Tag: Azad Kashmir

  • آزاد کشمیر: مختلف سیاسی وسماجی شخصیات پی ٹی آئی میں شامل

    آزاد کشمیر: مختلف سیاسی وسماجی شخصیات پی ٹی آئی میں شامل

    آزاد کشمیر: الیکشن سے قبل پی ٹی آئی آزاد کشمیر کو کامیابیاں ملنے لگی، وزیراعظم عمران خان کے فلسفے سے متاثر ہوکر پیپلز پارٹی کی سیاسی ،سماجی شخصیات سمیت کئی کارکنان پی ٹی آئی کے قافلے میں شامل ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر الیکشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے وفاقی وزرا مراد سعید اور علی امین گنڈا پور آزاد پتن پہنچے ،جہاں پیپلز پارٹی کے سابق رہنما جمیل احمد اور عدنان شاہ نے ان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا۔

    بعد ازاں آزاد پتن میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے مسلم لیگ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ن لیگ حکومت کو کشمیر میں 55 ارب روپے کا فنڈ دیا، وفاقی حکومت کی جانب سے دیا گیا فنڈ ن لیگ نے غبن کیا، نواز شریف خود اربوں کھربوں کے غبن میں سزا یافتہ ہے، جس پارٹی کا سربراہ چور ہو اس کے امیدوار کس منہ سے ووٹ مانگتےہیں۔

    علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کشمیر کا بچہ بچہ جانتا ہے زرداری نے بہن کو کشمیر کیوں بھیجا تھا، فریال تالپور کشمیری بچوں کا 42 ارب روپے لوٹ کرلے گئیں، پی پی والے کہتے ہیں کہ کشمیر کو ترقی دینگے مگر پہلے سندھ میں30 سالہ حکومت کاحال تودیکھیں، کراچی کو کچرےکا شہر بنادیا تھوڑی سےبارش میں شہر ڈوب جاتاہے۔

    فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ آج کل مولانا فضل الرحمان لیڈربناپھر رہاہےکہتا ہے تبدیلی لاؤں گا، جو اپنےگھر میں مسترد ہوگیاوہ کونسی تبدیلی لائے گا؟ مولانا فضل الرحمان کو اس کےحلقےمیں ضمانت ضبط کرا کرہراچکا ہوں، مولانا فضل الرحمان نےاسلام کےنام پرٹھیکیداربن کےدھیلےکاکام نہیں کیا۔

    علی امین گنڈاپور نے انتخابی جلسہ عام سے خطاب میں بلاول اور مریم کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو بھی پالش والی سی وی لے کر امریکاچلا گیا، مریم نواز کہتی ہے کشمیر سے رشتہ پرانا ہے، جس نےکشمیروں سےزیادتی کی اسےگھرکی شادیوں ،ڈھولکی پر بلایا گیا،کشمیر کےسب سےبڑے مخالف جندال سےچھپ کر ملاقاتیں کی گئیں، مریم نوازکو مودی اور جندال سے رشتہ مبارک ہو، کشمیریوں سےکہتا ہوں ایسے لوگوں کےکشمیرمیں داخلے بند کریں۔

  • امین گنڈا پور معاملہ: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا وزیراعظم کو خط

    امین گنڈا پور معاملہ: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا وزیراعظم کو خط

    مظفرآباد: وفاقی وزیر امور کشمیر امین گنڈاپور کی جانب سے الیکشن مہم کے دوران مبینہ طور پر رقم تقسیم کرنےکی ویڈیو پر چیف الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاملے پر چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) رشید سلہریا نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا کہ وفاقی وزرا کو الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ دو ہزار اکیس کی خلاف ورزی سےروکاجائے۔

    خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم صوبائی وزرا کو بھی الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر پابندی کی ہدایت کریں اور وفاقی حکومت ، آزاد کشمیر انتخابات کا آزادانہ و منصفانہ انعقاد یقینی بنائے۔

    چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت میں ریاستی وسائل استعمال نہ کئےجائیں، وفاقی، آزادکشمیر اور صوبائی حکومتیں کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمدیقینی بنائیں، جس امیدوار کےحلقے میں خلاف ورزی ہوئی اسےنااہل قرار دیاجائےگا۔

  • آزاد کشمیر کا بجٹ 22-2021 آج پیش کیا جائے گا

    آزاد کشمیر کا بجٹ 22-2021 آج پیش کیا جائے گا

    مظفر آباد: آزاد کشمیر کا مالی سال 22-2021 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے لیے 28 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال 22-2021 کا آزاد کشمیر کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، بجٹ کا حجم 141.4 ارب روپے متوقع ہے۔

    بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے لیے 28 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 113.4 ارب روپے رکھے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کی نسبت ترقیاتی بجٹ میں 14 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، 2 ارب روپے کے فارن ایڈ منصوبے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

    بجٹ میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سیکٹر کے لیے 10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • آزاد کشمیر میں آج رات 12 بجے سے 3 ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان

    آزاد کشمیر میں آج رات 12 بجے سے 3 ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کرونا وائرس کے پیش نظر آج رات 12 بجے سے آزاد کشمیر میں 3 ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں 3 ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، عوام غیرضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔

    راجا فاروق حیدر نے کہا کہ ہر قسم کی ٹرانسپورٹ مکمل معطل رہے گی، ناگزیر حالات میں سفر کے لیے خصوصی پاسز ہوں گے۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ کھانے پینے کا سامان لانے کے لیے ایک فرد کو باہر جانے کی اجازت ہوگی، صحافی حضرات کو خصوصی پاسز جاری کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایمرجنسی سروسز جاری رہیں گی۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد سمیت ملک بھر میں فوج طلب

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 803 ہوگئی ہے، سندھ میں 352، پنجاب میں 225، بلوچستان میں 180 کرونا کے مریض ہیں۔

    اسی طرح گلگت بلتستان میں 71، خیبرپختونخوا 31، اسلام آباد 15 اور آزاد کشمیر میں ایک کرونا مریض ہے، ملک میں کل دوپہر سے اب تک 27 نئے کرونا وائرس کے مریض رپورٹ کیے گئے۔

    کرونا وائرس سے پاکستان میں اموات 6 ہوگئی ہیں جبکہ 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے پاک افواج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے تمام جوانوں اور طبی وسائل کو مختصر نوٹس پر تیار رہنے کا ٹاسک دیا تھا۔

  • سی پیک میں شمولیت سے آزاد کشمیرمیں معاشی انقلاب آئے گا، فاروق حیدر

    سی پیک میں شمولیت سے آزاد کشمیرمیں معاشی انقلاب آئے گا، فاروق حیدر

    اسلام آباد : وزیراعظم آزاد کشمیرفاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کی سالمیت کیلئے کسی قربانی سےدریغ نہیں کریں گے ، سی پیک میں شمولیت سے آزاد کشمیرمیں معاشی انقلاب آئے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان سے نظریاتی رشتوں کی مضبوطی میری ذمہ داری ہے، سی پیک منصوبہ اسٹریٹیجک الائنس ہے، سی پیک میں شمولیت سے آزاد کشمیرمیں معاشی انقلاب آئے گا۔

    فاروق حیدر نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص دوست ہے، تعلیم اوربنیادی ڈھانچہ پائیدارترقی کازینہ ہے، آزاد کشمیرکو چاروں موسموں کاسیاحتی مرکز بنائیں گے، پاکستانی صنعت وحرفت کی ترقی کشمیریوں کی خواہش ہے۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر  نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں ،کشمیری پاکستان کی سالمیت کیلئے کسی قربانی سےدریغ نہیں کریں گے، پاکستان سےمحبت کشمیریوں کاایمان ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیرکو پاکستان سے جوڑنےوالی سڑکیں اعلی معیار کی ہیں، کشمیریوں کوعالمی سطح پرمسئلہ کشمیر اجاگرکرنےکی اجازت دی جائے، آزادکشمیر ایک مثالی ریاست، جہاں کوئی سیاسی قیدی نہیں۔

  • او آئی سی کشمیریوں کی مدد کرے، صدر آزادکشمیر کا مطالبہ

    او آئی سی کشمیریوں کی مدد کرے، صدر آزادکشمیر کا مطالبہ

    اسلام آباد: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی تعاون کی تنظیم(او آئی سی) کشمیریوں کی مدد کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے صدر نے او آئی سی سمیت سعودی حکام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ وادی میں بھارتی مظالم کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کرفیو کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہے۔

    مسعود خان کا کہنا تھا کہ یواین کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکلا جائے، بھارت کشمیر میں جاری مظالم بند کرے، کشمیری عوام خود کو یتیم نہ سمجھیں ہم ہر محاذ پر مدد کریں گے، او آئی سی کمیشن میں مسئلہ کشمیر تفصیل سے پیش کر چکا ہوں۔

    انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ او آئی سی اور سعودی حکومت کشمیریوں کی مدد کرے۔

    آکسفورڈ کونسل میں کشمیر سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

    خیال رہے کہ مودی اپنی جارحیت سے باز نہ آیا، آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو114 ویں روز بھی برقرار ہے، وادی میں اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی پوری طرح مفلوج ہوچکا ہے۔

    دوسری جانب آکسفورڈ کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

  • دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے، سردار مسعود خان

    دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے، سردار مسعود خان

    جدہ : صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی پابندیوں نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔

    یہ بات انہوں نے جدہ میں انسانی حقوق کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہی، تفصیلات کے مطابق جدہ میں اوآئی سی کے مستقل انسانی حقوق کمیشن کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا گیا۔

    اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں سلوک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے روا رکھے جانے والے سلوک اور وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی صورت حال سے اراکین کو آگاہ کیا۔

    سردارمسعود خان نے کہا کہ کشمیریوں کے لئے ہردن یوم سیاہ ہے، بھارتی پابندیوں نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، کشمیریوں کی حمایت پر مستقل انسانی حقوق کمیشن اور اوا ٓئی سی کے شکر گزار ہیں۔

    سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیریوں کو اوآئی سی سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں،دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے اور بھارت کو پابند کیا جائے کہ وہ او آئی سی اور عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات پر ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔

  • مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کی غنڈہ گردی عروج پر ہے، سردار مسعود خان

    مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کی غنڈہ گردی عروج پر ہے، سردار مسعود خان

    کراچی : صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کی غنڈہ گردی عروج پر ہے، دنیا مفادات کی خاطر مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو نظرانداز کررہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں کونسل آف فارن ریلیشنز کے ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ96دن سے کشمیری عوام قیدوبند کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، بھارت کی دھوکا دہی اب دنیا سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔

    صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کی غنڈہ گردی عروج پر ہے، بھارت کئی دہائیوں سے یو این قرادادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

    سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کا ظلم کشمیری نوجوانوں میں آزادی کا جذبہ بڑھا رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اکثریت تبدیل کرنے کی مذموم سازش کررہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا کے بھارت کے ساتھ معاشی مفادات وابستہ ہیں، دنیا مفادات کی خاطر مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو نظرانداز کررہی ہے، چین، ملائیشیا، ترکی اور ایران نے کھل کر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کی ہے۔

    صدر آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا جنرل اسمبلی سے خطاب تمام مسلمانوں کی آواز تھا، دنیا بھرمیں بھارت کے مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

    بھارت سیز فائر کی بھی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے، ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جانا افسوسناک ہے، کشمیر کی پوری حریت قیادت اس وقت پابندسلاسل ہے۔

  • اس وقت ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے:وزیراعظم آزادکشمیر

    اس وقت ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے:وزیراعظم آزادکشمیر

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے ایجنڈے پر چل رہا ہے، اس وقت ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے ملک میں اپوزیشن کے حالیہ دھرنے کے تناظر میں کہا ہے کہ ملک کو کسی انتشار کے بجائے یکجہتی کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مودی کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہورہا ہے، بھارت اپنے ایجنڈے پر چل رہا ہے۔

    دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس نے کہا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں گجرات جیسے قتل عام کی تیاری کررہی ہے، متنازع افسرگریش چندرا کو کشمیر کا پہلا لیفٹیننٹ گورنر تعینات کردیا گیا۔

    کے ایم ایس کے مطابق گریش چندرا2002 میں گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں پیش پیش تھا، گریش چندرا اس وقت گجرات کے وزیراعلیٰ مودی کا پرنسپل سیکریٹری تھا۔

    مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کی ایک اور گھناؤنی سازش سامنے آگئی

    یاد رہے کہ گذشتہ روز غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر گرفت کی مضبوطی چاہتا ہے، بھارت نے گزشتہ 3 ماہ سے کشمیر میں کرفیو لگا رکھا ہے، اب اس نے اسے الگ وفاقی یونٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ایجنسی کے مطابق بھارت نے پابندیوں کے ساتھ ساتھ اضافی فوجی بھیج رکھے ہیں، جب کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلے ہی 9 لاکھ فوجی تعینات ہیں، اب مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکومت کی جانب سے لیفٹیننٹ گورنرز کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔

  • آزادکشمیر میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

    آزادکشمیر میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

    میرپور: آزاد کشمیر میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف وہراس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتیں لرز اٹھیں، جبکہ علاقے میں تاحال خوف وہراس پایا جاتا ہے۔

    زلزلہ کوہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 3.1 ریکارڈ کی گئی۔ البتہ زلزلے کا مرکز اور زمینی گہرائی کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا۔

    ملک میں آنے والے حالیہ زلزلے کے متاثرین کو بھی ہرممکن امداد اور سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ متاثرین کی مدد کے لیے پاک فوج کے جوان بھی پیش پیش ہیں۔

    خیال رہے 24 ستمبر کو ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی تھی، متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد انتالیس ہوگئی ہے۔

    یورپی یونین کا پاکستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے بڑی امداد کا اعلان

    وزیراسٹیٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر کے مطابق زلزلے سے سولہ سو انیس مکانات مکمل طور پر تباہ اورسات ہزار ایک سو مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ پانچ سو اسی مال مویشیوں کے باڑوں کو نقصان بھی ہوا۔

    بعد ازاں متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آنے والے تباہ کن زلزلہ متاثرین کے لئے بھرپور امداد کا اعلان کیا تھا جبکہ اس سے قبل جاپانی سفیر نے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی تھی۔