لندن : اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کی صحافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ میں اعزازات سے نوازا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کی خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے، برطانوی پارلیمٹ کے دونوں ایوانوں، ہاؤس آف کامنز اور ہاؤس آف لارڈز سے صحافت اور اسپورٹس کے شعبوں میں شاندار خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
سی ای او سلمان اقبال کو برطانوی پارلیمنٹ میں انٹرنیشنل میڈیا پاور ہاؤس ایوارڈ اور اسپورٹس ایمپاورمنٹ ایوارڈ دیا گیا، اس موقع پر برطانوی پارلیمنٹیرینز نے مثالی خدمات پر سلمان اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
ہاؤس آف لارڈز میں ممبر پارلیمنٹ قربان حسین نے سلمان اقبال کو ایوارڈ پیش کیا، ہاؤس آف کامنز میں کھیلوں کے شعبے میں خدمات پر سلمان اقبال کو ’’ اسپورٹس ایمپاورمنٹ ایوارڈ‘‘ دیا گیا۔ ہاؤس آف کامنز میں ممبر پارلیمنٹ محمد یاسین نے یہ ایوارڈ پیش کیا، صحافت کے میدان میں جھنڈےگاڑنے پر سلمان اقبال کو انٹرنیشنل میڈیا پاور ہاؤس ایوارڈ دیا گیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او سلمان اقبال نے پاکستان کے کلچر کو برطانیہ میں فروغ دینے کیلئے ایک انگلش چینل لانچ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اپنے خطاب میں اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ اے آر وائی نیوز برطانیہ میں پاکستانیوں کی بھرپور آواز ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اے آر وائی نیوز برطانیہ میں اسلامی اصولوں اور اقدار کو فروغ دے رہا ہے۔ علاوہ ازیں برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی اعلیٰ خدمات پر سلمان اقبال کو خراج تحسین پیش کیا۔