Tag: b class in jail

  • خواجہ آصف  نے جیل میں سہولتیں مانگ لیں

    خواجہ آصف نے جیل میں سہولتیں مانگ لیں

    لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے جیل میں سہولتیں مانگ لیں اور کہا جیل میں گھر کا کھانا،ہیٹر اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے جیل میں بی کلاس لینے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا، ،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خواجہ آصف سینئررکن پارلیمنٹ ہیں ، ان کوجیل میں گھر کا کھانا،ہیٹر اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خواجہ آصف بزرگ شہری ہیں اس لیےجیل میں دوسرے قیدیوں سے الگ رکھا جائے۔

    یاد رہے 4 روز قبل احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

    واضح رہے نیب نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا تھا، ان کی گرفتاری احسن اقبال کے گھر سے عمل میں لائی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ خواجہ آصف قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر ہیں اور وہ سابق وزیر خارجہ بھی رہے ہیں، خواجہ آصف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 سیالکوٹ 2 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

  • اڈیالہ جیل : نوازشریف اورمریم کو بی کلاس اور قیدی نمبرز الاٹ، یونیفارم آج ملے گا

    اڈیالہ جیل : نوازشریف اورمریم کو بی کلاس اور قیدی نمبرز الاٹ، یونیفارم آج ملے گا

    راولپنڈی : ایون فیلڈ کیس میں گرفتار نواز شریف اور مریم کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بی کلاس اور قیدی نمبرز دے دیئے گئے، آج قیدیوں کا یونیفارم دیا جائیگا۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید کیپٹن (ر) صفدر اور نوازشریف کو جیل انتظامیہ کی جانب سے بی کلاس الاٹ کردی گئی ہے، نواز شریف اورمریم نواز کو آج قیدیوں کایونیفارم دیاجائیگا۔

    اس کے علاوہ اڈیالہ جیل میں مجرم نوازشریف کو عارضی قیدی نمبر3421 اور مریم نواز کو عارضی قیدی نمبر 3422الاٹ کیا گیا ہے۔

    جیل ذرائع کے مطابق دیگر سہولیات میں سونے کے لیے بیڈ، ٹی وی، اخبار، روم کولر اور گھر کا کھانا ملے گا، جیل میں نوازشریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو ایک ہی کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے جہاں تینوں کے کمرے الگ الگ مگر ملاقات ہوسکے گی۔

    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بی کلاس میں اےسی میسر نہیں جبکہ پنکھے کی سہولت موجود ہے، کپڑوں کا سوٹ کیس بھی نواز شریف اور مریم نواز کے حوالے کردیا گیا۔

    مذکورہ سوٹ کیس شریف خاندان کے دیگرافراد کی جانب سے جیل حکام کو دیا گیا تھا، سوٹ کیس کی مکمل تلاشی کے بعد مجرم نوازشریف اور مریم کےسپرد کیا گیا۔

    جیل انتظامیہ نے نوازشریف اور مریم سے ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مختص کیا ہے جبکہ نیب کے قیدیوں کی ملاقات جمعہ کو ہوتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نقیب اللہ قتل کیس، ملزم راؤ انوار کو جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست منظور

    نقیب اللہ قتل کیس، ملزم راؤ انوار کو جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست منظور

    کراچی : انسداد دہشتگردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس میں جیل میں ملزم راؤ انوار کو بی کلاس دینے کی درخواست منظور کرلی، عدالت کا کہنا تھا کہ سب جیل کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے، فیصلہ آتے ہی عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملزم راؤ انوار کے گھر کو سب جیل قرار دینے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت میں کیس کے تفتیشی افسر ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر رضوان بھی پیش ہوئے جبکہ ملزم راؤ انوار کو بھی پیش کیا گیا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ راؤ انوار کے گھر کو سب جیل بنانے سے متعلق درخواست کا فیصلہ سندھ ہائی کورٹ نے محفوظ کیا ہوا ہے، عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد ہی عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔

    عدالت نے ملزم راؤ انوار کی جانب سے جیل میں بی کلاس دینے کیلئے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت چودہ جون تک کیلئے ملتوی کردی۔

    گذشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس میں نامز سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے گھر کو سب جیل قرار دینے پر سیکریٹری داخلہ سے جواب طلب کرلیا تھا۔


    مزید پڑھیں :  نقیب کونہ بھولاجاسکتا ہےاورنہ اس کےخون کا سودا کرسکتے ہیں‘ والد نقیب اللہ


    واضح رہے کہ ملزم راؤ انوار کے گھر کو سب جیل قرار دینے کیخلاف نقیب اللہ محسود کے والد خان محمد کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی کہ راؤ انوار قاتل ہے، اسے جیل منتقل کیا جائے، راؤ انوار کو سب جیل قرار دینا غیر قانونی ہے اور محکمہ داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا تھا۔

    عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نقیب اللہ کے والد نے کہنا تھا کہ وہ نہ نقیب کو بھول سکتے ہیں اور نہ اس کے خون کا سودا کرسکتے ہیں، اگر راؤ انوار طاقت ور ہے تو میں بھی محنت کش ہوں۔

    سندھ ہائی کورٹ نے راؤ انوار کے گھر کو سب جیل قرار دینے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں