Tag: #AusVsPak

  • ہم سیریز جیتنے کے لئے پر اعتماد ہیں ،کپتان آسٹریلوی کرکٹ ٹیم

    ہم سیریز جیتنے کے لئے پر اعتماد ہیں ،کپتان آسٹریلوی کرکٹ ٹیم

    لاہور: آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ ہم اب زیادہ چانسز ضائع کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے،کراچی میں ہمارے پاس جیتنے کا موقع تھا مگر فائدہ نہ اٹھا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان آسٹریلیا کرکٹ ٹیم پیٹ کمنز نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے اسکواڈ کے ساتھ ہی لاہور ٹیسٹ میں اتریں گے، کئی آپشنز پر غور کیا مگر ہم سمجھتے ہیں کہ یہی الیون بہتر ہے۔

    پیٹ کمنز نے کہا کہ پچ پرگراس نہیں ، ریورس سوئنگ کا کردار اہم ہو گا، یہ بڑا میچ ہےاور فاسٹ بولرز کیلئے موسم بہت گرم ہے، ان کنڈیشنز میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں ہے، ہمیں فیلڈنگ میں کم سے کم غلطیاں کرنا ہوگی۔

    آسٹریلوی کپتان نے اعتراف کیا کہ کراچی میں ہمارے پاس جیتنے کا موقع تھا مگرفائدہ نہ اٹھا سکے کوشش ہوگی کہ لاہور میں عمدہ کارکردگی دکھائیں۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کے دوران زیادہ میچز ہوئے ہیں اس لئے پچز ایسی ہیں، بابر اعظم کراچی میں غیر معمولی اننگز کھیلے ہم نے ان کے لئے پلانز بنائے اب انہی پلانز پر کام کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بابر نے اچھی لمبی اننگز کھیلی، پاکستان ٹیم بھی اچھا کھیلی اور ڈیڈ پچز کا بھی عمل دخل ہے۔

  • کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن ہوگا یا نہیں؟ ظہیر عباس کی اہم پیش گوئی

    کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن ہوگا یا نہیں؟ ظہیر عباس کی اہم پیش گوئی

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس نے کراچی ٹیسٹ سے متعلق اہم پیش گوئی کر ڈالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈ بلے باز ظہیر عباس پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے ٹیسٹ کو دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم پہنچے، جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا نے چوبیس سال بعد ٹیم پاکستان بھیجی، اس اقدام پر آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں۔

    ظہیر عباس نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا ٹیم کو دیکھ کرخوش ہے، امید ہے ہائی اسٹینڈرڈ میچ ہوگا لوگ انجوائےکریں گے، انہوں نے کرکٹ شائقین کو مخاطب کہا کہ ہمارے پاس اچھا موقع ہے کہ آسٹریلیا کو سپورٹ کریں۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی ٹیسٹ، آسٹریلوی ٹیم میں اہم ہتھیار شامل

    کراچی ٹیسٹ کے فیصلہ کن ہونے سے متعلق سوال کے جواب پر ظہیر عباس نے کہا کہ ٹاس کوئی بھی جیتے، میچ کا تیسرا چوتھا دن اہم ہوگا اگر اسپننگ وکٹ ہوئی تو اس پر بیٹنگ کرنا مشکل ہوجائے گا مگر پاکستان کو یہ ایڈوانٹیج حاصل ہے کہ ہمارے کھلاڑی ایسی وکٹ پر بیٹنگ کرنا جانتے ہیں۔

    ادھر بینو قادر ٹرافی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں جاری ہے، جہاں آسٹریلیا ٹاس جیت کر اپنی پہلی اننگز جاری رکھے ہوئے ہے، آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنالئے ہیں۔

  • برسبین ٹیسٹ، قسمت کی دیوی ڈیوڈ وارنر پر مہربان

    برسبین ٹیسٹ، قسمت کی دیوی ڈیوڈ وارنر پر مہربان

    برسبین: برسبین ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی آسٹریلیا کے نام رہا اور قسمت نے پاکستانی بولرز کا ساتھ نہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ڈیوڈ وارنر نے شاندار ناقابل شکست151 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم بنادی۔

    پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو اچھی بولنگ کا انعام نہ مل سکا، نسیم نے ڈیوڈ وارنر کو 56 رنز پر آؤٹ کردیا پر ان کی قسمت اچھی تھی کہ وہ نوبال ہوگئی۔

    ڈیوڈ وارنر دوسری مرتبہ اس وقت آؤٹ ہونے سے بچ گئے جب فاسٹ بولر عمران خان کی گیند اسٹمپ کو چھو کر گزر گئی لیکن بیلز نہیں گریں۔

    دوسری جانب پہلے ٹیسٹ میں امپائر کا ناقص معیار سامنے آیا ہے اور 21 نوبال نہ دئیے جانے کا انکشاف ہوا ہے.

    آسٹریلوی نشریاتی ادارے چینل 7 نے دوسرے دن چائے کے وقفے کے بعد اپنی رپورٹ میں بتایا کہ میچ کے دوسرے پاکستانی بولر نے دو سیشنز کے دوران 21 نوبال کیں لیکن فیلڈ پرموجود امپائروں نے وہ نوبال کال نہیں کیں۔

    مزید پڑھیں: پوری کوشش ہوگی کل آسٹریلیا کو آؤٹ کریں: یاسر شاہ

    آسٹریلوی نشریاتی ادارے نے ان نوبالز کی فوٹیج بھی چلائی جنہیں امپائر کی جانب سے نوبال قرار نہیں دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اگر یہ 21 نوبال امپائروں نے دی ہوتیں تو آسٹریلین ٹیم کے ہدف میں اضافہ ہوتا بلکہ پاکستان کو اضافی 3.3 اوورز بھی کرنے پڑ جاتے۔

  • ’سرفراز ہوتا تو اس گیند پر باؤنڈری مارتا‘

    ’سرفراز ہوتا تو اس گیند پر باؤنڈری مارتا‘

    برسبین: گابا برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ٹم پین نے وکٹ کیپر محمد رضوان کو سرفراز احمد کا طعنہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برسبین ٹیسٹ میچ میں جب محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے وکٹ کیپنگ کرنے والے آسٹریلوی کپتان نے محمد رضوان کو جملے کسنا شروع کردئیے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں ٹم پین کو سرفراز احمد کی بیٹنگ کی صلاحیتوں کا تذکرہ کرکے محمد رضوان کو پریشان کرنے کی کوشش کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد رضوان نے اسپنر نیتھن لائن کی گیند ان ہی کی جانب پش کیا جس پر ٹم پین نے کہا کہ ’سرفراز احمد ہوتا اس گیند پر سوئپ کرکے چوکا لگادیتا۔‘

    ٹم پین نے یہی بس نہیں کیا اور کہا کہ ’اس کے پاس بہت بہت اچھی خوشبو آرہی ہے۔‘

    مزید پڑھیں: برسبین ٹیسٹ، محمد رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار

    واضح رہے کہ محمد رضوان 37 رنز پر تھرڈ امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار ہوکر پویلین لوٹ گئے تھے، تھرڈ امپائر نے نوبال دینے کے بجائے رضوان کو آؤٹ قرار دے دیا تھا۔

    یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے، گرین شرٹس 240 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئے، اسد شفیق نے 76 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی۔

  • نسیم شاہ نے مچل اسٹارک کی امیدوں پر پانی پھیردیا

    نسیم شاہ نے مچل اسٹارک کی امیدوں پر پانی پھیردیا

    برسبین: قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نے آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز فاسٹ بولر نسیم شاہ نے مچل اسٹارک کی 150 کی اسپیڈ‌ سے کی جانے والی گیند پر سنگل لے کر ان کی ہیٹ ٹرک کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

    آسٹریلوی فاسٹ بولر نے یاسر شاہ کو 26 اور شاہین شاہ آفریدی کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ کیا تھا، 16 سالہ نوجوان کھلاڑی نسیم شاہ مچل اسٹارک کا سامنا کرنے کے لیے آئے تو وہ ہیٹ ٹرک پر تھے لیکن نسیم شاہ نے پراعتماد انداز میں ان کی گیند کو لیگ سائیڈ پر کھیل کر اپنا پہلا ٹیسٹ رن لیا اور اسٹارک کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

    نسیم شاہ نے مچل اسٹارک کی گیند پر خوبصورت چوکا بھی رسید کیا لیکن اس کے بعد وہ اسٹارک کے ہی اوور میں 7 رنز بنا کر انہیں ہی کیچ دے بیٹھے۔

    آسٹریلوی فاسٹ بولر اسٹارک نے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 18.2 اوورز میں 52 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

    مزید پڑھیں: برسبین ٹیسٹ، محمد رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار

    اس سے قبل نسیم شاہ کو بولنگ کوچ وقار یونس نے ٹیسٹ کیپ دی تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو دئیے، وقار یونس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نسیم شاہ کے نام پیغام میں کہا کہ ’ایک شیر دل لڑکا ہے۔‘

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے، گرین شرٹس 240 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئے، اسد شفیق نے 76 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی۔

  • برسبین ٹیسٹ، محمد رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار

    برسبین ٹیسٹ، محمد رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار

    برسبین: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز محمد رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز امپائر کے غلط فیصلے کی بھینٹ چڑھ گئے، محمد رضوان 37 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے جب امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

    رپورٹ کے مطابق اسد شفیق اور رضوان کریز پر موجود تھے، پیٹ کمنز نے محمد رضوان کو کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا لیکن نو بال چیک کرنے کے لیے امپائر نے تھرڈ امپائر کو نو بال چیک کرنے کے لیے کہا تاہم تھرڈ امپائر نے حیران کن طور پر انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔

    محمد رضوان بھی امپائر کے فیصلے پر حیران رہ گئے اور مایوسی کے عالم میں پویلین لوٹ گئے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس طرح کے نوبال کا ڈاؤٹ بیٹسمین فیور میں جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: آج جس طرح بیٹنگ کی اس کی ٹیم کو ضرورت تھی: اسد شفیق

    تھرڈ امپائر کے متنازع فیصلے کو کمنٹیٹر نے بھی مایوس کن قرار دیا کیونکہ ان کے خیال میں بھی یہ نو بال ہونی چاہئے تھے۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے، گرین شرٹس 240 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئے، اسد شفیق نے 76 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی۔

    آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے چار، پیٹ کمنز نے تین، ہیزل ووڈ نے دو اور اسپنر نیتھن لائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

  • پاکستانی بولرز نے آسٹریلیا اے کے پرخچے اڑا دئیے

    پاکستانی بولرز نے آسٹریلیا اے کے پرخچے اڑا دئیے

    سڈنی: تین روزہ پریکٹس میچ کے دوسرے روز پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دئیے، آسٹریلیا اے کی پوری ٹیم 122 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے 313 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پرتھ میں کھیلے جانے والے پریکٹس میچ کے دوسرے روز پاکستان کے 428 رنز کے جواب میں آسٹریلیا اے کی ٹیم 122 رنز پر ڈھیر ہوگئی، عمران خان سینئر نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دن کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان 7 رنز بنالیے ہیں۔

    دوسری اننگز میں پاکستانی بلے باز اظہر علی اور شان مسعود بالتریتب 1 اور 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    آسٹریلیا اے کے کیمرون بین کرافٹ 49 اور میرڈیتھ 19 رنز بنا کر نمایاں رہے، آسٹریلوی ٹیم کے 7 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    عثمان خواجہ 6، ٹریوس ہیڈ 13، کیری بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، مائیکل نیسر 2 اور رچرڈسن کو صفر پر عمران خان سینئر نے آؤٹ کیا۔

    پاکستان کے عمران خان سینئر نے آدھی آسٹریلوی ٹیم کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین شاہ آفریدی اور اسپنر افتخار احمد نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 428 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، بابر اعظم 157 اور اسد شفیق 119 رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے اور دوسرے بلے بازوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔

    افتخار احمد اور وکٹ کیپر محمد رضوان 6، 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یاسر شاہ نے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، شاہین شاہ آفریدی 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    آسٹریلیا اے کے رچرڈسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مائیکل نیسر اور میرڈیتھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

  • پریکٹس میچ، بابر اعظم اور اسد شفیق کی سنچریاں، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 336 رنز

    پریکٹس میچ، بابر اعظم اور اسد شفیق کی سنچریاں، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 336 رنز

    سڈنی: پرتھ میں آسٹریلیا اے کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کے پہلے روز بابر اعظم اور اسد شفیق کی عمدہ سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق پرتھ میں کھیلے جانے والے تین روزہ پریکٹس میچ کے پہلے روز اسد شفیق اور بابر اعظم آسٹریلوی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، پاکستان نے دن کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنالیے۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹاپ آرڈر نے جلد ہتھیار ڈال دئیے، کپتان اظہر علی 11، حارث سہیل 18 اور شان مسعود 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    اسد شفیق اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ پر 276 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی اور پاکستان کا اسکور 336 رنز تک پہنچادیا، بابر اعظم 157 اور اسد شفیق 119 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

    آسٹریلیا کی جانب سے ریلے میریڈتھ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مائیکل نیسر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    دوسری جانب اسد شفیق نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جلد وکٹیں گرنے کے بعد میرا پلان یہی تھا کہ ایک پارٹنر شپ قائم ہو اور اس میں ہم کامیاب بھی رہے، خراب بالز کا انتظار کیا اور اس پر باؤنڈری لگائی۔

    اسد شفیق نے کہا کہ جب میں کوئی غلط شاٹ کھیل رہا تھا تو بابر اعظم مجھے سمجھا رہے تھے اور جب بابر اعظم سے کوئی غلطی ہورہی تھی تو میں انہیں بتا رہا تھا۔

    اسد شفیق نے کہا کہ میں اور بابر اعظم ایک دوسرے کی مدد کررہے تھے جس سے فائدہ ہوا اور ایک اچھا ٹوٹل اسکور بورڈ پر لگادیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اسکور تو اچھا ہوگیا ہے اب کوشش کریں گے آسٹریلوی بلے بازوں کو جلد آؤٹ کریں۔

  • دورہ آسٹریلیا ایشین ٹیموں کے لیے کبھی آسان نہیں ہوتا، مصباح الحق

    دورہ آسٹریلیا ایشین ٹیموں کے لیے کبھی آسان نہیں ہوتا، مصباح الحق

    پرتھ: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا ایشین ٹیموں کے لیے کبھی بھی آسان نہیں ہوتا ہے تاہم ٹیم میں اچھی بات یہ ہے کہ بیٹسمینوں کا یہاں کھیلنے کا تجربہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں سینئر کھلاڑی شامل ہیں، اسد شفیق اور اظہر علی نے رنز بھی کیے ہیں، شان مسعود نے جنوبی افریقا کی وکٹوں پر اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور افتخار احمد نے ٹی ٹوینٹی میں اچھی بیٹنگ کی، کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہورہے ہیں، کوشش کریں گے ٹیسٹ سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلیں۔

    مصباح الحق نے کہا کہ سیریز ہارنے کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے، قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 400 سے 450 رنز کرنے کی اہلیت رکھتی ہے، بولنگ کے شعبے میں نوجوان کھلاڑی شامل ہیں ان کا پیس اچھا ہے، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی اچھی بولنگ کررہے ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے بس اس ٹیلنٹ کو بتہر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کی فٹنس کو عالمی معیار کے مطابق لایا جارہا ہے، جب بھی نئے نوجوان کھلاڑی آتے ہیں ان کی فٹنس پر کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جیت سے اچھی کوئی چیز نہیں ہوتی ہے لیکن جب نئے تجربات کرتے ہیں تو قربانیاں دینی پڑتی ہیں، یقیناً نوجوان کھلاڑیوں نے ٹی ٹوینٹی سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہوگا۔

    مصباح الحق نے محمد عامر اور وہاب ریاض کو مشورہ دیا کہ وہ مزید محنت کریں، ان سے سب کو میچ وننگ پرفارمنس کی توقع ہوتی ہے، اگر شروع میں محمد عامر وکٹ لیں اور پھر آخری اوورز میں وہاب ریاض کا زبردست اسپیل ہو تو ٹیم کو میچ میں کامیابی مل سکتی ہے۔

  • پاکستانی بیٹسمین گیند کھیلنے سے کترانے لگے

    پاکستانی بیٹسمین گیند کھیلنے سے کترانے لگے

    پرتھ: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں شکست کو مایوس کن قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹی ٹوینٹی سیریز میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے کافی کچھ سیکھا ہے۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ شکست سے مایوسی ہوئی ہے، کوشش ہوگی آئندہ سیریز میں غلطیاں نہ دہرائیں۔

    واضح رہے کہ تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں قومی ٹیم نے 120 میں سے 61 گیندوں پر رن ہی نہیں بنایا اور ڈاٹ بالز کی وجہ سے اسکور صرف 106 رنز تک محدود رہا۔

    مزید پڑھیں: تیسرا ٹی ٹوئنٹی ، آسٹریلیا نے پاکستان کو10 وکٹوں سے ہرادیا

    اوپنر امام الحق نے 15 گیندیں کھیل کر 14 رنز بنائے، حارث سہیل 16 گیندوں پر 8 رنز بنا کر چلتے بنے، خوشدل شاہ 11 گیندوں پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاداب خان 8 بالز پر ایک رن بناسکے۔

    قومی ٹیم نے بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں 31 اور دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 38 ڈاٹ بالز کھیلی تھیں۔

    ‘قومی ٹیم کی شکست پرٹویٹر صارفین نے کھلاڑیوں پر شدید تنقید کی ہے ، ایک صارف سہیل نے لکھا کہ ’ہمیں سرفراز احمد اور مکی آرتھر چاہئیں۔

     ایک اور صارف عبدالغفار نے مصباح الحق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘چیف سلیکٹر فیل، ہیڈ کوچ فیل اور بیٹنگ کوچ بھی فیل ہوگئے ہیں۔


    ایک صارف نے اسد علی شیخ نے گراؤنڈ میں سرفراز احمد اور فواد عالم کی تصویر دکھاتے ہوئے کیمرہ مین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مصباح کو دکھادیں۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا نے قومی ٹیم کو تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔