Tag: backed

  • کرتارپور کوریڈور خوشحالی لائے گا، عوام کے عوام سے تعلقات بنائے گا، نوجوت سنگھ سدھو

    کرتارپور کوریڈور خوشحالی لائے گا، عوام کے عوام سے تعلقات بنائے گا، نوجوت سنگھ سدھو

    لاہور : سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھارت واپس جاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے میرے خواب کو عملی جامہ پہنایا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرتار پور راہداری کی افتتای تقریب میں شرکت کے بعد واپس بھارت جاتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان یار ہیں دلدار ہیں، جو بات کہی پورا کرکے دکھایا۔

    نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ کرتارہور کوریڈور خوشحالی لائے گا اور عوام کے عوام سے تعلقات بہتر بنائے گا، کرتارہور بارڈر سے دیگر ہزاروں کھڑکیاں کھلیں گی۔

    سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ کسی کی قابلیت کو دیکھنا ہے تو اسے 3 ماہ کا وقت دو، عمران خان نے 3 ماہ قبل جو وعدہ کیا اسے پورا کرکے دکھایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرشمہ کردکھایا، فیروز پور اور امرتسر والا بارڈر کھلنے کا مطلب کراچی اور نئی دہلی کا ملنا ہے، امید ہے دونوں ممالک کرتار پور کوریڈور کے ذریعے قریب آئیں گے۔

    نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ دشمنی کی روش کا خاتمہ کرنا ہوگا، اس دفعہ بھی پاکستان سے جو محبت ملی اس کا شکر گزار ہوں۔

    شہباز گل نے نوجوت سنگھ سدھو کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سدھو تنقید کے باوجود امن بانٹنے میں مصروف ہیں، شکر گزار ہیں کہ سدھو امن کا پیغام لے کر پاکستان آئے۔

    وزیراعظم عمران خان نےبیج بویاتھاوہ آج تناور درخت بن گیا ہے، نوجوت سنگھ سدھو

    یاد رہے کہ بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کرتارپورراہداری تقریب میں شرکت کے لئے ایک روز قبل پاکستان آئے تھے۔

    نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ میرے دوست وزیراعظم عمران خان، حکومت اورعوام کاشکریہ اداکرتاہوں، کرتارپورکوریڈور سے 73سال کی آس بھر آئی ہے، اور 12کروڑ سکھوں کو خوشی نصیب ہوئی ہے۔

  • دنیا بھر میں‌ دہشت گردی کا پشت پناہ ایران ہے، ٹرمپ

    دنیا بھر میں‌ دہشت گردی کا پشت پناہ ایران ہے، ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی انتہا پسند سرگرمیوں کے باعث خطے کو خطرات لاحق ہیں جس کا مقابلہ سعودیہ کے ساتھ ملکر کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار امریکی صدر نے منگل کے روز جاری بیان میں کیا جس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کئی برسوں سے یمن میں سعودی عرب کے خلاف جاری جنگ کا ذمہ دار ایران ہے جو لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ کا پست پناہ ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایرانی حکومت پڑوسی ملک عراق کی نوزائیدہ جمہوری حکومت کو بھی عدم استحکام میں مبتلا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا ایران پوری طاقت کے ساتھ کھلے عام ’مرگ بر امریکا اور مرگ بر اسرائیل‘ کے شعار بلند کرتا ہے اور مشرق وسطیٰ میں کئی امریکی شہری اور دیگر بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے بعد سعودی عرب تیل پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اور سعودیہ نے تیل کی قیمت بھی مناسب رکھی ہوئی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں ایرانی سرگرمیوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ اتحاد کو قائم رکھتے ہوئے غیر متزلزل شراکت داری جاری رکھے گا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل جمال خاشقجی قتل کیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی آئی اے کی رپورٹ قبل ازوقت ہے حتمی رپورٹ آنے تک کچھ نہیں کہہ سکتے مگر ایسا ہوسکتا ہے کہ قتل کا حکم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دیا ہو۔

  • روسی ایجنٹ پر حملہ، عالمی رہنماؤں نے پھر برطانیہ کی حمایت کردی

    روسی ایجنٹ پر حملہ، عالمی رہنماؤں نے پھر برطانیہ کی حمایت کردی

    نیویارک : عالمی رہنماؤں نے سالسبری میں روسی جاسوس سرگئی اسکریپال اور بیٹی یویلیا پر کیمیل حملے کے معاملے برطانیہ کی حمایت کرتے ہوئے روس پر زور دیا ہے کہ  ’نوویچک‘ پروگرام کی تفصیلات فراہم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی حکام نے سالسبری میں سابق روسی جاسوس اور اس کی بیٹی پر ہونے والے اعصاب شکن کیمیکل حملے میں روسی ایجنسی ’جی آر یو‘ کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا، فرنس، کینیڈا اور جرمنی نے اعصاب شکن کیمیکل حملے پر برطانیہ کی جانب سے تیار کی گئی جائزہ رپورٹ پر اتفاق کیا ہے۔

    مغربی اتحاد کی جانب سے روس پر زور دیا گیا ہے کہ نوویچوک منصوبہ بندی کے حوالے سے تمام تفصیلات فراہم کرے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپال اور یویلیا اسکریپال پر ہونے والے حملے سے متعلق منعقدہ میٹینگ کے دوران روس نے برطانیہ کی جانب سے پیش کردہ تمام ثبوت کو رد کرتے ہوئے ’جھوٹ‘ قرار دیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جی سی ایچ کیو کے سربراہ نے کہا ہے کہ برطانیہ اور اس کے اتحادی روس کے مؤقف کو رد کرتے ہیں جس کے ذریعے وہ عالمی قوانین کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔

    واشنگٹن میں تقریر کرتے ہوئے برطانوی حکومت کے کمیونیکیشن ہیڈکوارٹر کے سربراہ جیریمی فلیمنگ کا کہنا ہے کہ ’روس کی جانب سے دی گئی دھمکیاں حقیقی ہے اور روس اپنی دھمکیوں پر کار بند ہے‘۔

    تھریسا مے، ایمنیول مکرون، انجیلا مرکل، ڈونلڈ ٹرمپ اور جسٹن ٹروڈو کی جانب سے جاری بیان ’سالسبری کے کیمیکل حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سے روسی حکام نے برطانیہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’الزامات ناقابل قبول ہیں‘۔

    یاد رہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے سابق روسی جاسوس اور اس ک بیٹی پر قاتلانہ حملے میں ملوث دو ملزمان ’الیگزینڈر پیٹروف اور  رسلین بوشیروف ‘ کے نام جاری کیے تھے، تھریسا مے نے دعویٰ کیا تھا دونوں ملزمان روسی خفیہ ایجنسی ’جی آر یو‘ کے افسران ہیں۔

    خیال رہے کہ اعصاب شکن کیمیکل حملے کے معاملے پر برطانیہ اور اس کے اتحادیوں نے روس کے سیکڑوں سفارت کاروں کو ملک بدر کردیا تھا جبکہ روس نے بھی جواباً برطانیہ اور اتحادیوں کے سفارت کاروں کو ملک بدر کرکے قونصل خانے بند کردئیے تھے۔

    یاد رہے رواں برس 4 مارچ کو روس کے سابق جاسوس 66 سالہ سرگئی اسکریپال اور اس کی 33 سالہ بیٹی یویلیا اسکریپال پر نویچوک کیمیکل سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں دو روسی شہری کئی روز تک اسپتال میں تشویش ناک حالت میں زیر علاج تھے۔

  • سعودی اتحادی افواج کی حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی

    سعودی اتحادی افواج کی حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی

    صعناء :  سعودی اتحادی افواج نے یمنی باغیوں کے خلاف زمینی کارروائیوں کو وسیع کرتے ہوئے فضائی اور سمندری حدود سے بھی حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر حملے شروع کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجؤوں کو اتحادی افواج کی جانب سے انخلا کے لیے دی گئی مہلت ختم ہونے پر سعودی اتحادی افواج نے یمن کی انتہائی اہم بندر گاہ الحدیدہ پر حملہ کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یمن میں انسانی بنیادوں پر سامان اور امدادی اشیاء کی فراہمی کا اہم مرکز الحدیدہ بندر گاہ ہے۔

    یمنی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی اتحادی افواج نے زمینی کارروائیوں کا دائرہ بڑھاتے ہوئے فوجی آپریشن میں فضائی اور سمندری افواج کی مدد بھی حاصل کرلی ہے، جس کے بعد فضا اور سمندر سے بھی حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق الحدیدہ شہر کے باسیوں کا کہنا ہے کہ سعودی اتحادی افواج کی کارروائیوں کے باعث شہر کے مضافات میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    یمن میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے والی ایجنسیوں نے شہر پر حملے کی صورت میں ڈھائی لاکھ افراد کی زندگی ضائع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، امدادی ٹیموں نے کہا ہے کہ سعودی افواج کی شہر پر کارروائی بڑی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یمن جنگ میں 70 لاکھ سے زائد شہری امدادی اشیا اور خوراک پر منحصر ہیں۔

    حوثی باغیوں کے خلاف عسکری آپریشن کا آغاز کرنے سے پہلے یمنی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ الحدیدہ سے حوثی ملیشیا کو بے دخل کرنے کے لیے استعمال کیے گئے تمام سیاسی وسائل اور مہلتیں ختم ہوچکی ہیں۔

    یمن کے صدر منصور الہادی کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ الحدیدہ کی آزادی یمن میں حوثیوں کی شکست کا آغاز ہوگا اور بحرہ باب المندب میں جہاز رانی دوبارہ محفوظ ہوجائے گی۔

    منصور الہادی کا کہنا تھا کہ ’حوثیوں کی شکست کے ساتھ ہی ایران کے ہاتھ بھی کٹ جائیں گے، جن سے ایران نے یمن کے باغیوں کو اسلحہ و گولہ بارود فراہم کرکے پُر امن یمن کو خون میں نہلا دیا اور بچوں تک کے ہاتھوں میں اسلحہ دے کے ملک کو ہتھیاروں میں غرق کردیا‘۔

    یمنی صدر منصور ہادی کی حمایت میں متحدہ عرب امارات نے حوثی باغیوں کو وارننگ دی تھی کہ الحدیدہ کو خالی کردیں ورنہ زبردست حملے کے لیے تیار ہوجائیں۔

    متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر خارجہ انور قرقاش نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’ہم چاہتے تھے کہ الحدیدہ بندر گاہ کی ذمہ داری اقوام متحدہ کے ہاتھ میں ہو۔

    خیال رہے کہ یمن جنگ میں گذشتہ تین برسوں کے دوران 10 ہزار سے زائد بے گناہ شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں، جس کے بعد اقوام متحدہ نے یمن کی موجودہ صورتحال کو ’بدترین انسانی تباہی‘ کہا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں