Tag: Baby Murder

  • بھارت میں دور جاہلیت کی یاد تازہ : سفاک باپ کے ہاتھوں معصوم بیٹی قتل

    بھارت میں دور جاہلیت کی یاد تازہ : سفاک باپ کے ہاتھوں معصوم بیٹی قتل

    سہارنپور : بھارت میں دور جاہلیت کی ایک اور مثال سامنے آئی ہے، سفاک باپ نے بیٹا نہ ہونے پر اپنی ایک سالہ معصوم بچی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، سفاک باپ نے اپنی ہی معصوم بچی کو گلا گھونٹ کر بے دردی سے موت کی نیند سلادیا۔

    یہ واقعہ سہارنپور شہر کوتوالی کے علاقے نور بستی کا ہے جہاں ایک سالہ معصوم بچی کو لڑکا نہ ہونا اس قدر مہنگا پڑ گیا جس کی قیمت اسے اپنی جان دے کر چکانی پڑی۔

    اس حوالے سے مقتولہ بچی کے رشتہ داروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بچی کا والد ہمیشہ نشے میں دھت رہتا ہے اور اسے اپنے گھر میں بیٹی کی پیدائش بہت ناگوار گزری تھی۔

    رشتہ داروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بچی کی پیدائش کے روز سے ہی ان کے گھر میں جھگڑے روز کا معمول تھے اور ملزم روزانہ شراب پی کر اپنی بیوی پر ظلم و زیادتی کرتا اور گالم گلوچ کرتا تھا۔

    اس اندوہناک واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور اطلاع ملنے پر  پولیس نے بچی کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال بھیج دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے مقتولہ بچی کی والدہ کی تحریری شکایت کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کا پوسٹ مارٹم اور دیگر تحقیقات کے بعد ہی اصل صورتحال سامنے آئے گی اور اس جرم میں ملوث شخص کے خلاف کڑی سے کڑی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • باڑے سے 8 سالہ بچی کی نعش برآمد، سرکاری اسپتال سے نومولود بچی اغواء

    باڑے سے 8 سالہ بچی کی نعش برآمد، سرکاری اسپتال سے نومولود بچی اغواء

    کراچی : سکھن سے ملنے والی8سالہ لائبہ کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کردی گئی، کھوکھراپار میں سرکاری اسپتال سے نومولود بچی کے اغواء کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سکھن تھانے حدود میں واقع بھینسوں کے باڑے کے اندر پانی کے ٹینک سے ملنے والی بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اس حوالے سے مقتولہ بچی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام چار بجے لائبہ اپنے بھائی کے ساتھ دودھ لینے باڑے گئی تھی، بھائی واپس آگیا لیکن بچی لائبہ واپس نہیں آئی۔

    اہل خانہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کافی تلاش کرنے کے بعد باڑے سے دودھ کا برتن ملا، اغوا کا شک ہوا تو تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔

    اہلخانہ کے مطابق آج بچی کی لاش باڑے کے اندر پانی کے ٹینک سے ملی، بچی کے چچا کا کہنا تھا کہ لائبہ کی لاش بوری میں تھی جس کے ساتھ پتھر بندھا ہوا تھا۔

    دوسری جانب کھوکھراپار میں واقع سرکاری اسپتال سے نومولود بچی کےاغوا کا واقعہ پیش آیا ہے، بچی کے اغوا کا مقدمہ والد کی مدعیت میں کھوکھراپار تھانے میں درج کرادیا گیا۔

    پولیس کے مطابق اہل خانہ نے بتایا ہے کہ بچی کو اس کی والدہ نے خود دوسری خاتون کے حوالے کیا، مبینہ اغوا کار خاتون نے بچی کی والدہ کو آکراپنا تعارف کرایا، بچی کی والدہ نے مبینہ اغواکار کو نقاب اتارنے کا کہا۔

    اہلخانہ کے مطابق مبینہ اغوا کارنے جان پہچان ظاہر کی اور بچی گود میں لے کر بیٹھ گئی، والدہ نے جیسے ہی آنکھیں بند کیں ،مبینہ اغوا کاربچی لے کرفرار ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ اغوا کار خاتون اور بچی کی والدہ ایک دوسرے کو جانتی ہیں، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • لاہور : سفاکی کی انتہا،باپ نے 5 ماہ کی بیٹی کو چھت سے پھینک کر مار ڈالا

    لاہور : سفاکی کی انتہا،باپ نے 5 ماہ کی بیٹی کو چھت سے پھینک کر مار ڈالا

    لاہور : معمولی تلخ کلامی پانچ ماہ کی معصوم بچی کی ہلاکت کا سبب بن گئی، سفاک والد اور پھوپا نے بچی کو چھت سے پھینک دیا، پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا والٹن میں5ماہ کی بچی کے والد سنی پطرس اور پھوپا نے معمولی سی بات پر بچی کی ماں سے رنجش کے باعث بچی کو قتل کردیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ نے رپورٹ درج کرائی ہے جس میں کہا ہے کہ بچی کا پھوپا گھر آیا تو اس دوران میری بیٹی اسے دیکھ کر روپڑی میں نے اتنا کہا کہ آپ کی وجہ سے روئی ہے۔

    جس پر وہ طیش میں آگیا اور اس بات پر میرے شوہر سنی پطرس اور بچی کے پھوپا نے بیٹی کو چھت سے نیچے پھینک دیا۔ جس کے بعد وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس نے مقتولہ بچی کی ماں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور بچی کے والد اور پھوپا کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔

    بعد ازاں مقدمے میں نامزد ملزم سنی پطرس کی اہلیہ اور ملزم نوید کے بھائی نے پولیس کو بیان دیا ہے، مقتولہ کی والدہ اور ملزم کی اہلیہ نے بتایا ہے کہ میرا شوہرسنی پطرس نشے میں تھا۔

     بچی میرے شوہر کے ہاتھ سے گلی میں گر گئی تھی، ہم نے خود سنی پطرس کی گرفتاری کرائی ہے، نوید کے بھائی ندیم کا الزام ہے کہ بچی گری تو والد گلی میں کھڑا تھا۔