Tag: azadi march

  • طالبان کےحملوں کی صلاحیت ختم کردی، آئی ایس پی آر

    طالبان کےحملوں کی صلاحیت ختم کردی، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آرکاکہناہے کہ شدت پسندوں کی پاکستان میں منظم حملے کرنے کی صلاحیت ختم کردی ہے۔

    طالبان کی پاکستان میں منظم حملوں کی صلاحیت ختم کردی،طالبان کی دوسرے درجے کی قیادت ماری گئی یاگرفتارہوگئی۔ یہ کہناتھا ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل عاصم باجوہ کا، برطانوی خبررساں ایجنسی سے انٹرویو کے دوران پاک فوج کے ترجمان نے اس تاثر کوبھی غلط قراردیاکہ شدت پسند دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں، طالبان بکھر جانے کے بعد ادھر ادھر حملے کر رہے ہیں۔

    میجرجنرل عاصم باجوہ نے بتایا کہ ملا فضل اللہ اپنے ساتھیوں سمیت آپریشن ضربِ عضب شروع ہونے سے پہلے ہی فرار ہوچکا ہے اور وہ کنڑ میں موجود ہے، ہم نے افغان حکومت سے اس کی حوالگی کی بارہا درخواست کی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس ایس پی آرکاکہناتھا کہ فوج سیاسی بحران میں کسی فریق کی حمایت نہیں کر رہی نہ فوج سیاست میں ملوث ہے،شروع سےیہی مؤقف ہےکہ یہ سیاسی مسئلہ ہےسیاسی طورپر ہی حل ہوناچاہئے،انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج کسی فریق کا ساتھ دینے کی متحمل نہیں ہو سکتی کیونکہ یہ پوری قوم کی فوج ہے، پہلے کسی فریق کی حمایت کی نہ آئندہ کریں گے۔

  • پولیس حراست سے ملزمان کو چھڑانے کا الزام ،عمران خان کیخلاف مقدمہ درج

    پولیس حراست سے ملزمان کو چھڑانے کا الزام ،عمران خان کیخلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف پولیس حراست سے ملزمان کو چھڑانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف گزشتہ روز پی ٹی آئی کارکنان کو پولیس کی حراست سے چھڑوانے کے الزام میں تھانہ بنی گالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

    مذکورہ مقدمے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے حکومت اور پنجاب پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اوراپنے کپتان پرمقدمہ درج ہونے کے بعد کارکنا ن میں غصے کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

    اپنے مطالبات پر ڈٹے رہنے والے کارکنان وزیراعظم کا استعفیٰ لئے بغیر گھر جانے کو تیار نہیں ہیں ۔پی ٹی آئی کے کارکنان کا کہنا ہے نیا پاکستان بنا نے کیلئے ہر ظلم وستم کا ڈٹ کے سامنا کریں گے۔

  • فوج ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ دارہے، خورشید شاہ

    فوج ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ دارہے، خورشید شاہ

    اسلام آباد: سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وہ آرمی چیف کے شکرگزار ہیں کہ انہوں امپائر کی انگلی اٹھنے کے بیان  کا نوٹس لیا۔

    پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نےکہا کہ افواج پاکستان کوبدنام کرنے کی کوشش کی گئی، آرمی چیف کا شکرگزار ہوں،امپائر کی انگلی اٹھنے کے بیان کا نوٹس لیا فوج ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ دارہے۔

    انہوں کا کہنا تھا کہ ہم بات چیت میں ایسی کوئی بات نہیں مانیں گے جو خلاف آئین ہو، اسلام آباد میں لوگ پریشان ہیں،امن قائم کرناحکومت کا کام ہے۔

    خورشید شاہ نے کہا کہ لوگوں کے گھروں میں ماتم ہے اور دھرنے والے خوشیاں منارہے ہیں، دھرنے والوں سے بات چیت کرنا حکومت کا کام ہے، سیلاب پر سیاست نہیں کرنا چاہتے، قومی اداروں کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہئے۔

  • نوازشریف جوچاہیں کرلیں نیا پاکستان بن کررہے گا، عمران خان

    نوازشریف جوچاہیں کرلیں نیا پاکستان بن کررہے گا، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف جو چاہیں کرلیں نیا پاکستان بننے کا وقت آگیا ہے۔

    عمران خان اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا ء سے خطاب کر رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ مصنوعی جمہوریت نہیں چاہتے، بلکہ ان ظالموں سے آزادی چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو جیل میں ڈال کرڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ جب نیا پاکستان بنے گا تو وہ حکمرانوں کو احتساب کے کٹہرے میں لا کردم لیں گے۔

    انہوں نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو بھی تنبیہہ کی کہ وہ نوجوانوں پرجو ظلم کررہے ہیں شہبازشریف انہیں اس کی سزا سےنہیں بچاسکتے۔

    انہوں نے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرکے کہا کہ انہیں بھی معاف نہیں کیا جائے گا، وہ آئندہ الیکشن میں ایک سیٹ جیت کر دکھادیں۔

    انہوں نے عافیہ صدیقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں کسی نے میری مدد نہیں کی اوراگرکسی نے مدد کی تو ایک برطانوی صحافی نے مدد کی۔

    عمران خان نے یہ بھی کہا کہ میں کسی کے اشارے پر نہیں آیا ہوں زندگی میں جو بھی کیا اپنے پیروں پرکھڑے ہوکرکیا، بیرون ِ ملک پیسہ کمایا لیکن سب کچھ پاکستان میں ہے۔

    انہوںمنے سانحہِ ماڈل ٹاؤن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بے شرمی کی انتہا ہوگئی کہ عام لوگوں کا قتل ِعام کیا گیا ، عدالت نے حکمرانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی حکم دے دیا پھر بھی یہ لوگ استعفیٰ نہیں دیتے۔ انہوں نے عورتوں اور بچوں پرآنسو گیس کے شیل فائر کئے۔

    انہوں دھرنے کے شرکے سے وعدہ لیا کہ ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق ٹیکس دے گا، امیروں سے زیادہ ٹیکس لیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر ِ اعظم ، وزیر ِ اعلیٰ اور گورنرہاؤس ختم کردئے جائیں گے، بہترین ٹیم منتخب کی جائے گی۔

  • اسلام آباد:کارکنوں کی گرفتاری پراحتجاج، اعظم سواتی،عندلیب عباس گرفتار

    اسلام آباد:کارکنوں کی گرفتاری پراحتجاج، اعظم سواتی،عندلیب عباس گرفتار

    اسلام آباد: پولیس اور تحریکِ انصاف کے ورکرز ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے، احتجاج ختم کرنے پر پولیس نے تحریکِ انصاف خیبر پختونخواہ کے صدر اعظم سواتی اورعندلیب عباس کو بھی گرفتار کرکے تھانہ مارگلہ منتقل کردیا ہے، جس کے بعد کارکنوں کی بڑی تعداد تھانہ مارگلہ کے باہر بھی جمع ہونا شروع ہوگئی ہے۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے ڈی جے بٹ اوردیگر گرفتار کارکنان کوعدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ڈی جے بٹ سمیت تحریکِ انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کوجوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا، جس کے بعدعدالت کے احاطے میں جمع کارکنان نے احتجاج شروع کردیا۔

    اسلام آباد میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار پاکستان تحریک انصاف اورعوامی تحریک کے کارکنوں کو کہچری میں پیش کیا گیا، اس موقع پر پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماء عارف علوی،عندلیب عباس اوراعظم سواتی سمیت تحریکِ انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔ جیل بھیجے گئے افراد میں پی ٹی آئی دھرنے میں میوزک کا اہتمام کرنے والے ڈی جے بٹ بھی شامل ہیں۔

    ڈی جے بٹ سمیت دیگر کارکنان کی جیل منتقلی پر پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس وین کو روک لیا اور گاڑیوں کے پہیوں سے ہوا نکال دی، جس کے بعد کچہری کے باہرافراتفری مچ گئی، کارکنان کا مؤقف ہے کہ کسی صورت کارکنوں کو اڈیالہ جیل نہیں جانے دیں گے۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماء عارف علوی نے پی ٹی آئی کارکنوں کی عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا ہے کہ اگر جج تین گھنٹوں کے اندر نہیں آئے تو وین کے تالے توڑ کر گرفتار قیدیوں کو نکال لیا جائے گا۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں ہمیں ڈرا نہیں سکتیں، مجسٹریٹ کے حکم کے بغیر کارکنوں کو وین میں ڈال کر لے جایا جارہا ہے جبکہ ہم چاہتے ہیں تمام کام قانونی طریقے سے ہو۔

    اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت دفعہ 5 سے زائد افراد کا اجتماع ممنوع ہے، ہمیں سیاست سے کوئی غرض نہیں لیکن غیر قانونی احتجاج کو روکنا پولیس کا فرض ہے،  اگر احتجاج ختم نہ ہوا تو ایک ایک کو گرفتار کریں گے۔

    دوسری جانب  تحریکِ انصاف کے رہنماء عارف علوی نے گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے، پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کی مڈ بھیڑ میں پولیس وین میں قید ورکرز بے ہوش بھی ہوئے ہیں۔

    ۔

  • پنجاب پولیس کا پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کارکنان کیخلاف کریک ڈاؤن

    پنجاب پولیس کا پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کارکنان کیخلاف کریک ڈاؤن

    پنجاب: پولیس نے تحریکِ انصاف کے جشن کو روکنے کیلئے سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے، دوسری جانب عوامی تحریک نے بھی کارکنان کی گرفتاریوں کیخلاف حکومت سے مذاکرات معطل کردیئے ہیں۔

    تحریکِ انصاف کے جشن کو روکنے کیلئے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، راولپنڈی میں دو روز کیلئے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرکے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    اسلام آباد جانے والی تمام رابطہ سڑکوں کوکنٹینر لگا کربند کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    لاہور پولیس نے بغیر وارنٹ چھاپہ مار کرتحریکِ انصاف پنجاب کے ڈپٹی سیکریڑی اطلاعات اشتیاق ملک سمیت متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے۔ میانوالی سے پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے ڈیڑھ سو سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے دعویٰ کیا ہےکہ صوبے بھر سے دو ہزار سے زائد کارکن گرفتار کیے گئے ہیں، اسی طرح کوئٹہ سے آنے والے پی ٹی آئی کے چالیس گاڑیوں کے قافلے کو ڈیرہ اسماعیل خان کے مقام پر روک دیا گیا ہے، انکا کہنا تھا کہ گرفتاریوں کے باوجود لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔

    دوسری جانب پولیس نے مبینہ طور پر سرکاری ٹی وی پر حملے کیخلاف ایکشن کرتے ہوئے پی اے ٹی کے درجنوں کارکنان کوحراست میں لے لیا ہیں، کارکنوں کی گرفتاریوں پر پی اے ٹی نے حکومت سے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

  • پی ٹی آئی کےدھرنے سےپکڑے گئے 2مشکوک افراد پولیس اہلکار نکلے

    پی ٹی آئی کےدھرنے سےپکڑے گئے 2مشکوک افراد پولیس اہلکار نکلے

    اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے دھرنے سے پکڑے گئے دو مشکوک افراد پولیس اہلکار نکلے۔

    اسلام آباد ڈی چوک پرتحریکِ انصاف کے کارکنان نے دھرنے سے پکڑے گئے دو مشکوک افراد کو تسلی کے بعد رہا کردیا ہے، پکڑے گئےافراد میں سے ایک کا تعلق اسپیشل برانچ جبکہ دوسرا اسلام آباد پولیس کا اہلکار تھا۔

    تحریکِ انصاف کے کارکنوں کی جانب سے چھوٹے جانے کے بعد اہلکاروں نے میڈیا کو بتایا کہ ان پر تشدد نہیں کیا گیا۔

    پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا تھا کہ پکڑے گئے افراد وائر لیس پر جلسے سے متعلق اطلاعات فراہم کررہے تھے، جنہیں مشکوک سمجھ کر پکڑ لیا گیا تھا، جنہیں سروس کارڈ دیکھنے کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔

  • مذاکرات کا عمل مکمل ہوگیا ہےاب کسی نشست کی ضرورت نہیں، شاہ محمود قریشی

    مذاکرات کا عمل مکمل ہوگیا ہےاب کسی نشست کی ضرورت نہیں، شاہ محمود قریشی

    کراچی: شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا عمل مکمل ہوگیا ہے اب کسی نشست کی ضرورت نہیں۔

    کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےپاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اب کسی مذاکراتی نشست کی ضرورت نہیں ہے، گیند حکومت کی کورٹ میں ہے۔ فیصلہ حکومت کو کرنا ہے، ہم یہ دیکھیں گے کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے، عمران خان دھرنے کے بعد کراچی اور سندھ کا تفصیلی دورہ کریں گے، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے کراچی آپریشن کی قلعی کھول دی ہے،معاشرے کو تقسیم کرکے بھائی کو بھائی سے لڑایا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دورہ کراچی کا مقصد مفتی نعیم اور علامہ عباس کمیلی سے تعزیت کرنا ہے۔ سیلاب کے حوالے سےانہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے حکومت کو پیشگی اطلاع دے دی تھی کہ ملک میں مون سون کی تیز بارشوں اور سیلابی صورت حال کا سامنا ہوسکتا ہے مگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس پیشن گوئی کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بچاﺅ کے لئے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے پوری قوم کو آگے آنا ہوگا، مذاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک جانب تو اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی ٹیم ہم سے مذاکرات کررہی ہے، گزشتہ روز بھی حکومتی ٹیم سے ہمارے مذاکرات ہوئے لیکن مذاکرات کے بعد کیا نتیجہ نکلا یہ قوم نے دیکھ لیا، ہمارے اسلام آباد دھرنے کے ساﺅنڈ سسٹم کے انچارج ڈی جے بٹ سمیت مختلف اضلاع سے ہمارے کاکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت پر بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے دھرنے آئینی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے پر ہم قائم ہیں، حکومت کہتی ہے کہ استعفے کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوگی لیکن ہم کہتے ہیںکہ ہمارا مطالبہ جائز ہے۔

  • پاک فوج کوسیاست میں ملوث کرنے پرافسوس ہوا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    پاک فوج کوسیاست میں ملوث کرنے پرافسوس ہوا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ ملالہ پرحملے کرنے والے دہشت گردوں کے گروہ کوگرفتارکرلیا گیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نےکہا کہ ملالہ پرحملہ کرنےوالاشوریٰ نامی گروہ مولوی فضل اللہ کی ہدایت پرعمل کرتاتھاجنہیں گرفتارکرلیاگیاہے، انہوں نے بتایا کہ مولوی فضل اللہ پاکستان میں ہونے والے حملوں میں بھی ملوث ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نہ صرف زیارت ریذیڈنسی پرحملہ کرنے والے ملزمان کوگرفتارکیا گیا ہےبلکہ کوئٹہ اورڈاکیارڈ پرحملے بھی ناکام بنائےگئے ہیں، پاک فوج کے ترجمان نے حملے ناکام بنانے کوانٹیلی جنس کی اہم کاوش قرار دیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک فوج واضح طورپرملک میں جمہوریت کی حمایت کرچکی ہے،پاک فوج کوسیاست میں ملوث کرنے پرافسوس ہوا،جبکہ مسلح افواج سیلاب زدگان کی مدد کیلئے متاثرہ علاقوں میں موجود ہے اورریلیف کی ہرممکن کاوشیں جاری ہیں۔

    جنرل عاصم باجوہ کاکہناتھا کہ آپریشن ضرب ِعضب کامیابی سے جاری ہے، آپریشن دو محاذوں پر چل رہا ہے اوراب تک دتہ خیل اور میران شاہ کلیئر ہو چکے ہیں، شمالی وزیرستان کو غیر ملکی دہشتگردوں نے یرغمال بنایا ہواتھا، جبکہ آپریشن ضربِ عضب کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے ایک میکینزم بنایا گیا تھا اوراب تک 134خطرناک دہشتگردپکڑے جاچکے ہیں۔

    فوج ہر جگہ الرٹ ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے یا پکڑے جانے تک آپریشن جاری رہے گا، ابھی تک 2200 سے زائد آپریشن کئے جا چکے ہیں اور یہ انٹیلیجنس کی کامیابی ہے کہ بعد میں کئے گئے آپریشن میں تخریب پسن عناصر  بہت بڑی تعداد میں پکڑے گئے ہیں۔

  • اسلام آباد دھرنوں میں 5سے 6دہشتگرد شامل ہوگئے ہیں ، وزارتِ داخلہ

    اسلام آباد دھرنوں میں 5سے 6دہشتگرد شامل ہوگئے ہیں ، وزارتِ داخلہ

    اسلام آباد:حساس اداروں کی جانب سے وزارتِ داخلہ کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریکِ انصاف کے دھرنوں میں دہشتگرد شامل ہوگئے ہیں۔

    اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ ریڈزون کے اطراف میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    حساس اداروں نے وزارتِ داخلہ کو دہشتگردوں کی گفتگو سے آگاہ کردیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے دہشتگرد پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے دھرنوں کو بڑا نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سیاسی جرگے سے ملاقات کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ داخلہ ماحول خراب نہ کرے،  مذاکرات کے دوران اس طرح کی جملے بازی سے اجتناب کیا جائے تو بہتر ہے۔

    اےآروائی نیوز کے نمائندے اظہر بن کریم کے مطابق چھ دہشت گرد جن کا تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ سے بتایا جارہا ہے، دونوں دھرنوں میں داخل ہوچکے ہیں اور وہ دونوں دھرنوں میں دہشت گردی کی  بڑی واردات کرنا چاہتے ہیں۔

    سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق تحریک ِ انصاف اورعوامی تحریک کی جانب سے دیئے گئے دھرنوں کی انتظامیہ کو مطلع کردیا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع  سے موصول ہونے والی مصدقہ اطلاعات کے مطابق دھرنوں میں ممکنہ طور پر دہشت گردی کی بڑی کاروائی ہوسکتی ہے اوراس میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد بھی موجود ہیں، حساس اداروں نے یہ معلومات ٹیلی فون کالز کے ذریعے حاصل کی ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک ِ انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں جاری دھرنوں کو تین ہفتے سے زائد وقت گزرچکاہے ، دھرنوں کی حفاظت کے لئے دونوں جماعتوں نے اپنے کارکنان پر مشتمل کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہوئی ہیں۔