Tag: BA

  • میتھ میں بی اے کیا ہے، 17 گریڈ کے افسر کا جواب سن کر جج حیران رہ گئے

    میتھ میں بی اے کیا ہے، 17 گریڈ کے افسر کا جواب سن کر جج حیران رہ گئے

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران جسٹس صلاح الدین پہنور اُس وقت حیران رہ گئے جب 17 گریڈ کے ایک افسر نے استفسار پر بتایا کہ انھوں نے میتھ میں بی اے کیا ہے۔

    آج ہفتے کو سندھ ہائیکورٹ میں قریشی کوآپریٹو سوسائٹی میں لیز پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، ایڈمنسٹریٹر کوآپریٹو سوسائٹی محرم علی ساند عدالت کے طلب کیے جانے پر پیش ہوئے۔

    وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایڈمنسٹریٹر قریشی کوآپریٹو سوسائٹی محرم علی ساند نے لیز پلاٹوں کی لیز منسوخ کر دی ہے، جس پر درخواست گزار عدالت سے انصاف کی استدعا کر رہے ہیں۔

    دوران سماعت عدالت نے محرم علی ساند پر اظہار برہمی کیا، وہ اپنی تعلیمی قابلیت سے متعلق پوچھے گئے سوالات سے جج کو مطمئن نہ کر سکے، جسٹس صلاح الدین پہنور نے استفسار کیا کہ کون سے محکمے کے ملازم ہو؟ محرم علی ساند نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ میں گریڈ 17 کا افسر ہوں۔

    جسٹس صلاح الدین پہنور نے پوچھا آپ کی تعلیمی قابلیت کیا ہے؟ محرم علی ساند نے بتایا ریاضی میں بی اے کیا ہے، جسٹس صلاح الدین پہنور نے پوچھا کہ میتھ میں بی اے کون سی یونیورسٹی سے ہوتا ہے؟ محرم علی ساند نے بتایا کہ شاہ لطیف یونیورسٹی سے پرائیویٹ میں بی اے کیا ہے۔

    عدالت نے محرم علی ساندھ سے پھر استفسار کیا کہ میتھ کے اسپیلنگ کیا ہیں؟ تاہم جب لوکل گورنمنٹ کا گریڈ 17 کا افسر میتھ کے اسپیلنگ بتانے میں ناکام رہے تو وکلا اور سائلین کے قہقہے نکلے۔

    وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ایڈمنسٹریٹر کوآپریٹو سوسائٹیز ضمیر عباسی بھی گریڈ 18 کے افسر ہیں، جب کہ وہ گریڈ 19 میں تعینات ہیں، عدالت نے اس پر تعجب کا اظہار کیا۔ کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 22 مئی تک ملتوی کر دی۔

  • کالج طلبا کیلئے اہم خبر، 2 سالہ بی اے اور بی ایس سی  پروگرام ختم

    کالج طلبا کیلئے اہم خبر، 2 سالہ بی اے اور بی ایس سی پروگرام ختم

    پشاور : خیبرپختونخوا میں کالجوں سے 2 سالہ  بیچلر آف آرٹس(بی اے) اور بیچلر آف سائنس(بی ایس سی)  پروگرام ختم کردیا گیا ، ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ طلبا اب صرف 4 سالہ بی ایس میں داخلے لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے کالجوں میں بیچلر آف آرٹس(بی اے) اور بیچلر آف سائنس(بی ایس سی) کے پروگرام کو ختم کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام کالجز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نئےداخلے بی ایس پروگرام میں کیے جائیں، صوبے کے 128کالجزمیں 4سالہ بی ایس پروگرام شروع کردیاگیا ہے ، بی ایس پروگرام کے بعد بی اے اور بی ایس سی کا2سالہ پروگرام ختم کیا گیا۔

    مراسلے کے مطابق طلبااب صرف 4 سالہ بی ایس میں داخلےلیں گے ، کالجزکوبی اے،بی ایس سی پروگرام ختم کرنےکی ہدایت جاری کردی گئی۔

    خیال رہے ہائیرایجوکشن کمیشن نے سال 2020 تک بی اے بی ایس ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال محکمہ تعلیم پنجاب نے دو سالہ بی اے اور بی ایس سی کی ڈگری ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو ہدایت کی تھی کہ بی اے بی، ایس سی کی جگہ نئی اور جدید دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کا آغاز کیا جائے گا۔

    ایسوسی ایٹ ڈگری میں طلبا جنرل مضامین کی جگہ اسپیشلائزڈ مضامین رکھ سکیں گے اور اس کے تحت طلبا کو نمبرز کے حصول کیلئے پریکٹیکل ٹریننگ کرنا ہوں گی۔