Tag: bajoor agency blast

  • باجوڑ دھماکہ : مختلف سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    باجوڑ دھماکہ : مختلف سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    اسلام آباد : باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی ملک بھر کے سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دہشت گردوں نے دھماکا کیا جس کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق اور 150سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے خاندانوں اور جے یو آئی سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مذمتی بیان میں کہا کہ حکومت سیاسی قائدین اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے، حملے کا مقصد ملک میں افراتفری کی صورت حال پیدا کرنا ہے، حکومت بم دھماکے کی فوری اورمکمل تحقیقات کرائے۔

    پی پی کے شریک چیئر پرسن آصف علی زرداری نے کارکنوں کی شہادت پر مولانا فضل الرحمان سے اظہار تعزیت کیا اور بم دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی نرسریوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔

    اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی جے یو آئی ورکرز کنونشن بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے، راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا شرمناک فعل ہے، بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر انسانیت و ملک دشمن ہیں۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئےصبر و جمیل کی دعا کی ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے جاں بحق افراد کےلواحقین سےاظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت ترین سزائیں دی جائیں، حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

    جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے جلسےمیں دھماکہ کھلی دہشت گردی ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے، بم دھماکے کی فی الفور اور مکمل تحقیقات کرائی جائے۔

  • قائد الطاف حسین کی باجوڑ ایجنسی میں اسکول وین دھماکہ کی شدید مذمت

    قائد الطاف حسین کی باجوڑ ایجنسی میں اسکول وین دھماکہ کی شدید مذمت

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردوں کی جانب سے اسکول وین کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ سے نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکہ کے نتیجے میں خواتین ، بچوں اور اساتذہ سمیت متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے بچوں کی اسکول وین کو بم دھماکے سے نشانہ بنا کر ثابت کردیا ہے کہ وہ تعلیم اور علم کے دشمن ہیں اور ان کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے تمام مذاہب اور مسالک کے ماننے والے عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔

    انہوں نے بم دھماکے میں خواتین ، بچوں ، اساتذہ سمیت دیگر شہید افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد و مکمل صحت و تندرستی عطا فرمائے ۔

    الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ باجوڑ ایجنسی میں اسکول وین کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور ملک سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔