Tag: away

  • ناسا کے پلینٹ ہنٹر نے نظام شمسی سے باہر تین نئے سیارے دریافت کرلیے

    ناسا کے پلینٹ ہنٹر نے نظام شمسی سے باہر تین نئے سیارے دریافت کرلیے

    واشنگٹن: ناسا کے پلینٹ ہنٹر خلائی جہاز نے زمین سے 31نوری سال کی دوری پر ایک اور نیا سیارہ ڈھونڈ لیا جو ممکنہ طور پر قابل رہائش ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہرین فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے ہمارے نظام شمسی سے باہر تین نئے سیاروں کا پتہ چلایا ہے، ماہرین نے عندیہ دیا ہے کہ نئے دریافت شدہ سیاروں میں سے ایک ممکنہ طور پر قابل رہائش بھی ہوسکتا ہے۔

    ایک سائنسی جریدے میں شایع شدہ تحقیق کے مطابق نیا دریافت شدہ سیارہ جی جے 357 ڈی اپنے ستارے کے گرد 56 دن میں چکر پورا کرتا ہے، یہ سیارہ جس خلائی جہاز نے ڈھونڈ نکالا ہے اسے گزشتہ برس ہی لانچ کیا گیا تھا۔

    ناسا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تینوں سیارے اکتیس نوری سال کے فاصلے پر واقع ستاروں کے جھرمٹ ہائیڈرا کے ایک ستارے جی جے تین سو ستاون کے گرد اپنے مدار میں گردش کرتے ہیں۔

    بتایا گیا ہے کہ ان نئے دریافت شدہ سیاروں میں سے ایک، جسے جی جے ڈی 357 کا نام دیا گیا ہے، ممکنہ طور پر قابل رہائش بھی ہو سکتا ہے۔

    ماہرین فلکیات کا کہنا تھا کہ اسٹار سسٹم کے دوسرے 2 مشہور سیارے جی جے 357 بی اور جی جے 357 سی رہائش پزیر ہونے کے لئے بہت زیادہ گرم سمجھے جاتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اس سیارے پر اوسط درجہ حرارت کا فوری اندازہ منفی تریپن ڈگری سینٹی گریڈ لگایا گیا ہے لیکن وہاں کی فضا کے بارے میں ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ موجودہ دریافت پلینٹ ہنٹر TESSکی دوسری دریافت ہے تاہم اپنی دو سالہ تحقیقی مدت کے دوران یہ دو لاکھ سے زائد ستاروں کی روشنی کو مانیٹر کرے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل (TESS) نے زمین سے 53 نوری سال کی دوری پر زمین ہی جتنا سیارہ دریافت کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پچھلے برس امریکی خلائی تحقیقی ادارہ ناسا نے خلا میں نیا سیٹلائٹ بھیجا تھا جس کا مقصد نظام شمسی کے باہر ایسے سیاروں کی تلاش ہے جو قریب ترین اور روشن ترین ستاروں کے گرد گھوم رہے ہیں۔

  • بھارتیوں کا ہاتھیوں کو ریلوے ٹریک سے دور رکھنے کا انوکھا طریقہ

    بھارتیوں کا ہاتھیوں کو ریلوے ٹریک سے دور رکھنے کا انوکھا طریقہ

    نئی دہلی : بھارت میں ریلوے اتھارٹی نے ہاتھیوں کو ریل کے ٹریکس سے دور رکھنے کے لیے ایک نیا طریقہ اپنایا ہے،اس مقصد کے واسطے اسپیکرز کے ذریعے شہد کی مکھیوں کی آوازیں پھیلائی جاتی ہیں تا کہ اس بھاری بھرکم جانور کو خوف میں مبتلا کیا جا سکے۔

    تفصیلات کےمطابق سال 2013 سے لے کر رواں سال جون تک ٹرینوں سے متعلق حادثات میں تقریبا 70 ہاتھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان میں زیادہ تر واقعات دو ریاستوں آسام اور بنگال میں پیش آئے۔

    اس سلسلے میں پلان بی (شہد کی مکھی)کے حصے کے طور پر ریاست آسام کے وسیع و عریض جنگلات میں ہاتھیوں کی درجنوں گزر گاہوں پر 50 لاؤڈ اسپیکرز نصب کیے گئے ہیں، مذکورہ جنگلات میں ہاتھیوں کی تعداد 6 ہزار ہے جو بھارت میں موجود ہاتھیوں کی مجموعی تعداد کا 20% ہے۔

    بھارتی ریلوے اتھارٹی کے ترجمان پراناؤ جیوتی شرما نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم ہاتھیوں کو ریلوے ٹریکس کی جانب آنے کے ذرائع تلاش کر رہے تھے کہ ہمارے افسران اس آلے کا آئیڈیا لے کر ہمارے پاس آ گئے۔

    ترجمان کے مطابق یہ آلات ریل کے قریب آنے پر (شہد کی مکھیوں کی) مطلوبہ آوازیں بجنا شروع ہو جاتی ہیں جو 600 میٹر کے فاصلے تک سنی جا سکتی ہیں۔

    ان آلات کے فعّال اور مؤثر ہونے کی جانچ 2017 میں پہلے مقامی اور پھر جنگلی ہاتھیوں پر کی گئی تھی۔ اس کے بعد آلات کی تنصیب کا کام 2018 میں شروع کیا گیا۔

    یہ بات معروف ہے کہ ہاتھی شہد کی مکھیوں اور ان کے کاٹنے سے ڈرتے ہیں،جنوبی ہندوستان کی ریاست کیرالا میں دیہاتی لوگ دھاوا بولنے والے ہاتھیوں کو خود سے دور رکھنے کے واسطے شہد کی مکھیوں کے خانے آڑ کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں۔

  • عراق خود کو امریکا ایران تنازع سے دور رکھے، آیت اللہ سیستانی

    عراق خود کو امریکا ایران تنازع سے دور رکھے، آیت اللہ سیستانی

    بغداد : مرجع تقلید آیت اللہ سیّد علی سیستانی نے وزیراعظم عادل عبدالمہدی کو سیاسی اور سیکورٹی فیصلے کرنے میں زیادہ ثابت قدمی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجف میں مذہبی مرجعیت نے عراق پر زور دیا ہے کہ وہ ایران امریکا تنازع سے دور رہے اور خود کو کسی بھی تنازع میں نہ جھونکنے کے حوالے سے عراقی عوام کی خواہش کی نمائندگی کرتے ہوئے کنارہ کشی کی پالیسی اختیار کرے۔

    ایک سیاسی ذریعے کے مطابق مذہبی مرجع تقلید آیت اللہ سیّد علی سیستانی نے عراقی صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر کو پیغام بھیجا جس کا خلاصہ یہ ہے کہ عراق خطے میں بحران کے حوالے سے اجتناب کرے۔

    آیت اللہ سیّد علی سیستانی کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات میں اہم ترین عراقی وزیراعظم عادل عبد المہدی کے نام تھا۔

    خط میں وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سیاسی اور سیکورٹی فیصلے کرنے میں زیادہ ثابت قدمی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کریں اور ان جماعتوں کے مقابل پیچھے نہ ہٹیں جو اپنے ذاتی مفادات کا حصول چاہتی ہیں۔

    سیستانی نے زور دیا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی کشیدگی یا تصادم کے حوالے سے بغداد کا موقف خود کو دور رکھنا ہو کیوں کہ عراقی عوام اس بات کو مسترد کرتے ہیں کہ عراق خود کو کسی بھی تنازع میں جھونکے۔

  • خاتون کو ڈرائیونگ سے روکنے کی ویڈیو وائرل، حکام نے تحقیقات شروع کردیں

    خاتون کو ڈرائیونگ سے روکنے کی ویڈیو وائرل، حکام نے تحقیقات شروع کردیں

    ابوظبی : دبئی میں‌ خاتون ڈرائیور کو گاڑی چلانے سے روکنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، پولیس نے پارکنگ ملازم کو اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں‌ ڈالنے کے جرم میں‌گرفتار کرلیا.

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سیاحتی اور تجارتی مرکز ریاست دبئی میں ایک کار پارکنگ کے ملازم کی طرف سے ایک خاتون کو گاڑی چلانے سے روکنے کی کوشش کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حکام نے اس کی تحقیقات شروع کردیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں پارکنگ اسٹینڈ سے باہر نکلنے والی ایک کار کے اگلے حصے پر ایک شخص کو بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے جو خاتون ڈرائیور کو گاڑی نہ چلانے کی تاکید کررہا ہے، خاتون گاڑی چلانے کی کوشش کرتی ہے تووہ نیچے گرجاتا ہے اور پھر کار پر چڑھ دوڑتا ہے۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد حکام نے اس کی تحقیقات شروع کردیں ہیں۔

    دبئی پولیس کے سیکیورٹی اطلاعات کے ترجمان کرنل فیصل القاسم نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج دبئی میں بَر کے مقام پر بنائی گئی جہاں ایک کار پارکنگ ملازم نے خاتون کار ڈرائیور کو کار چلانے سے روکنے کی کوشش کی اور کار کے آگے کھڑا ہوگیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کار روکنے والے شخص نے خود کو اور دوسرے شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی۔ اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ کار پارکنگ کے ملازم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری جانب گرفتار شخص کا موقف بھی سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ خاتون نے پارکنگ اسٹینڈ سے جو کار باہر نکالی اس کا انٹری ٹکٹ اسے نہیں دیا گیا بلکہ خاتون نے ایک غلط ٹکٹ اسے تھما دیا تھا۔

    اس نے خاتون کو ایک غلط ٹکٹ دینے پر گاڑی پارکنگ سے باہر نکالنے سے روکنے کی کوشش کی تاہم خاتون کار ڈرائیور نے پارکنگ ملازم کا دعویٰ مسترد کردیا اور کہا کہ اس نے اسے اسی گاڑی کا ٹکٹ دیا۔