Tag: Babar Ata

  • پشاور: انسداد پولیو مہم کےخلاف پروپیگنڈا کرنے والے سات اسکول بند کردیئے گئے

    پشاور: انسداد پولیو مہم کےخلاف پروپیگنڈا کرنے والے سات اسکول بند کردیئے گئے

    پشاور : خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کےخلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے لیا گیا، انتظامیہ نے سات نجی اسکول سیل کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر عطا نے کہا ہے کہ پشاور میں انسداد پولیو مہم کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے لیا گیا ہے۔

    انسداد پولیو مہم کے خلاف نفرت پھیلائی گئی والدین کو تشدد پر اکسایا گیا، اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پروپگینڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے سات نجی اسکول سیل کردیےگئے ہیں.

    سیل کیے گئے اسکولوں کی انتظامیہ لوگوں کو انسداد پولیو مہم کے خلاف بھڑکانے میں ملوث نکلی، ان افواہوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں پولیو ٹیم پر حملے ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ پشاور کے علاقے ماشو خیل میں پولیو مہم کے خلاف سازش نذر گل نامی شخص نے کی تھی، مذکورہ شخص حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں اسکول کے بچوں سے ڈرامے کراتا رہا۔

    صحت مند بچوں کو بیڈ پر لٹا کر بےہوش ہونے کی ایکٹنگ بھی کروائی گئی، پروپگینڈے کا شکار ہوکر کچھ لوگوں نے بڈھ بیر میں مرکز صحت کو بھی آگ لگادی تھی، نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی نجی اسکول ریگولیٹری اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے مل کر کی۔

    مزید پڑھیں: پشاور میں انسدادپولیومہم کےخلاف سازش، تحقیقات کیلئے 6 رکنی کمیٹی قائم

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پشاور میں پولیو ویکسی نیشن سے بچوں کی حالت غیر ہونے کی افواہوں نے کھلبلی مچادی تھی، جس کے بعد مشتعل افراد نے سرکاری مرکز صحت ماشوخیل پر دھاوا بول دیا تھا۔

    ناقص ویکسین فلاپ ڈرامے کا ڈراپ سین سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص بچوں کو زبردستی بستر پر لٹا کر بے ہوشی کاڈرامہ رچا رہا ہے لیکن بچے تندرست دکھائی دے رہے تھے۔ بعد ازاں پشاور میں پولیس نے بچوں سے بےہوشی کا ڈرامہ کرانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • انشاءاللہ پشاور پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، بابر عطا

    انشاءاللہ پشاور پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، بابر عطا

    پشاور : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر عطا نے واضح کیا پشاور پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، پولیس چیف سے مسلسل رابطے میں ہوں اور تمام صورتحال پر نظر ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر عطا نے اپنے بیان میں کہا پولیو ڈرامے میں ملوث 12 افراد کے خلاف ایف آئی درج کرلی گئی ہے اور پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

    معاون خصوصی نے کہاکہ پولیس چیف سے مسلسل رابطے میں ہوں اور تمام صورتحال پر نظر ہے، انشاءاللہ ملزمان جلد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

    پشاور کے علاقے ماشوخیل میں گزشتہ روز پولیو کے قطروں سے بچوں کی طبیعت خراب ہونے کا ڈرامہ سامنے آیا، جس کے بعد مشتعل افراد نے مرکز صحت کو آگ لگا دی تھی۔

    مزید پڑھیں :   پشاور میں انسدادپولیومہم بدنام کرنے کی سازش کرنے والا شخص گرفتار

    بچوں کے بیہوش ہونے کی ایک جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو بچوں کو بیہوش ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے دیکھا گیا لیکن بچے تندرست دکھائی دے رہے ہیں۔

    بعد ازاں بچوں سے بیہوشی کا ڈرامہ کرانے والے ملزم نذر محمد کو بڈھ بیر پولیس نے گرفتار کرلیاتھا جبکہ  انسداد پولیو مہم کےخلاف احتجاج کرنے والے بارہ افراد کے خلاف پرچہ درج کرلیا جبکہ سرکاری املاک کا جلاؤگھیراؤ کرنے والے کے خلاف آپریشن شروع کردیا تھا۔

    وزیرصحت ہشام انعام کا کہنا تھاسوچی سمجھی سازش کے تحت انسداد پولیو مہم کے خلاف آگ بھڑکائی گئی۔ویکسین سے کسی بچےکی حالت نہیں بگڑی میری اپنی بیٹیوں نے بھی وہی قطرے پیئے، مسجدوں سے اعلان کرا کر افراتفری مچائی گئی سازش کرنے والوں کو بے نقاب اور سزا ملنی چاہیے۔