Tag: baba ramdev

  • بابا رام دیو کی کمپنی پر 4 کروڑ روپے جرمانہ عائد

    بابا رام دیو کی کمپنی پر 4 کروڑ روپے جرمانہ عائد

    ممبئی : بابا رام دیو ایک بار بھر بڑی مشکل میں پھنس گئے، بھارتی عدالت نے پتنجلی آیوروید پر 4کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ نے ٹریڈ مارک کیس کی سماعت کے بعد پتنجلی آیوروید لمیٹڈ پر 2023ء کا عبوری حکم توڑنے پر چار کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    عدالت کی جانب سے پتنجلی آیوروید لمیٹڈ پر منگلم آرگیانکس لمیٹڈ کے ٹریڈ مارک کیس میں کافور کی بنی اشیاء فروخت کرنے سے روکا گیا تھا۔

    Patanjali

    عدالت کے جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پتنجلی لمیٹڈ نے دانستہ طور پر عدالت کی حکم عدولی کی، بنچ نے منگلم آرگیانکس کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔

    ممبئی ہائی کورٹ کے بنچ نے پتنجلی کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتہ کے اندر جرمانے کی 4 کروڑ روپے کی رقم جمع کرائے۔

    یاد رہے کہ یہ رقم ان 50لاکھ روپے کے علاوہ ہے جو عدالت نے یکم جولائی کو کمپنی کو اس سے قبل جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

  • بابا رام دیو کو اب ٹیکس ادا کرنا پڑے گا

    بابا رام دیو کو اب ٹیکس ادا کرنا پڑے گا

    بھارت کے مشہور یوگا گرو بابا رام دیو کو سپریم کورٹ نے ایک اور جھٹکا دے دیا ہے، اب انھیں سروس ٹیکس بھی ادا کرنا ہوگا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلوپیتھی کے خلاف گمراہ کن اشتہارات کے معاملے کے بعد سپریم کورٹ نے رام دیو کے خلاف یوگا کیمپوں کو سروس ٹیکس کے زمرے میں لانے والے ٹربیونل فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔

    اپیلٹ ٹربیونل نے فیصلے میں کہا تھا کہ پتنجلی یوگ پیٹھ ٹرسٹ کی جانب سے رہائشی اور غیر رہائشی دونوں جگہوں پر یوگا کیمپوں کے انعقاد کے لیے انٹری فیس وصول کی جاتی ہے، اس لیے وہ سروس ٹیکس ادا کرے گا۔

    یوگا گرو بابا رام دیو کی قیادت میں ٹرسٹ کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے عدالتی بنچ نے کہا ’’ٹربیونل نے بجا طور پر کہا ہے کہ کیمپوں میں فیس کے عوض یوگا کرانا ایک سروس ہے، اس لیے اپیل خارج کی جاتی ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ پتنجلی یوگ پیٹھ ٹرسٹ رام دیو کے یوگ کیمپ میں شریک ہونے والوں سے داخلہ فیس لیتا ہے، ٹریبونل نے کہا کہ ٹرسٹ یوگا تربیت کے شرکا سے چندے کی صورت میں رقم وصول کرتا ہے، لیکن درحقیقت یہ سروس فراہم کرنے کے لیے انٹری فیس ہے۔

    یاد رہے کہ میرٹھ رینج کے کسٹمز اور سینٹرل ایکسائز کے کمشنر نے پتنجلی یوگ پیٹھ ٹرسٹ کو اکتوبر 2006 اور مارچ 2011 کے درمیان منعقد کیے گئے ایسے کیمپوں کے لیے جرمانے اور سود سمیت تقریباً 4.5 کروڑ روپے ادا کرنے کو کہا تھا، تاہم ٹرسٹ نے دلیل دی تھی کہ وہ ایسی خدمات فراہم کر رہا ہے جو بیماریوں کے علاج کے لیے ہیں اور یہ ’ہیلتھ اینڈ فٹنس سروسز‘ کے زمرے میں نہیں آتا، مگر ٹربیونل نے کہا کہ مخصوص بیماریوں کے علاج کے دعوے کا کوئی بھی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

    ٹربیونل کے مطابق کیمپوں میں یوگا اور مراقبہ کسی ایک شخص کو نہیں بلکہ پورے گروپ کو ایک ساتھ سکھایا جاتا ہے، اور کسی فرد کی مخصوص بیماری/شکایت کی تشخیص یا علاج کے لیے اسے کوئی نسخہ نہیں لکھا جاتا۔

  • یوگا گرو بابا رام دیو کی کمپنی کے گمراہ کن اشتہار پر عدالت برہم

    یوگا گرو بابا رام دیو کی کمپنی کے گمراہ کن اشتہار پر عدالت برہم

    نئی دہلی: یوگا گرو بابا رام دیو کی کمپنی کے گمراہ کن اشتہار پر بھارتی سپریم کورٹ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے ایلوپیتھک دوائیوں اور ڈاکٹروں کے خلاف گمراہ کن اشتہار کے لیے بابا رام دیو کی کمپنی ’پتنجلی‘ کی سخت سرزنش کی ہے۔

    عدالت نے پتنجلی آیوروید کو مستقبل میں ایسے اشتہارات سے بچنے کی تنبیہ کی اور کہا کہ اگر بات نہ مانی گئی تو ہر پروڈکٹ کے لیے ایک کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا جائے گا۔

    عدالت میں اس کیس کی آئندہ سماعت 5 فروری 2024 کو ہوگی۔ سپریم کورٹ کے جسٹس احسان الدین امان اللہ اور جسٹس پرشانت کمار کی بنچ نے ایلوپیتھک دوائیوں کے خلاف گمراہ کن اشتہار کو لے کر پتنجلی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اسے مستقبل میں اس طرح کے گمراہ کن اشتہار شائع کرنے سے بچنا چاہیے۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ پتنجلی آیوروید مستقبل میں ایسا کوئی اشتہار شائع نہیں کرے گا اور یہ یقینی بنائے گا کہ پریس میں اس کی طرف سے اس طرح کے بیان نہیں دیے جائیں۔

    واضح رہے کہ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی طرف سے عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی کہ پتنجلی کے گمراہ کن اشتہارات سے ایلوپیتھی دوائیوں کی بدنامی ہو رہی ہے۔ دراصل کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پروڈکٹ ’کورونل‘ اور ’سوساری‘ سے کرونا کا علاج ہو سکتا ہے، ساتھ ہی کمپنی نے ایلوپیتھی دوائیوں اور علاج پر بھی سوال کھڑے کیے تھے۔

  • یوگا کے بھارتی گرو ہاتھی سے گر پڑے، ویڈیو وائرل

    یوگا کے بھارتی گرو ہاتھی سے گر پڑے، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارت میں یوگا کے جانے مانے بھارتی گرو بابا رام دیو ہاتھی پر بیٹھ کر یوگا کرتے ہوئے گر پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بابا رام دیو کا شمار یوگا کے جانے مانے گرو میں ہوتا ہے، بابا رام دیو نے ہاتھی پر بیٹھ کر یوگا کرنے کی تھانی تو وہ نیچے گر پڑے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    یوگا گرو کی حفاظت پر مامور گارڈ فوری طور پر ان کے پاس خیریت دریافت کرنے آیا تاہم اس دوران گرو رام دیو پھرتی سے اٹھے اور آگے بڑھ گئے۔

    اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ دیکھا جا رہا ہے جب کہ گرو رام دیو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں یوگا گرو کو کوئی چوٹ نہیں لگی۔

    گروجی اس سے قبل کورونا کے خلاف سو فیصد موثر دوا بنانے کا دعویٰ بھی کرچکے ہیں، گرو جی کو جھوٹ بول کر دوا فروخت کرنے پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

    بابا رام دیو اس سے قبل سائیکل بھگاتے ہوئے بھی منہ کے بل زمین پر گر پڑے تھے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

    بھارتی یوگا گرو کے ہاتھی سے گرنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے میمز بنانے کا سلسلہ شروع کردیا، مختلف میمز کو دیکھ کر ہنسی کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا.