Tag: Baba Gurunanak

  • باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات ختم

    باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات ختم

    ننکانہ صاحب: باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں، جنم دن کی خوشی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور پاکستان کی ترقی وخوش حالی اور امن وامان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات ختم ہوگئیں، سکھ یاتریوں کی روانگی کا سلسلہ کل سے شروع ہوجائے گا، سکھ برادری نے پاکستانی عوام سے دلی محبت کا اظہار کیا۔

    یاتریوں نے پاکستان کی سیکیورٹی صورت حال سمیت حکومتی اقدامات کو بھی سراہا۔

    سکھ برادری نے گزشتہ روز اپنے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی پانچ سو پچاسویں سالگرہ منائی اور اسی سلسلے میں تقریبات کا سلسلہ تین روز تک جاری رہا، ہر سال پاکستان میں سکھ برادری کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں شرکت کے لیے کینیڈا اور بھارت سمیت دنیا بھر کے ممالک سے سکھ یاتری پاکستان کا رخ کرتے ہیں۔

    یاد رہے 9 نومبر کو وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا تھا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا سکھ برادری کوگرونانک کی سالگرہ کی مبارکباد دیتاہوں، راہداری کھولنے کی مجھے بہت خوشی ہوئی، امید ہے یہ شروعات ہے، انشااللہ بھارت سے تعلقات اچھے ہوں گے۔

    پاکستان کی جانب سے باباگرو نانک کی 550ویں سالگرہ پر یادگاری ٹکٹ اور یادگاری سکہ جاری کیا گیا تھا، یادگاری سکہ 50 روپے مالیت کا تھا، سکے کے ایک رُخ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور قومی نشان ہے جبکہ دوسرے رُخ پر سکھوں کی عبادت گاہ کی تصویر کندہ ہے، یادگاری سکے پر گرونانک دیو جی 1469-2019 کے الفاظ کندہ ہیں۔

  • جب تک زندہ ہوں این آر نہیں دوں گا: وزیر اعظم عمران خان

    جب تک زندہ ہوں این آر نہیں دوں گا: وزیر اعظم عمران خان

    ننکانہ صاحب: وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلیک میلنگ کے لیے اکٹھے ہوں یا مارچ کریں، جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا، حکومت کی کامیابی کے خوف سے آزادی مارچ والے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، میں اپنی زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا کسی اور کی کیسے دوں؟

    تفصیلات کے مطابق بابا گرونانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو نئی ٹیکنالوجیز آ رہی ہیں وہ بھی اس یونی ورسٹی میں ہوں گی، یہاں دنیا بھر کی سکھ برادری تعلیم حاصل کر سکے گی، ہر درگاہ کے پاس اوقاف کی زمین پر یونیورسٹیز اور اسپتال بنائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آپ نے یونیورسٹی کے قیام سے گرونانک کو خراج عقیدت پیش کیا، دنیا کی تاریخ میں کسی معاشرے نے تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کی، ایک وقت تھا جب ہم تعلیم میں سب سے آگے تھے، ماضی میں ملک کے سربراہوں نے تعلیم کو ترجیح نہیں دی۔

    وزیراعظم عمران خان نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طبقاتی قانون ہے، امیروں اور غریبوں کیلئے الگ الگ، طبقاتی نظام کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی برکت ہم پر نہیں آتی، مدینہ کی ریاست پہلے دن یا پہلے سال نہیں بنی، یہ ایک جدوجہد ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ نظام پر ایلیٹ کا ٹیک اوور ہے، اس طرح آگے نہیں بڑھ سکتے، سب انسان اللہ کی مخلوق ہیں اور اللہ ہم سب کا ہے، قانون کے سامنے سب برابرہیں، ریاست سب کیلئے ایک ہے، چاہتے ہیں طبقاتی نظام ختم کریں، دو نہیں ایک ریاست ہو۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نبی ﷺکہتے تھے میری بیٹی بھی جرم کرے تو اسے بھی سزا دو، جہاں قانون کی بالادستی نہیں ہوتی وہ قوم کبھی آگے نہیں بڑھ سکتی، کہا جاتا ہے بھارت کشمیر میں مظالم کررہا اور آپ کرتارپور کھول رہے ہیں، کرتارپورسکھ برادری کا مدینہ اور ننکانہ صاحب ان کا مکہ ہے۔

    انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہردرگاہ کے پاس اوقاف کی زمین پریونیورسٹیز اور اسپتال بنائے جائیں، اللہ عزت اس کو دیتا ہے جو انسانیت کی خدمت کرتاہے، تاریخ کسی امیر انسان کو یاد نہیں کرتی اسکے بچے بھی بھول جاتے ہیں، دنیا انھیں یاد کرتی ہے جو انسانوں کی خدمت کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ ہم سب کے لئے مثال ہیں، مدینہ جائیں تو معلوم ہوگا لوگ نبیﷺ سے کتنا عشق کرتے ہیں، مدرسے کے بچوں کو دین کے علاوہ دنیاوی تعلیم بھی فراہم کریں گے۔

    وزیراعظم کی اپوزیشن پر کڑی تنقید

    عمران خان نے ماضی کی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے دن کہا تھا، ایک وقت آئے گا جب تمام کرپٹ اکٹھے ہوجائیں گے، وزیراعظم بنتے ہی ایک پیش گوئی کی تھی، سب نے مل کر ملک لوٹا، 4سال میں قرضہ 6سے30ہزار ارب پر پہنچا دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ جتنا ٹیکس ہم نے اکٹھا کیا آدھا قرضوں کی قسطوں میں چلا گیا، ہمارے ہاں طاقتور کے لیے وی آئی پی سسٹم ہے۔ سوئزرلینڈ، سنگاپور، یورپ دیکھ لیں سب ہم سے آگے ہیں، خوشحال ممالک میں قانون سب کیلئے ایک ہے، سب کوپتہ تھا کہ یہ ملک کو کنگال کرکے گئے ہیں۔

    عمران خان کا آزادی مارچ پر ردعمل

    وزیراعظم نے مولانا کے آزادی مارچ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ مارچ والے کس وجہ پر وزیراعظم کااستعفیٰ لینے آرہے ہیں؟ آزادی مارچ کرنے والوں کا مقصد یہ نہیں کہ حکومت فیل ہورہی ہے، بلکہ یہ ان کا خوف ہے کہ حکومت کامیاب ہورہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چوروں نے کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسٹ میں خسارہ، ریلوے اور پی آئی اے کا دیوالیہ نکال دیا، پہلے دن سے شور مچانا شروع کردیا کہ حکومت فیل ہوگئی جبکہ اے ڈی بی اور آئی ایم ایف سمیت سب کہہ رہے ہیں معیشت مستحکم ہوگئی ہے۔