Tag: bacha khan airport

  • کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    پشاور : اے ایس ایف نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن بیرون ملک اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان اے ایس ایف نے بتایا ہے کہ مسافر محمد حامد خیرالبشر پشاور سے دبئی جارہا تھا شک گزرنے پر اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی لی۔

    دوران تلاشی مسافر محمد حامد خیرالبشر کے قبضے سے 13.075 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی، ملزم نے ہیروئن دو بیگوں کے اندر بڑی مہارت سے چھپا رکھی تھی۔

    قبضے میں لی گئی ہیروئن کی مالیت عالمی منڈی میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ اے ایس ایف کے عملے نے منشیات برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوششں کو ناکام بنا دیا۔

    ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • خلیجی ممالک سے پشاور آنے والے مسافروں میں کورونا کی تشخیص

    خلیجی ممالک سے پشاور آنے والے مسافروں میں کورونا کی تشخیص

    کراچی : خلیجی ممالک سے پشاور آنے والے مسافروں میں کورونا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، صورتحال پیش آنے پر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان ایئر پورٹ پر دبئی سے آنے والے16مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، مذکورہ مسافر نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے611کے ذریعے دبئی سے پشاور پہنچے تھے۔

    محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کئے گئے16میں کورونا کی تشخیص ہوئی، مسافروں کو قرنطینہ کیلئےاسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اس کے علاوہ گزشتہ24گھنٹے کے دوران مجموعی طور پر خلیجی ممالک سے آئے49مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

  • پرندہ ٹکرانے سے نجی طیارے کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

    پرندہ ٹکرانے سے نجی طیارے کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

    پشاور : باچا خان ایئرپورٹ پشاور پر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، لینڈنگ سے قبل طیارے سے پرندہ ٹکرانے کے باعث طیارے کے انجن کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے پشاور پہنچنے والی نجی ائیر لائن سیرین ایئرکی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 550 سے پشاور ایئر پورٹ پر لینڈنگ سے پہلے ایک پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا۔

    پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کے دائیں انجن کو نقصان پہنچا طیارہ لڑکھڑانے کے باوجود کپتان نے کمال مہارت سے طیارے کو بحفاظت زمین پپر اتار لیا۔

    پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے جس کے باعث پشاور سے کراچی جانے والی نجی ائیر لائن سیرین ایئر کی پرواز ای آر 551 وقتی طور پر منسوخ کردی گئی، اس حوالے سے ایئرلائن ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ ٹھیک ہوتے ہی اسے کراچی کے لیے روانہ کردیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن (سی اے اے) انتظامیہ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو متعدد بار پشاور ایئرپورٹ کے اطراف گندگی سے آگاہ کیا گیا لیکن اس شکایت ک اازالہ نہ کیا جا سکا۔

    ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کچرا نہ اٹھانے کے باعث پشاور ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندہ ٹکرانے کے اب تک 6 سے زائد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ اگر جہاز سے پرندہ ٹکرا جائے تو یہ بات کوئی معمولی نہیں ہوتی بلکہ بڑے حادثے کا سبب بنتی ہے، دنیا بھر کے ایئر پورٹس کی سول ایو ایشن انتظامیہ رن وے سے پرندوں کو دور رکھنے کے لیے برڈ شوٹر تعینات بھی کرتی ہے تاکہ جہازوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

  • باچا خان ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت آگاہی واک کا انعقاد

    باچا خان ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت آگاہی واک کا انعقاد

    پشاور : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ماحول کو صاف رکھنے اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے حوالے سے آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا، اس سلسلے میں پشاور ائیرپورٹ ایپرن ایریا میں واک کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور میں آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا۔

    اس حوالے سے سی اے اے کے زیراہتمام پشاور ائیرپورٹ اپرن ایریا میں واک منعقد کی گئی، واک میں پی آئی اے سمیت دیگر ائیرلائنز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ واک کا مقصد پشاور ائیرپورٹ کے رن وے اور اطراف کے علاقے کو صاف ستھرا رکھنا ہے، سی اے اے کی آگاہی مہم کا مقصد فلائٹ آپریشن، جہاز اور فضائی سفر کو محفوظ بنانا ہے کیونکہ رن وے پر معمولی سے کنکر یا کچرے کی وجہ سے بھی جہازوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر عبیدالرحمن عباسی کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی جہازوں اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کرتی رہتی ہے۔

    اس واک کا مقصد اپنی مدد آپ کے تحت رن وے اور اطراف کے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔

  • سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن کی نجی ایئر لائن کو وارننگ

    سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن کی نجی ایئر لائن کو وارننگ

    کراچی : باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا تلف کیا گیا کھانا ایپرن ایریا کے ساتھ ڈمپ کئے جانے پر نجی ایئر لائنز کے خلاف وارننگ لیٹر جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ایئر لائن کو سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کردی۔

    اس حوالے سے سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر نجی ایئر لائنز کے مسافروں کا تلف کیا گیا کھانا ایپرن ایریا کے ساتھ ڈمپ کئے جانے پر نوٹس لیا گیا تھا۔

    اس کے علاوہ نجی ایئر لائن کی جانب سے ایپرن رولز کی خلاف ورزی بھی کی گئی۔ ائیر پورٹ مینجر کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی موجودگی کے باعث رن وے اور اطراف پرندوں کی آمد میں بھی اضافہ ہورہا ہے، پرندوں کی آمد جہازوں کے لئے خطے کا باعث ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نجی ایئر لائن کو لکھے گئے وارننگ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ تلف کئے گئے کھانے کے باعث ایپرن ایریا کے اطراف بلی کتوں کے علاوہ دیگر حشرات الارض بھی آنے لگے ہیں لہٰذا ایئر لائن اتنظامیہ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر اپنے ملازمین کے خلاف فوری ایکشن لے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ اگر یہ عمل نہیں رکا تو بصورت دیگر مذکورہ ائر لائن اور عملے کے خلاف سخت اور تادیبی کارروائی کی جائے گی اور خلاف ورزی کر نے والے ملازمین کے ایپرن ایریا میں داخلہ پر پابندی عائد کردی جائے گی۔

  • نیب نے باچا خان ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے میں تاخیر کا نوٹس لے لیا، تفصیلات طلب

    نیب نے باچا خان ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے میں تاخیر کا نوٹس لے لیا، تفصیلات طلب

    کراچی : نیب کی چار رکنی ٹیم نے پشاور کا باچا خان ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے سے متعلق افسران سے تفصیلات طلب کرلیں, مذکورہ منصبوبہ تین سال قبل شروع کیا گیا تھا جو تاحال مکمل نہ ہوسکا۔

    تفصییلات کے مطابق ڈائریکٹر کی سربراہی میں چار رکنی نیب ٹیم نے پشاورایئر پورٹ کا اچانک دورہ کیا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم نے ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے سے متعلق افسران سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

    نیب کی ٹیم نے پراجیکٹ ڈائریکٹر سے بھی تفصیلات طلب کیں، اس موقع پر نیب ٹیم کو بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ توسیعی منصوبہ3ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

    یہ منصبوبہ3سال قبل شروع کیا گیا تھا تاحال مکمل نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے منصوبے میں تاخیر پر افسران سے پوچھ گچھ بھی کی جس کا پراجیکٹ ڈائریکٹر تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

    نیب کی ٹیم چھ گھنٹے تک ایئرپورٹ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتی رہی، اس موقع پر نیب عہدیداران نے مختلف تعمیراتی کام پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    اس کے علاوہ توسیعی منصوبے میں انٹرنیشنل لاؤنچ کی تعمیر اور بورڈنگ برج سے متعلق بھی تفصیلات طلب کی ،ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے منصوبےسے متعلق تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے، نیب ٹیم نے پراجیکٹ کنسلٹنٹ سے بھی سوالات کیے۔

  • باچا خان ایئرپورٹ پر مسافر کے بیگ سے پانچ کلو آئس ہیروئن برآمد، ملزم گرفتار

    باچا خان ایئرپورٹ پر مسافر کے بیگ سے پانچ کلو آئس ہیروئن برآمد، ملزم گرفتار

    پشاور : اے ایس ایف نے پشاور ایئر پورٹ پر ہیروئن اسمگلنگ کرنے کو شش ناکام بناتے ہوئے مسافر کے بیگ سے پانچ کلو آئس ہیروئن برآمد کرلی، ملزم نے بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے عرب امارات کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا۔

    غیر ملکی ایئرلائن کے مسافر سے اعلیٰ کوالٹی کی پانچ کلو آئس ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ باچا خان ایئرپورٹ پر سی اے اے کے جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر پر راس الخیمہ جانے والے مسافر عاقب علی کی تلاشی لی گئی تو اس کے بیگ کے خفیہ خانوں سے ہیروئن برآمد کرلی۔

    مذکورہ مسافر عاقب علی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز جی-9825پرواز کے ذریعے راس الخیمہ جارہا تھا، اے ایس ایف نے ملزم کو تفتیش کیلئے حراست میں لے لیا۔

    ہیروئن کروڑوں روپے مالیت کی بتائی جاتی ہے، اے ایس ایف نے قانونی کارروائی کیلئے مسافر کو اے این ایف کے حوالے کردیا۔

    مزید پڑھیں: باچا خان ایئرپورٹ پر چائے کے پیکٹ میں ہیروئن لے جانے کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    واضح رہے کہ اس سے قبل باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ دنوں بھی اے ایس ایف نے دو مسافروں سے بھاری تعداد میں ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

    نجی ایئرلائن ایئر بلو کے ڈرائیور سید عقیل شاہ کی شک کی بنیاد پر تلاشی لی گئی تو انکشاف ہوا کہ گاڑی میں رکھی چائے کی پتی کے پیکٹ میں ہیروئن چھپا کر رکھی گئی ہے۔

  • باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر عازمین حج کو سعودی عرب پہنچانے کا آپریشن مکمل

    باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر عازمین حج کو سعودی عرب پہنچانے کا آپریشن مکمل

    پشاور : باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر عازمین حج کو سعودی عرب پہنچانے کا آپریشن مکمل ہو گیا، ائیر پورٹ انتظامیہ نے پی آئی اے سمیت تمام ائیر لائن اور ایجنسیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پشاور پر عازمین حج آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا جس کے بعد ائیر پورٹ پر منعقد ہ اجلاس کے دوران باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے سی ای او عبیدالرحمان عباسی نے آپریشن کے دوران تمام ایجنسیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

    اجلاس کے دوران ائیر پورٹ پر موجود تمام اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی کہ کسی بھی کمی کو جلد از جلد پورا کیا جائے تاکہ حجاج کرام کی واپسی آپریشن بھی اسی طرح کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جائے۔

    اجلاس میں ائیر پورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ حجاج کرام کی واپسی17 اگست سے شروع کی جائے گی جس میں تقریباً اٹھائیس ہزار حجاج کرام باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اتریں گے۔

  • باچا خان ایئر پورٹ : طیارے پرسیڑھی لگانے والی گاڑی کو حادثہ، سی اے اے نے تحقیقات کا حکم دے دیا

    باچا خان ایئر پورٹ : طیارے پرسیڑھی لگانے والی گاڑی کو حادثہ، سی اے اے نے تحقیقات کا حکم دے دیا

    پشاور : باچا خان ایئر پورٹ پر طیارے پر سیڑھی لگانے والی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے، جس کے باعث بورڈنگ برج نمبر ایک کو نقصان پہنچا، واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا سی اے اے حکام نے رہورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر طیارے پر سیڑھی لگانے والی گاڑی بورڈنگ برج سے ٹکرا گئی، گاڑی ٹکرانے کی وجہ سے بورڈنگ برج نمبر ایک کو نقصان پہنچا۔

    تاہم خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے، گاڑی ٹکرانے کی وجہ سے بورڈنگ برج کو نقصان پہنچنے کے باعث اسے استعمال کرنے سے روک دیا گیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے چیف آپریٹنگ آفیسر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    غفلت کا مظاہرہ کرنے والے نجی کمپنی کے ڈرائیور کیخلاف کاروائی کا حکم دے دیا گیا ہے، دوسری جانب سی اے اے نے بورڈ نگ برج کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا ہے تاکہ ائیر پورٹ پر آپریشن متاثر نہ ہوسکے

  • لاہور، پشاور : نشہ آور ادویات اور منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزمان گرفتار

    لاہور، پشاور : نشہ آور ادویات اور منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزمان گرفتار

    لاہور / پشاور : اے ایس ایف اور اے این ایف کے عملے نے لاہور اور پشاور ایئرپورٹ پر نشہ آور ادویات اور منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے لاہور ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    غیرملکی پرواز ڈبلیو وائی344سے مسقط جانے والے مسافر محمدعلی سے نشہ آور ممنوعہ ادویات کو قبضے میں لے کر حراست میں لے کراے  ایس ایف نے دوران چیکنگ مذکورہ مسافر کے سامان میں چھپائی گئی 3700نشہ آور دوائیں برآمد کی تھیں، اے ایس ایف نے ملزم کو مزید تفتیش کیلئے اےاین ایف کے حوالے کردیا۔

    علاوہ ازیں پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ایک ہی دن میں دوسری بار منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

    اس حوالے سے اے این ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف نے بروقت کارروائی کرکے مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کی ڈھائی کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کرلی۔

    سول ایویشن اتھارٹی کے قائم کردہ جوائنٹ سرچ بیگجز کاونٹر پر جب اے این ایف نے مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو مسافر نے بیگوں کے مختلف خفیہ خانوں آئس اور ہیروئن چھپا رکھی تھی۔

    مسافر شریف خان غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 60کے ذریعے دوحہ جارہا تھا، مسافر شریف خان نے بیگ کے خفیہ خانوں میں 950گرام آئس ہیروئن اور 1675گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن چھپا رکھی تھی۔

    جس کی بین الاقوامی منڈی میں کروڑوں روپے مالیت بتائی جاتی ہے، اے این ایف نے مسافر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی، پشاور ایئرپورٹ پر ایک ماہ کے دوران اے این ایف کی یہ بڑی کارروائی ہے۔