Tag: bagh

  • غلامی قبول کر نے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، عمران خان

    غلامی قبول کر نے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، عمران خان

    آزاد کشمیر: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ غلامی قبول کر نے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔

    آزاد کشمیر کے علاقہ پلندری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم برابر کے شہری ہیں کوئی کسی کا غلام نہیں ،نیلسن مینڈیلا نے حقوق کے لیے 27 سال جیل میں گزارے، جو حق اور انصاف کے لیے لڑتے ہیں ان کا بڑا مرتبہ ہوتا ہے ورنہ غلامی قبول کرنے والوں کاکوئی مستقبل نہیں ہوتا اور آزادی کی جنگ لڑنے والا کبھی نہیں مرتا۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکم خداوندی بھی ہے کہ جب تک کوئی قوم خود اپنی حالت نہیں بدلتی میں بھی اس کی حالت نہیں بدلتا، ہمیں اپنی حالت بدلنے کے لیے حقوق کی جنگ لڑنی ہے ان کے خلاف جو ہمارے حقوق پر قبضہ کرکے بیٹھ گئے ہیں، میں آزاد کشمیر کے عوام کو کہنے آیا ہوں کہ اپنی حالت بدلنے کے لیے جنگ لڑیں،اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے ہی نظام تبدیل ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ کتنے امیر لوگوں کو جانتی ہے، کتنے ہی لوگ آئے اور محلات بنا کر چلے گئے، ہم نے کرپٹ لوگوں کے سامنے سرنہیں جھکایا۔

    عمران خان نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن میں بے ضمیر لوگ بیٹھے ہیں، نادرا میں ایسے لوگ بیٹھے ہیں جو ڈیٹا تبدیل کردیتے ہیں، عوام پٹرول پر پچاس اور ڈیزل پر سو فیصد ٹیکس دے رہے ہیں جو کہ ظلم ہے، کرپٹ افراد نے معاشرے پر قبضہ کرلیا ہے۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہ کرنے کے لیے کرپٹ حکمران بلدیاتی انتخابات کرانے سے گریز کرتے ہیں، کرپٹ افراد نے ہمارے معاشرے پر قبضہ کرلیا، عوام آگے بڑھیں اور انہیں شکست دیں، مسلم لیگ ن کی حکومت نے بجلی کی قمیت 80 فیصد بڑھائی جبکہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں بھی کمی نہیں آئی۔

    پولیس نظام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس میں سیاسی پشت پناہی اور معاوضوں کے عوض بھرتیاں ہوئیں جن میں مجرم بھی شامل تھے ، اس عمل سے پنجاب پولیس کوتباہ کردیا گیا، بتایا جائے کہ نااہل پولیس چھوٹو گینگ کا کیسے مقابلہ کرے گی، اگر کوئی بڑا گینگ آگیا تو پولیس کیا کرے گی ۔

     

  • عمران خان نے خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے فروغ کا بیڑہ اٹھا لیا

    عمران خان نے خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے فروغ کا بیڑہ اٹھا لیا

    اسلام آباد: عمران خان نے خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے فروغ کا بیڑہ اٹھا لیا، سیاحتی مقامات کے تلاش میں صوبے کے ان علاقوں میں جا پہنچے جو خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہونے کے باوجود دنیا کی نظروں سے اوجھل تھے۔

    عمران خان کو خیبر پختونخواہ کے خوبصورت اور قدرتی نظاروں سے بھرپور سیاحتی مقامات کی تلاش ہے، اسی سلسلے میں عمران خان پہلے قدری حسن و جمال سے بھرپور کوہستان کے علاقے پالس پہنچے اور پھر کوہ ہندو کش کے نشیب میں واقع کمراٹ کی جنت نظیر وادی کا دورہ کیا۔

    دلکش نظاروں،برف پوش چوٹیوں اور دریاؤں کی روانی کے ساتھ ساتھ آبشاروں کے بہتے پانی نے دنیا گھومنے والے عمران خان کو بھی سحر میں جکڑ لیا۔


    Imran reaches scenic Kumrat valley in KP by arynews

    عمران خان حسین وادیوں کے لوگ عمران خان کو اپنے درمیان پا کر بے حد خوش نظر آئے، عمران نے بھی وعدہ کیا کہ مقامی افراد ماحولیات کا خیال رکھیں توان کے روز گار کے لئے ان دلفریب مقامات کو سیاحتی پوائنٹس میں بدل دیں گے۔

    عمران خان نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے جنت جیسی ان وادیوں تک سیاحوں کی رسائی یقینی بنانے کے لئے روڈ انفراسٹڑکچر فوری بہتر کیا جائے۔

  • آزاد کشمیرسے کرپشن کو ختم کرکے دکھائیں گے، عمران خان

    آزاد کشمیرسے کرپشن کو ختم کرکے دکھائیں گے، عمران خان

    باغ : پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر سے کرپشن کو ختم کر کے دکھائیں گے،یہاں سب سے زیادہ کرپٹ مافیا بیٹھی ہے، اداروں کو تباہ کرنے والے انہیں ٹھیک نہیں کر سکتے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ ملک اللہ کے فضل سے تمام معدنی وسائل سے مالا مال ہے، سونا، تیل، گیس کوئلہ کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ برطانیہ میں غریب شہری کو قانونی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں ان کے ادارے میرٹ پر اور قانون کے مطابق چلتے ہیں، کسی پر ظلم نہیں ہو سکتا وہاں کی پولیس میں سیاسی مداخلت نہیں ہوتی۔ جب تک بندہ بے روزگار ہوتا ہے تو اس کو بیروزگاری الاؤنس ملتا ہے۔

    ، عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے اورسڑکیں بنانے سے ملک ترقی نہیں کرتے۔ 27 کلومیٹر کے اورنج ٹرین منصوبے پر 200 ارب روپے لگائے جا رہے ہیں، اگر یہ پیسہ بچوں کی تعلیم اور صحت پر لگایا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔

    عمران خان نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں کرپشن ختم کرکے دکھائیں گے ہمارا نیب بیرسٹر سلطان محمود کے رشتہ داروں کو بھی نہیں بخشے گا، احتساب وہ ہوتا ہے جو قانون کے مطابق چلے اور کسی کو نہ چھوڑے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ماڈل ہے، پروجیکٹ بناؤ مال کماؤ۔ جس ملک کا وزیر اعظم کرپشن میں ملوث ہو وہاں کا کرکٹر میچ فکسنگ کیوں نہیں کرے گا، چور کبھی کسی چور کا احتساب نہیں کر سکتا۔

     

  • آزاد کشمیر: مسافر وین کھائی جا گری، تیرہ مسافر جاں بحق، کئی زخمی

    آزاد کشمیر: مسافر وین کھائی جا گری، تیرہ مسافر جاں بحق، کئی زخمی

    مظفرآباد: آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں مسافر وین کھائی میں گِرگئ اور اس  حادثے میں تیرہ مسافر جاں بحق اور دیگر کئی زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے چند کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    ڈرائیورکی غفلت اور تیزرفتاری بعض اوقات کئی جانوں کو لے ڈُوبتی ہے۔ آزاد کشمیرکےعلاقے باغ میں بھی ایسا ہی جان لیوا حادثہ پیش آیا۔ سدن گلی سے راولپنڈی جاتے ہوئے مسافرکوچ  آزاد کشمیرکے علاقے باغ میں ارجا کے مقام پرکھائی میں جاگری۔

      ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پرپہنچ کر زخمیوں کو فوری ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے  آٹھ افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔۔

    آزاد کشمیر سمیت پاکستان میں ہر سال سولہ ہزار افراد ٹریفک حادثات کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔۔