Tag: ayaz sadiq

  • عمران خان کا مقصد جمہوریت کا عدم استحکام ہے، پرویزرشید

    عمران خان کا مقصد جمہوریت کا عدم استحکام ہے، پرویزرشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک میں جمہوریت کو کمزور کرنے کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ این اے 122 میں ایازصادق کی فتح نے عمران خان کے الزامات کو غلط قرار دے دیا ہے، وہ مسلسل جمہوری اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام نے 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا، تحریک انصاف کو تسلیم کرنا چاہیے کہ عوام نے اپنا مینڈیٹ مسلم لیگ ن کو دیا ہے۔

    انہوں نے عمران خان کے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ان کے تمام ترمطالبات تسلیم کئے گئے پھر بھی مسلم لیگ ن نےاتنے ہی ووٹ لئے جتنے پچھلی بارلئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روزہونے والے ضمنی انتخابات میں ایازصادق نے 74525 ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے امیدوارعلیم خان نے انتہائی سخت مقابلہ کرتےہوئے 72082 ووٹ حاصل کئے۔

  • این اے 122 : ماہر نجوم نے ایاز صادق کی جیت کی پیش گوئی کردی

    این اے 122 : ماہر نجوم نے ایاز صادق کی جیت کی پیش گوئی کردی

    لاہور : ماہرعلم نجوم اے ایس چوہدری عرف ماموں نے این اے 122 میں سردار ایاز صادق کی جیت کے امکان کو ظاہر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے ایک سوبائیس کے ضمنی انتخاب میں جہاں نواز لیگ کے سردار ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے علیم خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

    ماہرنجوم اے ایس چوہدری عرف ماموں نے ستاروں کی چال دیکھ کر ایاز صادق کو فیورٹ قراردیا ہے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر متوالے ایاز صادق اور کھلاڑی علیم خان کے جیت کی پیشگوئی کررہے ہیں۔

    حلقے میں پی ٹی آئی اور ن لیگ میں کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے، جبکہ ماموں کا کہنا ہے کہ ستارے تو ایاز صادق کے حق میں ہیں، لیکن کیا پتہ کب ستاروں کا موڈ تبدیل ہو جائے۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر ٹیوٹر اور فیس بک پر دونوں جماعتوں کے حامی اپنے اپنے امیدواروں کے جیتنے کی پیشگوئی کر رہے ہیں۔

    ایک منچلے نے ٹوئٹ کیا کہ ووٹ فار نیا پاکستان ۔ ووٹ فار علیم خان۔ اس جواب میں ٹوئٹ آیا کہ ایاز صادق ہی جیت کے اصل حقدارہیں ۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ وقت کیا فیصلہ کرتا ہے، اس بڑے معرکہ میں کس کے سر جیت کا تاج ہوگا اور کون شکست سے دوچار ہوگا۔

  • این اے 122:عمران خان میدان چھوڑ کربھاگ گئے ہیں، حمزہ شہباز

    این اے 122:عمران خان میدان چھوڑ کربھاگ گئے ہیں، حمزہ شہباز

    لاہور: مسلم لیگ ن نے این اے 122 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں سمن آباد میں آخری جلسے کا انعقاد کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان ایاز صادق کے مقابلے میں میدان چھوڑ کربھاگ گئے ہیں۔

    پاکستان مسلم لیگ ن نے این اے 122 کے علاقے سمن آباد کے ڈونگی گراوٗنڈ میں آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جلسے سے خواجہ سعد رفیق، ایازصادق اور حمزہ شہباز نے خطاب کیا۔

    حمزہ شہبازکا خطاب


    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز کا کہنا ہے ایازصادق دوبارہ میدان میں اترے ہیں لیکن عمران خان میدان چھوڑکربھاگ گئے، ایاز صادق کی نگاہیں عمران خان کو ڈھونڈ رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ این اے 122 کےمعرکے میں جذبے کی جیت اورقبضے کی ہارہوگی۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جب ججز کی بحالی کے لئے نکلے توان کے والد نواز شریف کی جان کو شدید خطرات لاحق تھے لیکن وہ میدان چھوڑ کرنہیں گئے، اس وقت عمران خان کہاں غائب تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی جاری ہے جبکہ عمران خان پاکستان میں طالبان کا دفتر کھلواناچاہتے تھے، عمران خان ان ماوٰٗں کو کیا جواب دیں گے جن کے بچے مارے گئے۔

    حمزہ شہباز نے انکشاف کیا کہ سابق صدر پرویزمشرف نے آٹھ سال تفتیش کے بعد انہیں بلا کرکہا کہ نیب میاں برادران کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں کرپائی۔

    حانہوں نے کہا کہ عمران خان شہر بند کراتے ہیں دھرنے دیتے ہیں جبکہ نواز شریف کراچی میں امن قائم کررہے ہیں۔

    ایازصادق کاخطاب


    حلقہ این اے 122میں مسلم لیگ ن کے امیدوارسابق اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے مسلم لیگ ن کے حامیوں سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مسئلہ این اے 122 نہیں بلکہ وزیراعظم نہ بن پانا ہے۔

    سردارایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام اب عمران خان کے جھوٹے جھانسوں میں نہیں آئیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کی کوششوں سے آج ملک میں امن قائم ہورہا ہے جوعمران خان کو پسند نہیں آرہا۔

    سعد رفیق کا خطاب


    مسلم لیگ ن کے رہنماء اوروزیرِریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کوئی مائی کا لعل ’’شیر‘‘ کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنا چھوڑدیں اوراب بڑے ہو جائیں۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، یہ کیسے لیڈر ہیں جو ملک کی خوشحالی کے آگے دھرنا شروع کردیتے ہیں

  • این اے 122:  انتخابی مہم آج رات ختم ہوجائے گی

    این اے 122: انتخابی مہم آج رات ختم ہوجائے گی

    لاہور : لاہور کے اہم حلقے این اے 122 میں انتخابی مہم کا وقت آج رات بارہ بجے ختم ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این ایک سو بائیس کی سیٹ صرف سیٹ نہیں بلکہ دونوں جماعتوں کا سیاسی امتحان بھی ہے۔

    این اے ایک سو بائیس کے بڑے معرکے کی انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے، انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہوجائے گی۔

    تحریک انصاف آج قرطبہ چوک میں آخری جلسے کامیدان سجا رہی ہے۔ تو نون لیگ بھی آج ڈونگی گراؤنڈ میں اپنا پورا زور دکھارہی ہے۔

    سیاسی پارہ بھی اپنی بلندیوں کو چھو رہا ہے، حلقے کےگلی کوچوں میں میلےکاسا سماں ہے۔ن لیگ کے رہنما کارکنوں کا خون گرما رہے ہیں ۔

    پی ٹی آئی کے حامیوں کا جوش بھی کسی سے کم نہیں۔ کپتان بھی کھلاڑیوں کےساتھ میدان میں ہیں، پیپلز پارٹی نے بھی گڑھی شاہومیں انٹری دے کر اپنی موجودگی کا احساس جگایا ہے۔

    اب کون رستم لاہور بنےگا اس کا فیصلہ گیارہ اکتوبر کی شام کو ہوگا۔ لیکن صرف این اے ایک سو بائیس ہی نہیں پورے لاہورکا سیاسی درجہ حرارت عروج پرپہنچ گیا ہے۔

    علاوہ ازیں این اے ایک سو بائیس کے ضمنی انتخابات میں پاک فوج کے تین ہزار سے زائد جوان انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوان کل شام پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ جائیں گے اور پولنگ کے روز ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی تاکہ انتخابی عمل کو شفاف بنایا جاسکے۔

    پولنگ کے دوران فوج تعینات کرنے کا مطالبہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ جبکہ ضمنی انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپوائی بھی فوج کی نگرانی میں کی گئی تھی۔

  • پی ٹی آئی کو این اے 122 میں اپنی ہارنظرآرہی ہے، ایاز صادق

    پی ٹی آئی کو این اے 122 میں اپنی ہارنظرآرہی ہے، ایاز صادق

    لاہور : حلقہ این اے ایک سو بائیس کے امیدواراور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ نہیں گئے بلکہ عوام کی عدالت میں آنے کو ترجیح دی۔

    پی ٹی آئی والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں انہیں این اے 122 میں اپنی ہارنظرآرہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے انجن شیڈ میں ریلوے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سردار ایازصادق نے کہا کہ نواز شریف نے وہ لہجہ کبھی استعمال نہیں کیا جو عمران خان مخالفین کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے مگر عمران خان کے حالات نہیں بدلے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں انہیں این اے 122 میں اپنی ہارنظرآرہی ہے، جب سے بھابھی صاحبہ حلقے میں آئی ہیں پی ٹی آئی کو خوف ہے کہ کہیں ہری پور والا معاملہ نہ ہوجائے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پاک چین اقتصادی راہداری کی سمجھ نہیں آرہی، عمران خان نے چینی سرمایہ کاروں کو بھگانے کی کوشش کی اگر چینی سرمایہ دار ی رکی تو ذمہ دار عمران خان ہونگے اور یہ ملک کی بڑی بدقسمتی ہوگی۔

    سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مخالفین گھبرائے ہوئے ہیں،لنگڑا گھوڑامیدان میں لائے ہیں، میری جنگ علیم خان سے نہیں عمران خان سے ہے، انہوں نے کہا پیسہ اگر الیکشن جتواتا تو علیم خان کوئی الیکشن نہ ہارتے۔

  • این اے 122 : علمائے کرام نے  ایاز صادق کی حمایت کا اعلان کردیا

    این اے 122 : علمائے کرام نے ایاز صادق کی حمایت کا اعلان کردیا

    لاہور : این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں مختلف علمائے کرام نے حمزہ شہباز شریف سے ملاقات میں ایاز صادق کی حمایت کا اعلان کردیا۔ لاہور میں مختلف علمائے کرام نے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازسے ملاقات کی اور این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا‌ ۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان صرف الزامات کی سیاست کرتے ہیں، وہ دعوے سے کہ سکتے ہیں کہ مشرف دور میں جہانگیر ترین نے قرضے معاف کروائے۔

    اس بات کے بھی ثبوت موجود ہیں کہ علیم خان قبضہ مافیا کے سرغنہ ہیں، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ملکی ترقی کے لیے کام جاری رکھیں گے اور گیارہ اکتوبر کو شیر کامیاب ہوگا۔

    اس موقع پر سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے انتخابی مہم چلانے پر نوٹس ملا تو قانون کے مطابق جواب دوں گا، ہائیکورٹ کے معزز جج کے فیصلے نے انتخابی مہم چلانے کی اجازت دی ہے۔

  • این اے122سےدوبارہ جیت کراسمبلی میں آوں گا، ایازصادق

    این اے122سےدوبارہ جیت کراسمبلی میں آوں گا، ایازصادق

    لاہور: سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردارا ایاز صادق نے کہا ہے کہ وہ این اے ایک سو بائیس سے دوبارہ منتخب ہوکر اسمبلی میں واپس آئیں گے۔

    لاہور میں غریب لڑکیوں میں جہیز تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتےایاز صادق نے کہا کہ نیب ملک میں کس کے خلاف کیا کارروائی کررہا ہے نہیں جانتا کیوں کہ ضمنی انتخابات کی تیاریوں میں دن رات مصروف ہوں۔

    انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس بار بھی وہ الیکشن جیتیں گے،تقریب میں سو سے زائد غریب لڑکیوں میں جہیز کا سامان تقسیم کیا گیا۔

  • سردارایازصادق کےکاغذات نامزدگی منظور، اعتراضات مسترد

    سردارایازصادق کےکاغذات نامزدگی منظور، اعتراضات مسترد

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے سردارایازصادق کےکاغذات نامزدگی پر اعتراضات مسترد کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اےایک سوبائیس کےضمنی الیکشن کیلئے پی ٹی آئی،عوامی تحریک کے اعترضات مسترد کرتے ہوئےسردارایازصادق کے کاغذات نامزدگی منظورکر لئے۔

    سابق اسپیکرقومی اسمبلی کےکاغذات پرتحریک انصا ف کی جانب سےاعتراض عائد کیاگیاتھا کہ ایازصادق کی آمدنی اخراجات سے مطابقت نہیں رکھتی۔

    ٹربیونل نےتیئس لاکھ سےزائد کی ادائیگی کاحکم دیاجوادانہیں کئےگئے۔ درخواست گزاروں کاموقف تھا کہ سردار ایاز صادق پر دھاندلی کے الزامات اور لاکھوں روپے جرمانہ ہے جس کی وجہ سے وہ آئین کے آرٹیکل 62اور63پر پورا نہیں اترتے۔

    واضح رہے کہ الیکشن ٹربیونل نے سردار ایاز صادق کی کامیابی کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس پر اب اس حلقہ میں دوبارہ انتخاب ہونے جا رہے ہیں۔

  • ایاز صادق کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری

    ایاز صادق کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ قومی اسمبلی کواب ڈپٹی اسپیکر چلائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے ایک سو بائیس میں انتخاب کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نےایاز صادق کی رکنیت منسوخ کردی۔

    الیکشن کمیشن نے ٹریبونل کا فیصلہ ملنے کے بعد سردار ایاز صادق کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کر دی۔ اب ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی قومی اسمبلی کے امور چلائیں گے۔

    الیکشن ٹریبونل نے این اے ایک سو بائیس کے فیصلے میں تاخیر سے متعلق وضاحتی نوٹ جاری کیا ہے۔ جس کےمطابق اسّی صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ دینے میں بہت وقت لگتا ہے۔

    فیصلے میں تاخیر پر تبصرے کرنیوالے عدالتی کارروائی اور طریقہ کار سے ناواقف ہیں۔ نوٹ میں جسٹس کاظم ملک نے کہا ہے کہ جج کی جانب سے چیمبر میں اکیلے فیصلہ تحریر کرنا روایت کا حصہ ہے۔

    ایاز صادق کے وکلا نے ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپنی اپیل میں یہ نکات اٹھائے ہیں کہ ٹریبونل کا فیصلہ آئین اور قانون کے تحت نہیں ہے۔

    انتخابی بے ضابطگیوں کے تحت الیکشن کالعدم قرار نہیں دے سکتا۔ غلطی الیکشن کمیشن کی ہو تو اس کی سزا رکن اسمبلی کو نہیں دی جا سکتی۔

    ادھر جسٹس کاظم ملک نے ایک پریس نوٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 122 کا کیس اہم نوعیت کا تھا، اس لئے فیصلہ پہلے نہیں لکھوایا گیا۔ پہلے لکھوانے کی صورت میں فیصلہ لیک ہونے کا خدشہ تھا۔

  • ایازصادق کا فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

    ایازصادق کا فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

    اسلام آباد : الیکشن ڑیبونل کے فیصلے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ایازصادق کا کہنا ہے کہ فیصلہ تسلیم کرتاہوں لیکن اس پرتحفظات ہیں۔ فیصلےمیں دھاندلی کاکوئی ذکرنہیں ہے نہ کسی بھی جگہ دھاندلی کالفظ شامل ہے۔ البتہ فیصلےمیں بےضابطگیوں کاذکرموجودہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کی طرف سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کے انتخاب کو کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد سردار ایاز صادق نے بطور اسپیکر قومی اسمبلی کام جاری نہ رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی میں بطور اسپیکر قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت نہیں کروں گا، تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت ہی کرے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹربیونل کے فیصلے میں دھاندلی کا تذکرہ نہیں اور نہ انہیں کسی معاملے میں ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  وزیراعظم کو فون کرکےپارٹی کالائحہ عمل پوچھاہے، آئینی حق استعمال کرتےہوئےسپریم کورٹ جائیں گے۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد سردار ایاز صادق قومی اسمبلی کے رکن اور اسپیکر نہیں رہے اور فیصلہ موصول ہوتے ہی ان کی ممبرشپ ختم کر دی جائے گی۔

    میڈیا کو جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ صرف سپریم کورٹ میں ہی چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن میں سردار ایاز صادق کی رکنیت ختم کرنے کی کارروائی ٹربیونل کی طرف سے فیصلہ ملنے پر شروع کی جائے گی۔