمبا اژدہا نکل آیا، خریدار خاتون شدید خوف زدہ (ویڈیو)

    سڈنی: آسٹریلیا کے ایک سپر اسٹور میں‌ ریک سے اچانک 10 فٹ لمبا اژدہا نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ایک سپر اسٹور میں دس فٹ لمبے پائتھن سانپ نے لوگوں کو خوف زدہ کر دیا۔

    اژدہا کھانے پینے کے ریک سے اچانک نمودار ہوا، جسے دیکھ کر وہاں شاپنگ کرنے والی خاتون خوف زدہ ہوگئیں، تاہم حواس پر قابو رکھتے ہوئے انھوں نے فوراً انتظامیہ کو آگاہ کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ہیلینا الاتی نامی خاتون مصالحوں کے ریک کے پاس مطلوبہ چیزیں دیکھ رہی تھیں کہ اچانک ایک شیلف میں سے بہت بڑا سانپ ان کے سامنے نکل آیا۔

    خاتون نے بتایا کہ پائتھن کا سر ان کے سر سے محض 8 انچ کی دوری پر آ گیا تھا، تاہم خاتون نے بتایا کہ وہ خود بھی سانپ پکڑنے کی ماہر ہیں، وہ سانپ کو دیکھ کر پہچان گئیں کہ یہ غیر زہریلا ڈائمنڈ پائتھن ہے۔

    انھوں نے کہا چوں کہ وہ خود سانپوں سے متعلق علم رکھتی ہیں اس لیے انھوں نے خود کو پرسکون رکھا، ورنہ ایسی صورت حال میں انسان کو خوف کا بڑا جھٹکا لگتا ہے، مجھے بھی جھٹکا لگا تھا کیوں کہ وہ بس اچانک ہی سامنے آ گیا تھا۔

    ہیلینا الاتی نے کہا کہ جب انھوں نے انتظامیہ کو بتایا کہ وہاں ایک ریک میں سانپ ہے، تو انھیں سمجھ نہیں آیا کہ میں کیا کہہ رہی ہوں، تاہم بعد میں اس ایریا کو خالی کرایا گیا، خاتون نے اپنے موبائل سے سانپ کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔

    الاتی نے بعد ازاں قریب واقع اپنے گھر سے سانپ پکڑنے کا سامان لا کر کچھ دیر میں اسے پکڑ لیا اور قریبی جنگل میں چھوڑ دیا۔

  • ویکسین لگوانے کی دوڑ، آسٹریلیا میں ’ہنگر گیمز جیسے مناظر‘

    ویکسین لگوانے کی دوڑ، آسٹریلیا میں ’ہنگر گیمز جیسے مناظر‘

    کینبرا: آسٹریلیا میں حکام نے کرونا ویکسین لگوانے کے لیے شہریوں کی دوڑ کو ’ہنگر گیمز‘ کے مناظر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیو ساؤتھ ویلز کے وزیر صحت بریڈ ہیزارڈ نے کہا کہ کرونا وائرس ویکسینز کی سپلائی بہت سست ہے، اور لوگ اس کے حصول کے لیے مشہور فلمز سیریز ہنگر گیمز کے کرداروں کی طرح دوڑ لگا رہے ہیں۔

    ملک کی سب سے گنجان آباد ریاست کے وزیر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کے ساتھ ویکسین کی ڈوزز میں کمی کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، ویکسین کی کمی کے نتیجے میں لوگ خوف کا شکار ہو کر ویکسینیشن سینٹرز آ رہے ہیں۔

    میدیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں لوگ کہیں ویکسینیشن سینٹرز کے چکر کاٹ رہے ہیں، تو کہیں اپوائنٹمنٹ لینے کے لیے باقاعدگی سے اسپتالوں اور متعلقہ جگہوں پر فون کر رہے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ کسی طرح انھیں ویکسین لگ جائے۔

    ہالی وڈ کی فلم سیریز ہنگر گیمز کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جس طرح لوگ ویکسین لگوانے کے لیے دوڑ دھوپ کر رہے ہیں یہ اُس فلم کا ایک سین لگ رہا ہے، خیال رہے کہ ہنگر گیمز کی فلموں اور کتابوں میں نوجوانوں کے ایک گروپ کو موت کے ایک کھیل کے لیے ہر سال چنا جاتا ہے۔

    ادھر آسٹریلیا کی ڈھائی کروڑ آبادی میں سے صرف 7 فی صد افراد کو ویکسین کی مکمل ڈوزز لگ چکی ہیں، جو کسی بھی ترقی یافتہ ملک میں ویکسینیشن کی سب سے کم شرح ہے، آسٹریلیا کی حکومت کا انحصار آسٹرازینیکا ویکسین پر ہے، ملک میں ایک مقامی ویکسین بھی بنائی جا رہی ہے جس کے اب تک کے ٹرائل ناکام ہو چکے ہیں۔

    معاملہ یہ ہے کہ آسٹریلیا میں شہریوں نے آسٹرازینیکا لگوانے سے انکار کیا ہے، جو اب صرف 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے تجویز کی جا رہی ہے، اور زیادہ تر افراد فائزر ویکسین لگوانے کے لیے اپوائنٹمنٹ لے رہے ہیں۔