Tag: azadi and inqelab march .

  • پاکستان میں کسی بھی غیر آئینی اقدام کے خلاف ہے, امریکہ

    پاکستان میں کسی بھی غیر آئینی اقدام کے خلاف ہے, امریکہ

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں کسی بھی ایسے غیر آئینی اقدام کے خلاف ہے جس سے جمہوریت کی بساط لپیٹی جائے۔

    محکمہ خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان میری ہارف کا کہنا تھا کہ امریکہ بارہا کہ چکا ہے کہ وہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کی صورتحال کا احتیاط سے جائزہ لے رہا ہے۔

    میری ہارف کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی سیاسی قوتوں کے درمیان معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں امریکی سفیر پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔

  • طاہرالقادری،عمران کانام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست

    طاہرالقادری،عمران کانام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست

    اسلام آباد: ڈاکٹرطاہرالقادری اورعمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست دے دی گئی ہے۔

    ممبر پیمرا چوہدری اشرف گجر کی جانب سے درخواست وزارت داخلہ کو ارسال کی گئی، درخواست کے متن کے مطابق عمران خان اور طاہر القادری مختلف بدامنی اور دہشت گردی کے کیسز میں ملو ث ہیں، دونوں رہنماوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

    چوہدری اشرف گجر نے موقف اختیار کیا ہے کہ جب تک ان دونوں رہنماوں کے کیسز ختم نہیں ہوجاتے ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں ۔

    وزارت داخلہ نے درخواست موصول ہونے کے بعد اس درخواست پر اجلاس طلب کر رکھا ہے۔

  • پاکستان کو دہشت گردی، کمزورمعیشت جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے،امریکی اخبار

    پاکستان کو دہشت گردی، کمزورمعیشت جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے،امریکی اخبار

    نیویارک :پاکستان میں جاری دھرنوں کی بین الاقوامی میڈیا نمایاں کوریج کررہا ہے، تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ دھرنوں سے ملک کی معاشی اورسیاسی صورتحال پرگہرے اثرات ہوں گے۔۔

    اسلام آباد میں جاری دھرنوں نے نہ صرف ملک کے اندر ہلچل مچا رکھی ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پربھی دنیا بھرکی توجہ کا مرکز ہیں، غیرملکی میڈیا دھرنوں اورسیاسی اتارچڑھاؤ کو نمایاں اہمیت دے رہا ہے۔

    امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی، کمزورمعیشت اور بھارت سے تناؤ جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے، طاہرالقادری اور عمران خان نے نواز شریف کے خلاف مہم شروع کر رکھی اور نئے انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    موجودہ صورتحال میں نوازشریف کا استعفی مزیدعدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے، ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، امریکا نے موجودہ بحران کے خاتمے کے لئے کوششیں نہیں کیں تاہم سیاسی اتارچڑھاؤ پرنظر رکھی ہوئی ہے۔

  • کراچی اسٹاک مارکیٹ ،چوتھے روز بھی 100 انڈیکس میں 450 پوائنٹس کی کمی

    کراچی اسٹاک مارکیٹ ،چوتھے روز بھی 100 انڈیکس میں 450 پوائنٹس کی کمی

    کراچی : ملک میں جاری سیاسی گرما گرمی میں اضافہ اسٹاک مارکیٹ سرمایا کاورں کی پریشانی میں اضافے کا باعث بن گیا،  فتے کے چوتھے سیشن میں شدید مندی کی لہر برقرار ہے۔

    تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک اور یوم انقلاب کے اعلان نے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایا کاروں کا رہا سہا اعتماد بھی ختم کر دیا، آج ٹریڈنگ کا آغاز ہی دو سو بیس پوائنٹس کی مندی سے ہوا ۔

    ایک موقع پر کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں ساڑھے چار سو پوائنٹس کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔

    اسٹاک مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یوم انقلاب کے اعلان نے حصص بازار میں موجود ملکی اور غیر ملکی انویسٹرز کو خبرادار کردیا ہے، جس کے باعث سرمایا کاروں کی جانب سے فروخت کا رحجان دیکھنے میں آرہا ہے۔

  • آج کا دن اہم ہے،دھرنا دینے والوں کو راضی کیا جائے،فاروق ستار

    آج کا دن اہم ہے،دھرنا دینے والوں کو راضی کیا جائے،فاروق ستار

    اسلام آباد: وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ  آج کا دن اہم ہے، دھرنا دینے والوں کو راضی کیا جائے، فاروق ستار نے کشیدہ صورتحال کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر زور دیا ۔

        ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں جاری بحران کا حل نکالا جائے، انھوں نے کہا کہ قائد الطاف حسین احتجاج کرنے والی جماعتوں اور حکومت سے مسلسل اپیل کررہے ہیں کہ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالیں۔

    انھوں نے کہا کہ اب بھی گنجائش ہے اور تھوڑی کوشش کی جائے تو مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے ، ہمیں عوام کو ایک آخری موقع دینا چاہیٔے۔ عوام اور جماعتیں ملک کو مستحکم دیکھنا چاہتی ہیں، ہر حال میں ایسا حل نکالا جائے، جس سے تمام فریقین مطمئن ہو سکیں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نظام کو قائم رکھ کر جہموریت کو فروغ دینا چاہتا ہے، پی ٹی آئی سے مذاکرات ہوئے ہیں اور عوامی تحریک سے بھی ہونے چاہئیں ، عوامی تحریک کا وفد بیٹھے تو مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ کیلئے مسئلے کا حل نکالا جائے، معاملے کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کرنا چاہیٔے

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعظم نےکھلے دل سے بات سنی اور انہیں محسوس ہوا کہ وہ بھی پورے اخلاص کے ساتھ اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔

    اس سے قبل سیاسی بحران کے حل کے لئے ایم کیو ایم کے وفد نے  خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعظم ہاؤس  ملاقات کی۔

    ملاقات میں معاملات سدھارنے کیلئے وزیر اعظم ایک قدم آگے بڑھائیں، ایم کیو ایم وفد نے الطاف حسین کا خصوصی پیغام نواز شریف کو دیا ، ایم کیو ایم کے وفد نے الطاف حسین کی تجاویز کو وزیراعظم کے سامنے پیش کیا۔

  • مشرف غداری کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 2ستمبرتک ملتوی

    مشرف غداری کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 2ستمبرتک ملتوی

    اسلام آباد:  سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل چھ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے دو ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

    وفاقی شرعی عدالت میں قائم خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں مقدمےکی سماعت کررہا ہے، آج اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر جاری دھرنوں کے باعث کیس کی کارروائی نہ ہوسکی۔

    گزشتہ روزسابق صدر کے وکلا نے بھی عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ دھرنوں کے باعث اُن کے لئے عدالت پہنچنا ممکن نہیں ہوسکے گا ، لہذا سماعت کے لئے نئی تاریخ مقرر کی جائے۔

  • اسلام آباد ریڈزون ایریا میں موبائل سروس بند کرنے احکامات جاری، ٹیلی کام ذرائع

    اسلام آباد ریڈزون ایریا میں موبائل سروس بند کرنے احکامات جاری، ٹیلی کام ذرائع

    اسلام آباد : سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ریڈ زون ایریا میں موبائل سروس بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔

    وفاقی دارلحکومت میں تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکارہے۔۔ٹیلی کام ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ریڈ زون سمیت ملحقہ علاقوں میں موبائل سروس بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں جہاں تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے دھرنے دئیے وہاں غیرمعینہ مدت تک موبائل سروس بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہیں، ٹیلی کام ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کی ہدایت پر کسی بھی وقت موبائل سروس کو بندکیا جاسکتا ہے،ریڈ زون ایریا میں ایوان صدر ،وزیراعظم ہاؤس ،پارلیمنٹ ہاؤس ،سپریم کورٹ سمیت دیگر اہم سرکاری دفاتر موجود ہیں ۔

  • ہم ایمپائرہیں، تھرڈایمپائرکوئی نہیں، زرداری

    ہم ایمپائرہیں، تھرڈایمپائرکوئی نہیں، زرداری

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پارلیمنٹ کی بقا چاہتا ہوں، ہم سب آپس میں ایمپائر ہیں تھرڈ ایمپائر کوئی نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی بقا چاہتی ہے اور اسی جمہوریت کے لئے بینظیر بھٹو نے اپنی جان کی قربانی دی۔

    عمران خان کے ایمپائر سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم سب آپس میں ایمپائر ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ معاملہ آپس میں حل کرلیں، تھرڈ ایمپائر کوئی نہیں ہے اوربات تھرڈ ایمپائر تک گئی تو پھر دور تک جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس پارلیمنٹ کو میں نے ہی طاقت ور بنایا ہے کسی نے مجھ سے اختیارات سرینڈر کرنے کا مطالبہ نہیں کیا تھا میں نے خود کمیٹی بنائی کہ پارلیمنٹ کو طاقتور کیا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے ملاقات میں بھی یہی کہا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور معاملے کو پارلیمانی طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔

    انہوں نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ان لوگوں سے نبرد آزما ہے جو ملک کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں ہمیں اس وقت پاک فوج کے شانہ بہ شا نہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک جمہوری حکومت کادوسری جمہوری حکومت کے خلاف اس طرح احتجاج کرنا درست نہیں ہے، سیاسی قوتوں کا ہونا پاکستان کے استحکام کے لئے بے حد ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک ہمیں ہٹانے کی کوششیں کی جاتی رہیں لیکن ہم نے ساری آزمائشوں کا سامنا کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ معمالات کے درست اور بروقت حل کے لئے مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی سمیت تمام سیاسی قوتوں سے رابطہ کررہا ہوں کیونکہ اس وقت ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ سب نے مل کر بحران کے حل کے لئے کام کیا ہے۔

    ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملے کے حل کا فارمولہ تو حکومت خود بنائے گی ہم نے تو صرف انہیں یہ بتایا ہے کہ وہ معاملے کو پیار سے سلجھائے کہ جس طرح میں نے تمام معاملات اپنے دور میں سلجھائے۔

    مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اتحاد سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم جمہوری رویوں پر یقین رکھتے ہیں اگر ہمارے خلاف کسی نے غلط زبان استعمال کی بھی تھی تو یہ وقت اس معاملات میں پڑنے کا نہیں ہے۔

    پرویز مشرف سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ موضوع آج کی گفتگو میں زیرِبحث نہیں آیا۔ جمہوریت پر اگر کوئی برا وقت آیا تو دیکھ لیں گے۔

  • اسلام آباد میں وبائی امراض پھوٹ سکتے ہیں، الطاف حسین

    اسلام آباد میں وبائی امراض پھوٹ سکتے ہیں، الطاف حسین

    لندن: الطاف حسین نے اسلام آباد میں وبائی پھوٹنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے صحت وصفائی کے انتظامات ہنگامی بنیادوں پر کرنے کی اپیل کردی۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھرنوں کے سبب وفاقی دارالحکومت میں وبائی امراض پھوٹ سکتے ہیں، شہریوں اور دھرنے کے شرکاء کو وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

    الطاف حسین نے کہا کہ مقامی انتظامیہ دھرنوں میں موجود شرکاء کےلئے صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات نہیں کر پا رہی، صحت و صفائی کو ایس اوایس کی بنیاد پر تیزتر کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مناسب انتظامات نہ ہونے کے سبب تعفن کا دائرہ کار ہر گزرتے دن بڑھتاجا رہا ہے، اسلام آباد کے مکین پانی ابال کراستعمال کریں، ایم کیوایم کے قائد نے حکومت اور دھرنے دینے والی جماعتوں سے اپیل محض دکھاوے یا فوٹوسیشن کیلئے مذاکرات نہ کریں جلد ازجلد بات چیت کے ذریعہ مسائل کا مثبت حل نکالیں۔

  • آرمی چیف کی وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات

    آرمی چیف کی وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف کی وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

     وزیراعظم ہاؤس میں آرمی چیف سے وزیراعظم نوازشریف کی ملاقات ایسے وقت ہورہی ہے، جب آزادی اور انقلاب مارچ میں عمران خان اور طاہرالقادری کی ڈیڈلائن ختم ہورہی ہے، ملاقات میں ملکی سلامتی، شمالی وزیرستان میں ملک دشمنوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب، اور ملک کی اندونی اور بیرون سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں آزادی اور انقلاب مارچ سے پیدا ہونے والے سیکیورٹی صورتحال اور اہم امور پر تفصیلی تبادلہ  کیا گیا، آرمی چیف نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اگر صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک قدم پیچھے بھی کرنا پڑے تو کرے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کے ریڈ زون میں داخل ہونے کے اعلان کے بعد اسلام آباد میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز ملک کی بدلتی سیاسی صورتحال میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور آرمی چیف کو بدلتی سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیا ۔

    ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور جنرل راحیل شریف کے درمیان اسلام آباد کی صورتحال پر ایک گھنٹے سے زائد تک صلاح و مشورہ جاری رہے ۔ اس سے پہلے چوہدری نثار اور شہباز شریف نےگزشتہ بدھ کو بھی آرمی چیف سے ملاقات کی تھی۔