Tag: badin

  • ملک کو نواز، عمران کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے: بلاول بھٹو

    ملک کو نواز، عمران کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے: بلاول بھٹو

    بدین: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دو لاڈلوں کی جنگ چل رہی ہے۔ ملک کو نواز شریف، عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شہید فاضل راہو کی 21 ویں برسی ہے۔ شہید فاضل راہو نے آمریت کے خلاف لڑائی لڑی اور کامیاب ہوئے۔ شہید فاضل راہو کی قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست کے بارے میں سوچتا ہوں تو دکھ ہوتا ہے۔ ’ملک کے حالات دیکھتا ہوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے۔ قصور میں ہمارے بچوں کے ساتھ کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ دکھ اس بات کا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں 12 ویں مرتبہ ہوا۔ ’اپنی ماں کے مزار پر کھڑے ہو کر قصور کے بچوں کے لیے انصاف مانگا تھا۔ یہ ایک زینب نہیں تھی 11 ویں زینب تھی جو ظلم کا شکار ہوئی۔ تمام ثبوت اور فوٹیج کے باوجود وحشی آج آزاد گھوم رہا ہے‘۔

    بلاول نے کہا کہ میں مانتا ہوں یہ سنگین جرم صرف قصور تک محدود نہیں۔ لیکن یہ قبیح جرم قصور میں اتنی بڑی تعداد میں کیوں ہے۔ ’کون ہے قصور میں جو ان درندوں کی سرپرستی کر رہے ہیں‘۔

    بلاول نے مزید کہا کہ میاں صاحب ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف کون دے گا۔ آپ کے بھائی کو حدیبیہ کیس میں چھوڑ دیا گیا۔ بڑے میاں کہتے ہیں غلط سزا دی، چھوٹے کہتے ہیں انصاف کا بول بالا ہوا۔ ’یہ قوم اب آپ کے دھوکے میں نہیں آئے گی‘۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک کو نواز شریف اور عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ’دراصل ملک میں دو لاڈلوں کی جنگ چل رہی ہے۔ عمران خان آپ پورے ملک میں کرپشن کے خلاف بولتے رہے۔ آپ کے اپنے وزیر اعلیٰ پر کرپشن کے متعدد الزامات ہیں۔ آپ کے سیکریٹری جنرل کو نااہل قرار دیا گیا ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست پر باتیں کرنے والے نے بیٹے کو ٹکٹ دے دیا۔ تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے پاکستان تحریک انصاف خود تبدیل ہوگئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بدین : تیز ہواؤں اورمٹی کا طوفان، 40 گھرجل کر خاکستر

    بدین : تیز ہواؤں اورمٹی کا طوفان، 40 گھرجل کر خاکستر

    بدین : مٹی کے طوفان نے ضلع بدین میں تباہی مچا دی۔ گرد آلود ہواؤں نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ بدین کے ساحلی علاقوں میں فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ مختلف گوٹھوں میں تیز ہوا کے باعث لگنے والی آگ نے 40 سے زائد گھروں کو نذر آتش کر دیا۔

    ضلع بدین میں مٹی کے طوفان اور تیز ہوا کے باعث مختلف گوٹھوں میں آگ لگنے کے مختلف واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، ریسکیو حکام کے مطابق بدین کے تعلقہ گولارچی ، تعلقہ تلہار اور تعلقہ بدین کے گاؤں یوسف سومرو میں آگ کی وجہ سے 40گھر جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔

    اس دوران ضلع بھر کی 7 فائر ٹینڈرز کی جانب سے مختلف ریسکیو اپریشن کئے گئے لیکن ان میں سے کسی بھی جگہ بروقت نہ پہنچنے کے سبب شہریوں کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ صرف بدین کے گاؤں یوسف سومرو میں لگنے والی آگ نے 20 سے زائد گھروں کو پل بھر میں جلا کر خاک کر دیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق گوٹھوں میں کھانا پکانے کے لئے لکڑی جلائی جاتی ہے اور گھر کچے ہوتے ہیں تیز ہوا کے باعث لکڑی کی آگ کی چنگاریوں نے کچے گھروں میں آگ بھڑکا دی جسے بروقت کنٹرول نہ کئے جانے کے سبب شہریوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    گاؤں یوسف سومرو میں متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ جبکہ اسی گائوں میں 5 بکریاں بھی تیز آگ کی لپیٹ میں آ کر جل گئیں۔ بدین شہر میں مٹی کے طوفان کے باعث سائن بورڈ اکھڑ گئے جبکہ گردآلود ہواؤ ں نے نظام زندگی معطل کئے رکھا۔

  • عزم و حوصلے کی مثال: معذور لڑکی مکینک بن گئی

    عزم و حوصلے کی مثال: معذور لڑکی مکینک بن گئی

    بدین: دونوں پیروں سے معذور باہمت لڑکی چھوٹے بہن بھائیوں اور والدہ کی کفالت کے لیے موٹر سائیکل مکینک بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ہمت اور حوصلہ ہو تو کوئی بھی معذوری مقصد کی تکمیل میں آڑے نہیں آسکتی، عزم کے آگے پہاڑ بھی رائے کے دانے کے برابر ہوجاتے ہیں۔

    یہ الفاظ بدین کی معذور لڑکی لالی پر صادق آتے ہیں جس نے اپنی معذوری کو محتاجی کا سبب بنانے کے بجائے نئے عزم کے ساتھ زندگی سے لڑ کر اپنا حصہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔

    women-post-1

    ہمت و حوصلہ جیتے الفاظ لالی کی موجودہ مثالی زندگی کے لیے ناکافی ہیں جو تین چھوٹی بہنوں، دو چھوٹے بھائیوں اور والدہ کی واحد کفیل ہے، لالی نے مکینک بننے سے قبل لوگوں کے آگے ہاتھ بھی پھیلایا، گداگری بھی کی لیکن بالآخر اسے چھوڑ دیا۔

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے لالی نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ معذور ہے اس کے باعث لوگوں کے آگے ہاتھ پھیلاتی تھی تب بھی اس کا اور گھر والوں کا گزارا نہیں ہوتا تھا، بالآخر اس نے اپنی زندگی بدلنے کا فیصلہ کیا۔

    پاؤں نہیں تو کیا ،اللہ نے ہاتھ، آنکھیں اور دماغ تو دیا ہے، لالی

    لالی کا کہنا تھا کہ اس نے سوچا کہ میرے پاس پاؤں نہیں تو کیا، اللہ تعالیٰ نے مجھے ہاتھ ، آنکھیں اور دماغ تو دیا ہے، میں محنت مزدوری کیو ں نہ کروں؟

    women-post-2

    لالی نے اپنے عزم پر عمل کرنا شروع کیا جو اسے موٹر سائیکل مکینک ریاض کی دکان تک لے آیا، جس نے لالی بہن اور شاگرد بنایا اور اسے ہنر سکھایا۔

    موٹر مکینک ریاض نے اے آر وائی نیوز کو بتایاکہ لالی گداگری کرتی تھی، بہت غریب ہے اس نے مجھ سے موٹر مکینک کا کام سیکھنے کی درخواست کی، میں نے اسے گداگری ترک کرنے کا کہا اور وہ کام سیکھنے آنے لگی۔


    باہمت اورمثالی لڑکی لالی کی جانب سے گداگری کا پیشہ ترک کرکے روزگار حاصل کرنے کا باعزت پیشہ حاصل کرنے کا عمل معاشرے کے عضو معطل اور معذور افراد کے لیے ایک سبق ہے۔

  • بلدیاتی انتخابات : پی پی کا پلڑا بھاری، مرزا گروپ بھی کامیاب

    بلدیاتی انتخابات : پی پی کا پلڑا بھاری، مرزا گروپ بھی کامیاب

    سانگھڑ/ بدین : سانگھڑمیں بلدیاتی انتخابات کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کا پلڑا بھاری رہا جبکہ بدین میں مرزا گرو پ آگے رہا۔

    جیت کی خوشی میں حامیوں نے جشن منایا،کہیں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں تو کہیں بھنگڑے ڈالے گئے۔ سانگھڑ اور بدین کابلدیاتی معرکہ۔مخالفین کے درمیان انتہائی سخت رہا۔ کہیں پیپلزپارٹی تو کہیں مرزا گروپ کا پلڑا بھاری رہا۔

    بدین میں پیپلزپارٹی اور مرزا گروپ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔غیر حتمی،غیر سرکاری نتائج کے مطابق بدین ڈسٹرکٹ کونسل کی ارسٹھ نشستوں میں چونتیس پر مرزا گروپ اور تینتیس پر پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی۔

    جیت کی خوشی میں کارکنان نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں تقسیم کیں۔ سانگھڑ میں پیپلزپارٹی اور فکشنل لیگ کے درمیان مقابلہ سخت رہا۔

    غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج نے پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیا ،تو پیپلزپارٹی کےکارکنان کی بڑی تعداد نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور جیت کی خوشی میں جشن منایا۔

    اس موقع پر پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدواروں کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کل بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ تھے اور آج بھی ہیں۔

  • بینظیر کو بہن کہنے والوں نے وفاداریاں تبدیل کرلیں، بلاول بھٹو

    بینظیر کو بہن کہنے والوں نے وفاداریاں تبدیل کرلیں، بلاول بھٹو

    بدین: بلدیاتی انتخابی مہم کے آخری روزپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بدین میں جلسےسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیربھٹو کوبہن کہنے والے آج دشمنوں کے ساتھ مل گئےہیں۔

    بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اسے کوئی ختم نہیں کرسکتا۔

    بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی کا ساتھ چھوڑنے والوں پرانتہائی سخت الفاظ میں تنقید بھی کی اورعمران خان کو بھی نہیں چھوڑا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سندھ کے روحانی مرشدوں کو ساتھ لئے گھوم رہے ہیں کہ ان کے مرید اپنے پیر کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے جمع ہوجائیں۔

    انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیاست میرے خون میں ہے، مچھلی کے جائے کو تیرنا کون سکھا سکتا ہے؟‘‘۔

    انہوں نے تحریک انصاف کے تبدیلی کے نعرے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ تبدیلی لانے کے لئے لیڈر کو قربانیاں دینی پڑتی ہیں‘‘۔

    انہوں نے ذوالفقار مرزا کو چھپے لفظوں میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینیظیربھٹوکو بہن کہنے والوں نے آج اپنی وفاداریاں تبدیل کرلیں ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی والدہ کو بھی ایسے کئی افراد نے دھوکہ دیا تھا۔سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پرپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سندھ کے دورے پر ہیں، بدین پہنچنے پر بلاول بھٹو کا شاندار استقبال کیا گیاتھااورڈھول کی تھاپ پرکارکنوں نے والہانہ رقص کیا۔

    بلاول بھٹو کو ایک بڑی ریلی کی صورت میں بدین شہرلایا گیا جہاں کارکنوں کی ایک بڑی تعداد اپنے رہنما کی ایک جھلک دیکھنے کی منتظر تھی۔ اس موقع پر کارکنوں کاجوش و خروش دیکھنے والا تھا جو دور دراز گاؤں سے آئے تھے، ریلی میں ہزاروں کارکن شریک تھے۔

    گولارچی سے بدین کا ایک گھنٹے کا سفر کئی گھنٹوں میں طے ہوا، بلاول بھٹو زرداری نے بدین شہر کا مکمل دورہ کیا اور اس کے بعد جلسے سے خطاب کرنے کے لئے اللہ والا چوک پہنچ گئے۔

    بلاول بھٹوکی بدین آمد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کی بھاری نفری ریلی کےراستوں اور جلسہ گاہ کےاطراف تعینات تھے۔

  • کراچی آپریشن کےخوف سے روپوش 5 ٹارگٹ کلربدین سے گرفتار

    کراچی آپریشن کےخوف سے روپوش 5 ٹارگٹ کلربدین سے گرفتار

    بدین : کراچی آپریشن کے خوف سے روپوش پانچ ٹارگٹ کلرز کو بدین سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی میں جاری جرائم پیشہ افراد کیخلاف ہونے والے آپریشن میں گرفتاری کے خوف سے فرار ہونے والے ملزمان کو بدین سے گرفتارکرلیا گیا ہے۔

    بدین کے علاقے تلہار میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار ہونےوالے غلام مصطفی، خالد، عبدالرحمان، قادر اور صاحب خان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جا رہا ہے۔ ملزمان قتل اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔

    گرفتار ملزمان سے ابتدائی تحقیقات کے بعد ملنے والی معلومات پر رینجرز اور پولیس کی جانب سے بدین کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے ساتھی اور دیگر سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا جاسکے۔ ملزمان  سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • گھوٹکی، سکھر،حیدرآباد، بدین،لاڑکانہ اور دادو میں فلڈ وارننگ جاری

    گھوٹکی، سکھر،حیدرآباد، بدین،لاڑکانہ اور دادو میں فلڈ وارننگ جاری

    حیدرآباد: سیلاب کی بے رحم موجیں سندھ کی جانب بڑھنےلگیں، گھوٹکی، سکھر،حیدرآباد، بدین،لاڑکانہ اوردادو میں فلڈوارننگ جاری کردی گئی۔

    سندھ میں سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے وارننگ جاری کردی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق موسلا دھار بارشوں اور سیلابی صورتحال سے کراچی ، سکھر ، حیدر آباد اور لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں کے مثاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    کمنشر سکھر کے مطابق سکھر ریجن میں دریائے کو سندھ تین مقامات سے حساس قرار دیا گیا ہے سیلابی صورتحال کے باعث چھ لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، چوبیس اور پچیس جولائی کو بڑا سیلابی ریلا دریائے سندھ کمشور ، روہڑی اور حیدرآبا سے ہوتا ہوا گزرے گا۔

    جس کے پیش نظر آئندہ دور وز میں کچےکے علاقے سے آبادیوں کو منتقل کرنا شروع کردیا جائے گا، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر ضلع میں پچاس پچاس ریلیف سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔

      دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث گھوٹکی کے دیہاتوں میں سیلاب داخل ہوگیا ہے، جس میں سہنوجوگی، اسماعیل چاچڑ، جاڑو شیخ، دوست محمد چاچڑ اور دیگر گاؤں شامل ہیں، انتظامیہ کی جانب سے تاحال ریلیف کا کام نہیں کیا جاسکا، جس کے باعث متاثرہ دیہاتیوں نے اپنی مدد کے تحت مویشی کچے سے پکے کی جانب منتقل کرنا شروع کردیے ہیں۔

      دریا میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث پانی نے روہڑی شہر کی حفاظتی دیواروں کو کاٹنا شروع کردیا ہے، جس سے شہری علاقوں میں شدید خطرات کا خدشہ ہے۔

  • خاندان کو سندھ حکومت سے خطرہ ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

    خاندان کو سندھ حکومت سے خطرہ ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

    اسلام آباد: ذوالفقار مرزا کی اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کہتی ہیں ان کے خاندان کو سندھ حکومت سے خطرہ ہے۔

    سندھ حکومت اور پیلزپارٹی کے رہنما ذوالفقار مرزا کے مقابل آئےتو ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی اپنے شوہر کے دفاع میں کھڑی ہوگئیں ۔

    اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا ان کے خاندان کو سندھ حکومت سے خطرہ ہے۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے انکشاف کیا کہ پولیس پرڈاکٹر ذوالفقارمرزاکی گرفتاری کے لیے اوپر سے دباؤ ہے ۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزاکا کہنا تھا منصوبہ بندی کے تحت کچھ لوگ ان کے خاندان کو پارٹی سے باہر کرنا چاہتے ہیں۔

     ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا سندھ حکومت کی یہ عجیب منطق ہے کہ وہ کسی کا گلا بھی دبائے اور یہ بھی چاہے کہ کوئی چیخے بھی نہیں۔

  • ذوالفقارمرزا کا آج عدالت میں پیش ہونے کا امکان

    ذوالفقارمرزا کا آج عدالت میں پیش ہونے کا امکان

    بدین : سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقارمرزا کا آج عدالت میں پیش ہونے کا امکان ہے، انھوں نے سندھ حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی جبکہ بدین میں حالات بدستورکشیدہ ہیں۔

    تھانے میں ہنگامہ آرائی، شہر میں مسلح افراد کے ساتھ گشت، کلاشنکوف اٹھا کر پولیس کو للکارنے والے باغی جیالے اور سابق صوبائی وزیرداخلہ حفاظتی ضمانت پر ہیں۔

    ذوالفقارمرزا کی اہلیہ اور رکن قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا بھی بدین مرزا ہاؤس میں موجود ہیں ۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پولیس فورس نے مرزا فارم ہاؤس کا محاصرہ کر رکھا ہے اگر صورتحال یہی رہی تو ذوالفقارمرزا عدالت میں پیش نہیں ہونگے۔

    ذوالفقارمرزا پر بدین میں تھانے پر دھاوا بولنے، کارسرکار میں مداخلت اور زبردستی دکانیں بند کرانے کے مقدمات درج ہیں۔

  • چیف جسٹس آف پاکستان بدین صورتحال کا نوٹس  لیں،  فہمیدہ مرزا

    چیف جسٹس آف پاکستان بدین صورتحال کا نوٹس لیں، فہمیدہ مرزا

    کراچی : سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیرداخلہ ڈاکٹرذوالفقار مرزاکی اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ڈاکٹرذوالفقار مرزا پر اگر کوئی کیس ہے تو کیا انہیں عدالت جانے کا کوئی حق نہیں ؟

    ضمانت کے باوجود سترہ اٹھارہ پولیس موبائلیں گھر کے باہر کھڑی ہیں۔ بدین میں مرزا فارم ہائوس پر آپریشن کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔

    ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق فہمیدہ مرزا اپنے شوہر کےدفاع کیلئے میدان میں آگئیں، ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہیں۔

    عدالتی حکم کے باوجود پولیس سے فائرنگ کروائی گئی۔ آئی جی سندھ بتائیں کے عدالتی حکم کے باوجود مرزا فارم ہائوس پر پولیس کیوں تعینات کی گئی ہے۔

    گزشتہ تین روز سے آپریشن کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔ ذوالفقار مرزا کی سیکیورٹی پر تشویش ہے۔ پولیس میں سیاسی مداخلت واضح نظر آر ہی ہے۔ ایسے پولیس افسران بدین بھیجیں جو سیاست میں ملوث نہ ہوں۔

    میری چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں، ان کا کہناتھا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں ہیں، گھر کے باہر موبائلیں کھڑی کرکے آپریشن کا تاثر دیا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور کارکنان پر دہشت گردی کے مقدمات قائم کردئیے گئے،یہ کہاں کا انصاف ہے؟ انہوں نے کہا کہ وفاق مضبوط آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری تعینات کرے۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا پر کیس ہے تو کیا انھیں عدالت میں جانے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکام کی جانب سے مرزا فارم ہائوس پر کھانے اور پینے کی اشیاء لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ہماری طاقت غریب بدین کے عوام تھے۔ ذوالفقار مرزا طویل عرصے سے پارٹی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ بدین میں چھاپوں کی مذمت کرتی ہوں۔