Tag: awn chaudry

  • وزیراعلی کےمعاون خصوصی عون چوہدری کا اضافی تنخواہ لینے سے انکار

    وزیراعلی کےمعاون خصوصی عون چوہدری کا اضافی تنخواہ لینے سے انکار

    لاہور : وزیراعظم عمران خان کی اظہار ناراضگی کے بعد وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی عون چوہدری نے بڑھی ہوئی تنخواہ نہ لینے کااعلان کردیا اور کہا پہلے سے ملنے والی تنخواہ بھی شوکت خانم کے لیے وقف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی برہمی کے بعد پنجاب کی کابینہ میں سے پہلے رکن نے اضافی تنخواہ لینے سے انکار کر دیا۔

    وزیراعلی کےمعاون خصوصی عون چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بڑھی ہوئی تنخواہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تنخواہوں میں اضافے پروزیراعظم کا مؤقف سو فیصد درست ہے، پہلے سے ملنے والی تنخواہ بھی شوکت خانم کے لیےوقف ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین اسمبلی، وزراء خصوصاً وزیراعلیٰ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کافیصلہ سخت مایوس کن ہے، پاکستان خوشحال ہوجائےتوشاید یہ قابلِ فہم ہومگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی وسائل دستیاب نہیں،یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پربرہم

    گذشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا ، جس کے مطابق اراکین اسمبلی کوماہانہ ایک لاکھ 95 ہزارتنخواہ ملےگی جبکہ اراکین اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 80 ہزارروپےکردی گئی۔

    اسپیکرپنجاب اسمبلی ہر ماہ 2 لاکھ 60ہزار روپے ، ڈپٹی اسپیکر 2 لاکھ 45ہزار روپے اور وزیراعلیٰ پنجاب4 لاکھ 25 ہزار روپے تنخواہ ماہانہ لیں گے۔

  • عون چوہدری وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر مقرر

    عون چوہدری وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر مقرر

    اسلام آباد : حکومت نے پی ٹی آئی رہنما عون چوہدری کو وزیراعلیٰ پنجاب کا مشیر مقرر کردیا، عون چوہدری کا کہنا ہے اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور پارٹی کا مشکور ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عون چوہدری کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مشیر مقرر کردیا گیا، عون چوہدری وزیراعلیٰ کے سیاسی معاملات دیکھیں گے۔

    پنجاب حکومت نے عون چوہدری کی وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    مشیر مقرر کئے جانے کے بعد پی ٹی آئی رہنما عون چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور پارٹی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا میری زندگی اور خدمات پاکستان کیلئے وقف ہیں۔

    عون چوہدری نے نئی ذمہ داری نیک نیتی اوردیانت داری سے سرانجام دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ ذرائع کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان نے عون چوہدری کو پنجاب میں اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کرلیا، شمالی اور وسطی پنجاب کے پی ٹی آئی ارکان کو کابینہ میں زیادہ نمائندگی ملے گی۔+

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کا عون چوہدری کو پنجاب میں اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ

    اس سلسے میں عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما عون چوہدری کی ملاقات بھی ہوئی تھی، جس میں سیاسی صورتحال اور حکومت سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • ریحام خان کےجھوٹے الزامات کی حقیقت بیان کرنے کا وقت آگیا،عون چوہدری

    ریحام خان کےجھوٹے الزامات کی حقیقت بیان کرنے کا وقت آگیا،عون چوہدری

    اسلام آباد: ریحام کے الزامات پر عمران خان کے قریبی ساتھی عون چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کے جھوٹے الزامات کی حقیقت بیان کرنے کا وقت آگیا ہے ، وہ پیسوں کی بھوکی اورلالچی خاتون تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریحام کے الزامات پر عمران خان کی شادی کے گواہ اور راز دان عون چوہدری اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے برس پڑے اور کہا کہ ریحام خان کےجھوٹے الزامات کی حقیقت بیان کرنےکاوقت آگیا، عمران خان سےشادی کےوقت ریحام کےکرتوتوں سے پردہ اٹھا رہا ہوں۔

    عون چوہدری نے انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ ریحام خان پیسوں کی بھوکی اورلالچی خاتون تھیں، ان کو علیم خان سےایک کروڑ کی ڈیمانڈ کرتے خود دیکھا ، انھوں نے پارلیمنٹیرین سے فلم کے لیے لاکھوں کا فرنیچر حاصل کیا، وہ فرنیچر آج تک واپس نہیں کیا گیا۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ریحام نے اسپتال کو عطیہ کرنے والے بزنس مین سے رقم کا مطالبہ کیا، جب یہ مطالبہ کیا گیا اس وقت میں ریحام کے ساتھ کراچی میں تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ریحام خان نے کے پی کے معاملات میں بے جا مداخلت کی، کے پی ترقیاتی کاموں کے لئے کک بیکس کا مطالبہ شروع کردیاتھا، سیف سٹی پروجیکٹ کے لیے غیر ملکی کمپنی سے 2ملین کا مطالبہ بھی کیا۔

    عون چوہدری کا کہنا تھا کہ غیرمعمولی صورتحال دیکھ کرعمران خان کوواقعات کی اطلاع دی، عمران خان نے ریحام خان کے انتقال دانوں کو بند کرانے کا انتظام کیا۔

    واضح رہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے اپنی کتاب کے مسودے میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کچھ شخصیات کے حوالے سے متنازعہ قسم کے تاثرات درج کیے ہیں جس پر میڈیا میں بھونچال سا آگیا ہے اور ان شخصیات نے ریحام خان کیخلاف قانونی نوٹس بھی ارسال کردیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔