Tag: AUSvPAK

  • بابر اور امام کی سنچریاں، پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

    بابر اور امام کی سنچریاں، پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

    لاہور: دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 349 رنز کا 49 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کپتان بابر اعظم نے 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، امام الحق نے بھی 106 رنز اسکور کرکے کپتان بابر اعظم کا خوب ساتھ دیا۔

    اوپنر فخر زمان 67 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد رضوان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے دو وکٹیں حاصل کیں، نیتھن ایلس اور مارکس اسٹونس ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دیاتھا۔

    بین میکدر میٹ نے شاندار 104 رنز کی اننگز کھیلی، ٹریوس ہیڈ 89 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مارنوس لبوشین بھی 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، مارکس اسٹونس نے 49 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

    کیمرون گرین اور الیکس کیری 5، 5 رنز بناسکے، شان ایبٹ 28 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد وسیم نے دو، زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

    کپتان بابراعظم نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے اسی لئے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم میں تبدیلی سے متعلق کپتان کا کہنا تھا کہ دوسرے ون ڈے میچ کے لئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: گرین شرٹس آسٹریلیا سے حساب چکانے کیلئے تیار

    کینگروز کپتان ایرون فنچ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اگر ہم بھی ٹاس جیتنے میں کامیاب ہوتے تو پہلے بولنگ کرتے، اب اچھا ٹوٹل بناکرپاکستان پر دباؤ ڈال سکتےہیں۔

    فنچ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کو تین میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ، اس سے قبل آسٹریلیا بینو قادر ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرچکی ہے۔

  • کراچی ٹیسٹ: کون ہوگا فاتح؟ فیصلہ آج ہوگا

    کراچی ٹیسٹ: کون ہوگا فاتح؟ فیصلہ آج ہوگا

    بابراعظم اور عبداللہ شفیق کی ذمے دارانہ اننگز کے باعث کراچی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، کینگروز کو فتح کے لئے 8 وکٹ جبکہ قومی ٹیم کو 314 رنز درکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان 192 رنز سے اپنی دوسری نامکمل اننگز شروع کرے گا، کپتان بابر اعظم 102 اور اوپنر عبداللہ شفیق 71 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    دونوں بیٹرز کے درمیان 171 رنز کی عمدہ شراکت داری قومی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئی ہے، پہلی اننگز میں 53اوورز میں قومی ٹیم کو ٹھکانے لگانے والے کینگروز 59 اوور سے وکٹ لینے سے محروم ہیں۔

    آج پاک آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے تاریخی ٹیسٹ سیریز میں تاریخ رقم ہوسکتی ہے، اگر قومی ٹیم مزید 314 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی تو یہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ ہوگا تاہم آسٹریلیا کامیاب ہوا تو پاکستان کو کراچی میں پہلی ٹیسٹ شکست ہوگی۔

    یاد رہے کہ کپتان بابراعظم نے دو سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سینچری اسکور کی، بابراعظم نے7 فروری 2020 کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میں بنگلادیش کے خلاف 143 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: بابراعظم نے کل کا پلان بتا دیا

    قومی ٹیم کے کپتان کی مجموعی طور پر یہ چھٹی ٹیسٹ سینچری جبکہ آسٹریلیا کے خلاف دوسری تھی۔

    چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سنچری میکر بابراعظم کا کہنا تھا کہ ابھی میچ ختم نہیں ہوا پانچویں روز کا یہی پلان ہے کہ اس پارٹنرشپ کو آگے لے کر چلیں جو مومنٹم بنا ہوا ہے اسے برقرار رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم کو ایک اچھی شراکت داری کی ضرورت تھی جو لگی ہوئی ہے کوشش کریں گے آج والی کارکردگی کو کل بھی برقرار رکھیں۔

  • عثمان خواجہ کی سنچری، آسٹریلیا نے 3 وکٹوں پر 251 رنز بنالیے

    عثمان خواجہ کی سنچری، آسٹریلیا نے 3 وکٹوں پر 251 رنز بنالیے

    کراچی ٹیسٹ کے میچ پہلے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف تین وکٹوں کے نقصان 251 رنز بنالیے۔

    عثمان خواجہ نے شاندار سنچری اسکور کی وہ 127 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    ڈیوڈ وارنر 36 رنز بنا کر فہیم اشرف کا نشانہ بنے، مارنوس لبوشین بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے، اسٹیو اسمتھ 72 رنز بنا کر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے۔

    پاکستان کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی ٹیسٹ کا آغاز ہوگیا ہے، کینگروز کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ 1998 کے بعد پہلا موقع ہے جب آسٹریلیا نے کسی ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    آسٹریلوی قائد پیٹ کمنز نے ٹاس کے بعد گفتگو میں کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار لگ رہی ہے، اس لئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کھلاڑیوں کی پوری کوشش ہوگی کہ بڑا اسکور ترتیب دیں۔

    کراچی ٹیسٹ میں ڈبییو کرنے والے لیگ اسپنر سمپسن سے متعلق پیٹ کمنز نے کہا کہ وہ کئی سالوں سے اسکواڈ کے اردگرد رہے، اب اس کی حوصلہ افزائی کا وقت آگیا ہے۔

    پیٹ کمنز: "واقعی ایک اچھی وکٹ لگتی ہے۔ مچ کئی سالوں سے اسکواڈ کے ارد گرد ہے، ہم اس کے لیے حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ اب ہمارا کام بڑی بیٹنگ کرنا ہے۔”

    قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر کراچی کی پچ اسپنرز کے لئے سازگار ہے، ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں گئیں ہیں، افتخار احمد اور نسیم شاہ کی جگہ فہیم اشرف اور حسن علی کی شمولیت ہوئی ہے۔

    پاکستان اسکواڈ:  بابراعظم ( کپتان)، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، اظہرعلی، فواد عالم ،محمد رضوان، فہیم اشرف، نعمان علی، ساجد خان، حسن علی، شاہین آفریدی۔

    آسٹریلیا کی ٹیم میں کون کون شامل ہے؟

    کینگروز اسکواڈ میں عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لبوسخانے، اسٹیواسمتھ، ٹراویس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، مچل سوئپسن اور اور نیتھن لائن شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پنڈی میں ڈرا ہوگیا تھا جبکہ تیسرا میچ لاہور میں 21 مارچ سے شروع ہوگا۔

  • برسبین ٹیسٹ، محمد رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار

    برسبین ٹیسٹ، محمد رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار

    برسبین: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز محمد رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز امپائر کے غلط فیصلے کی بھینٹ چڑھ گئے، محمد رضوان 37 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے جب امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

    رپورٹ کے مطابق اسد شفیق اور رضوان کریز پر موجود تھے، پیٹ کمنز نے محمد رضوان کو کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا لیکن نو بال چیک کرنے کے لیے امپائر نے تھرڈ امپائر کو نو بال چیک کرنے کے لیے کہا تاہم تھرڈ امپائر نے حیران کن طور پر انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔

    محمد رضوان بھی امپائر کے فیصلے پر حیران رہ گئے اور مایوسی کے عالم میں پویلین لوٹ گئے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس طرح کے نوبال کا ڈاؤٹ بیٹسمین فیور میں جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: آج جس طرح بیٹنگ کی اس کی ٹیم کو ضرورت تھی: اسد شفیق

    تھرڈ امپائر کے متنازع فیصلے کو کمنٹیٹر نے بھی مایوس کن قرار دیا کیونکہ ان کے خیال میں بھی یہ نو بال ہونی چاہئے تھے۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے، گرین شرٹس 240 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئے، اسد شفیق نے 76 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی۔

    آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے چار، پیٹ کمنز نے تین، ہیزل ووڈ نے دو اور اسپنر نیتھن لائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

  • میکسویل نے سرفراز سے ہاتھ نہ ملانے پر وضاحت پیش کردی

    میکسویل نے سرفراز سے ہاتھ نہ ملانے پر وضاحت پیش کردی

    ہرارے: آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ہاتھ نہ ملانے پر وضاحت پیش کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میچ میں کینگروز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی، جب میچ ختم ہوا تو گلین میکسویل سرفراز احمد سے ہاتھ ملائے بغیر روانہ ہوگئے تھے جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

    سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد اب گلین میکسویل نے سوشل میڈیا پر ہی پاکستان ٹیم کو جیت کی مبارکباد دی اور کہا کہ فخر زمان اور شعیب ملک نے گزشتہ روز شاندار اننگز کھیلی اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    گلین میکسویل نے کہا کہ جان بوجھ کر سرفراز احمد سے ہاتھ نہ ملانے کی بات درست نہیں ہے میں سرفراز احمد کو دیکھ ہی نہیں سکا تھا، اب میں ہوٹل میں انتظار کررہا ہوں تاکہ سرفراز احمد سے ہاتھ ملاؤں اور ان کی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دوں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فائنل میچ میں ہدف کے تعاقب میں جب قومی ٹیم بیٹنگ کرنے میدان میں اتری تھی تو میکسویل نے پہلے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت کو پویلین کی راہ دکھادی تھی۔

    پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلیا کی جیت یقینی نظر آرہی تھی لیکن فخر زمان اور شعیب ملک کی شاندار اننگز نے جیت آسٹریلیا سے چھین لی اور سیریز اپنے نام کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • سہ ملکی سیریز: پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی

    سہ ملکی سیریز: پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی

    ہرارے: سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اہم میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی، اوپنر فخر زمان کو 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور قومی ٹیم نے فخر زمان اور آصف علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 194 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

    قبل ازیں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو حارث سہیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، پھر فخر زمان اور حسین طلعت کی اننگز نے ٹیم کو سہارا دیا، 80 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب حسین طلعت 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

    کپتان سرفراز احمد آسٹریلوی ٹیم کے خلاف دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور کیپر کو کیچ دے کر 14 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوگئے، شعیب ملک اور آصف علی نے جارحانہ انداز اپنایا اور شعیب ملک 15 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی، آصف علی نے 18 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 194 رنز پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    آسٹریلیا کی جانب سے اینڈریو ٹائی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور جائے رچرڈسن کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

    ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی کپتان جنہوں نے زمبابوے کے خلاف 172 رنز کی اننگز کھیلی تھی آج کے میچ میں صرف 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تیسرے نمبر پر مائیکل ہیڈ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جارحانہ انداز اپنانے والے گلین میکسویل کو شاہین آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا وہ صرف 10 رنز بناسکے، آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 149 رنز ہی بناسکی۔

    پاکستان کی جانب سے سیریز کا پہلا میچ کھیلنے والے شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان اور عثمان خان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح‌ رہے کہ قومی ٹیم 8 جولائی بروز اتوار کو آسٹریلیا سے فائنل میں‌ مدمقابل ہوگی.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔