Tag: bahawalpur

  • ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہو جائیں خبردار، چالان گھر بھیجنے کے نظام کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

    ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہو جائیں خبردار، چالان گھر بھیجنے کے نظام کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

    (1 اگست 2025): ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے خبردار ہو جائیں کیونکہ اب چالان گھر پر آئے گا اور ہر صورت ادا کرنا ہوگا۔

    سیف سٹی بہاولپور نے ٹریفک نظم و ضبط کو مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلیے 25 جولائی 2025 سے ای چالان نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

    جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں خودکار طریقے سے ای چالان جاری کریں گے جس سے قانون نافذ کرنے کے عمل میں شفافیت اور تیزی ممکن ہو سکے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: ٹریفک چالان پر دی گئی 50 فیصد رعایت کب ختم ہو رہی ہے؟

    بہاولپور میں ای چالان کا یہ نظام انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (ITMS) کے تحت فعال کیا گیا ہے جو نہ صرف ٹریفک کی مؤثر نگرانی کرتا ہے بلکہ ڈیفالٹر گاڑیوں پر بھی کڑی نظر رکھتا ہے۔

    جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے مزین یہ نظام ٹریفک پولیس بہاولپور کیلیے ایک مؤثر معاون ثابت ہوگا اور شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو منظم رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ٹریفک آگاہی پیدا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

    علاوہ ازیں، ابتدائی مرحلے میں شہریوں کی رہنمائی اور شعور بیدار کرنے کیلیے 1000 سے زائد وارننگ ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ شہری قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور مکمل چالان سسٹم کے نفاذ سے قبل اپنی اصلاح کر سکیں۔

    وارننگ چالان کے ذریعے شہریوں کو ان کی خلاف ورزیوں سے بروقت آگاہ کیا جائے گا جس کا مقصد تنبیہ اور رہنمائی فراہم کرنا ہے نہ کہ فوری جرمانہ عائد کرنا۔

    یہ جدید نظام نہ صرف شہریوں کی سہولت بلکہ ایک محفوظ، منظم اور مہذب ٹریفک کلچر کے فروغ کیلیے انقلابی قدم ہے۔

    ٹریفک پولیس بہاولپور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کو اپنا شعار بنائیں تاکہ نہ صرف وہ خود محفوظ رہیں بلکہ پورے معاشرے کو ایک خوشگوار اور منظم سفری ماحول مہیا ہو سکے۔

  • آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک واقعہ

    آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک واقعہ

    بہاولپور میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    اے آر وائی نیوز بہاولپور کے نمائندے چوہدری سلیم کی رپورٹ کے مطابق بہاولپور کے علاقے یزمان میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے نتیجے میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران بجلی درخت پر گری جس کے نیچے چاروں افراد بیٹھے ہوئے تھے۔ واقعے میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں آسمانی بجلی گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج

    یاد رہے کہ گزشتہ سال کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد میں گھر پر آسمانی بجلی گری تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بجلی کے میٹر پر گرنے سے زوردار دھماکا ہوا۔

     تیز بارش کے دوران بجلی گرنے سے مکان کی چھت اور دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی   جانی نقصان نہیں ہوا۔

    https://urdu.arynews.tv/lightning-strikes-plane-in-brazil/

  • شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو کیسے قتل کیا؟ دل دہلا دینے والی تفصیلات سامنے آگئی

    شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو کیسے قتل کیا؟ دل دہلا دینے والی تفصیلات سامنے آگئی

    بہاولپور میں چار روز قبل شوہر کی بیوی اور تین بچوں کو قتل کرنے کی دل دہلادینے والی تفصیلات سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق 3دسمبر کو بہاولپور کی ایک نجی ہاؤسنگ کالونی کے ایک گھر سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں ملی تھیں، ہلاک ہونے والوں میں میاں بیوی اور اُن کے تین بیٹے شامل تھے جبکہ ایک چار سال کی بچی زندہ ملی تھی، ان تمام لوگوں کا قتل کاشف نے کیا اور بعد میں خودکشی کرلی۔

    بہاولپور پولیس کے مطابق واقعے کے روز بچے اسکول نہیں گئے تھے، کاشف نے نشہ آور دوا دودھ میں ملا کر بچوں کو دی، کاشف بلوچ نے بے ہوش ہونے پر ایک بیٹے کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا، چار سالہ تسمیہ کو تکیے سے مارنے کی کوشش کی، وہ بیہوش ہوئی تو ملزم نے مردہ سمجھا، دونوں بڑے بیٹوں اور بیوی نے بے ہوشی کے باوجود مزاحمت کی تو گولیاں مار کر قتل کیا۔

    حکام نے بتایا کہ ملزم نے بیوی بچوں کو قتل کرکے خودکشی کی، گھر سے نشہ آور گولیوں کے ریپر برآمد ہوئے ہیں، ملزم کاشف بلوچ نے گولی کی آواز دبانے کیلئے تکیے اور کپڑوں کا استعمال کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچ جانے والی 4 سالہ تسمیہ نے بھی پولیس کو حقائق بتا دیئے، ملزم کاشف بلوچ کے فنگر پرنٹ بھی ملنے والے پستول سے میچ کر گئے ہیں، ملزم نے بیوی بچوں کو کس بنا پر قتل کیا تاحال معمہ حل نہ ہوسکا۔

    واضح رہے کہ مرنے والوں میں 40 سالہ کاشف اور ان کی 36 سالہ اہلیہ سمیت 15 اور 13 برس کے دو بیٹے اور ایک نو سالہ بیٹا بھی شامل ہیں۔

  • ہرن کے غیر قانونی شکار میں معاونت، وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے 6 افسران معطل

    ہرن کے غیر قانونی شکار میں معاونت، وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے 6 افسران معطل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں ہرن کے غیر قانونی شکار میں معاونت کرنے والے وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے 6 افسران معطل کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ہرن کا غیر قانونی شکار کروانے والے وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے 6 افسران معطل کردیے گئے، افسران کو سیکریٹری جنگلات کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی ہدایت پر معطل کیا گیا۔

    محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ افسران نے بہاولپور جنگل میں ہرن کا شکار کرنے میں پشت پناہی کی تھی، افسران ہرن کے گوشت کا کچھ حصہ اپنے لیے لے کر جا رہے تھے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل کوہستان میں بھی ہرن کے شکار کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، ویڈیو کے مطابق شکار ہونے والے ہرن نایاب نسل کے تھے۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وائلڈ لائف کے 3 افسران کو انکوائری پر تعینات کیا گیا تھا، حکام کا کہنا تھا کہ نایاب ہرنوں کو بے دردی سے شکار کیا گیا ہے، شکار سندھ کی حدود میں ہوا تو محکمہ قانونی کارروائی کرے گا۔

  • حکومت خود تو گرسکتی ہے کوئی دوسرا نہیں گرا سکتا، اعجازالحق

    حکومت خود تو گرسکتی ہے کوئی دوسرا نہیں گرا سکتا، اعجازالحق

    بہاولپور : مسلم لیگ ضیاء کے صدر اعجازالحق نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن عروج پر ہے حکومت خود تو گرسکتی ہے کوئی دوسرا نہیں گرا سکتا۔

    بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر پہلے نمبر والے وزیر کو3اور دوسرے نمبر والے کو6ماہ قید کی سزا ہونی چاہیے، شیخ رشید کو27 ماہ کی قید ہونی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ کل تک جو ایک دوسرے کو گلیوں میں گھسیٹنے کی باتیں کیا کرتے تھے وہ آج آپس میں بغل گیر ہورہے ہیں کوئی عزت نفس ہی نہیں ہے ان کی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن ہونے بھی ہیں کہ نہیں؟ جو اپنے نظریات کے مطابق کام کرے گا اس کے ساتھ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن عروج پر ہے جو ہمارے اداروں اور جوڈیشری کا حال ہے بس اللہ ہی رحم کرے، ہیلتھ کارڈ حکومت کے اچھے کاموں میں سے ایک ہے، عوام کو ریلیف دینے پر توجہ دینی چاہیے۔

    مسلم لیگ ضیاء کے صدر اعجاز الحق نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس دس اوور باقی ہیں اچھی کارکردگی ہی انہیں بچا سکے گی، حکومت اپنے وزن کے نیچے تو دب سکتی ہے کوئی دوسرا نہیں گرا سکتا، پی ڈی ایم نہ عدم اعتماد لائے گی اور نہ ہی لانگ مارچ کرے گی۔

  • ‘اگرحکومت نااہل ہے تو پھر پاکستان کورونا سے نمٹنے والے ممالک میں تیسرے نمبرپر کیسے آیا؟’

    ‘اگرحکومت نااہل ہے تو پھر پاکستان کورونا سے نمٹنے والے ممالک میں تیسرے نمبرپر کیسے آیا؟’

    بہاولپور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگرحکومت نااہل ہے تو پھر پاکستان کورونا سے نمٹنے والے ممالک میں تیسرے نمبرپر کیسے آیا؟

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پہلی بار18سال کی عمر میں برطانیہ گیا تو فلاحی ریاست دیکھنے کا موقع ملا، ہمارا ملک پاکستان عظیم خواب کی بنیاد پر بنا تھا، پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بننا تھا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے خود بھی کئی بار ایمرجنسی اسپتال جانا پڑتاہے، ایک دو دفعہ چوٹیں لگنےپراسپتال گیا تو پتہ چلا انسانیت کیاہے، برطانیہ میں سرکاری اسپتالوں میں لوگوں کا مفت علاج ہوتا تھا ، برطانیہ میں ڈاکٹرز اور نرسز کوئی فرق نہیں کرتے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ والدہ بیمار ہوئیں تو برطانیہ لیکر گیا ۔ برطانیہ میں میری والدہ کا نیشنل ہیلتھ کیئر اسپتال میں علاج ہوتاتھا، میری والدہ کا پیسے دےکر علاج کرارہا تھا ، اس اسپتال کے دوسرے بیڈ پر خاتون کا مفت علاج ہورہا تھا، برطانیہ کے اسپتالوں میہں امیر غریب میں کوئی فرق نہیں ہوتا۔

    وزیراعظم نے کہا جو بھی نبیﷺ کی سنت اور راستے پر چلے گا اللہ کی رحمت آتی ہے، برطانیہ میں اللہ کی برکت دیکھی ،وہاں ہمارے جیسےحالات نہیں، 50سےزائد مسلمان ملک ہیں مگر شائد ہی کوئی فلاحی ریاست ہو۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سوچتا تھا پاکستان کی آبادی بڑی ہے فلاحی ریاست کیلئے پیسہ کہاں سے لائیں گے، برطانیہ کا صرف صحت کا سالانہ بجٹ پاکستان کے بجٹ سے کئی گنا زیادہ ہے، کےپی میں حکومت آئی تو ہم نے صحت کارڈ کا تجربہ کیا، پہلی بارصحت کارڈ جاری کرنے پرکےپی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتاہوں ، کےپی میں پہلے غریبوں کیلئے ہیلتھ انشونس نکالی گئی جو کامیاب ہوئی۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا میں امیر ممالک میں بھی یونیورسل ہیلتھ انشورنش نہیں ہے، کےپی ،جی بی،آزادکشمیر،اتحادی حکومت میں ہیلتھ کوریج دے رہے ہیں، ہماری آبادی بہت تیزی سے بڑھی ہے، تیزی سے بڑھتی آبادی کیلئے اسپتال بنانا ممکن نہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اگلے 5سال میں اتنا پیسہ نہیں آسکتا کہ سب کیلئے اسپتال بنائیں، ہوسکتا ہے 5سال کے بعد اللہ نے جو نعمت بخشی ہے پیسہ آجائے، حکومت ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں پیسہ خرچ کرتی ہے مگر ڈاکٹرزنہیں جاتے، اب چھوٹے سے چھوٹے شہر میں بھی پرائیوٹ سیکٹر اسپتال بنائے گا۔

    صحت کارڈ کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی بدولت پرائیوٹ سیکٹرگاؤں میں بھی اسپتال بنائےگا، اس اقدام کےذریعے پورے پاکستان میں ہیلتھ سروس پہنچ جائے گی ، ہیلتھ کارڈ ہوگا لوگ پرائیوٹ اسپتالوں کو جائیں گےحکومت پر دباؤ بڑھے گا ، انشااللہ ہیلتھ کارڈ سے دیکھتے ہی دیکھتے ہیلتھ سسٹم میں انقلاب آئے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صحت پر 400ارب روپے خرچ کررہی ہےکوئی سوچ بھی نہیں سکتا،کسی کو کھانسی بھی ہوتی تھی تو پورا ٹبر باہر علاج کرانے جاتا تھا، ہیلتھ کارڈ ہمارا فلاحی ریاست کی طرف ایک قدم ہے۔

    کورونا وبا سے متعلق عمران خان نے کہا کہ کورونا سے پوری دنیا مہں مہنگائی ہوئی،سب کی معیشت نیچے چلی گئی، دنیا میں مشکل وقت ہے اور اس دورمیں ہم صحت کارڈدےرہےہیں، سوچیں جب والدین بیمارہوں توبچوں پرکیاگزرتی ہوگی۔

    کورونا کے دوران ملکی معیشت کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور دنیا پر سب سے بڑا کرائسزکورونا کے دوران آیا، کورونا کے دوران پاکستان 3سال مسلسل اوپر کی پوزیشن پر رہاہے، یہ کہتے ہیں نااہل حکومت ہے، نااہل حکومت دنیامیں ٹاپ تھری پوزیشن پرکیسے آگئی، وہ ملک جو دنیا میں ٹاپ تھری ملک میں آسکتا ہے وہ کیسے نااہل ہوگا؟ صحافی حکومت پر تنقید کریں تو اسے بیلنس بھی کریں۔

    انھوں نے عالمی اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلوم برگ کے مطابق پاکستان کی اکانومی مستحکم ہوچکی ہے، ورلڈبینک نےویری فائی کیا ہماری معیشت کی گروتھ5.37فیصدہے، اگرحکومت اتنابراکررہی تھی تویہ سب کیسے ہوگیا؟ کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفسٹ پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا خسارہ تھا، ہم نے خسارے کو ختم کرکے گروتھ5.37فیصد کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بورس جانسن نےیواین میں پاکستان کا نام لیاکہا ماحولیاتی تبدیلی پراچھا کام کررہاہے، پچھلے10سالوں میں 2بڑے سربراہوں پر بی بی سی کی رپورٹ بنی۔

    شہباز شریف سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ شہبازشریف کے بیٹے کی شوگر مل کے بینک اکاؤنٹ میں 400کروڑ کیسے آگیا، فیکٹری پر ڈاکو کو بٹھا دیں گے تو وہ بھی بینک کرپٹ ہوجائے گی ، دعویٰ سے کہتا ہوں غریب اور مقروض ملک میں ایسے ہی ڈاکو پیسہ چوری کرتے ہوں گے ، ہر غریب ممالک میں ڈاکو ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لیکر جارہے ہوں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ میں قانون کی بالادستی ہے اس لئے کامیاب ترین خطہ ہے، سوئٹزرلینڈ میں چوری نہیں ہے ،کوئی قبضہ گروپ نہیں ،پیسہ باہر نہیں جاتا، ہماری جدوجہد قانون کی بالادستی اور فلاحی ریاست بنانے کیلئے ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10سال میں جو2سربراہ گزرےان پربھی دنیاتبصرہ کرتی تھی، ان دونوں کابھی اخبارات میں نام آتےہیں ان پربھی بی بی سی تبصرہ کرتی ہے، ان کی کرپشن کی داستانیں رقم ہیں کبھی انکی تعریف نہیں ہوئی۔

    شریف خاندان منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب توگنیزآف ورلڈریکارڈمیں بات آنےوالی ہےمقصودچپڑاسی کےاکاؤنٹ میں 4ارب کیسےآگیا، جب آپ اسکی تہہ میں جائیں گےتوپتاچلےگاکہ ہماراملک کیوں اوپرنہیں پہنچ سکا، کبھی بھی وسائل کی کمی سےقومیں غریب نہیں ہوتیں۔

    عمران خان نے کہا کہ ہمارامقابلہ ڈاکوؤں کے ٹولےسے ہے، غریب چوری کرے تو جیل میں ڈال دیتے ہیں،امیر کو این آر او دیاجاتارہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اللہ کاشکرہےہم اس راستے پر نکل چکے ہیں، احساس،جوان پروگرام اور ہیلتھ پروگرام فلاحی ریاست کی طرف لیکرجارہاہے، جہاں غریب کو سزا اور امیر سزا سے بچ جاتاہے وہا نظام نہیں چل سکتا۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب تک قوم ملکر نہ لڑے قانون کی بالادستی نہیں قائم ہوتی ، نیب جانیوالے بڑے ڈاکوؤں پر پھول پھینکے جاتے ہیں ، سپریم کورٹ سے سزا یافتہ مجرم جھوٹ بول کر باہر بھاگاہواہے، اربوں کی پراپرٹی پر لندن بیٹھے ہیں ،دونوں بیٹے بھی باہرہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ لندن یورپ میں سب سے زیادہ مہنگا شہر ہے، لندن کی سب سے مہنگی جگہ پر ان کے اربوں روپے کےگھر ہیں، ان سے پوچھیں کہ پیسہ کہاں سےآیا توکہتے ہیں بچوں سے پوچھو۔

  • بہاولپور میں ٹریفک حادثہ: پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق

    بہاولپور میں ٹریفک حادثہ: پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق

    پنجاب کے  ضلع بہاولپور میں خوفناک ٹریفک حادثے میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثہ بہاولپور میں ٹامیوالی اڈا اسرانی پر پیش آیا جہاں 2 تیز رفتار مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہیں ایمبولینسیں، پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

    ریسکیو بہاولپور کے مطابق حادثے میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے بہاولپور کے وکٹوریہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہےجن میں‌بعض کی حالت تشویشناک ہے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے.

  • دوسری آل پاکستان ٹرائی تھلون 16 اکتوبر کو بہاولپور میں منعقد ہوگی

    دوسری آل پاکستان ٹرائی تھلون 16 اکتوبر کو بہاولپور میں منعقد ہوگی

    بہاولپور :بہاولپور کور کے زیر اہتمام دوسری آل پاکستان ٹرائی تھلون 16 اکتوبر کو منعقد ہوگی، ایونٹ میں 18سے 45 عمر کے افراد شرکت کرسکیں گے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی آیس پی آر کے مطابق دوسری آل پاکستان ٹرائی تھلون کا میلہ بہاولپور میں 16اکتوبر کو سجایا جائے گا۔

    بہاولپور کور کے زیراہتمام ایونٹ میں 18سے 45 عمر کے افراد شرکت کرسکیں گے جن میں ارکان سول سوسائٹی، اساتذہ، طلباء، سرکاری ملازمین، پولیس، پاک فوج اور رینجرزکے اہلکار شامل ہوں گے۔

    یہ مقابلے 3 مراحل میں منعقد کئے جائیں گے جن میں 300میٹر سوئمنگ، 20 کلومیٹر سائیکلنگ اور 10 کلومیٹر پیدل بھاگنا شامل ہے، ایونٹ کے شرکاء کو تینوں مراحل طے شدہ وقت میں مکمل کرنے ہوں گے۔

    آئی آیس پی آر کے مطابق ہر مرحلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ ٹرائی تھلون کا مقصد معاشرے میں کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں کوفروغ دینا اور نوجوانوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

  • بہاولپور: زمینی تنازع پر بھائی کے ہاتھوں بھائی سمیت 4 افراد قتل

    بہاولپور: زمینی تنازع پر بھائی کے ہاتھوں بھائی سمیت 4 افراد قتل

    بہاولپور: خون سفید ہوگیا، بہاولپور میں بھائی نے زمین کے تنازع پر بھائی سمیت چار افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

    پولیس کے مطابق واقعہ بہاولپور کے نواحی علاقے تھانہ ہیڈراجکاں کی حدود میں پیش آیا، جہاں ملزم محمد نواز کا اپنے بھائی مقصود کے ساتھ زمین کا تنازعہ چل رہاتھا، ا سی رنجش میں ملزم نے گھر میں گھس کر کلہاڑی اور چھریوں کے وار کرکے اپنے سگے بھائی کے پورے خاندان کو ختم کردیا۔

    واقعے میں ملزم نواز کا بھائی، اس کی بیوی اور دو بیٹیاں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں، دلخراش واقعے کے بعد ملزم نواز نے تھانہ ہیڈ راجکاں میں جاکر گرفتاری دے دی۔

    واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا۔

    جاں بحق افراد کی شناخت مقصود ، وسیم بی بی، سویرابی بی اور گلشن رانی کے نام سے ہوئی ہے۔

    دوسری جانب آئی جی پنجاب نے بہاولپور میں زمین کے تنازع پر چار افراد کے قتل کا نوٹس لے لیا ہے، آئی جی پنجاب نے آر پی او بہاولپور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعے کی فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

  • پروفیسر کے قاتل کو سزائے موت مل گئی

    پروفیسر کے قاتل کو سزائے موت مل گئی

    بہاولپور: انسداد دہشت گردی عدالت نے کالج کے پروفیسر کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں انسداد دہشت گردی عدالت نے کالج کے پروفیسر کے قاتل خطیب حسین کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔

    مجرم کو قتل کے لیے اکسانے والے دوسرے ملزم ظفر حسین کو بھی سزا سنائی گئی، مجرم ظفر حسین کو 7 سال قید بامشقت کی سزا دی گئی ہے۔

    مرکزی مجرم نے مارچ 2019 میں کالج میں دوران کلاس اپنے پروفیسر کو قتل کیا تھا۔ پروفیسر خالد حمید صادق ایجرٹن کالج کے پروفیسر تھے۔

    بہاولپور کے ایس ای کالج کے طالب علم خطیب حسین کو پولیس نے حراست میں لے کر واقعے کی ایف آئی آر درج کی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ خطیب حسین نے 21 مارچ کی صبح کو چھریوں کے وار کر کے اپنے پروفیسر کو قتل کیا، جس کے بعد اسے موقع سے ہی گرفتار کیا گیا۔

    پروفیسر خالد حمید ایس ای کالج کے شعبہ انگریزی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ تھے، واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں نے طالب علم کو پکڑ لیا تھا اور اس کے بیان کی ویڈیو بھی بنائی۔