Tag: bahawalpur

  • بہاولپورمیں شادی کی تقریب سے گھر جانے والی لڑکی زیادتی کا شکار

    بہاولپورمیں شادی کی تقریب سے گھر جانے والی لڑکی زیادتی کا شکار

    بہاولپور: پنجاب کے شہر بہالپور میں شادی کی تقریب سے گھر جانے والی لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بہاولپور 7 بی سی میں لڑکی سے 3 ملزمان نے اجتماعی زیادتی کی، متاثرہ لڑکی شادی کی تقریب سے گھر جارہی تھی۔

    ذرائع کے مطابق تینوں ملزمان لڑکی کو اغوا کرکے لے گئے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    متاثرہ لڑکی کا پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہنا تھا کہ ملزمان نے دھمکی دی تھی کہ اگر پولیس کو بتایا تو جان سے مار دیں گے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی، متاثرہ لڑکی کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد تفتیش میں مزید پیش رفت ہوگی۔

    مزید پڑھیں: گوجرانوالہ، سوتیلے باپ کی بیٹی کے ساتھ مبینہ زیادتی

    خیال رہے کہ چند روز قبل گجر پورہ موٹر وے لنک روڈ پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا، خاتون بچوں کے ساتھ سفر کر رہی تھی، پٹرول ختم ہونے پر گاڑی بند ہو گئی، اس دوران دو ملزمان کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    ملزمان ایک لاکھ نقدی اور زیورات بھی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، گزشتہ روز ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے لیے 25، 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا، پولیس نے ملزم کے والد، بھائی اور بیٹی کو حراست میں لے لیا ہے۔

  • چودہ سالہ بچی کی عدم بازیابی کے خلاف والدین کا خودسوزی کرنے کا اعلان

    چودہ سالہ بچی کی عدم بازیابی کے خلاف والدین کا خودسوزی کرنے کا اعلان

    لاہور : چودہ سالہ مغوی بچی کی عدم بازیابی پر اس کے والدین نے پنجاب اسمبلی کے سامنے خودسوزی کرنے کا اعلان کردیا، والدین کا کہنا ہے کہ دوماہ گزرنے کے باوجود پولیس ہماری مدد نہیں کررہی۔

    تفصیلات کے مطابق دو ماہ قبل پنجاب کے شہر بہاولپور سے اغواء ہونے والی چودہ سالہ صدف کے والدین نے اپنی بچی کی عدم بازیابی کیخلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے خودسوزی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچی کے اغواء کو دو ماہ گزر چکے ہیں مگر پولیس سمیت کوئی حکومتی ادارہ بچی کی بازیابی کیلئے انکی مدد کو آگے نہیں آیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے خواجہ نصیر کے مطابق بہاولپور کے علاقے یزمان سے اغواء کی جانے والی چودہ سالہ صدف کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ دو ماہ قبل علاقے کے بااثر افراد نے انکی نابالغ بیٹی کو نہ صرف اغواء کیا بلکہ زبردستی اس کا نکاح بھی کروادیا۔

    مقدمے کے انداراج کے باوجود پولیس ان کی بیٹی کو بازیاب نہیں کررہی، غم سے نڈھال صدف کی والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹی واپس نہ ملی تو پورا خاندان پنجاب اسمبلی کے سامنے خود سوزی کرلے گا۔

    یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کے گذشتہ اجلاس میں بھی نابالغ صدف کے اغواء کے معاملے کو ایوان میں اٹھایا گیا تھا، متعلقہ صوبائی وزیر نے مغویہ کی بازیابی کی زبانی کلامی یقین دہانی تو کروائی لیکن تاحال عملی طور پر کچھ نہ ہو سکا۔

  • ٹیم سرعام نے خستہ حال اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کی مہم کا  آغاز کردیا

    ٹیم سرعام نے خستہ حال اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کی مہم کا آغاز کردیا

    بہاولپور : اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام سرعام کے میزبان اقرار الحسن اور اُن کی ٹیم نے تعلیم کے فروغ کے لیے ملک گیر تحریک کا آغاز بہاولپور سے کردیا، مہم کے تحت خستہ حال سرکاری اسکولوں کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خستہ حال سرکاری اسکولوں کی حالت بدلنے کے مشن کے تحت اے آر وائی نیوز کی ٹیم سرعام نے یوم پاکستان کے موقع پر بہاولپور میں کنونشن کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں جانبازوں نے شرکت کی۔

    اقرارالحسن نے کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ملک کے خستہ حال سرکاری اسکولوں کی حالت بدلیں گے، پسماندہ علاقوں کے سرکاری اسکولوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کریں گے۔

    ان کامزید کہنا تھا کہ اسکولوں کے ٹیچنگ اسٹاف کی اعلیٰ معیار کی تربیت پرتوجہ دی جائے گی، اس کے علاوہ ٹیم سرعام تعلیم پاکستان تحریک کے لیے کسی سے عطیہ نہیں لے گی۔

    یاد رہے کہ معاشرے کی برائیوں کو بے نقاب کرنے اور عوام تک حقیقت پہنچانے والے اے آر وائی کے پروگرام سرعام کے اینکر اقرار الحسن گزشتہ دو برس سے یومِ قائد میں وال چاکنگ ختم کرنے کی کامیاب مہم بھی چلا چکے ہیں۔

  • بھارتی صحافی اور عالمی میڈیا نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

    بھارتی صحافی اور عالمی میڈیا نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

    نئی دہلی: پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور کارروائی کے نیتجے میں تین سو افراد کی ہلاکت کے دعوے کو بھارتی صحافی نے مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی صحافی رجدیپ سردسائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ہمارے چینلز بغیر کسی ثبوت و شواہد کے 300 افراد کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جنگ جیسی حساس چیز کو کھیل اور اس سے سنسنی پھیلا کر بھارتی نیوز چینل صرف اپنی ریٹنگ بڑھانا چاہتے ہیں ۔ رجدیپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا نے بتایا کہ بھارتی دراندازی کی صورت میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    دوسری جانب بین الاقوامی شہرت یافتہ غیرملکی خبر ایجنسی رائٹرز نے بھی بھارت کی نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کا پول کھول دیا۔ عینی شاہد نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ علی الصبح دھماکے کی آواز سنی جس سے صرف ایک شخص زخمی ہوا۔

    مزید پڑھیں: نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ، بھارتی سیکریٹری خارجہ بوکھلا گئے

    بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی بزدلانہ کوشش کی تھی جسے ہر دم مستعد پاک فضائیہ کے بہادروں نے خاک چٹا دی تھی۔

    پاکستان ائیرفورس کے فوری اقدامات کی وجہ سے بھارتی پائلٹ بوکھلاہٹ کا شکار ہوئی جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر واپس جانے میں ہی عافیت جانی یوں وہ دم دبا کر بھاگ گئے ۔

    بھارت نے ماضی کی طرح اس بار بھی جھوٹ کا سہارا لے کر سرجیکل اسٹرئیک کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا جس کو عالمی میڈیا نے بھی مسترد کیا۔ نیویارک ٹائمز نے بھارتی دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ٹھوس ثبوت کی فراہمی میں ناکام رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی دراندازی: ’ہم سوئے رہے لیکن فوج جاگتی رہی‘

    برطانوی اخبار دی گارجیئن نے بھارتی دعوے کو بڑھک قرار دیتے ہوئے جھوٹ قرار دیا۔ برطانوی اخبار نے رپورٹ مین لکھا کہ اس طرح کی سرجیکل اسٹرائیک مشکل اور ٹکنیکی معاملہ ہے جس میں شواہد فراہم کرنا ضروری ہوتے ہیں، بھارتی دعوے پر یقین کرنا بہت مشکل ہے۔

  • نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ، بھارتی سیکریٹری خارجہ بوکھلا گئے

    نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ، بھارتی سیکریٹری خارجہ بوکھلا گئے

    نئی دہلی: نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی بھارت کو مہنگا پڑ گیا، بھارتی سیکریٹری خارجہ وجے گوکھلے صحافیوں کے سوالات سن کر بوکھلا گئے اور جواب دیے بغیر ہی چلے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی سیکریٹری خارجہ نے نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کے حوالے سےمختصر 3 منٹ کی پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے بھارتی فضائیہ کی کامیابیوں کے گُن گائے۔

    وجے گوگھلے کا کہنا تھا کہ سرجیکل اسٹرائیک انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی، اس طرح کا حملہ وقت کی ضرورت تھا۔

    کامیابی کے دعوے کرنے والے بھارت کے غبارے سے اُس وقت ہوا نکلی جب وزیرخارجہ سے صحافیوں نے سوال پوچھنے کی کوشش کی، سیکریٹری خارجہ پریس کانفرنس کے دوران سوالات سُن کر بوکھلا گئے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی دراندازی: ’ہم سوئے رہے لیکن فوج جاگتی رہی‘

    وجے گوکھلے نے تین منٹ کی پریس کانفرنس کی، صحافیوں نے تکنیکی سوالات اٹھائے تو انہوں نے جواب دینا مناسب نہیں سمجھا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔

    دوسری جانب بھارتی وزیردفاع بھی نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک سے لاعلم نکلیں، میڈیا گفتگو کے دوران جب اُن سے دراندازی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔

    دوسری جانب بھارتی میڈیا نے پاک فضائیہ کی دو سال پرانی ویڈیو ریلیز کر کے کامیابی کا دعویٰ کیا جبکہ مذکورہ فوٹیج پاکستانی صارف نے دو سال قبل یوٹیوب پر شیئر کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک، بھارتی ویڈیو جعلی نکلی

    یاد رہے کہ بھارتی طیاروں نے گزشتہ شب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جسے پاکستان ائیرفورس اور پاک فوج نے بھرپور طریقے سے ناکام بنا دیا تھا۔

  • نادر مگسی 10ویں بار چولستان جیب ریلی کے چیمپئن بن گئے

    نادر مگسی 10ویں بار چولستان جیب ریلی کے چیمپئن بن گئے

    بہاولپور: چولستان جیپ ریلی کا سہرا ایک بار پھر نادرمگسی کے سرسج گیا، نادرمگسی نے دسویں بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نادرمگسی نے سب سے کم وقت میں مقرر کردہ فاصلہ طے کیا، زین محمود دوسری اور صاحبزادہ سلطان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    اس سے قبل خواتین کیٹگری میں سابق چیمپیئن تُشنا پٹیل فاتح قرار پائیں، اسٹاک کیٹگری میں منصور کنور نے معرکہ مار لیا۔

    چولستان میں منعقد ہونے والی اس جیپ ریلی کے انعقاد کا سہرا ٹوارزم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو جاتا ہے، یہ جیپ ریلی گزشتہ 14 سال سے مسلسل منعقد ہورہی ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ سال گوادر میں 19 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک جاری رہنے والی آف روڈ جیپ ریلی پاک آرمی اور ایک نجی ادارے کی معاونت سے منعقد کی گئی تھی ، اے آر وائی نیوز آف روڈ ریلی کا آفیشل میڈیا پارٹنر تھا، ریلی میں 150 سے زائد ڈرائیورز حصہ لے رہے تھے۔

  • جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کا قیام، ن لیگ نے ترمیمی بل جمع کرادیا

    جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کا قیام، ن لیگ نے ترمیمی بل جمع کرادیا

    اسلام آباد : ن لیگ نے قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کا آئینی ترمیمی بل جمع کرادیا، خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ڈر ہے حکومت یوٹرن نہ لے لے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی نے بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لئے آئینی ترمیمی بل جمع کرادیا ہے۔ جن اراکین نے بل جمع کروایا ان میں احسن اقبال، رانا تنویر، رانا ثناءاللہ، عبدالرحمن کانجو شامل ہیں۔

    اس آئینی ترمیم کا عنوان ’آئینی (ترمیمی) ایکٹ مجریہ2019 ہے۔ مذکورہ بل میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل ایک میں ترمیم سے بہاولپور، جنوبی پنجاب کے صوبوں کی تشکیل کے الفاظ شامل کئے جائیں۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ بہاولپور صوبہ وہاں کے موجودہ انتظامی ڈویژن پر مشتمل ہوگا جبکہ جنوبی پنجاب صوبہ موجودہ ڈیرہ غازی خان اور ملتان ڈویژنز پر مشتمل ہوگا اور ترمیم کے بعد ڈیرہ غازی خان اور ملتان ڈویژنز صوبہ پنجاب کا حصہ نہیں رہیں گے۔

    اس کے علاوہ آئین کے آرٹیکل51میں ترمیم سے صوبائی نشستوں میں بھی ردوبدل کیا جائے، ترمیم کے بعد بہاولپور صوبہ کی15جنرل، خواتین کی تین نشستیں ملا کر قومی اسمبلی میں کل18نشستیں ہوجائیں گی۔

    جنوبی پنجاب صوبہ کی 38، صوبہ پنجاب کی117خیبرپختونخوا کی55،صوبہ سندھ کی 75، بلوچستان کی 20 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی قومی اسمبلی میں3 نشستیں ہوں گی۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اب حکومت کا امتحان شروع ہوچکا ہے، ہمیں ڈر ہے کہ کہیں حکومت اس مسئلے پر یو ٹرن نہ لے لے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پنجاب میں میرٹ ہوتی تو عثمان بزدار وزیر اعلٰی نہ بنتے، احتساب کرنا ہے تو مجھ سے اورمیری کابینہ سے شروع کریں۔

  • وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ملک کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، سراج الحق

    وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ملک کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، سراج الحق


    لاہور  : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمیں کسی وڈیرے کی غلامی کے لئے پیدا نہیں کیا گیا، وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ملک کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں جے آئی کسان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں انصاف سب کیلئے ہو، ملک میں غریب کے لیے علاج ناممکن ہے، ملک کا ہر بچہ ورلڈ بینک کا مقروض اور معیشت تباہ ہورہی ہے۔

    رزق حلال بند، کرپشن اور سود کے دروازے کھلے ہیں، سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی وڈیرے کی غلامی کے لئے پیدا نہیں کیا گیا، آج ملک کی سیاست پر بھی شوگر مافیا کا قبضہ ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم سے مسائل حل ہوسکتے ہیں، اس معاشرے میں انسان آزاد نہیں سب غلام ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ زرمبادلہ میں کسانوں کا بڑا حصہ ہے لیکن ان کے لئے کوئی بڑا معاشی پروگرام نہیں، کسانوں کی خون پسینے کی کمائی حکومت میں بیٹھے جاگیردار اور وڈیرے ہڑپ کر جاتے ہیں، انہیں سستے بیج، کھاد، اور دوا کی ضرورت ہے قوم کا مطالبہ انڈا یا مرغی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایوانوں میں موجود لوگ کسانوں کے نہیں ایلیٹ کلاس کے نمائندے ہیں جو خود کو کسی کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے،کسانوں کو گنے کی قیمت اس لیے نہیں ملتی کہ سیاست پر بھی شوگر مافیا کا قبضہ ہے۔

    حکومت کہتی ہے کہ کسان ماتھے کا جھومر ہے لیکن اسے عزت نہیں دی جاتی، ہم اپنے ملک کی ترقی چاہتے ہیں تو کسان اور مزدور کے بچے کو تعلیم لازمی دلانا ہوگی، غربت نے بچوں کو مختلف طبقوں کے اسکولوں میں تقسیم کردیا۔

  • بہاولپورمیں پہلی بار گردے کی پیوند کاری کا کامیاب آپریشن

    بہاولپورمیں پہلی بار گردے کی پیوند کاری کا کامیاب آپریشن

    بہاولپور : کڈنی سینٹر بہاولپور میں گردے کی پہلی کامیاب پیوند کاری مکمل کرلی گئی، گردہ دینے والا اور لینے والا دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہر بہاولپور میں گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بڑی خوش خبری آگئی، کڈنی سینٹر بہاولپور نے گردے کی کامیاب پہلی پیوند کاری مکمل کر لی۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گردہ دینے والا اور لینے والا دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔ کڈنی سینٹر میں بہاولنگر کے رہائشی 26 سالہ مظہر حسین کے گردے کی پیوند کاری کی گئی، پہلے کامیاب آپریشن میں 15رکنی ٹیم نے حصہ لیا۔

    کڈنی سینٹر کے ہیڈ پرو فیسر ڈاکٹر شفقت علی تبسم کا کہنا ہے کہ یہ بڑا مشکل اور اہم مرحلہ تھا لیکن کامیابی سے مکمل ہوا، پورے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لیے اچھی خبر ہے، پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے رولز کے مطابق پہلی کامیاب سرجری ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں : سینیٹ اجلاس : انسانی اعضاء کی پیوند کاری کا ترمیمی بل2018متفقہ طور پر منظور

    ڈاکٹرز کے مطابق مریض اور ڈونر کی حالت بلکل ٹھیک ہے، انہوں نے کہا کہ بہاولپور کڈنی سینٹر میں اب ہر ہفتے آپریشن ہوا کریں گے، حکومت فنڈز کی فراہمی میں تعاون کرے تو مریضوں کو آپریشن کے ساتھ ساتھ ادویات بھی مفت فراہم کی جاسکتی ہیں۔

  • سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، تحریک طالبان اور القاعدہ کے 5دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، تحریک طالبان اور القاعدہ کے 5دہشت گرد گرفتار

    بھاولپور : سی ٹی ڈی نے بھاولپور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان اور القاعدہ کے پانچ دہشت گردوں کوگرفتارکر لیا ہے، دہشت گردوں سے بھارت سے رابطوں کے شواہد بھی ملے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھاولپور میں سی ٹی ڈی نے تھانہ صدر کے علاقے میں بڑی کاروائی کی ، کارروائی کے دوران تحریک طالبان اور القاعدہ کے پانچ دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا گیا، دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس بارودی مواد، ہینڈ گرنیڈز اور بھاری تعداد میں جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

    گرفتار دہشت گردوں کی شناخت محمد طارق اظہر سعید حافظ سجاد داؤد نذیر اور قیصر حنیف کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دہشت گردوں سے بھارت سے رابطوں کے شواہد بھی ملے ہیں۔

    حکام کے مطابق دہشت گرد بھارت کی فنڈنگ اور اسلحہ کی فراہمی سے ملک دہشت گردی اور سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ہے۔

    مزید پڑھیں : گوجرانوالہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 2 دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے چند ماہ قبل گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔ دہشت گردوں سے بارودی مواد، دستی بم اور اسلحہ برآمد بھی ہوا، دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال 27 مئی کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا ، سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران خودکش جیکٹس، بڑی تعداد میں اسلحہ اور دستی بم برآمد کیا گیا تھا ۔