Tag: bail granted

  • اقرارالحسن کیخلاف مقدمہ : عدالت نے ضمانت منظور کرلی

    اقرارالحسن کیخلاف مقدمہ : عدالت نے ضمانت منظور کرلی

    کراچی : اے آر وائی نیوز کے اینکر اقرار الحسن کے خلاف مقدمے میں ضمانت کا معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، سندھ ہائی کورٹ نے اقرار الحسن کی ایک ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میرپورخاص کی کرپشن بے نقاب کرنے کی پاداش میں مقدمے کا سامنا کرنے والے صحافی اور اینکر اقرارالحسن کی عدالت نے ضمانت منظور کرلی۔

    سندھ ہائی کورٹ نے اقرار الحسن کو50ہزار روپے کے مچلکے ادا اور7دن میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونےکی ہدایت دی ہے۔

    کیس کی سماعت کے موقع پر وکیل نے کہا کہ اقرار الحسن معروف ٹی وی اینکر ہیں اور عوامی آگاہی کے پروگرام کرتے ہیں۔

    وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈی سی میرپورخاص نے بدنیتی کی بنیاد پر سرکاری کام میں رکاوٹ کامقدمہ درج کرادیا، اقرار الحسن ڈپٹی کمشنر آفس میں بلدیاتی انتخابات میں ڈی آراو سے معلومات کیلئے گئے تھے۔

    معاملہ کچھ یوں ہے کہ اے آر وائی نیوز کی ٹیم سرعام نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر میرپورخاص کی کرپشن بے نقاب کی تھی، سرعام ٹیم نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر میرپور خاص کو رشوت لیتے پکڑ لیا تھا۔

    کرپشن بے نقاب کرنے کی سزا، اینکر اقرار الحسن پر پرچہ کٹ گیا

    ڈپٹی کمشنر میرپور خاص نے 100اسلحہ لائسنس کے لئے 20لاکھ روپے رشوت مانگی تھی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر میرپور خاص نے معاملے میں مدد کیلئے 50ہزار روپے رشوت لی تھی۔

    ٹیم سرعام آ ڈپٹی کمشنر کے دفتر پہنچی تو متعلقہ افسر ٹیم کو دیکھتے ہی فرار ہوگیا، کرپشن بے نقاب کرنے پر ڈپٹی کمشنر کے عملے نے اقرارالحسن پر ہی مقدمہ درج کرادیا، اقرارالحسن پر درج مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

  • توڑ پھوڑ کا الزام : سابق وزیر مراد سعید کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    توڑ پھوڑ کا الزام : سابق وزیر مراد سعید کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : عدالت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کیس میں مراد سعید کی 5ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مراد سعید ضمانت کے لیے کچہری پہنچے جہاں ڈسٹرکٹ سیشن جج کامران بشارت مفتی نے سماعت کی اور درخواست ضمانت 5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔

    عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت امریکی سازش کی آلہ کار بنی ہوئی ہے اور یہ حکمران انقلاب کو روکنے میں ناکام ہوں گے۔

    عدالت نے پولیس کو20 جون کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا، واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج ہے۔

    مراد سعید نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں میں ایسی شیلنگ کبھی نہیں ہوئی جیسی موجودہ حکومت نے کی ہے۔ حکومت نے تحریک انصاف کی خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا ہے۔ پی ٹی آئی اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کرے گی۔

    موجودہ حکومت پو الزام عائد کرتے ہوئے مراد سعید نے مزید کہا کہ حکمران بندر بانٹ میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے جمہوریت اورآئین کی دھجیاں اُڑا دی ہیں۔ حکومت کی جانب سے میڈیا کو ایک ایک ارب روپے کے اشتہارات روز دیے جا رہے ہیں۔

  • حمزہ اور شہباز شریف کی عبوری ضمانت، تحریری فیصلہ جاری

    حمزہ اور شہباز شریف کی عبوری ضمانت، تحریری فیصلہ جاری

    لاہور : بینکنگ جرائم کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی مقدمات میں عبوری ضمانتوں کا تحریری فیصلہ جاری کرديا ہے۔

    تحریری فیصلے کے مطابق شہباز شریف اورحمزہ شہبازکی ضمانت میں21جنوری تک توسیع کی گئی ہے،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز متعلقہ عدالت سے عبوری درخواست ضمانت کے لیے رجوع کریں۔

    درخواست گزار کے وکلا کی استدعا پر متعلقہ عدالت سے رجوع کی مہلت دی گئی ہے، ضمانت کے لیے مہلت دینے پر ایف آئی اے وکلاء کو اعتراض نہیں ہے۔

    فیصلہ کے مطابق ایف آئی اے نے اس عدالت کا دائرہ اختیار نہ ہونے پر چالان واپس لینے کی استدعا کی گزشتہ روزعدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے دائرچالان واپس کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی بنکنگ جراٸم کورٹ کے جج راٸے طاہر صابر نے شوگر انکواٸری منی لانڈرنگ کیس میں ایف آٸی اے کو چالان واپس کردیا۔ عدالت نے سات روز کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔

    قبل ازیں بینکنگ جرائم کورٹ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شوگر مل کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت نے شہبازشریف کی حاضری معافی درخواست منظور کرلی۔

  • شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور

    شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور

    لاہور کی بنکنگ جراٸم کورٹ نے شوگر انکواٸری منی لانڈرنگ کیس میں ایف آٸی اے کو چالان واپس کر دیا۔ عدالت نے سات روز کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بنکنگ جرائم کورٹ کے جج راٸے طاہر صابر نے ایف آئی اے کی جانب سے دائر عدالتی دائرہ اختیار  پر کیس کی سماعت کی۔

    حمزہ شہباز نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی، شہباز شریف اسلام آباد میں ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہوٸے۔

    عدالت نے داٸرہ اختیار پر فیصلہ سناتے ہوٸے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف دائر چالان ایف آئی اے کو واپس کردیا اور سات روز میں متعلقہ عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا۔

    عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت بھی سات روزہ تک منظور کرلی اور حکم دیا کہ ایف آئی اے جہاں چالان جمع کروائے وہاں سے عبوری ضمانت کے لیے رجوع کیا جاٸے۔

    ایف آٸی اے کا مؤقف تھا کہ بنکنگ کورٹ کو مقدمے کی سماعت کا اختیار نہیں لہٰذا اسے متعلقہ عدالت کو بھجوایا جاٸے۔

    قبل ازیں بینکنگ جرائم کورٹ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شوگر مل کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت نے شہبازشریف کی حاضری معافی درخواست منظور کرلی۔

  • نیویارک میں مبینہ فلیٹ : آصف علی زرداری کی ضمانت منظور

    نیویارک میں مبینہ فلیٹ : آصف علی زرداری کی ضمانت منظور

    اسلام آباد : ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت منظور کرلی، انہوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کرائی تھی۔

    آصف زرداری کی نیویارک میں مبینہ فلیٹ سے متعلق نیب کی انکوائری کا معاملہ پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے آج درخواست پر سماعت کی۔

    سماعت کے موقع پر آصف زرداری خود عدالت کے روبرو پیش ہوئے، فریقین کی جانب سے دلائل دیئے گئے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

    قبل ازیں گزشتہ سماعت کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کو آج بروز بدھ طلب کیا تھا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے آج درخواست پر سماعت کی ہے۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آصف علی زرداری ضمانت قبل از گرفتاری مانگ رہے ہیں؟ جس پر سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری اسپتال میں زیرعلاج ہیں، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی ہے۔ وکیل نے کہا کہ اگرعدالت طلب کرے گی تو آصف علی زرداری روبرو پیش ہو جائیں گے۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ کیس باقیوں کیلئے بھی مثال نہ بن جائے نا۔ عدالت نے آصف علی زرداری کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی تھی۔

    خیال رہے کہ نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری سے جواب مانگ لیا ہے کہ نیویارک میں جائیداد کیسے بنائی؟ نیب نے نیویارک فلیٹ سے متعلق آصف زرداری کو سوالنامہ اور معلومات کے حصول کیلئے نوٹس بھجوایا ہے۔

  • نئی دہلی: ہندو انتہا پسند سوامی اسیمانند کو تمام کیسز میں ضمانت مل گئی

    نئی دہلی: ہندو انتہا پسند سوامی اسیمانند کو تمام کیسز میں ضمانت مل گئی

    نئی دہلی : بھارت میں سو سے زائد پاکستانیوں کی ہلاکت میں ملوث ہندو انتہاپسند سوامی اسیم انند کو تمام کیسز میں ضمانت مل گئی، آج رہائی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہندو انتہاپسند سوامی اسیمانند کی حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد بم دھماکہ کے معاملہ میں ضمانت منظور کرلی گئی ہے، چوتھے میٹروپولٹین مجسٹریٹ سیشن کورٹ نے 50,000کے دو مچلکے عدالت میں د اخل کرنے اور بناء اجازت کے حیدرآباد کے باہر جانے پر روک دیا ہے۔

    سال 2007میں  حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں جمعہ کے روز ہوئے بم دھماکے میں نو لوگ ہلاک ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ سوامی سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے کا ماسٹر مائنڈ اور درگاہ اجمیر شریف دھماکے میں بھی ملوث ہے۔

    یاد رہے کہ8 مارچ 2017 کو راجستھان کی ایک عدالت نے اجمیر میں مشہور صوفی خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ میں بم دھماکے کے معاملے میں سوامی اسیم آنند اور تین دیگر ملزموں کو بری کر دیا ہے۔

    اجمیر کی خواجہ معین الدین چشتی درگارہ میں اکتوبر11سال2007کو پیش ائے بم دھماکے میں تین ہلاک اور پندرہ شدید طور پر زخمی ہوئے تھے۔


    مزید پڑھیں : بھارت نے سمجھوتہ ایکسپریس کا مرکزی ملزم رہا کردیا


    واضح رہے کہ ہندو رہنما سوامی اسیم آنند بھارت پاکستان کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس میں ہونے والے بم دھماکے کے بھی اصل ملزم ہیں، مقدمہ چندی گڑھ سے ملحقہ شہر پنج کولہ کی ایک عدالت میں چلا، مقدمے کے اصل ملزم اور آر ایس ایس کے سرگرم دہشت گرد سوامی اسیم آنند کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔،

    سمجھوتہ ایکسپریس میں بم دھماکہ 2007 میں ہریانہ کے شہر پانی پت کے نزدیک ہوا تھا۔ جس میں 68 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں اکثریت پاکستانی شہریوں کی تھی۔ اس دھماکے میں سوامی اسیم آنند سمیت کئی ہندو شدت پسند گرفتار کئے گئے۔

    بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے سوامی کی ضمانتوں پر اپیل دائر نہیں کی تھی۔