Tag: Bajaur Attack

  • باجوڑ حملہ : دھماکے کی نوعیت کا تعین نہ ہوسکا

    باجوڑ حملہ : دھماکے کی نوعیت کا تعین نہ ہوسکا

    پشاور : خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکے کی نوعیت کا تعین نہ ہوسکا تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا خود کش لگتا ہے، زخمیوں میں نجی ٹی وی کے کیمرا مین بھی شامل ہے۔

    تازہ ترین تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے صوبائی متعلقہ حکام نے کہا ہے کہ باجوڑ دھماکے کی نوعیت کا تعین نہ ہوسکا تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا خود کش لگتا ہے، زخمیوں کی اسپتال منتقلی میں پاک فوج مدد کررہی ہے۔

    چیف سیکریٹری کے پی نے بتایا کہ زخمیوں میں نجی ٹی وی کا کیمرا مین سمیع اللہ بھی شامل ہے، دھماکے کے شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کیا جائے گا، اس وقت ہماری پوری توجہ زخمیوں کے بہترین علاج پر ہے۔

    دوسری جانب آر پی او ملاکنڈ ناصر ستی کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکہ خود کش لگتا ہے تاہم تحقیقات کی جا رہی ہیں ، دھماکے کی جگہ سے شواہداکٹھے کیے جارہے ہیں، علاقے میں سرچ اور اسٹرائیک آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    نگران وزیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ اب تک دھماکے میں 40افراد کے شہید اور تقریباً 200افراد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں، انہوں نے کہا کہ باجوڑ اور اطراف کے اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، دھماکے کے شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کیا جائے گا۔

    جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما اور ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا اسلام اور جہاد نہیں بلکہ فساد اور دہشت گردی ہے، حملہ ریاست اور جمہوریت پر کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جےیو آئی گزشتہ 20سال سے مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بن رہی ہے، جے یو آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جے یو آئی خار کے امیر مولانا ضیاءاللہ جان اور حامداللہ جاں بحق ہوگئے۔