Tag: bacha halak

  • مبینہ طورپرپولیو کے قطرے پینے سے بچہ ہلاک

    مبینہ طورپرپولیو کے قطرے پینے سے بچہ ہلاک

    کراچی : مبینہ طور پر پولیو کے قطرے پینے سےبچہ ہلاک ہوگیا، متوفی کے والد نے الزام لگایا ہے کہ پولیو ویکسین پینے کے بعد بچے کے منہ سے جھاگ نکلنے لگے۔ ورثاء پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کے بعد بچے کی میت ساتھ لے گئے۔ پولیو کے حوالے سے قائم ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بچے کی انسداد پولیو ویکسین کی بناء پر موت کی تردید کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی ساڑھے پانچ نمبر 100 کوارٹر کا رہائشی ایک ضعیف شخص اپنے پوتے کی میت اٹھائے جناح اسپتال آیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچہ فوت ہوچکا ہے۔ تین ماہ کے احمد رضا کے دادا نے الزام لگایا کہ پولیو کے قطرے پینے کے پانچ منٹ بعد بچے کے منہ سے جھاگ نکلنے لگا۔

    اس حوالے سے جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ بچہ مردہ حالت میں لایا گیا تھا، موت کی وجہ کا علم پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ہوسکے گا لیکن بچے کےدادا اور والد نےپوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا ہے۔ بچے کے ورثاء کا کہنا تھا کہ اس کی عمر انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے اس کا پوسٹ مارٹم کرانا مناسب نہیں۔

    ان کااصرار ہے کہ پولیو کےقطرے پلانےوالے کوسزا ملنی چاہئیے، دوسری طرف ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پولیو کے قطروں سے ہلاکت کا آج تک تاریخ میں کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

    دوسری جانب کراچی میں بچے کی مبینہ طو ر پر پولیو ویکسین سے موت کے معاملے پر وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا نے وضاحت کی ہے کہ بچے کی موت کا پولیو ویکسین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ بچے کی موت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں کویہی پولیو ویکسین دی جا تی ہے۔

  • فیصل آباد : خونی بس نے نو سالہ بچے کو کچل ڈالا، سات افراد زخمی

    فیصل آباد : خونی بس نے نو سالہ بچے کو کچل ڈالا، سات افراد زخمی

    فیصل آباد : تیز رفتاربس نے دو رکشوں اور موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں نو سالہ بچہ جاں بحق اور سات افراد زخمی ہو گئے۔ مشتعل شہریوں نے بس کو نذر آتش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ملت روڈ پر تیز رفتاری کے باعث بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دو رکشوں اور ایک موٹرسائیکل پر چڑھ گئی۔ حادثے میں موٹرسائیکل سوار 9 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    حادثے کے بعد بس ڈرائیور فرارہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ریسکیو عملے نے زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا، جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔

    حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے بس کو آگ لگا دی اور جاں بحق ہونے والے بچے کی لاش سڑک پر رکھ  کر احتجاج کیا، جس سے ملت روڈ پر ٹریفک جام ہو گئی۔

    پولیس افسران نے مظاہرین کو ڈرائیورکو گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر وہ منتشر ہو گئے اور بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دی گئی۔

    بچے کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، متوفی کی ماں شدت غم سے نڈھال ہوگئی، لواحقین نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

     

  • صحرائے تھر:ایک اوربچہ چل بسا،ہلاکتوں کی تعداد پینتالیس ہوگئی

    صحرائے تھر:ایک اوربچہ چل بسا،ہلاکتوں کی تعداد پینتالیس ہوگئی

    مٹھی: تھر میں غذائی قلت کے باعث اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، آج بھی سول اسپتال میں ایک اور نومولود بچہ دم توڑ گیا۔ ہلاکتوں کی تعداد اب تک پینتالیس ہو چکی ہے۔

    تھر میں قحط سالی سے تھرتھراتی زندگی بچوں کے لئے موت کا پیغام بن رہی ہے۔ حکمرانوں کی جانب سے غذائی اجناس کی قلت کو ختم کرنے دعوؤں کے باوجود موت کا کھیل جاری ہے ۔

    آج بھی سول اسپتال میں طبی امداد نہ ملنے کے باعث ایک اور نومولود نے دم توڑ دیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پچپن بچے اسپتال میں اب بھی زیر علاج ہیں۔ قحط سالی کے باعث سوا ماہ میں ہلاکتوں کی تعداد پینتالیس ہو گئی ہے۔

    محکمہ صحت اور حکومت سندھ نے تھر میں ایک سو پانچ ڈسپنسریز میں سےصرف بائیس ڈسپینسریز کو فنڈز فراہم کئے ہیں۔