Tag: bahawal nagar

  • بہاولنگر واقعے پر حکومت پنجاب کی بڑی پیشرفت

    بہاولنگر واقعے پر حکومت پنجاب کی بڑی پیشرفت

    لاہور : بہاولنگر میں گزشتہ دنوں پیش آنے والے واقعے پر حکومت پنجاب کی جانب سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بہاولنگر واقعے پر حکومت پنجاب کی قائم کردہ جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن سامنے آگیا۔

    نوٹیفکیشن میں اسپیشل سیکرٹری ہوم فضل الرحمان جےآئی ٹی کے کنونیر مقرر کردیے گئے جبکہ کمشنر بہاولپور نادر چھٹہ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ فیصل راجہ کو جے آئی ٹی کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئی ایس آئی اور آئی بی کا ایک، ایک نمائندہ بھی جے آئی ٹی کا رکن ہوگا

    قبل ازیں اس واقعے سے متعلق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بہاول نگر میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کو فوج اور پولیس حکام کی مشترکہ کوششوں سے فوری طور پر حل کر لیا گیا ہے تاہم معاملہ حل ہونے کے باوجود مخصوص عناصر نے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا شروع کردیا۔

  • بھائی کی پسند کی شادی کی سزا، پنچایت نے بہن کو ونی کردیا

    بھائی کی پسند کی شادی کی سزا، پنچایت نے بہن کو ونی کردیا

    بہاولنگر: پنچائیت کے فیصلے نے انسانیت کاسر شرم سے جھکادیا، بھائی کی پسند کی شادی کی سزا بہن کو دے ڈالی، لڑکی کے ساتھ چار روز تک زمیندارکے ڈیرے پر اس کی آبروریزی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنچایت نے ظالمانہ فیصلہ دے کرانسانیت کو بھی شرمندہ کردیا، بھائی کی پسند کی شادی کی سزا بہن کو دے ڈالی، بہاولنگرکے نواحی گاﺅں چک نو ر محمد بھنگراں کے رہائشی فیاض نے اپنے گاﺅں کی پروین نامی لڑکی سے عدالت میں اپنی پسند کی شادی کی تھی۔

    شادی کے خلاف گاﺅں کے وڈیرے نے اپنے ڈیرہ پر عدالت لگالی، علاقے کے بااثر زمیندار محمد علی چشتی اورعباس نمبردار نے لاقانونیت کا فیصلہ سنایا۔

    پنچائیت نے فیصلہ دیا کہ فیاض کی سترہ سالہ بہن کو ونی کردیا جائے، سرپنچوں نے تسلیم بی بی کا نکاح خدا یار کے ساتھ زبردستی نکاح کروا دیا، گن پوائنٹ پر نکاح نامے پر انگوٹھے بھی لگوالیے۔

    سرپنچ کے حکم پر ملزمان محمد اقبال، بارش ،ظہور احمد ،حاکم علی سمیت پندرہ مسلح افراد نے فیاض کی بہن 17سالہ تسلیم بی بی کو گھر سے اٹھا لیا ملزمان تسلیم بی بی کو برہنہ کر کے پورے گاﺅں میں گھماتے رہے۔

    تسلیم بی بی کے ساتھ دو افراد چار روز تک اجتماعی آبروریزی بھی کرتے رہے اور موبائل فون پر اس کی چیخ و پکار اس کے والد کو سناتے رہے۔

    پنچایت نے حکم سنایا کہ فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والا فریق پچاس لاکھ روپے جرمانہ ادا کرے گا ونی کی جانے والی تسلیم بی بی اور اس کا خاندان پنچایت اور ملزمان کے خوف سےگھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔

    متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • بہاولنگر : پولیس اور ڈاکوؤں کا ڈرامائی اندازمیں مقابلہ، دو ڈاکو ہلاک

    بہاولنگر : پولیس اور ڈاکوؤں کا ڈرامائی اندازمیں مقابلہ، دو ڈاکو ہلاک

    بہاولنگر : تھانہ صدر کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ میں متعدد ڈکیتی، قتل اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث دو ڈاکو مارے گئے، پوسٹ مارٹم کے لئے لاشیں ڈسٹر کٹ ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولنگر پولیس سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان یوسف ماچھی اور یعقوب ماچھی کو تھانہ مدرسہ سے تھانہ میکلوڈ گنج شفٹ کر رہی تھی کہ ڈرامائی انداز میں تھانہ گھمنڈ پور کے علاقہ میں چھ مسلح افراد نے پولیس وین پر حملہ کردیا اور دونوں زیرحراست ملزمان کو چھڑا کر لے گئے.

    ملزمان نے اس دوران پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ بھی چھین لیا اور اپنے ساتھ لے گئے، بعد ازاں پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا تو تھانہ صدر کے دریائی علاقہ بہادر کا شرقی میں پولیس اور فرار ہونے والے ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا.

    فائرنگ کے نتیجے میں ڈکیتی قتل اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ڈاکو یوسف ماچھی اور یعقوب ماچھی جو کہ دونوں سگے بھائی تھے اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

    پولیس نے لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹر کٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔