Tag: badin

  • ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں قائم انسداد پولیو ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ملک میں سال 2024 کے 74 ویں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی 1) کیس کی نشاندہی کی تصدیق کی ہے۔

    اس حوالے سے پولیو حکام کا کہنا ہے کہ سندھ کے ضلع بدین سے ایک اور پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے، سال کا پہلاکیس جنوبی خیبرپختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان سے رپورٹ ہوا تھا۔

    سال2024 میں مجموعی طور پر پولیو وائرس کے74 کیسز رپورٹ ہوئے، ان کیسز میں سے 27 کا تعلق بلوچستان، 22 کا خیبرپختونخوا سے تھا۔ 23 کیسز کا تعلق سندھ، ایک کا پنجاب اور ایک کا اسلام آباد سے تھا۔

    پولیو حکام کے مطابق 2025کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ملک بھر میں مہم کے 99 فیصد اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں۔

    گزشتہ ماہ ہی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی لیبارٹری کے ایک عہدیدار  نے ٹھٹھہ سے وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کیس کی نشاندہی کی تصدیق کی تھی۔

    سال 2024 میں ٹھٹھہ سے پولیو وائرس کا یہ پہلا کیس ہے چونکہ نمونہ پچھلے سال دسمبر میں جمع کیا گیا تھا، اس لیے اس کیس کو پچھلے سال کے اعداد و شمار کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ انسداد پولیو مہم 3سے9فروری 2025 تک چلائی گئی، مہم کے دوران45ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

    ہر مہم میں، یہ پروگرام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں، تاکہ انہیں پولیو وائرس کے خطرناک اثرات سے بچایا جا سکے۔

  • بدین میں پریزائیڈنگ افسر کو دھمکی دینے والا شخص گرفتار

    بدین: صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں پریزائیڈنگ افسر کو دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بدین کے ٹاؤن کمیٹی کڑیوگھنور میں پریزائیڈنگ افسر کو دھمکی دینے والا شخص گرفتار ہو گیا، دھمکی دینے والے شخص کے خلاف تھانہ کڑیوگھنور میں پریزائیڈنگ افسر کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

    ایس ایس پی بدین کے مطابق گرفتار ملزم سے رپیٹر اور گولیوں سمیت 2 پستولیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لیے صوبے بھر کے 16 اضلاع میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، پولیس اور رینجرز اہل کار سیکیورٹی کے لیے مامور کیے گئے ہیں۔

    انتخابات میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 32 لاکھ 83 ہزار 696 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جب کہ 8706 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں مردوں کے لیے 1204 پولنگ اسٹیشنز ہیں اور خواتین کے لیے 1170، جب کہ مشترکہ 6332 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں، اسپیشل سیکریٹری اور سیکریٹری الیکشن کمیشن صوبائی دفتر سے انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں، جب کہ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم نتائج آنے تک فعال رہے گا۔

  • ظلمت سے روشنی کی طرف: ہندو لڑکی نے اسلام قبول کر لیا

    ظلمت سے روشنی کی طرف: ہندو لڑکی نے اسلام قبول کر لیا

    کراچی: بدین سے تعلق رکھنے والی ایک 21 سالہ لڑکی نے ظلمت سے روشنی کی طرف آتے ہوئے اسلام قبول کر لیا، نو مسلمہ نے اپنے اغوا کی پولیس رپورٹ بھی غلط قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق 21 سالہ تعلیم یافتہ ہندو لڑکی کانتا اسلام قبول کرنے کے لیے جامعہ بنوریہ کراچی آئی تھی، جہاں نو مسلمہ کو کلمہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا گیا۔

    قبول اسلام کے بعد کانتا کا اسلامی نام فاطمہ منتخب کیا گیا، فاطمہ نے پولیس کو بیان دیا کہ میں بالغ اور اپنے فیصلوں میں خود مختار ہوں، اپنی مرضی اور خوشی سے اسلام قبول کیا ہے، اسلام قبول کرنے ہی کراچی آئی تھی، اغوا کی ایف آر درست نہیں ہے۔

    جامعہ بنوریہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لڑکی سے شناختی کارڈ، اس کی عمر اور اسلام قبول کرنے کے حوالے سے تمام معلومات حاصل کی گئی تھیں، پھر نو مسلمہ کا بیان لے کر مقامی تھانہ سائٹ اے میں جمع کرایا گیا۔

    نو مسلمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے، بدین واپس نہیں جانا چاہتی، جامعہ بنوریہ میں دینی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہوں۔

    امریکی خاتون نے جامعہ بنوریہ میں اسلام قبول کر لیا

    فاطمہ نے کہا ایف آئی آر کو سی کلاس کرنے کے لیے جو بیان لینا ہے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے لیا جائے، مجھ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ میں واپس ہندو ہو جاؤں، اور میں ایسا ہر گز نہیں چاہتی۔

    نو مسلمہ نے بتایا کہ انھوں نے بچپن ہی سے اسلام کا مطالعہ کیا ہے اور پہلے بھی اس حوالے سے اپنے گھر والوں کو آگاہ کیا تھا۔ فاطمہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ بدین میں اغوا سے متعلق درج ایف آئی آر واپس لی جائے اور مجھے میرا قانونی حق دیا جائے۔

  • نشئی شوہرکا بیوی پر بدترین تشدد، جان سے مارنے کی کوشش ناکام

    نشئی شوہرکا بیوی پر بدترین تشدد، جان سے مارنے کی کوشش ناکام

    بدین: نشے کی لت کا شکار شوہر نے بیوی پر بدترین تشدد کرکے اسے جان سے مارنے کی کوشش کی تاہم محلہ داروں نے عین وقت پر مداخلت کرکے لڑکی کی زندگی بچالی۔

    تفصیلات کے مطابق بدین شہر کے وسط سے گزرنے والی نہر کے کنارے پر واقع کچی آبادی مسان محلہ کے رہائشی اشوک عرف اشو میگواڑ نے نشہ کی حالت میں اپنی بیوی گوڈی پر لاتوں مکوں سے تشدد کرتے ہوئے گلے میں ڈپٹہ ڈال کر مارنے کی کوشش کی ۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تشدد کا شکار گوڈی میگواڑ کی چیخ پکار اور مدد کی اپیل پر محلہ داروں نے فوری طور پر گھر میں داخل ہو کر تشدد کا شکار عورت کو شوہر کی نرغے سے بچایا اور واقع کی اطلاع پولیس کو دی۔

    اطلاع ملنے پر بدین سٹی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئےے موقع پر پہنچ کر تشدد میں ملوث اشوک میگواڑ کو نشہ کی حالت میں گرفتار کر کے تھانے میں لاک اپ کر دیا ۔

    محلہ داروں کے مطابق گرفتار اشوک میگواڑ اس سے قبل بھی اپنی سابقہ بیوی سونی کو اکثر بدترین تشدد کا شکار بناتا تھا جس نے تشدد سے تنگ آکر خودکشی کر لی تھی۔

    پولیس کے مطابق تشدد میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ملزم پر مقدمہ درج کرانے کے لئے لڑکی کے اہل خانہ کی جانب سے تاحال ابھی تک کوئی تھانہ پر نہیں پہنچا دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ ملزم کے بھائی اور دیگر رشتے دار ملزم کی بیوی دبا ؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ مقدمہ درج کرانے کے بجائے راضی نامہ کرلے۔

    یاد رہے کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق 20 فیصد سے زائد خواتین پاکستان میں گھریلو تشدد کا شکار ہیں جبکہ ہر سال لگ بھر پانچ ہزار خواتین گھریلو تشدد کے سبب جان کی بازی ہار جاتی ہیں، گھریلو تشدد سے تنگ آکر خودکشی کرنے والی خواتین کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔

    قوانین موجود ہونے کے باوجود ان پر عمل در آمد نہیں ہوپا تا ہے جس کا بنیادی سبب متاثرہ فریق کی جانب سے شکایت کا درج نہ کرانا، اور پولیس کے نظام کی خامیاں ہیں ، دورانِ تفتیش خواتین کو مختلف طریقوں سے پریشان کرکے پیسے اینٹھنے اور اور کیس کو ختم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

  • بدین میں مسافر کوچ کو حادثہ، 8 افراد جاں بحق

    بدین میں مسافر کوچ کو حادثہ، 8 افراد جاں بحق

    بدین: صوبہ سندھ کے شہر بدین میں تیزرفتار مسافر کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 44 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بدین میں مورجھر کے قریب کراچی سے آنے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 44 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 5 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق افسوس ناک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

    کرک: مسافر کوچ کو حادثہ، خوفناک آتشزدگی سے 15 افراد جھلس کر جاں بحق

    اس سے قبل رواں سال 7 فروری کو خیبرپختونخواہ کے علاقے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر کار اور مسافر کوچ میں تصادم کے بعد بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    یاد رہے کہ 21 جنوری 2019 کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ کراس کے قریب مسافر بس اور ٹرک کے مابین ہونے والے تصادم کے باعث 26 افراد جاں بحق جبکہ17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ تعاون کریں تو زیادہ نوکریاں دے سکتا ہوں: آصف زرداری

    وزیر اعلیٰ سندھ تعاون کریں تو زیادہ نوکریاں دے سکتا ہوں: آصف زرداری

    بدین: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ خدمت کرنا پیپلز پارٹی کا اٹوٹ انگ ہے، وزیر اعلیٰ سندھ تعاون کریں تو زیادہ نوکریاں دے سکتا ہوں۔ سب کا مقابلہ اکیلے ہی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب کا ساتھ دینے کی بات کی، حق بھی دیا۔ بی بی صاحبہ کو سازش کے تحت شہید کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ اتنا دیوار سے نہ لگاؤ، عوام میرے ہاتھ میں نہیں رہیں گے۔ ملک میں ایسے کام کر کے دکھائے جو دوستوں نے سوچے بھی نہیں تھے۔ کسی نے کہا تھا کہ بلوچستان سے معافی مانگو۔ بھٹو صاحب اور فاضل راہو کا ضمیر مجھ میں زندہ ہے، بلوچستان سے معافی مانگی۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہر جگہ لوگوں کو پیٹ کے لالے پڑے ہوئے ہیں، سفید پوش لوگ ریڑھیاں لگانے پر مجبور ہیں۔ ہماری پالیسی بھی آپ کو اسکینڈل نظر آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خدمت کرنا پیپلز پارٹی کا اٹوٹ انگ ہے، وزیر اعلیٰ سندھ تعاون کریں تو زیادہ نوکریاں دے سکتا ہوں۔ سب کا مقابلہ اکیلے ہی کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے کارکن مایوس نہ ہوں۔

    دو روز قبل سابق صدر نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے بھی خطاب کیا تھا۔

     اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ نے چیئرمین نیب سے ملاقات کے لیے خط کیوں لکھا، اس دن کا سوچیں جب آپ کو بلایا جائے گا تو کیا ہوگا، ہم نے ہی پارلیمنٹ کو عزت دینی ہے اور مضبوط کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف کو آج ریلیف ملا ہے تو ہم اس پر خوش ہیں، مریم نواز کو جیل میں نہیں دیکھنا چاہتے، کسی بھی بہن بیٹی کو نہیں دیکھنا چاہتے۔‘

  • این اے 230 بدین : دوبارہ گنتی میں بھی جی ڈی اے کی ڈاکٹرفہمیدہ مرزا کامیاب قرار

    این اے 230 بدین : دوبارہ گنتی میں بھی جی ڈی اے کی ڈاکٹرفہمیدہ مرزا کامیاب قرار

    بدین : این اے 230سے جی ڈی اے کی امیدوار فہمیدہ مرزا دوبارہ گنتی میں بھی کامیاب قرار پائیں، پیپلزپارٹی نے 5پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کیلئے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کی امیدوار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سیدہ فہمیدہ مرزا بدین این اے230میں دوبارہ گنتی کرانے پر کامیاب قرار پائیں ہیں۔اس حلقے میں دس روز سے گنتی جاری تھی۔

    غیرحتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق دوبارہ گنتی پرجی ڈی اے کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو کامیاب قرار دے دیا گیا، انہوں نے95ہزار64ووٹ لیے جبکہ پیپلزپارٹی کے رسول بخش چانڈیو نے93ہزار 999ووٹ حاصل کیے۔فہمیدہ مرزا کو 1065ووٹ کی برتی حاصل ہے۔

    پیپلز پارٹی نے مذکورہ فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے5پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ ووٹنگ کیلئے عدالت جانے کا اعلان کردیا، پیپلزپارٹی کا مؤقف ہے کہ5پولنگ اسٹیشنز کےنتائج پر پریزائیڈنگ افسران کے دستخط موجود نہیں تھے، پریزائیڈنگ افسران کی اس غفلت کافائدہ جی ڈی اے کو دینا ناانصافی کے مترادف ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ بننے کا اعلان

    واضح رہے کہ پی پی کے امیدوار رسول بخش چانڈیو نے دوبارہ گنتی کی درخواست دے رکھی تھی۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد کر رکھا ہے اور اطلاعات کے مطابق ممکنہ طور پر ان جماعتوں میں انضمام بھی ہوسکتا ہے۔

  • پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ پانی پر کام کیا، بلاول بھٹو

    پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ پانی پر کام کیا، بلاول بھٹو

    بدین: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ پانی پر کام کیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ بدین میں انتخابی مہم کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے، بلاول کا کہنا تھا کہ پانی کی پالیسی پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا شہید بھٹو نے آپ کے سامنے ایک منشور پیش کیا تھا، یہ میرا پہلا منشور ہے، ہم عوام کو بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت فوڈ کارڈ دیں گے۔

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کو فوڈ کارڈ پر کھانے پینے کی چیزیں کم قیمت پرملیں گی، بھوک مٹاؤ پرواگرام سےغذائی قلت اور بے روزگاری کا مقابلہ کیا جائے گا۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کی حکومت نے پانی کا ایک بھی منصوبہ نہیں بنایا، ہمیں مستقبل میں پانی کے بڑے مسائل کو حل کرنا پڑے گا، ہم سمندر کے پانی کو میٹھا کر کے آپ تک پہنچائیں گے۔

    میری کسی سے ڈیل ہوتی، تو اسماعیل ڈاہری گرفتارنہ ہوتے: آصف زرداری


    بلاول بھٹو زرداری نے کہا بی بی کا وعدہ نبھانا ہے، میں ان کے نامکمل مشن کو مکمل کرنا چاہتا ہوں، ہم غریب خواتین کو بلاسود قرضے دیں گے۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر نے جو وعدے کیے انھیں پورا کیا، اب جو وعدے بلاول بھٹو کر رہا ہے وہ انھیں پورا کرے گا، اگر عوام کا ساتھ ہو تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔

    خیال رہے ان دنوں بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں سندھ بھر میں ریلیاں نکال رہے ہیں، گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاری میں بھی ریلی نکالی تاہم انھیں علاقہ مکینوں کے شدید پتھراؤ کا سامنا کرنا پڑا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پیپلزپارٹی کے انتخابی نشان تیر پر الیکشن نہیں لڑوں گی، فہمیدہ مرزا

    پیپلزپارٹی کے انتخابی نشان تیر پر الیکشن نہیں لڑوں گی، فہمیدہ مرزا

    کراچی: سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے منشور میں اب روٹی کپڑا اور مکان نہیں رہا، پیپلزپارٹی کے انتخابی نشان تیر پر الیکشن نہیں لڑوں گی، پارٹی کو ٹکٹ کے لیے درخواست بھی نہیں دوں گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، فہمیدہ مرزا نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس کے منشور سے پہچانا جاتا ہے، پارٹی کی بنیاد منشور اور نظریے پر ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جماعت اب نہیں رہی، پیپلزپارٹی کا مطلب ہے عوام کی جماعت اور اس میں اب عوام نہیں ہے، ہمیشہ پیپلزپارٹی پر تنقید کی ہے، اسمبلی میں بھی آواز اٹھائی ہے، جب بھی اسمبلی میں بات کی اپنے حلقے کی عوام کی بات کی ہے، میرا نظریہ وہ ہے جو بدین کے عوام کا ہے۔

    فہمیدہ مرزا نے کہا کہ بہت سے خدشات ہیں، الیکشن شفاف ہونے چاہئیں، الیکشن قریب آتے ہی سڑکوں پر موجود ہیں کام بھی ہورہے ہیں، ہم دس سال سے عوام کو ریلیف نہیں دے سکے ہیں، وفاق سے 5 سال میں بدین کے عوام کے لیے کوئی فنڈ نہیں ملا۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میرے بیٹے کو بھی پانچ سال میں صرف ایک بار مائیک دیا گیا، میرے بیٹے کو صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کوئی فائدہ نہیں دیا گیا، ذوالفقار مرزا بھی عوام اور اپنی وزارت سے متعلق آواز اُٹھا رہے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سن2060  تک کراچی، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ سمندربرد ہوجائیں گے

    سن2060 تک کراچی، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ سمندربرد ہوجائیں گے

    کراچی : دریائے سندھ میں پانی کی شدیدقلت نے ٹھٹھہ بدین اورکراچی کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی، ماہرین کا کہنا ہے کہ کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں پانی نہ چھوڑا گیا تو سن2060  تک کراچی، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ سمندربرد ہوجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق دریائےسندھ میں پانی کی شدیدقلت نے ٹھٹھہ ، بدین اور کراچی کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، سمندر لگ بھگ تین سال میں پینتیس لاکھ ایکڑزمین نگل گیا ہے۔

    دریائے سندھ میں پانی میں مسلسل کمی کے باعث کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں پانی نہ ہونے کے برابر چھوڑا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے سمندر کی دریائے سندھ کی جانب تیزی سے پیش قدمی جاری ہے۔

    سمندری پانی دریامیں شامل ہونے سے آبی حیات کو شدیدخطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

    آبی ماہرین نے خدشہ ظاہرکیا ہے صورتحال برقرار رہی اورکوٹری ڈاؤن اسٹریم میں پانی نہ چھوڑاگیا تو دو ہزار ساٹھ تک کراچی، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ سمندربرد ہوجائیں گے۔


    مزید پڑھیں : سندھ ٹھٹھہ، بدین 2050 اور کراچی کا 2060 تک ڈوبنے کا امکان


    یاد رہے 2015 میں نیشنل انسٹیٹوٹ آف اوشین وگرافی نے سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کو بتایا تھا کہ سمندر کی سطح میں اضافے سے ٹھٹھہ اور بدین اگلے پینتیس سال میں جبکہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر ساحلی علاقے آئندہ پینتالیس برس تک ڈوب جائیں گے۔

    آف اوشین وگرافی کا کہنا تھا کہ 1989 میں اقوام متحدہ نے پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا، سمندر کے آگے بڑھنے سے متاثر ہوسکتے ہیں،  گزشتہ 35 سال میں بلوچستان کی ساحلی پٹی کا دو کلومیٹر کا علاقہ سمندر کے پانی کی نذر ہوچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔