Tag: Azerbaijan

  • ڈونلڈ ٹرمپ کی مختلف ممالک کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے قائل کرنے کی کوششیں

    ڈونلڈ ٹرمپ کی مختلف ممالک کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے قائل کرنے کی کوششیں

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے آذربائیجان اور دیگر متعدد وسطی ایشیائی ممالک کو ابراہم ایکارڈ میں شامل کرنے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں اور مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ آذربائیجان کے ساتھ فعال انداز میں بات چیت کر رہی ہے اور انتظامیہ کو توقع ہے کہ ان کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات گہرے ہوں۔

    ذرائع کے مطابق آذربائیجان اور دیگر وسطی ایشیائی ممالک کے اسرائیل کے ساتھ پہلے ہی طویل عرصے سے تعلقات ہیں اور اس معاہدے میں شامل کرنے کا مقصد نمائشی ہے تاکہ تجارت اور عسکری تعاون سمیت تعلقات مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

    رپورٹس کے مطابق آذربائیجان کے حوالے سے ایک اور اہم نکتہ اس کا پڑوسی ملک آرمینیا کے ساتھ کشیدہ تعلقات ہیں کیونکہ ٹرمپ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان امن معاہدہ کروانے پر غور کر رہے ہیں تاہم اس کے لیے ابراہم ایکارڈ میں شامل ہونے کی شرط رکھی گئی ہے۔

    امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار نے وسطی ایشیائی ممالک کے نام تو نہیں بتائے تاہم اُن کا کہنا تھا کہ ابراہم ایکارڈ کی توسیع صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بنیادی اہداف میں سے ایک ہے۔

    مشرق وسطیٰ کے امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کی نیتن یاہو سے ملاقات

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں 2020 اور 2021 میں ابراہم ایکارڈ پر دستخط کیے گئے تھے اور اس معاہدے کے تحت 4 مسلم ممالک نے امریکی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کیے تھے۔

  • آذربائیجان اور آرمینیا میں تنازع کے حل کیلئے مذاکرات کا آغاز

    آذربائیجان اور آرمینیا میں تنازع کے حل کیلئے مذاکرات کا آغاز

    متحدہ عرب امارات میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان چار دہائیوں سے جاری تنازع کے امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات ہوئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق آرمینیا حکومت کا کہنا ہے کہ ابوظبی میں آرمینیا کے وزیراعظم نکول پشینیان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک میں دوطرفہ مذاکرات اور اعتماد سازی کے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

    واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان نگورنو کاراباخ کے سرحدی علاقے پر 1980 سے تنازع چلا آرہا ہے۔

    روسی صدر پیوٹن کی بڑی پیشکش:

    روسی صدر پیوٹن نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے میں ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

    صدر ولادیمیر پیوٹن نے باکو کے دورے میں کہا کہ ماسکو یوکرین میں جنگ کے باوجود آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن مذاکرات میں ثالثی کے اپنے تاریخی کردار کے لیے اب بھی پُرعزم ہے۔

    یہ روسی صدر کا آذربائیجان کا دو روزہ دورہ تھا جب کہ 2022 میں ماسکو کے یوکرین پر حملہ کرنے کے بعد اور ستمبر کے حملے میں باکو نے نگورنو کاراباخ انکلیو کو نسلی آرمینیائی علیحدگی پسندوں سے واپس لینے کے بعد تیل کی دولت سے مالا مال ملک میں ان کا پہلا دورہ تھا۔

    روس کئی دہائیوں سے قفقاز کے دشمنوں کے درمیان روایتی ثالث رہا ہے جو دونوں سابق سوویت جمہوریہ ہیں لیکن پچھلے دو سالوں میں، ماسکو اپنی یوکرین مہم سے الجھا ہوا ہے اور مغربی طاقتیں ثالثی میں بڑا کردار ادا کر رہی ہیں۔

    آرمینیا نے کئی علاقے آذربائیجان کو واپس کر دیے

    پیوٹن نے باکو میں آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کے ساتھ مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ وسیع پیمانے پر جانا جاتا ہے کہ روس کو بھی بحرانوں کا سامنا ہے سب سے پہلے یوکرائنی راستے پر، تاہم جنوبی قفقاز کے واقعات میں روس کی تاریخی شمولیت، یہاں تک کہ حالیہ برسوں کے دوران بھی یہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ جہاں فریقین کی ضرورت ہو، بلا شبہ شرکت کریں۔

  • طیارہ حادثے پر روس سے معافی مانگنے کا مطالبہ

    طیارہ حادثے پر روس سے معافی مانگنے کا مطالبہ

    باکو: آذربائیجان طیارہ حادثے پر آذربائیجان کے رکن پارلیمنٹ نے روس سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قازقستان میں طیارے حادثے پر آذربائیجان کے رکن پارلیمنٹ نے روس سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے، رکن پارلیمنٹ راسم موسیٰ بیکوف نے کہا کہ روس کو طیارہ حادثے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

    راسم موسیٰ بیکوف نے کہا روس کو طیارہ حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی اور متاثرین کو معاوضے کا اعلان کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ آذربائیجان ایئرلائنز نے حادثے کی وجہ بیرونی مداخلت کو قرار دے دیا ہے، آذربائیجان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ طیارہ بیرونی مداخلت کا نشانہ بنا، طیارے کو باہر سے نقصان پہنچا۔

    دوسری جانب ترجمان روسی پارلیمنٹ دمیتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں کسی قسم کا تبصرہ نہیں کر سکتے، معلومات صرف روسی ایوی ایشن حکام کی طرف سے آ سکتی ہیں۔

    طیارہ گرنے سے قبل کلمہ پڑھنے والا مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا، ویڈیو وائرل

    تاہم موسیٰ بیکوف نے کہا کہ طیارہ روسی سرزمین پر، خاص طور پر گروزنی کے آسمان پر مار گرایا گیا، اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، انھوں نے زور دے کر کہا کہ ذمہ داروں کو مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا چاہیے، بہ صورت دیگر دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

    آذربائیجان ایئر لائن کا مسافر طیارہ 25 دسمبر کو باکو سے چیچنیا کے شہر گروزنی جاتے ہوئے قازقستان کے شہر اکتاو میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارہ روسی میزائل لگنے سے گر کر تباہ ہوا۔

  • آذربائیجان : طیارہ گرنے سے پہلے کیا واقعہ پیش آیا؟ عینی شاہد کا انکشاف

    آذربائیجان : طیارہ گرنے سے پہلے کیا واقعہ پیش آیا؟ عینی شاہد کا انکشاف

    آذربائیجان ایئر لائنز کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد کئی سوالات نے جنم لے لیا، زندہ بچنے والے ایک مسافر نے اہم انکشاف کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایک مسافر نے انکشاف کیا ہے کہ طیارہ گرنے سے پہلے ایک زوردار دھماکہ ہوا تھا۔

    مذکورہ مسافر سبحان کل رحیموف کا دعویٰ ہے کہ گروزنی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کی درخواست کرنے کے بعد ایک زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی تھی۔

    مسافر نے روئٹرز کو بتایا کہ طیارہ اپنی ابتدائی منزل جنوبی روس کے شہر گروزنی کی جانب رواں دواں تھا کہ اچانک ایک زوردار دھماکہ سے گونج اٹھا۔

    مسافر سبحان کل رحیموف نے اسپتال سے بات کرتے ہوئے روئٹرز کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ سننے کے بعد انہوں نے دعائیں پڑھنی شروع کر دیں مجھے لگا کہ طیارہ ٹوٹ کر بکھر جائے گا، اور زندگی کے خاتمے کے لیے خود کو تیار کرلیا۔

    اس کے علاوہ حادثے کے شکار ہونے والے مسافر طیارے کے بارے میں یہ اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ طیارہ مبینہ طور پر میزائل حملے کا نشانہ بنا ہے، روسی یا چیچن فورس کے چلائے گئے میزائل کے فضا میں پھٹنے کے باعث اس کے ٹکڑے مسافر طیارے کے پچھلے حصے پر لگے ہیں۔

    دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ ہمیں حادثے کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ کا انتظار ہے تاکہ حقیقت کا پتا چل سکے۔

    آذربائیجان کی تحقیقات کے ابتدائی نتائج سے واقف چار ذرائع نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ حادثہ روسی فضائی دفاعی نظام کی غلطی سے پیش آیا جو غلطی سے اس طیارے کو نشانہ بنا بیٹھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز آذربائیجان سے روس کے لیے پرواز کرنے والا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں 39 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے تھے، بدقسمت طیارے میں عملے سمیت 67 افراد سوار تھے، طیارہ باکو سے گروزنی چیچنیا کی طرف محو پرواز تھا۔

  • طیارہ گرنے سے قبل کلمہ پڑھنے والا مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا، ویڈیو وائرل

    طیارہ گرنے سے قبل کلمہ پڑھنے والا مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا، ویڈیو وائرل

    باکو: آذربائیجان کے مسافر طیارے کی تباہی سے قبل کلمہ پڑھنے والا مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق قازقستان میں گر کر تباہ ہونے والی آذربائیجان ایئر لائن کی پرواز میں سوار مسافر کو اللہ نے محفوظ رکھا، حادثے میں انھیں چہرے پر صرف معمولی خراشوں ہی آئیں۔

    معجزانہ طور پر بچ جانے والے مسافر کی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں، ایک ویڈیو میں وہ تباہی سے قبل کلمہ پڑھ رہے ہیں اور انھوں نے ویڈیو بنا کر اپنی بیوی کو بھیجی، دوسری ویڈیو میں وہ طیارہ گرنے کے بعد کے مناظر دکھا رہے ہیں۔

    مسافر نے دوران پرواز، طیارہ گرنے سے چند منٹ قبل اپنی اہلیہ کے لیے ایک ویڈیو ریکارڈ کی تھی، ویڈیو میں انھیں کلمہ شہادت کا ورد کرتے اور تکبیریں پڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    مسافر طیارہ گرنے سے قبل کی ویڈیو، مسافر کلمہ پڑھتے نظر آ رہے ہیں

    واضح رہے کہ گزشتہ روز آذربائیجان سے روس کے لیے پرواز کرنے والا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں 39 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے تھے، بدقسمت طیارے میں عملے سمیت 67 افراد سوار تھے، طیارہ باکو سے گروزنی چیچنیا کی طرف محو پرواز تھا۔

    آذر بائیجان طیارہ حادثہ، میزائل حملے کا انکشاف

    اب حادثے کے شکار ہونے والے اس مسافر طیارے کے بارے میں اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ طیارہ مبینہ طور پر میزائل حملے کا نشانہ بنا ہے، روسی یا چیچن فورس کے چلائے گئے میزائل کے فضا میں پھٹنے کے باعث اس کے ٹکڑے مسافر طیارے کے پچھلے حصے پر لگے ہیں۔

  • مسافر طیارہ گرنے سے قبل کی ویڈیو، مسافر کلمہ پڑھتے نظر آ رہے ہیں

    مسافر طیارہ گرنے سے قبل کی ویڈیو، مسافر کلمہ پڑھتے نظر آ رہے ہیں

    باکو: آذربائیجان کے مسافر طیارے کے گر کر تباہ ہونے سے پہلے اندر کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آذربائیجان سے روس کے لیے پرواز کرنے والا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں 39 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے تھے، بدقسمت طیارے میں عملے سمیت 67 افراد سوار تھے، طیارہ باکو سے گروزنی چیچنیا کی طرف محو پرواز تھا۔

    اب حادثے کے شکار ہونے والے اس مسافر طیارے کے بارے میں اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ طیارہ مبینہ طور پر میزائل حملے کا نشانہ بنا ہے، روسی یا چیچن فورس کے چلائے گئے میزائل کے فضا میں پھٹنے کے باعث اس کے ٹکڑے مسافر طیارے کے پچھلے حصے پر لگے ہیں۔

    تباہی سے قبل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں نہ صرف طیارے کے اندر بالکل باہر سے تباہی کے مناظر بھی ریکارڈ ہوئے ہیں، مسافر طیارہ گرنے سے قبل کی ویڈیو میں مسافر آخری لمحات میں کلمہ پڑھتے نظر آ رہے ہیں۔

    آذر بائیجان طیارہ حادثہ، میزائل حملے کا انکشاف

    روسی میڈیا کے مطابق طیارے کے اندر کی ویڈیو ایک مسافر نے بنائی تھی جو اس نے اپنی بیوی کو اس وقت بھیجی جب اسے پتا چل گیا کہ طیارہ اب گرنے والا ہے۔

    طیارے میں لوگ دعائیں مانگ رہے ہیں، جب کہ آکسیجن ماسک باہر نکل کر لٹکتے نظر آ رہے ہیں، طیارہ تباہ ہونے کے بعد کے اندرونی مناظر بھی دل دہلاتے ہیں، جب زخمی مسافر درد سے کراہتے اور مدد طلب کرتے ہیں۔

  • آذربائیجان کے صدر الہام علیئوو آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے

    آذربائیجان کے صدر الہام علیئوو آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے

    اسلام آباد: آذربائیجان کے صدر الہام علیئوو آئندہ ہفتے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق آذربائیجان کے صدر رواں ماہ کی 11 اور 12 تاریخ کو پاکستان کا دورہ کریں گے، ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔

    آذربائیجان کے صدر کو دورے کی دعوت وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ باکو کے دوران دی تھی، صدر الہام علیئوو اپنے ہم منصب آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے مابین متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں، آذربائیجان کے صدر کے دورے کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہوں بیراموو نے مئی میں دورہ پاکستان کیا تھا۔

    اس دورے میں متوقع مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ پاکستان میں موجود ہیں، سمیر شریفوو کل وطن واپس روانہ ہوں گے۔

    دونوں ممالک میں باہمی ترجیحی تجارت کے معاہدے کے حوالے سے خاصی پیش رفت ہو چکی ہے، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی پاکستان آذربائیجان ترجیحی تجارت کے معاہدے پر دستخط متوقع ہیں، دونوں ممالک میں ترجیحی تجارتی معاہدے، بزنس ٹو بزنس، عوامی سطح کے روابط، سیاحت، آئی ٹی، تجارت اور سرمایہ کاری پر بات چیت ہوگی۔

    صدر الہام علیئوو کے دورہ پاکستان میں مختلف وزارتوں کی جانب سے آذربائیجان کو 2 سے 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے مواقع پر پیشکش کی جائے گی، گزشتہ برس 55 ہزار پاکستانیوں نے آذربائیجان کا دورہ کیا تھا، دونوں ممالک میں سیاحت کے فروغ پر بھی دستیاب مواقع اور وسائل میں بہتری پر کام جاری ہے۔

  • آذربائیجان کی ایئرلائن نے پاکستان کے لیے فلائٹس آپریشن شروع کر دیا

    آذربائیجان کی ایئرلائن نے پاکستان کے لیے فلائٹس آپریشن شروع کر دیا

    کراچی: آذربائیجان کی قومی ایئر لائن نے پاکستان کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیے آذربائیجان ایئر لائنز کی پروازوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، پہلی پرواز لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئی۔

    لاہور ایئرپورٹ پر غیر ملکی پرواز کے مسافروں کا استقبال وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی ایئر مارشل (ر) فرحت حسین ملک نے کیا، اور سول ایوی ایشن کی جانب سے طیارے کو واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا، اس موقع پرآذربائیجان کے سفیر بھی موجود تھے، اور استقبال کے لیے لاہور ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور اور باکو کے درمیان ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ ہوں گی، آذربائیجان ایئر لائنز کی اسلام آباد اور کراچی کے لیے بھی باکو سے ہفتہ وار 2 پروازیں جلد شروع کر دی جائیں گی۔

    مشیر برائے ہوا بازی فرحت حسین ملک نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں ہوا بازی کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا ر رہے ہیں، آذر بائیجان سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں، فلائٹ آپریشن شروع ہونے سے مسافروں کو سفری سہولت کے ساتھ زر مبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔

  • آذربائیجان کا نگورنو کاراباخ میں بڑا آپریشن، آرمینیائی فورسز نے سرنڈر کر دیا

    آذربائیجان کا نگورنو کاراباخ میں بڑا آپریشن، آرمینیائی فورسز نے سرنڈر کر دیا

    باکو: آذربائیجان کی جانب سے متنازع علاقے نگورنو کاراباخ میں دہشت گردوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کرنے کے ایک ہی دن بعد آرمینیائی مسلح فورسز نے سرنڈر کر لیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق آذربائیجان کے الگ ہونے والے علاقے نگورنو کاراباخ میں آرمینیائی علیحدگی پسند فورسز نے بدھ کے روز ہتھیار ڈال دیے اور جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر دی، باکو کی جانب سے اپنے علاقے پر مکمل کنٹرول بحال کرنے کے لیے گزشتہ روز ہی مسلح کارروائی شروع کی گئی تھی۔

    آذربائیجان کے فوجی آپریشن میں 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے، 7 آذری فوجی بھی مارے گئے، آذربائیجان کی فوج نے 60 جنگی پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کیا، 20 فوجی گاڑیاں، 40 توپ خانے، طیارہ شکن میزائل سسٹم اور 6 الیکٹرانک وار فیئر اسٹیشن تباہ کر دیے۔

    آذری حکام نے وارننگ دی تھی کہ آرمینیائی علیحدگی پسند ہوش میں آ جائیں، ان کے پاس اب کوئی راستہ نہیں، غیر قانونی حکومت ختم کر کے ہتھیار ڈال دیں اور سفید جھنڈا لہرا دیں۔ آذربائیجان کی فوج کی طرف سے کارروائی شروع کرنے کے چوبیس گھنٹے بعد ہی نسلی آرمینیائی افواج نے جنگ بندی کے لیے روسی شرائط پر اتفاق کر لیا۔

    کاراباخ افواج نے جو اہم مطالبات تسلیم کیے ہیں ان میں سے ایک مکمل طور پر غیر مسلح ہونا بھی ہے، معاہدہ بدھ کو دوپہر 1 بجے سے نافذ العمل ہو گیا ہے، خطے اور وہاں رہنے والے نسلی آرمینیائی باشندوں کے مستقبل پر بات چیت جمعرات کو شروع ہوگی۔ علیحدگی پسندوں نے سرنڈر کرنے کے باوجود دہائی دیتے ہوئے کہا ’’باکو فوج نے ہمارے دفاع حصار کو توڑ کر متعدد اہم مقامات پر قبضہ کیا اور اس طرح روسی امن دستوں نے جو شرائط پیش کیں ہمیں انھیں ماننے پر مجبور کر دیا گیا، اور دنیا نے کچھ نہیں کیا۔

    کاراباخ حکام کا کہنا ہے کہ آذربائیجانی فوج کی جانب سے ’’انسداد دہشت گردی‘‘ کی کارروائیوں کے آغاز کے بعد سے کم از کم 32 افراد ہلاک اور 200 زخمی ہو چکے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کاراباخ آذربائیجان کا حصہ رہے گا، علاقے کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی سازش کو ترکیہ کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔

  • پاکستانی کوہ پیما کی جان بچانے والے آذربائیجانی اسرافیل اشورلی کا یوم آزادی پر پیغام

    پاکستانی کوہ پیما کی جان بچانے والے آذربائیجانی اسرافیل اشورلی کا یوم آزادی پر پیغام

    اسلام آباد: پاکستانی کوہ پیما کی جان بچانے والے آذربائیجانی اسرافیل اشورلی نے پاکستان کے یوم آزادی پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان سے دل سے پیار کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں پاکستانی کوہ پیما کی جان بچانے والے آذربائیجانی کوہ پیما اسرافیل اشورلی نے یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی پیغام دیا ہے۔

    اسرافیل اشورلی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے تمام پاکستانی دوستوں، بھائیوں اور بہنوں، اور پاکستانی عوام کو یوم آزادی مبارک دی، انہھں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوشی سے جیو، میں پاکستان سے دل سے پیار کرتا ہوں، مجھے یہاں رہنے والے مہربان اور مدد کا جذبہ رکھنے والے لوگوں سے پیار ہے۔

    انھوں نے مزید کہا مجھے پاکستان کے خوب صورت قدرتی مناظر اور پہاڑوں سے پیار ہے، میری خواہش ہے کہ پاکستان میں امن اور خوش حالی ہو، پاکستان اور آذربائیجان بھائی چارہ زندہ باد۔