Tag: Bahubali

  • صرف ایک سموسہ کھانے پر 71 ہزار روپے جیتیں

    صرف ایک سموسہ کھانے پر 71 ہزار روپے جیتیں

    میرٹھ: کون ہوگا جو سموسہ شوق سے نہ کھاتا ہو، بعض اوقات دوستوں میں زیادہ سے زیادہ سموسے کھانے کا مقابلہ بھی ہوتا ہے، لیکن بھارتی شہر میرٹھ میں ایک سموسہ ایسا بھی ہے جسے کھانے پر 71 ہزار روپے جیتے جا سکتے ہیں۔

    یقیناً یہ جان کر آپ کے منہ میں پانی آ گیا ہوگا، لیکن ذرا ٹھہریں، یہ سموسمہ 12 کلو وزنی ہے اور اسے باہو بلی سموسہ کہا جاتا ہے، اور اسے کھانے میں آپ کو آدھے گھنٹے سے زیادہ لگ جائے گا۔

    میرٹھ کے علاقے لال کرتی میں واقع کوشل سویٹس کے مالک شبھم کوشل کا کہنا ہے کہ وہ دراصل سموسے کی مشہوری کے لیے کچھ الگ کرنا چاہ رہے تھے، اس خیال نے انھیں ’باہوبلی‘ سموسے بنانے کی طرف راغب کیا۔

    آپ یہ جان کر بھی حیران رہ جائیں گے کہ بعض مقامی لوگ سال گرہ کیک کی بجائے یہ بارہ کلو گرام وزنی سموسہ لے کر جاتے ہیں اور اسے کاٹتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ آلو، مٹر، مصالحے، پنیر اور خشک میوہ جات سے بھرے اس سموسے کو 30 منٹ میں ختم کرنے والے کو 71,000 روپے ملیں گے۔

    اس 12 کلو سموسے کی قیمت تقریباً 1500 روپے ہے، کوشل نے کہا کہ انھیں ’باہوبلی‘ سموسوں کے لیے اب تک تقریباً چالیس پچاس آرڈرز موصول ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا پہلے ہم نے چار کلو سموسے اور پھر آٹھ کلو سموسے بنا کر شروع کیے، مشہور ہونے کے بعد ہم نے 12 کلو کا سموسہ تیار کر لیا۔

    باورچیوں کو یہ دیوہیکل سموسہ تیار کرنے میں تقریباً 6 گھنٹے لگتے ہیں، اور پین میں سموسے کو صرف فرائی کرنے کے لیے تین باورچیوں کو 90 منٹ لگ جاتے ہیں، بارہ کلو کے سموسے میں اس کے اندر ڈلی ہوئی چیزوں کا وزن تقریباً سات کلو ہوتا ہے۔

    یہ سموسہ کھانے کے لیے لوگوں کو ایڈوانس میں آرڈر دینا پڑتا ہے، کوشل کا دعویٰ ہے کہ یہ ملک کا سب سے بڑا سموسہ ہے۔

  • ‘پیراسائٹ’ پر تنقید : ‘باہوبلی’ کے پروڈیوسر کا اڑا مذاق

    ‘پیراسائٹ’ پر تنقید : ‘باہوبلی’ کے پروڈیوسر کا اڑا مذاق

    ممبئی : بھارتی فلم باہو بلی کے پروڈیوسر کو آسکر ایوارڈ یافتہ فلم پر تنقید کرنا مہنگا پڑگیا، سوشل میڈیا صارفین نے ایس ایس راجا مولی کو شدید طنز کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ آسکر میں بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ حاصل کرنے والی بین الاقوامی فلم ‘پیراسائٹ’ کو ‘باہوبلی’ کے پروڈیوسر ایس ایس راجامولی نے بورنگ قرار دیا تھا جس کے جواب میں سوشل میڈیا پر ان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بہت سے صارفین نے انہیں ٹرول کرنا شروع کردیا،

    ایک میڈیا انٹرویو کے دوران جب ان سے آسکر ایوارڈ یافتہ فلم کے بارے میں پوچھا گیا تو راجامولی نے کہا تھا کہ ‘یہ بہت بورنگ فلم تھی اتنا کہ میں اسے دیکھتے وقت بیچ میں سو گیا تھا۔

    ان کے اس بیان کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ایک صارف نے لکھا کہ فلم پیراسائٹ طبیعیات کے اصولوں کو طاق پر نہیں رکھتی، اس لئے شاید آپ کو یہ پسند نہیں ہے۔

    ایک اور صارف نے ہدایت کار کو طنز کستے ہوئے لکھا کہ اب اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ کیوں اس شخص نے سلمان خان کو شاہ رخ خان اور عامر خان سے بہتر اداکار کہا۔

    واضح رہے کہ جنوبی کوریا کی فلم ’پیراسائٹ‘ نے 2020 کے آسکرز ایوارڈز میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
    یہ آسکرز کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ انگریزی کے علاوہ کسی اور زبان میں بنائی جانے والی فلم نے ’بہترین فلم‘ کا ایوارڈ جیتا ہے۔

    پیراسائٹ نے امریکی شہر لاس اینجلس کے ڈولبی تھيٹر میں منعقد ہونے والی تقریب میں بہترین فلم کے علاوہ بہترین ہدایتکار سمیت چار آسکر ایوارڈ حاصل کیے۔

    خیال رہے کہ ‘پیراسائٹ’ پہلی غیر ملکی زبان کی فلم ہے جس کو آسکر ایوارڈ کے دوران بہترین فلم کا اعزاز ملا۔