Tag: #AzharAli

  • اظہرعلی آئندہ کاؤنٹی سیزن کس کلب کی جانب سے کھیلیں گے؟

    اظہرعلی آئندہ کاؤنٹی سیزن کس کلب کی جانب سے کھیلیں گے؟

    لندن: کاؤنٹی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی رنگ لے آئی،سابق کپتان اظہر کا ووسٹر شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب سے دوبارہ معاہدہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ووسٹر شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے آفیشل ٹوئٹر سے جاری ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ اظہر علی دو ہزار تئیس میں بھی ان کے کلب کی نمائندگی کریں گے۔

    ووسٹر شائر کاؤنٹی کے مطابق پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان کی ڈیبیو سیزن میں کارکردگی اچھی رہی، اگلے سیزن میں بھی اظہر ہمارے اوورسیز کھلاڑی ہوں گے۔

    ووسٹر شائر کاؤنٹی کے مطابق اظہر علی نے رواں برس کاؤنٹی کرکٹ چیمپئن شپ کے لیے آٹھ میچز میں 607 رنز بنائے، جس میں نارتھنٹس کے خلاف 130 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔

    یاد رہے کہ اظہر علی کا ووسٹر شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کی جانب سے رواں برس ڈیبیو سیزن تھا، اس سے قبل انہوں نے صرف کاؤنٹی چیمپئن شپ کے فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کیلئے ووسٹر شائر کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔

    اس سے قبل اظہر علی نے آخری بار 2019 میں وائٹ بال کرکٹ انگلینڈ ہی میں کھیلی تھی جہاں انہوں نے سمرسیٹ کی نمائندگی کی تھی۔

  • سینچری بنانے پر اظہر علی کا دلکش انداز ( ویڈیو دیکھیں)

    سینچری بنانے پر اظہر علی کا دلکش انداز ( ویڈیو دیکھیں)

    راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز تجربہ کاربیٹر اظہر علی نے بھی سینچری جڑ دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امام الحق کے بعد اظہر علی نے بھی کینگروز کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سینچری اسکور کرڈالی، اظہر علی کی شاندار اننگز میں 12 چوکے اور 2 بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے۔

    تجربہ کار بیٹر کی یہ ٹیسٹ کرکٹ میں 19ویں سینچری ہے، اظہر علی اب تک پاکستان کی جانب سے بانوے ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں، اپنے ٹیسٹ کیریئر میں انہوں نے 43.39 کی اوسط سے 6855 رنز بنارکھے ہیں ، جن میں 34 نصف سینچری، 3 ڈبل سینچری بھی شامل ہے۔

    سینچری بنانے پر اظہر علی نے پاکستان میں اردو زبان میں نشر کیا جانے والے تاریخی ڈرامہ’ ارطغرل غازی’ کے مرکزی کردار ‘ارطغرل’ کی طرح جشن منایا، ان کی یہ تصاویر اور ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا بھی سلسلہ جاری ہے۔

    اس سے قبل فواد عالم بھی یہ منفرد انداز اختیار کرچکے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنالئے ہیں، امام الحق نے شاندار 157 رنز بنائے، عبد اللہ شفیق 44 بناسکے۔

    وکٹ پر اظہر علی 146 اور کپتان بابر اعظم 29 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ موجود ہیں، کینگروز کی جانب سے نیتھن لیون اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

  • ’اظہر علی کو کرکٹ تعلیم کی ضرورت ہے‘

    ’اظہر علی کو کرکٹ تعلیم کی ضرورت ہے‘

    ابوظہبی: آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اظہر علی مضحکہ خیز انداز میں رن آؤٹ ہوئے تو کھلاڑیوں اور شائقین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیزیز کا آخری میچ کھیلا جارہا ہے جس کا آج تیسرا روز تھا۔

    تیسرے روز انوکھا واقعہ اُس وقت پیش آیا کہ جب اظہر علی نے باؤلر پیٹر سڈل کی گیند پر سلپ میں شارٹ نکالا، گیند تیزی سے باؤنڈری لائن کی طرف جارہی تھی، بال کی اسپیڈ کو دیکھ کر قومی کرکٹ ٹیم کے دونوں بلے باز پر اعتماد انداز میں آدھی پچ پر آئے اور سکون سے بات چیت کرنے لگے۔

    پاکستانی بلے باز نےشارٹ کھیلنے کے بعد غور نہیں کیا کہ امپائر نے باؤنڈری کا اشار ابھی تک نہیں دیا، اسدشفیق اور اظہر علی وکٹ کے درمیان میں آکر مجموعی اسکور میں چار رنز کے اضافے کا جشن منا رہے تھے۔

    پڑھیں: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، تیسرے روز کیا ہوا؟

    اظہر علی کو معلوم نہیں تھا کہ گیند باؤنڈری کے قریب جاکر رک گئی اسی اثناء فیلڈر نے فوراً گیند کو اٹھا کر وکٹ کیپر ٹم پین کی طرف پھینکا تو انہوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسٹمپ اڑائے اور پھر امپائر سے اپیل کی۔

    وکٹ کیپر کی کال سُن کر امپائر نے 64 رنز پر کھیلنے والے اظہر علی کو آؤٹ قرار دیا مگر پاکستانی بلے باز کو اپنے آؤٹ ہونےکا یقین نہیں آیا اور وہ پچ پر کھڑے ہوکر ادھر اُدھر دیکھتے رہے۔

    پاکستانی بلے باز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو شائقین کرکٹ نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور حد سے زیادہ خود اعتمادی پر شدید تنقید بھی کی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جو 66 ٹیسٹ اور 55 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں ان پر صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاید اظہر علی کو یہ بات نہیں معلوم کہ جب تک گیند باؤنڈری لائن سے نہیں ٹکراتی اُس وقت تک چوکا نہیں ہوتا۔ انٹرنیٹ صارفین نے اسد شفیق کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کامینٹیٹر رمیز راجہ نے اظہر علی کے آؤٹ کو انتہا کی بے وقوفی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اس انداز سے تو اسکول کرکٹ کھیلنے والے بچے آؤٹ ہوتے ہیں‘۔

    رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ’انٹرنیشنل کرکٹ میں شاید اس طرح پہلا آؤٹ ہوا، اظہر علی کو کھیل کی تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت ہے‘۔