Tag: Azad Kashmir

  • آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری

    آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے وزارت داخلہ میں محسن نقوی سے ملاقات کی، ملاقات میں آزاد کشمیر میں امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیاسی صورتحال، آزاد کشمیر کے نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے گفتگو کی۔

    ترجمان وزیر داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی درخواست پر آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، آزاد کشمیر میں سیکیورٹی سے متعلق انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سے کئے وعدے پورے کر رہے ہیں، حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے، دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر نے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کی۔

  • آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی، پی پی قیادت نے کئی ماہ سے جاری ہوم ورک پر پانی پھیر دیا

    آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی، پی پی قیادت نے کئی ماہ سے جاری ہوم ورک پر پانی پھیر دیا

    اسلام آباد: آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی کی خواہش ادھوری رہ گئی، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے کئی ماہ سے جاری ہوم ورک پر پانی پھیر دیا۔

    ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق پی پی آزاد کشمیر کی تنظیم عدم اعتماد لانے کی خواہش مند تھی، اور اِن ہاؤس تبدیلی کے لیے ہوم ورک بھی مکمل کر لیا گیا تھا، اس کے لیے پلاننگ کئی ماہ سے کی جا رہی تھی، اور چند روز قبل مرکزی قیادت کو اس لہ تجویز پیش کی گئی۔

    تاہم قیادت نے آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی کی تجویز یکسر مسترد کر دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی کے معاملے پر پیپلز پارٹی تقسیم تھی، بعض مقامی رہنما تحریک عدم اعتماد لانے کے مخالف تھے، جب کہ حامی رہنما قیادت کو قائل کرنے میں ناکام رہے۔

    ذرائع کے مطابق اِن ہاؤس تبدیلی کے مخالف رہنماؤں نے مرکزی قیادت کو مضمرات سے آگاہ کیا، اور کہا کہ موجودہ حالات میں اِن ہاؤس تبدیلی درست فیصلہ نہیں، عدم اعتماد کی کوشش پر پی پی کے بارے میں منفی تاثر جائے گا۔

    پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارٹی کو آزاد کشمیر حکومت کا ساتھ دینے کی ہدایت کر دی ہے، اور کہا کہ پارٹی آزاد کشمیر حکومت کے استحکام میں کردار ادا کرے۔

  • آزاد کشمیر میں احتجاج ختم، اہلکاروں کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، آج یوم سیاہ

    آزاد کشمیر میں احتجاج ختم، اہلکاروں کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، آج یوم سیاہ

    مظفرآباد: مطالبات تسلیم ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی نے آج احتجاج ختم کر دیا ہے، گزشتہ روز مختلف علاقوں میں صورت حال شدید طور پر کشیدہ رہی، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کی فائرنگ سے 3 شہری جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں احتجاج ختم کر دیا گیا ہے، رینجرز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور نوجوان دم توڑ گیا، جس سے مظفرآباد میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے، متعدد افراد فائرنگ اور تشدد سے زخمی ہیں۔

    آج حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان تیسرے مطالبے پر بھی پیش رفت ہو گئی ہے، اشرافیہ کی مراعات میں کمی کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کا تعین بعد میں کیا جائے گا، یہ کمیشن بیورو کریسی، اعلی ٰحکومتی شخصیات کو حاصل مراعات کا از سر نو جائزہ لے گا۔

    آزاد کشمیر میں آج ہلاکتوں پر یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، گزشتہ رات قانون نافذ کرنے والے ادارے اور مظاہرین میں تصادم ہوا، مظاہرین پر فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ مظاہرین نے لاشیں مرکزی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا دیا، آج آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی سمیت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جب کہ جاں بحق 3 افراد کی نماز جنازہ دوپہر 2 بجے یونیورسٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

    سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ایک بیان میں کہا کہ آج ہونے والے واقعات سانحے سے کم نہیں ہیں، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے، حکومت حکمت عملی تبدیل کرے، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    مختلف علاقوں میں صورت حال تاحال کشیدہ ہے، شوڑاں کے مقام پر مظاہرین نے متعدد گاڑیاں جلا دیں، امبور میں بھی مظاہرین نے دھرنا دیا، سخت کشیدگی کے باعث مظفرآباد میں انٹرنیٹ سروس پھر معطل کر دی گئی ہے، لانگ مارچ کے بعض شرکا مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے سامنے پہنچ گئے، جہاں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔

    ادھر لندن میں بھی آزاد کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے برٹش کشمیری تنظیموں کی کال پر پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے کہا ہم عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں، پرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین پر تشدد بند کیا جائے، اور کشمیری عوام کو پیداواری نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے۔

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کا احتجاج رنگ لے آیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے 23 ارب روپے کی منظوری دے دی، سستی بجلی اور سسبسڈائزڈ آٹے کا مطالبہ بھی منظور کر لیا گیا ہے، آزاد کشمیر حکومت نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورت حال پر بڑی بیٹھک ہوئی، جس میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق اور وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔

    آزاد کشمیر میں اب آٹے کا بیس کلو والا تھیلا 1000 روپے کا ملے گا، گھروں کا 100 یونٹ تک بجلی کا نرخ 3 روپے، جب کہ 101 سے 300 یونٹ تک 5 روپے یونٹ ہو گیا، 300 یونٹ سے اوپر 6 روپے یونٹ ہوگا، صنعتی صارفین کو 300 یونٹ تک بجلی کا 10 اور 300 سے زائد 15 روپے یونٹ کے حساب سے ملے گی۔

  • آزاد کشمیر: مذاکرات میں ڈیڈ لاک، بجلی قیمت میں 50 فی صد کمی کی پیشکش مسترد

    آزاد کشمیر: مذاکرات میں ڈیڈ لاک، بجلی قیمت میں 50 فی صد کمی کی پیشکش مسترد

    میرپور: آزاد کشمیر میں حالات بدستور کشیدہ ہیں، حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کے بعد دھیر کوٹ سے قافلے مظفر آباد کی طرف روانہ ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج آزاد کشمیر میں احتجاج کا پانچواں اور شٹر ڈاؤن کا چوتھا روز ہے، حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ایکشن کمیٹی نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 50 فی صد کمی مسترد کر دی۔ کمیٹی پیداواری لاگت پر بجلی کی فراہمی پر اصرار کر رہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق آزاد کشمیر حکومت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں پچاس فی صد کمی پر تیار ہو گئی ہے، حکومت آٹے کی قیمتوں میں سبسڈی کے لیے بھی تیار ہے، تاہم ممبر عوامی ایکشن کمیٹی عمر نذیر کا کہنا ہے کہ حکومت مطالبات پر سنجیدہ نہیں لگتی۔

    عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر مختلف شہروں سے جمع ہونے والے لانگ مارچ کے شرکا مظفر آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، شرکا نے رات دھیر کوٹ میں گزاری۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ روز بھی احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال رہی، آج بھی کاروباری مراکز بند ہیں، سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے، مظفر آباد میں تمام تعلیمی ادارے اور ضلعی دفاتر آج بھی بند رہیں گے۔

    دھیر کوٹ سے روانہ ہونے والے قافلوں کو روکنے کے لیے مظفر آباد کوہالہ کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، ضرورت پڑنے پر رینجرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، موبائل انٹرنیٹ سروس مزید 2 روز کے لیے بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پولیس اور مظاہرین کے مابین تصادم کے نتیجے میں 80 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہیں، آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں گلیوں بازاروں اور چوراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، 100 سے زائد افراد پہلے ہی گرفتار ہیں۔

  • آزاد کشمیر مظاہروں میں پرتشدد واقعات، منفی پراپیگنڈا بے نقاب

    آزاد کشمیر مظاہروں میں پرتشدد واقعات، منفی پراپیگنڈا بے نقاب

    میرپور: آزاد کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت نے مظاہروں میں پُرتشدد واقعات سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام اپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج بن گئے ہیں، مظفر آباد میں آج سستی بجلی، اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز ہے۔

    اس دوران مظاہروں میں پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے، اسلام گڑھ کے مقام پر عوامی ایکشن کمیٹی اور پولیس میں تصادم کے دوران فائرنگ سے سب انسپکٹر عدنان قریشی کی جان چلی گئی، متعدد مظاہرین کے بھی پولیس تشدد سے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں۔

    مظفر آباد میں آج سستی بجلی، اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز، انٹرنیٹ سروس بند

    عوامی ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرتشدد واقعات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے، کمیٹی کی مرکزی قیادت نے بھارت کے منفی پراپیگنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دے دی

    بیان میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ہماری تحریک پُرامن تھی اور رہے گی، سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا قابل قبول نہیں، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔

    کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ مکار دشمن بھارت کا میڈیا مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو دبانے کے لیے الزامات لگا رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔

  • وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دے دی

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دے دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر آزاد کشمیر کے عوام سراپا احتجاج بن گئے ہیں، اور عوامی ایکشن کمیٹی نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔

    رات گئے اسلام آباد میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی حکومت بات چیت کے ذریعے معاملات حل کرتی ہے، حکومت نے یقینی بنایا احتجاج کے دوران طاقت کا استعمال نہ ہو۔

    گزشتہ روز میرپور میں مظاہرین اور پولیس میں تصادم سے سب انسپکٹر عدنان قریشی گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ تین مظاہرین بھی زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے عوامی ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ کے اعلان پر مختلف شہروں کے تمام راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ دوسری جانب عوامی احتجاج میں شدت آ گئی ہے، اور احتجاجی قافلوں کی مظفر آباد کی جانب پیش قدمی جاری ہے، مظاہرین نے جگہ جگہ انتظامیہ کی طرف سے لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دیں، انتظامیہ نے سڑکیں بند کرنے کے لیے قیمتی درخت بھی کاٹ کر گرائے۔

  • بچوں کو بھاری بستوں سے چھٹکارا مل گیا

    بچوں کو بھاری بستوں سے چھٹکارا مل گیا

    پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں اسکول جانے والے بچے انتہائی وزنی بستے کمر پر اٹھائے نظر آتے ہیں جنہیں دیکھ کر یقیناً سب کو ہی دکھ ہوتا ہے۔

    اسکولوں کے یہ بچے اپنی بساط سے کہیں زیادہ وزنی بستے نازک سی کمر پر اٹھا کر چلتے ہیں جو ان کی صحت اور نشونما کیلئے انتہائی تشویشناک اور نقصان دہ ہے۔

    خبر یہ ہے کہ آزاد کشمیر میں ’ون نوٹ بک پالیسی‘ متعارف کرائی گئی ہے، محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ طلبہ و طالبات اپنے بستے میں ہوم ورک کے لیے ہر مضمون کی علیحدہ علیحدہ کاپیاں رکھنے کے بجائے صرف ایک عدد رجسٹر رکھیں گے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کشمیر کے وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی نے بتایا کہ ایک رجسٹر کے استعمال سے جہاں بچوں کو اضافی بوجھ سے چھٹکارا ملے گا، وہیں والدین کو تعلیمی اخراجات میں بھی کافی آسانی میسر آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ آئندہ سال سے کتابوں کی موٹائی کو کم کرکے اسمارٹ سلیبس متعارف کرایا جائے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ون نوٹ بک پالیسی کو پہلے مرحلے میں پرائمری سطح پر لایا گیا ہے بعد ازاں اسے سکینڈری کلاسز میں بھی لاگو کریں گے۔

    علاوہ ازیں ماہرین صحت اس بات سے متفق ہیں کہ ضرورت سے زیادہ وزن اٹھانے سے بچوں کی جسمانی نشونما متاثر ہوتی ہے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ ادارے اور ذمہ داران اس حوالے سے مؤثر قانون سازی کریں اور بچوں کی جسمانی صحت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

  • چائے درآمد کرنے والوں کا بڑا ٹیکس فراڈ، آزاد کشمیر کی چائے کراچی میں اتار دی گئی

    چائے درآمد کرنے والوں کا بڑا ٹیکس فراڈ، آزاد کشمیر کی چائے کراچی میں اتار دی گئی

    کراچی: آزاد کشمیر کے لیے درآمد چائے کراچی میں اتار کر ایک ارب 60 کروڑ کا ٹیکس فراڈ سامنے آیا ہے۔

    کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ چائے کی درآمد پر 6 فی صد ٹیکس ہے، جب کہ آزاد کشمیر کو اس ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے، تاہم آزاد کشمیر کے لیے درآمد چائے پاکستان کی منڈیوں میں ہی فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    کسٹمز حکام کے مطابق ٹیکس چھوٹ والی چائے کی فروخت سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا، کے ایف فوڈز نے ٹیکس چھوٹ والی کالی چائے پورٹ قاسم کلکٹریٹ سے کلیئر کرائی، اور ماڑی پور میں واقع گودام میں ہی خالی کرائی گئی۔

    کسٹمز انٹیلیجنس حکام کا کہنا ہے کہ گودام سے 14 ٹن چائے کا کنٹینر برآمد کیا گیا ہے، گودام کی تلاشی میں مزید 530 ٹن چائے برآمد ہوئی، جب کہ درآمد کنندگان ٹیکس فراڈ سے 3 ہزار ٹن کالی چائے کراچی میں فروخت کر چکے ہیں۔

  • آزاد کشمیر میں مہنگائی و لوڈشیڈنگ کیخلاف ہڑتال کا اعلان

    آزاد کشمیر میں مہنگائی و لوڈشیڈنگ کیخلاف ہڑتال کا اعلان

    راولاکوٹ : آٹے کی قیمت میں اضافے اور بجلی بلوں میں بے تحاشہ ٹیکس کے خلاف آزاد کشمیر میں عوامی احتجاج کا سلسلہ زور پکڑتا جارہا ہے۔ مظاہرین نے ہڑتال کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام کی بڑی تعداد اور تاجر برادری نے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پونچھ کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز راولاکوٹ میں حکومت مخالف ریلی و دھرنا دیا۔

    اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے حکمران اشرفیہ کی شاہانہ مراعات کیخلاف بھی شدید نعرے بازی کی گئی، تاجران، سول سوسائٹی، عوامی ایکشن کمیٹیز نے سول نافرمانی تحریک کی کال دے دی۔ وکلانے بھی سول نافرمانی کی تحریک جاری رکھنے کی حمایت کر دی۔

    راولاکوٹ میں ہونے والے مظاہرے میں ہزاروں افراد نے ریلی کی شکل میں اپنے گھروں کے بجلی کے بل اجتماعی طور پر جلائے، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ آزاد کشمیر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ، سستا اور معیاری آٹا مہیا کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں نیشنل گرڈ اسٹیشن قائم کرکے گلگت بلتستان (جی بی) طرز پر بجلی کا ٹیرف مقرر کیا جائے،

    عوامی ایکشن کمیٹی نے 31اگست کو مظفرآباد،7ستمبر کو پونچھ و میرپور میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا، مساجد سے بل جمع کرانے سے انکار کے اعلانات کیے جاتے رہے۔

  • یوم سوگ: آزاد کشمیر حزن و ملال میں ڈوب گیا

    یوم سوگ: آزاد کشمیر حزن و ملال میں ڈوب گیا

    میرپور: آزاد کشمیر میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے، یونان کشتی حادثے نے کشمیر کو حزن و ملال میں ڈبو دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کابینہ کے فیصلے پر یونان کشتی حادثے میں جانی نقصان پر آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے، آزاد کشمیر میں آج ریاستی پرچم سرنگوں ہے۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا تھا، ان کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ میں جو بھی ٹریول ایجنٹ ملوث ہوا، اسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کشتی حادثے کے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

    دوسرہ طرف یونان کشتی حادثے کے لاپتا افراد کی تلاش تاحال جاری ہے، پاکستان میں کئی شہروں اور گھرانوں میں اس حادثے کے بعد کہرام مچا ہوا ہے، کشتی میں 310 پاکستانیوں سمیت 750 افراد سوار تھے، 12 پاکستانیوں سمیت 104 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے، باقی مسافروں کا کچھ پتہ نہیں، 78 مسافروں کی لاشیں مل گئی ہیں۔

    ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ہے، پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر بھیجنے والا ایک انسانی اسمگلر کراچی ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم آذر بائیجان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ میر پور آزاد کشمیر میں بھی انسانی اسمگلرز کے خلاف ایکشن شروع ہو گیا، پولیس نے نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے والے 9 ایجنٹ پکڑ لیے۔