Tag: BAHAWALNAGAR

  • بہاولنگر: شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا

    بہاولنگر: شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا

    بہاولنگر: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا، ملزم نے مقتولہ کو چند روز قبل تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے نکال دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کی بستی طارق آباد میں شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا، مقتولہ اور منصب نامی ملزم کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مقتولہ کو چند روز قبل تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے نکال دیا تھا، مقتولہ اپنے والدین کے گھر آگئی تھی تاہم ملزم اسے زبردستی لینے آیا۔

    بعد ازاں ملزم نے پستول سے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔

    پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ابتدائی اطلاعاتی رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی۔

  • بہاولنگر: مکان کی چھت گرنے سے 3 بہنیں جاں بحق

    بہاولنگر: مکان کی چھت گرنے سے 3 بہنیں جاں بحق

    بہاولنگر: پنجاب کے شہر بہاولنگر میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 3 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع بہاولنگر کے محلہ تیلیاں والا میں بارش کے سبب کمرے کی چھت گر گئی، جس سے کمرے میں سوئی ہوئی 3 بہنیں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئیں۔

    حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے امدادی آپریشن کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والی بہنوں کی لاشیں ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیں۔

    جاں بحق ہونے والوں میں 24 سالہ نادرہ، 28 سالہ رضیہ اور 30 سالہ روبینہ شامل ہیں، افسوس ناک حادثے سے علاقے میں کہرام مچ گیا، اہل علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔

    کراچی: ملیر ندی میں ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، 7 افراد لا پتا

    جاں بحق ہونے والی 2 بہنیں نجی اسکول میں ٹیچنگ کرتی تھیں، گزشتہ روز سے بہاولنگر شہر اور گرد و نواح میں وقفے سے وقفے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    ادھر ضلع بھکر میں بھی گزشتہ روز سے مسلسل بارش کے باعث سیلابی صورت حال ہے، بارش کے باعث مختلف مقامات پر متعدد کچے مکانات منہدم ہو گئے ہیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چھتیں اور دیواریں گرنے سے 11 افراد زخمی ہو چکے ہیں، یہ واقعات بہل، محمد یار والا، مسلم کوٹ، نوتک نشیب میں پیش آئے۔

    صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں ضلع بھر میں تیسرے روز بھی بارش جاری رہی، بارش کے باعث رابطہ سڑکیں، پل اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا، رابطہ سڑکوں کی بندش سے کئی دیہات کا شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

    صوبہ بلوچستان کے شہر روجھان میں کبھڑ بند ٹوٹنے سے قریبی بستیوں میں سینکڑوں گھر منہدم ہو گئے ہیں، اور سینکڑوں ایکڑ کپاس و دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

    بلوچستان کے ضلع کوہلو میں موسلا دھار بارشوں سے ضلع میں درجنوں کچے مکانات منہدم ہو چکے ہیں، اور مختلف علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، کوہلو میں تمبو، گرسنی، شاہیجہ آباد، مری کالونی میں درجنوں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ مختلف واقعات میں خواتین اور بچے سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

  • پٹواری کی کرپشن بے نقاب کرنا ٹیم سرعام کا جرم بن گیا

    پٹواری کی کرپشن بے نقاب کرنا ٹیم سرعام کا جرم بن گیا

    بہاولنگر: پنجاب کے بااثر پٹواری کی کرپشن کے ثبوت منظر عام پر لانا اے آروائی نیوز اور ٹیم سرعام کا جرم بن گیا، پنجاب پولیس نے اے آروائی کے نمائندے سہیل اور ٹیم سرعام کے خلاف پرچہ کاٹ دیا ۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیم سرعام کی جانب سے 20 روز قبل منچن آباد کے ایک پٹواری زاہد ڈھڈی کی کرپشن بے نقاب کی تھی ، تاہم اس کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے کے بجائے ٹیم سرعام کے خلاف ہی ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

    بااثرپٹواری زاہدڈھڈی کا علاقےمیں سیاسی اثرورسوخ ہے۔ زاہدڈھڈی کابھائی منچن آبادبارکاصدراور دوسرا بھائی ریٹائرڈ ایڈیشنل کمشنر ہے۔ ملزم کےبجائےثبوت دکھانےوالےکے خلاف ایف آئی آر کاٹنے پرترجمان پولیس بہاولنگرکاشف کامران نےجواز گھڑا کہ عدالتی احکامات پرکارروائی کررہےہیں۔

    پنجاب پولیس نے ملزمان کے بااثر ہونے کے سبب بوکھلاہٹ میں یہ پرچہ

    اتنی جلدی میں درج کیاکہ ایف آئی آر کی تاریخ اٹھائیس کےبجائےانتیس اگست لکھ ڈالی

    یا درہے کہ اےآروائی کےپروگرام’’سرعام‘‘میں بااثرپٹواری زاہدڈھڈی کو رشوت لیتےدکھایا تھا۔اینٹی کرپشن کاعملہ اورمجسٹریٹ بھی ٹیم’’سرعام‘‘کے ہمراہ تھے۔

    اس حوالے سے سرعام کے میزبان اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ ایک شخص جس کے خلاف چار ویڈیوز موجود ہیں جن میں اسے رشوت دیکھا جاسکتا ہے، اس کے خلاف ایک مہینے سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی، لیکن ہمارے خلاف ڈکیتی کا پرچہ کاٹ دیا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سارا خاندان انتہائی با اثر ہے، اور اس پٹواری کے دفتر میں پنجاب کے انتہائی بااثر افراد کے ساتھ تصاویر موجود تھیں، جب ہم نے پروگرام کیا تو ہمیں گالیاں دی گئیں ، دھکے دیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف ستائیس سو روپے اور ۱۲ ہزار کی گھڑی چرانے کا الزام لگایا گیا ہے، یہ بھی نہیں سوچا کہ اس موقع پر ہمارے ساتھ مجسٹریٹ اور اینٹی کرپشن کے نمائندے موجود تھے اور درحقیقت تو وہ اینٹی کرپشن کی کارروائی تھی جس میں ہم ان کے ساتھ تھے۔

    حیرت کی بات یہ ہے کہ آج 20 دن ہوگئے ہیں ، اینٹی کرپشن کی ریڈ کے باوجود وہ شخص ابھی تک اپنے عہدے پر برقرار ہے اور اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی ، الٹا ہمارے ہی خلاف ڈکیتی کا پرچہ درج کیا گیا ہے۔

    ترجمان بہاولنگر پولیس راشد کامران کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ پچھلے کئی دن سے چلا آرہا ہے اور کورٹ کے آرڈر پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کی ہے۔ ابھی اس کی تفتیش نہیں ہوئی ہے ، تفتیش ہم میرٹ پر کریں گے۔

    جواب میں سرعام کے میزبان اقرار الحسن کا کہنا ہے کہ کورٹ کے آرڈر میں پولیس کو حکم دیا گیا ہے کہ اس معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، جو کہ ایک عمومی حکم ہے ۔

    راشد کامران نے جواب میں کہا کہ ابھی تک اس معاملے میں گرفتار نہیں کیا گیا ہے اور پولیس قانون کے مطابق ہی کارروائی کرے گی۔ یہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ ہے جو کہ غلط بھی ہوسکتی ہے۔ غلط ہوگی تو خارج ہوجائے گی۔

    اس حوالے سے پنجاب حکومت کے ترجمان شہباز گل کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر متعلقہ تمام محکموں سے معلومات لے کر ہی بات کرسکیں گے ، لیکن ان کی حکومت کسی بھی طرح آزادی اظہار رائے پر حرف نہیں آنے دے گی اور واقعے کے ذمہ داران کے خلاف قرار واقعی کارروائی ہوگی۔