Tag: ayyan ali

  • ای سی ایل میں نام  : ایان علی نے توہین عدالت کی درخواست دائرکردی

    ای سی ایل میں نام : ایان علی نے توہین عدالت کی درخواست دائرکردی

    اسلام آباد : ماڈل گرل ایان علی نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام خارج نہ کرنے پر وزارت داخلہ اور ایئرپورٹ حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈالر گرل کرنسی اسمگلنگ کے الزام میں جرمانہ بھگتنے کے باوجود ملک سے باہر جانے میں کامیاب نہیں ہو رہیں۔

    گزشتہ روز مقدمہ کی سماعت میں پیشی پر سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ ایان علی کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔ جس کے بعد ایان علی نے وزارت داخلہ سے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی تھی، لیکن وزارت نے ہری جھنڈی دکھا دی۔

    اب ماڈل گرل ایان علی نے سپریم کورٹ میں وزارت داخلہ اور ایئرپورٹ حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔

    سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور جناح ٹرمینل کے انچارج کو فریق بنایا گیا ہے۔

    ایان علی نے جمعہ کےروز رات 10 بجے کی فلائٹ سے دبئی جانا تھا تاہم ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے انہیں اپنا ٹکٹ کینسل کرانا پڑا تھا۔ شاید ڈالر گرل کی سنی جائے لیکن وہ ٹکٹ تو بیکار ہو گیا جو ایان علی نے دبئی جانے کے لئے خریدا تھا۔

     

  • سندھ اسمبلی : نثارکھوڑونے آئین کو ایان کہہ ڈالا

    سندھ اسمبلی : نثارکھوڑونے آئین کو ایان کہہ ڈالا

    کراچی : سندھ کے سنیئر وزیر نثار کھوڑو سندھ اسمبلی میں نقطہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے جذباتی ہو گئےاوران کی زبان پھسل گئی۔آئین کوایان کہہ ڈالا۔ اس سےظاہر ہوتاہےکہ ڈالر گرل پی پی رہنماؤں کے حواس پر کتنا چھائیں ہیں.

    ایان علی کانام ای سی ایل سےنکل رہاہےنہ پی پی وزراکےذہنوں سے نیٹ نثار کھوڑو نقطہ اعتراض پرایسے بپھرے کےجواب میں ماحول زعفرانی کرڈالا۔

    آئین کو ایان کہہ بیٹھے، سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پرویز مشرف کی دبئی روانگی کا معاملہ اٹھا تو ایوان میں گرما گرمی بڑھ گئی۔

    سندھ کے سنیئر وزیر نثار کھوڑو سندھ اسمبلی میں نقطہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور ان کی زبان پھسل گئی۔

    ڈالر گرل کےچرچےسب جگہ عام ہیں لیکن پی پی رہنماؤں کی زبان پھسل کر بھی ایان کی ہی جانب جانا واضح اشارہ کہ پارٹی پریشانی کا شکار ہے۔

     

  • سال 2015 : پاکستان میں ہونے والے اہم واقعات و خبروں پر ایک نظر

    سال 2015 : پاکستان میں ہونے والے اہم واقعات و خبروں پر ایک نظر

    کراچی : ہر سال کئی اتار چڑھاؤ کے ساتھ گزر جاتا ہے،تاہم اس سال کو سیاسی تنازعات کا سال قرار دیا جا سکتاہے، سال دوہزار پندرہ میں پاکستان میں ہو نے والے اہم واقعات میں سے چند واقعات اور خبروں کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق اس سال سیاسی اتار چڑہاؤ دیکھنے میں آیا۔

    رینجرز کا ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ

    کراچی کے علاقے عزیزآباد میں رینجرز نے گیارہ مارچ کو سرچ آپریشن کیا اور متحدہ قومی موومنٹ کے سیاسی مرکز نائن زیرو اوراس سے ملحقہ علاقے کے راستے بند کرکے تلاشی لی گئی،آپریشن کے دوران کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔

    آپریشن کے دوران متحدہ کے اہم رہنما عامرخان سمیت کئی کارکنوں کوتحویل میں لے لیا گیا جبکہ وہاں سے غیرملکی اسلحہ بھی برآمد ہوا، ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ آپریشن مکمل معلومات کی بنیاد پرکیا گیا۔ نائن زیرو کے اردگرد بیریئر لگا کراکیس گلیاں بند کی گئی تھیں۔

    کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی گرفتاری

    مارچ کی 14 تاریخ کو اسلام آباد بینظیرانٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ملک کی نامور ماڈل آیان علی کو گرفتار کر کے 5 لاکھ امریکی ڈالربرآمد کرلئے گئے۔

    ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق ماڈل آیان علی کو نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جاتے ہوئے بے نظیرانٹرنشنل ائیرپورٹ پر منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    سامان کی تلاشی کے دوران بیگ کے خفیہ خانوں سے پانچ لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم برآمد کی گئی تھی۔ کسٹم حکام نے ملزمہ کو حراست میں لے کر اسے کسٹم ہاؤس منتقل کردیا تھا

    ڈاکٹر عاصم حسین کرپشن کے الزام میں گرفتار

    چیئرمین سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن اور پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر و سابق سینیٹر ڈاکٹر عاصم حسین کو کرپشن کے الزام میں 26 اگست کو کراچی سے سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لیا۔

    ڈاکٹر عاصم حسین کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر میں وائس چانسلرز کیلئے انٹرویوز کر رہے تھے۔

    ڈاکٹر عاصم حسین نجی یونیورسٹیز اوراسپتالوں کے مالک ہیں اور سابق صدرآصف علی زرداری کے قریبی ساتھی تصور کئے جاتے ہیں۔

    سابق حکومت میں وہ وفاقی وزیر پیٹرولیم تھے۔ بعد ازاں رینجرز نے عدالت سے ان کا 90 روزہ ریمانڈ حاصل کیا،دوران تفتیش ڈاکٹر عاصم حسین نے کئی اہم انکشافات کئے۔

    تا ہم اب وہ نیب کی حراست میں ہیں۔ اور ان کے خلاف مقدمات زیر سماعت ہیں۔

    قتل کے مجرم صولت مرزا کو پھانسی دے دی گئی

    کے ای ایس سی کے سابق ایم ڈی شاہد حامد قتل کیس کا مرکزی مجرم صولت مرزا 12 مئی کو اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا

    ،مچھ جیل میں صولت مرزا کو پھانسی دے دی گئی، سولہ سال سے سزائے موت کے منتظر قیدی صولت مرزا کی رحم کی تمام اپیلیں مسترد ہونے کے بعد علی الصبح مچھ جیل میں پھانسی دی گئی۔

    عدالت نے صولت مرزا کو انیس سو ستانوے میں سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہدحامد کے قتل کے جرم میں موت کی سزا سنائی تھی۔

    واضح رہے کہ صولت مرزا کی پھانسی اس سےقبل دو بار موخر ہوئی، صولت مرزا کو پہلی بار انیس مارچ کو پھانسی دی جانی تھی،جو اسی شب جیل سےصولت مرزا کے سنسنی خیز انکشافات پر مؤخرکردی گئی تھی۔

    آصف علی زرداری کا پاک فوج کیخلاف بیان

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے 16 جون کو پشاور میں پیپلزپارٹی کے پی کے عہدیداروں کی تقریب میں پاک فوج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کردار کشی مت کرو، سرحدوں پر آپ کو للکارا جا رہا ہے۔ ہم آپ کا ساتھ دینا چاہتے ہیں، تنگ کیا گیا تو جرنیلوں کا کچا چٹھا کھول دوں گا۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں بھی جنگ لڑنا آتی ہے ، آپ کوتین سال رہنا ہے ، ہمیں ہمیشہ یہاں رہنا ہے ، ہمیں تنگ کرنے کی کوشش کی تو ہم بھی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگرہم کھڑے ہوئے تو فاٹا سے کراچی تک بند ہوگا، جب تک چاہیں گے ملک بند رہےگا۔ آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کمزورنہیں لیکن ابھی ہماراوقت نہیں آیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک اشارے پرلوگوں کی جان لےلی جاتی ہے، ہمارےپاس ایسے لوگ ہیں جوکبھی بکے ہیں نہ کبھی بکیں گے،ہم نے جسے وکٹ دی ہوئی ہےاسےکھیلنے تودو،اسے ملک کی معیشت ٹھیک کرنےد و۔

    آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہوکہ بعد میں وہ موقع نہ ملنےکاگلہ کریں۔

    قصور میں بچوں کے ساتھ ذیادتی کی ویڈیو کا شرمناک واقعہ

    پنجاب کے شہر قصور میں حسین خان والا دیہات میں ایک مقامی گروہ کے ملزمان دوسو چھیاسی کمسن بچوں اور بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا نےکے بعد ان کی وڈیو بناکر بلیک میلنگ کررہے تھے۔

    یہ سلسلہ دو ہزار نو سے جاری تھا، یہ واقعہ ملکی تاریخ میں بچوں کے ساتھ زیادتی کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے۔ وڈیو کلپس کے سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزمان کیخلاف کارروائی کی ۔

     کارروائی کے دوران چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جن کو بعد ازاں گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر انتہائی کمزور کیس بناکر عدلیہ میں پیش کرنے سے ملزمان کو با آسانی ضمانتیں مل گئیں تھیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے کمیٹی قائم کردی تھی۔اور بعد ازاں قصور ویڈیو اسکینڈل کی جوڈیشل انکوائری کا اعلان کیا تھا۔

    معروف سماجی رہنما سبین محمود کا قتل

    ممتاز سماجی رہنما اور معروف این جی او کی ڈائریکٹر سبین محمود کو مورخہ 24 اپریل کو کراچی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

    این جی او دی سیکنڈ فلور (ٹی ٹو ایف) کی ڈائریکٹر سبین محمود اپنی والدہ کے ساتھ رات نو بجے ڈیفنس فیز ٹومیں اپنے دفتر سے گھر جانے کے لئے نکلی تھیں کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔

    سبین محمود کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا جا رہا تھا تاہم انہوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔

    فائرنگ کے واقعے میں سبین کی والدہ بھی زخمی ہوئی تھیں، پولیس نے سبین محمود قتل کیس میں اہم ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کیخلاف مقدمات زیر سماعت ہیں۔

    سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی رپورٹ

    سانحہ بلدیہ ٹاؤن کوئی حادثہ نہیں بلکہ منظم دہشت گردی تھی، فیکٹری کو آگ بھتہ نہ دینے پر لگائی گئی۔ یہ رپورٹ سات فروری کو منظر عام پرآئی۔

    سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ یہ اتفاقی حادثہ نہیں بلکہ منظم دہشت گردی تھی، گرفتارملزم نے دورانِ تفتیش اس بات کا انکشاف کیا کہ سیاسی جماعت کے اعلیٰ عہدیدار نے فیکٹری مالکان سے بیس کروڑ بھتہ مانگا تھا۔

    فیکٹری مالکان بات کرنے گئے تو اعلیٰ عہدیدار نے لاتعلقی ظاہر کی، تلخ کلامی کے بعد اس سے پارٹی کی ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں اور بھتہ نہ ملنے پر کیمیکل پھینک کر علی انٹرپرائزز کو آگ لگادی۔

    رپورٹ کے مطابق اس وقت کے ایک وزیر نے فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرایا، سابق وزیراعظم نے مالکان کی ضمانت کرائی، تاہم دباؤ پر پیچھے ہٹ گئے۔

    فرنٹ مین نے کیس ختم کرانے کیلئے فیکٹری مالکان سے پندرہ کروڑ روپے لئے۔ جی آئی ٹی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کےایم سی کا سینیٹری ورکر اور سیاسی جماعت کا کارکن ہے۔

    عدالت نے رینجرز کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنالیا

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی اچانک پاکستان آمد

    مورخہ 25 دسمبر کو بھارتی وزیراعظم افغانستان کے دورے پر تھے اور انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو فون پرسالگرہ کی مبارک باد پیش کی۔

    مودی نے اپنے ٹویٹرپیغام میں خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ وزیراعظم میاں نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ لاہور پہنچنے پر وزیر اعظم نواز شریف نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔

    بعد ازاں وہ وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ جاتی امراء پہنچے اور وزیر اعظم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کو نواز شریف کی نواسی کی شادی کی مبارکباد دی۔

     بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی وزیراعظم نوازشریف سے مختصر ملاقات کے بعد وطن واپسی کیلئے جاتی امراء سے ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہو گئے۔

    سیکیریٹری خارجہ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم کے دورے کو خیرسگالی کا دورہ قراردیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے نوازشریف سے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر وزیراعظم نوازشریف نے انہیں خوش دلی کے ساتھ خوش آمدید کہا۔

    مردان میں خود کش دھماکہ، 26 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

    مردان میں مورخہ 29 دسمبر کو نادرا کے دفتر میں خود کش دھماکہ ہوا ، جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ 50سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    مردان میں نادرا کے دفتر کے گیٹ پر ہونے والا دھماکہ اتنا شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے میں آٹھ سے دس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا.

    دھماکے سے نادرا کی عمارت کی دیوارگر گئی اور دروازہ تباہ ہوگیا جبکہ ارد گرد کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

  • ای سی ایل سےنام نکالاجائے،ایان علی کی سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

    ای سی ایل سےنام نکالاجائے،ایان علی کی سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

    کراچی : ایگزٹ کنٹرول لسٹ ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے ماڈل ایان علی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی۔

    ایان علی نے اپنی درخواست میں وزارت داخلہ ودیگراداروں کو فریق بنایا ہے۔ اس سے پہلےگذشتہ روزکسٹم کورٹ راولپنڈی کی جانب سےایان علی پر فرد جرم عائد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔

    ماڈل ایان علی کی جانب سےدرخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ فردجرم کو کالعدم قرار دیا جائے، کرنسی اسمگلنگ کا الزام بے بنیاد ہے۔

    عدالت فرد جرم عائد کر رہی ہےروکا جائے۔ ایان علی کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ ہائیکورٹ نے کرنسی اسمگلنگ کاالزام ثابت نہ ہونےپرضمانت منظورکی۔ لاہورہائیکورٹ نے درخواست پر نوٹس جاری کردیئے۔

  • ڈاکٹرعاصم کیس: دہشت گردی کی دفعات خارج، نیب نے اپنی تحویل میں لے لیا

    ڈاکٹرعاصم کیس: دہشت گردی کی دفعات خارج، نیب نے اپنی تحویل میں لے لیا

    کراچی: کرپشن اوردہشت گردی کے الزامات میں گرفتار پی پی رہنما ڈاکٹرعاصم کو نیب نے گرفتارکرلیا۔

    سابق وفاقی وزیر ڈاکٹرعاصم کو رینجرزنے گرفتارکیا تھا اورتفتیش مکمل ہونے کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔

    پولیس نے تحقیقات کے مقدمے میں سے انسدادِ دہشت گردی کی دفعات نکال کر انہیں شخصی ضمانت پررہا کردیا ہے۔

    تحقیقاتی افسرکے مطابق ڈاکٹرعاصم کے خلاف ہونے والی تفتیش میں دہشت گردوں کے علاج سے متعلق الزامات غلط ثابت ہوئے ہیں لہذا انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت ان پر مقدمہ نہیں بنتا۔

    ڈاکٹرعاصم انسدادِ دہشت گردی کے علاوہ نیب کے ایک مقدمے میں بھی گرفتارہیں اوراسی سلسلے میں نیب کی ٹیم آج گلبرگ تھانے پہنچی جہاں سے ڈاکٹرعاصم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب حکام نے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ڈاکٹرعاصم کو اپنی تحویل میں لیا

    واضح رہے کہ چند روز قبل ڈاکٹرعاصم کے تحقیقاتی افسرکو آئی جی سندھ کی ہدایت پرتبدیل کیا گیا ہے۔

  • کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی نے فردِ جرم کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

    کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی نے فردِ جرم کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

    راولپنڈی : کسٹم کی خصوصی عدالت کے جج رانا آفتاب احمد خان نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران ماڈل ایان علی اپنے وکلاکے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں،

    تفصیلات کے مطابق ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کے موقع پر ماڈل ایان علی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ماڈل کے خلاف فردِ جرم عائد نہ کی جانے کی کارروائی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

    سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کی جائے۔جس پرکسٹم کے پراسیکیوٹر نے مخالفت کی اور عدالت کو بتایا کہ کسٹم کی جانب سے 10 گواہان میں سے 8 اس وقت عدالت میں موجود ہیں 2 گواہاں بھی عالت میں کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے، کارروائی جاری رکھی جائے۔

    جس پر ماڈل ایان علی کے وکیل خرم لطیف کھوسہ نے کہا کہ بوجہ الیکشن پاکستان بار کونسل مصروف ہیں اور حاضر نہیں ہو سکے۔

    فاضل عدالت نے ما ڈل کے وکیل کی یہ استدعاء بھی نا مناسب کہہ کر مسترد کر دی اور کہا کہ ایئر پورٹ کا نقشہ طلب کرنا مناسب نہیں اور کہا کہ اگر لطیف کھوسہ پاکستان بار کونسل کے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں تو پروفشنل کام پر بھی توجہ دیں.

    فاضل عدالت نے کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر ایان علی کے خلاف مقدمات کی دفعات کے متعلق جرح کی جائے گی۔

  • کرنسی اسمگلنگ کیس، ایان علی کو پاسپورٹ واپس مل گیا

    کرنسی اسمگلنگ کیس، ایان علی کو پاسپورٹ واپس مل گیا

    راولپنڈی : عدالت نے ایان علی کی شخصی ضمانتوں کے کاغذات اورضمانتی مچلکے منظور کرکے ایان علی کو ان کاپاسپورٹ واپس کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں شخصی ضمانتوں کے کاغذات اور دس دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جنہیں عدالت نے منظور کیا اور ایان علی کو ان کا پاسپورٹ واپس مل گیا، دس دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے غزالہ انور اور راجہ مدثر کی جانب سے جمع کرائے گئے.

    تین روز قبل ڈیوٹی جج صابر سلطان نے ماڈل ایان علی کے مچلکے لینے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ پاسپورٹ کی واپسی کا معاملہ حساس نوعیت کا ہے، جس کا فیصلہ ٹرائل کورٹ ہی کرے گی، ڈیوٹی جج نے ماڈل ایان علی کو کسٹم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی تھی.

    راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایان علی کو رواں برس مارچ میں ساڑھے 5 لاکھ ڈالر دبئی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور کسٹم حکام نے ماڈل کے پاسپورٹ بھی اپنے قبضے میں لے لئے تھے.

  • ایان علی کی طرح کئی لڑکیاں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہیں: ڈاکٹرعاصم

    ایان علی کی طرح کئی لڑکیاں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہیں: ڈاکٹرعاصم

    کراچی: پیپلز پارٹی کے زیرِ حراست رہنما ڈاکٹرعاصم جو کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت اور کرپش کے الزام میں قید ہیں م انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایان علی کی طرح 20 سے 25 لڑکیاں بااثرسیاستدانوں کے لئے کرنسی اسمگلنگ کا کام کرتی ہیں۔

    ذرائع نے نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پر اے آروائی نیوز کو بتایا ہے کہ ڈاکٹرعاصم نے جے آئی ٹی کے سامنے کئی سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں اور کرپشن کیس میں کئی مشہوراورنامورافراد کے نام لئے ہیں۔

    بتایا جارہا ہے کہ سندھ حکومت ڈاکٹرعاصم کےانکشافات کے بعد پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماوٗں کو بچانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹرعاصم نے جے آئی ٹی کو بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی کے تین اہم رہنماوٗں نے عذیربلوچ کو لیاری کا قبضہ حاصل کرنے میں مدد دی۔


    ڈاکٹرعاصم حسین نے عدالت میں اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا


    انہوں نے نیب کے سامنے یہ بھی اعتراف کیا کہ پی پی پی کے کئی اہم رہنما کرپشن میں ان کے ساتھ شریک تھے۔

    ڈاکٹرعاصم نے ایک ایسے منی چینجرکا نام بھی آشکارکیا جو کہ 2011 سے 2012 میں اربوں روپے بیرونِ ملک منتقل کرتا رہا۔

  • ڈیوٹی جج کا ایان علی کو  پاسپورٹ دینے سے انکار

    ڈیوٹی جج کا ایان علی کو پاسپورٹ دینے سے انکار

    راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے پاسپورٹ حوالگی کا معاملہ پھر لٹک گیا.

    تفصیلات کے مطابق ایان علی پاسپورٹ واپس لینے کیلئے راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں پیش ہوئیں، 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کرائے۔ جج رانا آفتاب کے چھٹی پر ہونے کے باعث کیس کی سماعت ڈیوٹی جج صابر سلطان نے کی.

    ڈیوٹی جج صابر سلطان نے ماڈل ایان علی کے مچلکے لینے سے انکار کردیا اور کہا کہ پاسپورٹ کی واپسی کا معاملہ حساس نوعیت کا ہے، جس کا فیصلہ ٹرائل کورٹ ہی کرے گی، ڈیوٹی جج نے ماڈل ایان علی کو کسٹم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی .

    یاد رہے کہ 3 روز قبل راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایان علی کو رواں برس مارچ میں ساڑھے 5 لاکھ ڈالر دبئی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور کسٹم حکام نے ماڈل کے پاسپورٹ بھی اپنے قبضے میں لے لئے تھے.

  • ایان علی پاسپورٹ واپسی کے لئے ضمانتی مچلکےجمع نہ کراسکیں

    ایان علی پاسپورٹ واپسی کے لئے ضمانتی مچلکےجمع نہ کراسکیں

    راولپنڈی : ماڈل ایان علی پاسپورٹ واپسی کے لئے ضمانتی مچلکے دوسرے روزبھی جمع نہ کراسکیں.

    رنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو ضبط شدہ پاسپورٹ واپس لینے کے لئے دس ،دس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے آج کسٹم عدالت میں جمع کرانے تھے، راولپنڈی کی عدالت نے دو مچلکوں کےعوض ایان علی کی درخواست منظورکی تھی۔

    ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد ماڈل ایان علی کو پاسپورٹ ملے گا.

    یاد رہے کہ دو روز قبل راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کوضبط پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے دس ، دس لاکھ کے دو مچلکوں کےعوض ماڈل ایان علی کے پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست منظورکی تھی ۔

    عدالت نے ایان علی پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم ایان علی نے صحت جرم سے انکار کیا تھا ۔