Tag: Backdoor channel

  • حکومتی بیک ڈور رابطے، پیپلز پارٹی نے لچک دکھانے سے صاف انکار کر دیا

    حکومتی بیک ڈور رابطے، پیپلز پارٹی نے لچک دکھانے سے صاف انکار کر دیا

    اسلام آباد: لیگی حکومت کی جانب سے بیک ڈور چینل رابطوں کے جواب میں پاکستان پیپلز پارٹی نے مطالبات پر لچک دکھانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بیک ڈور چینل رابطے جاری ہیں، حکومت باہمی دوستوں کے ذریعے کئی بیک ڈور رابطے کر چکی ہے، تاہم پیپلز پارٹی نے مطالبات پر لچک دکھانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ باہمی دوستوں نے مطالبات پورے کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جب کہ پی پی نے پیغام رساں کو جواب میں کہا ہے کہ وہ مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی، کیوں کہ پی پی قیادت حکومتی وعدوں پر مزید اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے۔

    دوسری طرف دوستوں نے مطالبات پورے کرانے میں ضامن بننے کی آفر کی ہے، جب کہ پی پی نے بھی مشترکہ دوستوں کو بات آگے بڑھانے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے، اور کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بامقصد مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بیک ڈور چینل رابطوں سے حکومت اور پی پی میں برف پگھلنے کا امکان ہے، اگر یہ رابطے کامیاب ہوئے تو عید کے بعد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ خیال رہے کہ حکومت اور پیپلز پارٹی میں مذاکرات کے دو بے نتیجہ دور ہو چکے ہیں۔

  • حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے کوششوں کا آغاز، ذرائع

    حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے کوششوں کا آغاز، ذرائع

    لاہور : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کا اندورنی احوال سامنے آگیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور رابطوں کیلئے صادق سنجرانی اورپرویزالٰہی متحرک ہوگئے ہیں، پرویزالٰہی سے قبل صادق سنجرانی کی وزیراعظم شہباز شریف سے2 ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے باقاعدہ مذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنانے سمیت الیکشن اور دیگر معاملات پر درمیانی راستہ نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویزالٰہی صادق سنجرانی کا پیغام چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان تک پہنچائیں گے، عمران خان آمادہ ہوئے تو بات آگے مزید بڑھائی جائے گی۔

    یاد رہے کہ چوہدری پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی، سینیٹر منظور احمد کاکڑ، سینیٹرعبدالقادر اور محمد نعمان خان بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، انہیں ملکی استحکام اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ملکی ترقی اور استحکام کیلئے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا اور کرتے رہیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا آنے والی سیاست میں بڑا اہم کردار ہوگا، جس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت میں استحکام آئے گا، اس کے علاوہ مستقبل میں عمران خان کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان اہم رول ادا کرتا نظر آئے گا۔