Tag: azadi march

  • رکن صوبائی اسمبلی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

    رکن صوبائی اسمبلی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد سب سے پہلے جہلم کے ایم پی اے نے استعفے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم کے حلقے پی پی 25 سے منتخب ہونے والے ممبرصوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال خان نے اپنے چیئرمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

    اس حوالے سے راجہ یاور کمال خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کال پر لبیک کہتا ہوں، انہوں نے بتایا کہ پی پی25سے اپنا استعفیٰ عمران خان کو پیش کردیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ہم کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے آج بھی ان ہی کے ساتھ ہیں، عمران خان نے راولپنڈی میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا۔

    مزید پڑھیں : عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تمام صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ مارچ کینسل نہ کرتا تو اگلے دن تباہی ہونا تھی اسی لیے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے، ملک میں تباہی مچانے سے بہتر ہے ہم اس نظام کا حصہ نہ رہیں۔

  • واقعہ قابل مذمت ہے، زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں، شہباز شریف

    واقعہ قابل مذمت ہے، زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں، شہباز شریف

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گولی لگنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے غم و غصے کا اظہار کیا اور فوری طور پر واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ گوجرانولہ، اللہ والا چوک میں فائرنگ کے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔

    عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، میں نے وزیرداخلہ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں، وفاقی حکومت پنجاب حکومت کو سیکیورٹی اور تفتیش کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

    علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عمران نیازی محفوظ ہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں عمران نیازی کے کنٹینر پہ وزیر آباد میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور حکومت پنجاب کو تجویز دی کہ انہیں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا چاہیے۔

  • جب تک الیکشن نہیں ہوں گے تحریک چلتی رہے گی، عمران خان

    جب تک الیکشن نہیں ہوں گے تحریک چلتی رہے گی، عمران خان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک الیکشن نہیں ہوں گے ہماری تحریک چلتی رہے گی، آج پاکستان میں قانون کی بالادستی نہیں۔

    یہ بات انہوں نے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان اس لیے بنا تھا کہ اس کا وزیرداخلہ 18قتل کرنے والا قبضہ مافیا ہو اور مفرور مجرم لندن میں بیٹھ کر ملک کے فیصلے کرے۔

    انہوں نے کہا کہ باپ بیٹے کو سزا ہونے والی تھی تو ایک وزیراعظم اور دوسرا وزیر اعلیٰ بن گیا، ہم کبھی ان چوروں کو تسلیم نہیں کریں گے، کیا اس ملک کا مستقبل ان ڈاکوؤں کے ہاتھ میں ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری30 سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے، اس کیخلاف جعلی اکاؤنٹس کے کیسز ہیں، اسحاق ڈار وزیرخزانہ بن گیا جس نے مجسٹریٹ کے سامنےمنی لانڈرنگ کا اعتراف کیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب تک عام انتخابات نہیں ہوں گے ہماری تحریک یونہی چلتی رہے گی، میں نے26سال سیاسی جدوجہد کی ہے، میچ ختم ہونے سے پہلے ہی کپتان کو پتہ چل جاتا ہے کہ اب اگلی ٹیم جیت نہیں سکتی، ہم پاکستان کا میچ اللہ کے فضل سے ہم جیت چکے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں جو بیٹھے ہیں ان کے پلے کچھ نہیں، حقیقی آزادی مارچ دیکھ کراسلام آباد میں بیٹھےلوگوں کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، مجھے پہلی مرتبہ پاکستان میں حقیقی آزادی نظرآرہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستانیوں کی بڑی تعداد بیرون ملک نوکریوں کیلئے جاتی ہے وہ بیرون ملک اس لیے جاتے ہیں کیونکہ وہاں قانون کی بالادستی ہے لیکن آج پاکستان میں قانون کی بالادستی نہیں۔

    صحافیوں کو دھمکیاں کون دیتا ہے، وہ کون لوگ ہیں جو چاہتے ہیں کہ اس ملک میں میڈیا آزاد نہ رہے اور عوام کو قید کرکے آزادی چھیننا چاہتے ہیں چار صحافی اب تک ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔

  • حکومت کسی اور سے نہیں قوم سے خوفزدہ ہے، اسد عمر

    حکومت کسی اور سے نہیں قوم سے خوفزدہ ہے، اسد عمر

    فیصل آباد : تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسدعمر نے کہا ہے کہ حکومت کسی اور سے نہیں قوم سے خوفزدہ ہے، شہبازشریف اب سوچیں حکومت ختم ہونے پرکہاں جائیں گے۔

    فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم لانگ مارچ کے سلسلے میں یہاں آئے ہیں، جو ٹارگٹ لگائے تھے پورے پاکستان میں ان کی تیاری مکمل ہوچکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خان صاحب جہاں سے گزر رہے ہیں وہاں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر بن جاتا ہے، رانا ثناء اللہ نے بہت بڑھکیں ماریں مگر وہ ناکام وزیرداخلہ ثابت ہوئے ہیں۔

    اسدعمر کا کہنا تھا کہ یہ کتنی نااہل پولیس ہے اگر لانگ مارچ میں صرف دو ہزار بندہ ہے تو وہاں ہزاروں اہلکار کیوں لگا دیئے گئے؟ یہ لوگ تمام صوبوں کی پولیس اسلام آباد میں بھیج کر کتنی بار پریس کانفرنسیں کرتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حکمرانوں کو جتنی بری طرح ناکامی ہوئی ہےاس سے ان کو شرم آجانی چائیے، اگر حکومت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے تو الیکشن کروا کیوں نہیں دیتی۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ انہیں پتا ہے کہ الیکشن کروائے تو ساری پی ڈی ایم ہی ختم ہوجائے گی حکومت بہت زیادہ خوفزدہ ہے کسی اور سے نہیں بلکہ وہ قوم سے خوفزدہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ ہماری طرح عوام میں کھڑے ہوکر دکھائیں، یہ ایک منٹ بھی عوام کے ساتھ کھڑے نہیں ہوسکتے۔سچ کے خوف سے میڈیا نمائندوں پر تشدد کیا جارہا ہے ان کیخلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔

    اسد عمر نے بتایا کہ سی پیک میں ہم نے باقاعدہ بتایا تھا عمران خان کے دور میں بہت کام ہوا، سی پیک سے انڈسٹریز بنی ریکارڈ کام ہوا، سڑکیں بھی سی پیک کی سب ہمارے دورمیں بنی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف اب سوچیں حکومت ختم ہونے پرکہاں جائیں گے، نوازشریف کی تو دن بدن پلیٹیں گرتی جارہی ہیں۔

  • شاہ محمود قریشی  لانگ مارچ کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے زخمی

    شاہ محمود قریشی لانگ مارچ کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے زخمی

    گجرانوالہ  : پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی حقیقی آزادی مارچ کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی لانگ مارچ کے دوران زخمی ہوگئے۔

    وہ لانگ مارچ کے مرکزی کنٹینر پر سوار تھے کہ اوپر والے حصے کی جانب جاتے ہوئے اچانک ان کا سر فلائی اوور سے ٹکرا گیا جس سے ان کے سر سے خون بہنے لگا۔

    ترجمان ریسکیو کے مطابق کنٹینر میں موجود ریسکیو عملے نے موقع پر ہی شاہ محمود قریشی کی مرہم پٹی کردی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں ٹھیک ہوں، سر پر معمولی چوٹ آئی ہے، کنیٹنر کے نچلے حصے سے بالائی حصے میں جاتے ہوئے چوٹ لگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنا خطاب ختم کرکے میری خیریت بھی دریافت کی ہے۔

  • حقیقی آزادی مارچ کا وقت قریب آگیا ہے، عمران خان

    حقیقی آزادی مارچ کا وقت قریب آگیا ہے، عمران خان

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ عوام شہباز شریف حکومت سے تنگ آچکے ہیں، حقیقی آزادی مارچ کاوقت آگیا ہے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کے ترجمانوں اور پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ختم ہوگیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر حکمت عملی ترتیب دی گئی اور پارٹی رہنماؤں کو حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ اب حقیقی آزادی مارچ کا وقت قریب آگیا ہے، موجودہ حکمرانوں کا مقصد اپنے مقدمات ختم کرناہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام شہبازشریف حکومت سے تنگ آچکے ہیں، میری کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے میں پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑ رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کوسب سے زیادہ حقیقی آزادی کی ضرورت ہے، اور اس آزادی کی تحریک میں عوام بھرپور انداز میں ہمارا ساتھ دیں گے۔

    اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پوری قوم نے حکومت کا اصلی چہرہ دیکھ لیا، عمران خان نے پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کو آزادی مارچ پر گائیڈ لائنز دیں۔

  • آزادی مارچ میں مظالم نے کشمیر اور فلسطین کی یاد تازہ کردی، عثمان ڈار

    آزادی مارچ میں مظالم نے کشمیر اور فلسطین کی یاد تازہ کردی، عثمان ڈار

    سیالکوٹ : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے موقع پر ہونے والے مظالم نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین جیسے مناظر کی یاد تازہ کردی۔

    اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 25تاریخ کو صحافیوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر رپورٹنگ کی، ایسے مناظر تھے جو مقبوضہ کشمیر یا فلسطین کے محسوس ہورہے تھے۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ ہمارے21کارکنان کو گرفتار کرکے بہیمانہ تشدد کیا گیا،23مئی کو ورکرز اور ہمارے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگ نہیں تھے تو حکومت کو 25ہزار نفری اور ہزاروں شیل چلانے کی کیا ضرورت تھی، اگلے ہفتے ہمارے لیڈر آئندہ کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینگے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت دیگر ورکرز چاہ رہے تھے کہ اس روز دھرنے پر بیٹھیں، ہمارے لیڈر نے کارکنان کی جان بچانے اورخون خرابے سے بچایا۔

    سپرم کورٹ آرڈرز کے باوجود وہی عمل دہرایا گیا تو بھرپور جواب دیا جائیگا، رانا ثناء اللہ کہتا تھا کہ یہ اسلام آباد پہنچ گئے تو میں اپنے باپ کا نہیں، ہم نے اسلام آباد پہنچ کر دکھا دیا اب راناثنا فیصلہ کرے کہ اس کا باپ کون ہے۔

  • آزادی مارچ : پی ٹی آٸی کے رہنما کی عبوری ضمانت منظور

    آزادی مارچ : پی ٹی آٸی کے رہنما کی عبوری ضمانت منظور

    لاہور : سیشن کورٹ لاہور نے آزادی مارچ کے موقع پر ہنگامہ آراٸی کیس میں پی ٹی آٸی کے رہنما زبیر خان نیازی کی گیارہ جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج جاوید اقبال رانجھا نے ایڈیشنل سیشن جج ملک محمد مشتاق کی رخصت کے باعث بطور ڈیوٹی جج عبوری ضمانت منظور کی۔

    اس موقع پر جنرل سیکرٹری پی ٹی ائی زبیر خان نیازی عدالت کے روبرو پیش ہوئے، زبیر خان نیازی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور توڑ پھوڑ کی دفعات کے تحت جو مقدمہ درج کیا ہے وہ بالکل بے بنیاد ہے۔

    زبیر خان نیازی کے وکیل کے مطابق درخواست گزار کسی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث نہیں رہا، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے اعلان پر اسلام آباد لانگ مارچ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

    پولیس نے ان کو تشدد کا نشانہ بنایا،انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ملزم کی ضمانت منظور کرکے پولیس کو گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد زبیر خان نیازی کی50 ہزار مچلکوں کے عوض11 جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس سے مزید ریکارڈ طلب کرلیا۔

  • آزادی مارچ جناح ایونیو پہنچ گیا، ڈی چوک پر رات بھر شیلنگ

    آزادی مارچ جناح ایونیو پہنچ گیا، ڈی چوک پر رات بھر شیلنگ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا آزادی مارچ صبح سویرے جناح ایونیو پہنچ گیا، دوسری طرف ڈی چوک پر رات بھر پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ ہوتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی مارچ کا مرکزی قافلہ عمران خان کی قیادت میں جناح ایونیو پہنچ گیا، جناح ایونیو میں عوام کی بڑی تعداد موجود ہے، عوام امپورٹڈ حکومت نامنظور، اور غلامی نامنظور کے نعرے لگا رہے ہیں۔

    جناح ایونیو میں موجود عوام عمران خان کی قیادت میں مرکزی قافلے کے ساتھ ڈی چوک روانہ ہوں گے، ادھر ڈی چوک پر موجود عوام رات بھر آنسو گیس کی شیلنگ کا سامنا کرتے رہے، صبح ہوتے ہی پولیس کی جانب سے ایک بار پھر شیلنگ کی گئی، تاہم شیلنگ رکتے ہی عوام پھر ڈی چوک پر جمع ہو گئے۔

    ڈی چوک پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی بد ترین شیلنگ کی گئی، جس سے ڈی چوک دھویں کے بادلوں میں چھپ گیا، صبح ہوتے ہی پولیس نے آنسو گیس شیل کی نئی کھیپ منگوا لی تھی، تاہم عوام ڈی چوک پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنے قائد عمران خان کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں۔

    زیرو پوائنٹ اسلام آباد پر عوام عمران خان کے استقبال کے لیے موجود ہیں، صبح ہوتے ہی عوام نے جمع ہونا شروع کیا اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے۔

    عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی ڈی چوک پہنچ گئی ہیں، علیمہ خان آنسو گیس کی شیلنگ میں بھی پھنسیں، انھوں نے کہا ہم ڈی چوک پر حقیقی آزادی قافلے کے استقبال کے لیے موجود ہیں، یہاں آنسو گیس کی بد ترین شیلنگ کی گئی ہے، سانس لینا مشکل ہوگیا ہے۔

    انھوں نے کہا ڈی چوک میں بزرگ موجود ہیں، ریٹائرڈ فوجی افسران بھی بیٹھے ہیں، یہ تحریک انصاف کی نہیں پورے ملک کی بات ہو رہی ہے، اپنے ملک کا خود دفاع کریں گے تو اور کسی کی ضرورت نہیں۔

  • رانا ثنا اللہ نے قوم سے معافی مانگ لی

    رانا ثنا اللہ نے قوم سے معافی مانگ لی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے داخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ روکنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر قوم سے معافی مانگ لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مجھے تو اپنے اوپر افسوس ہورہا ہے کہ عمران خان کے جھوٹ پر اتنا یقین کیا اور انتظامات کیے۔

    انہوں نے کہا کہ ان کا دعویٰ تھا کہ بیس لاکھ لوگوں کا سیلاب اسلام آباد کی طرف بڑھے گا لیکن عمران خان کے ساتھ چار سے پانچ ہزار لوگ ہیں۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بابر اعوان نے سپریم کورٹ سے کہا مرضی کا وینیو دیں ہم جلسہ کرنے کی اجازت دیں گے فساد نہیں پھیلانے دیں گے۔

    مزید پڑھیں: کہاں ہے 20 لاکھ لوگوں کا انقلاب جو ڈی چوک آنا تھا، رانا ثنا اللہ

    اس سے قبل وزیر داخلہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فواد چوہدری 200 افراد کے سیلاب کے ساتھ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے جب کہ 300 افراد پر مشتمل عوامی انقلاب لاہور میں بتی چوک پر آنکھ مچولی کر رہا ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عوام پوچھتی ہے کہ عمران نیازی 3 بج چکے ہیں، کہاں ہے 20 لاکھ لوگوں کا انقلاب جو ڈی چوک آنا تھا۔