Tag: Bakhbar Sawera

  • ذائقہ دار ’چرغہ کلیجی‘ بناںے کا بہترین فارمولا جانیے!!

    ذائقہ دار ’چرغہ کلیجی‘ بناںے کا بہترین فارمولا جانیے!!

    قربانی کا جانور ذبح کرنے کے بعد گھر میں سب سے پہلے جو چیز پکائی جاتی ہے وہ ہے کلیجی، جس کا انتظار سب گھر والوں کو ہوتا ہے کہ کب اسے گرما گرم روٹیوں سے ساتھ کھایا جائے۔

    مزیدار اور ذائقے دار کلیجی بنانے کا آسان اور کم سے کم وقت میں بنانے کا کیا طریقہ کیا ہے اس کیلئے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں شیف ثمرین جنید نے ناظرین کو اس کی ترکیب بتائی۔

    انہوں نے ناظرین کو چرغہ کلیجی بنانے کی آسان بتائی جس کے مطابق

    اجزاء :

    ایک کلو کلیجی
    ایک کلو پیاز
    تین پاؤ ٹماٹر
    اجوائن اور سفید زیرا ایک ایک چمچ
    ثابت لال مرچ 10 سے بارہ
    نمک حسب ذائقہ
    ادرک اور لہسن کا پیسٹ ایک ایک چمچ
    تھوڑی سی ہری مرچیں

    ترکیب :

    پیاز کو آملیٹ جیسی باریک کاٹ لیں اور تیل میں بھون کر ہلکا سا براؤن کرلیں اس کے بعد کلیجی کی بوٹیاں اس ڈال کر بھون لیں اور جب پیاز گلابی مائل ہوجائے تو چولہے کی آنچ تیز کردیں۔ اور 15 منٹ بعد کلیجی تیار ہوجائے گی۔

    اس دوران ٹماٹروں کو ابالنے کے بعد چھلکا اتار کر پیسٹ بنالیں، اس کے بعد اجوائن زیرا اور ثابت مرچ کو توے پر بھون کر پیس لیں، یاد رہے کہ یہ چرغہ مصالحہ آپ نے پہلے سے تیار کرکے رکھ لینا ہے۔

    اس کے بعد کلیجی میں ٹماٹر ڈال کر بھون لیں اور جب تیل اوپر آنے لگے تو ہری مرچ کو چھوٹی چھوٹی کاٹ کر تھوڑا سا اور بھونیں اس کے بعد اس میں تیار کیا ہوا چرغہ مصالحہ اور ہرا دھنیا ڈال کر کر چولہا بند کریں اور ڈش پر ایک لیمن نچوڑ لیں، مزیدار چرغہ کلیجی تیار ہے۔

  • اسمارٹ فون خریدنا آسان ہوگیا؟ جانیے کیسے

    اسمارٹ فون خریدنا آسان ہوگیا؟ جانیے کیسے

    ملک بھر میں اسمارٹ موبائل فونز کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں اور ایک متوسط طبقے کا شہری بھی اس کی پہنچ سے بہت دور ہوچکا ہے۔

    ایسے میں پاکستان میں ایسی موبائل کمپنیز کی ضرورت ہے جو عام آدمی کی ضرورت اور اسکی مالی گنجائش کو پیش نظر رکھتے ہوئے معیاری اور سستے اسمارٹ موبائل فون متعارف کرائیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں چیئرمین ڈیپلائی گروپ آف کمپنیز آصف خان نے شرکت کی اور بتایا کہ کس طرح عام لوگ بھی مناسب قیمت میں ایک اچھے اسمارٹ موبائل فون کے مالک بن سکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی ڈالر کی قیمت کے سبب اسمارٹ فون کی ڈیوائسز بھی بہت مہنگی ہوچکی ہیں اور اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے کوشش کی ہے کہ اپنے صارفین کو سستی اور معیاری چیز پیش کریں۔

    آصف خان نے کمپنی کے تیاری کردہ فون کو دکھایا اور بتایا کہ میں خود بھی یہی فون فخریہ طور پر استعمال کرتا ہوں اس میں وہ تمام خوبیاں ہیں جو ایک اچھے اسمارٹ فون میں ہوتی ہیں اور اس کی قیمت بھی بہت مناسب ہے۔

     

  • گڑیوں کی سب سے کم عمر ڈریس ڈیزائنر مہرین احسن

    گڑیوں کی سب سے کم عمر ڈریس ڈیزائنر مہرین احسن

    کراچی : شہر قائد کی ہونہار اور ہنر مند بچی مہرین احسن نے گڑیوں کا لباس بنا کر سب کو حیران کردیا، مہرین نے اب تک 250 سے زائد لباس ڈیزائن کیے ہیں۔

    مہرین احسن کی عمر آٹھ سال تھی جب انہوں نے پہلی بار اپنی گڑیا کے لیے لباس ڈیزائن کیا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ انہیں دکان سے لائی گئی گڑیا کا لباس پسند نہیں آیا تھا۔

    نویں جماعت کی یہ ہونہار طالبہ مہرین احسن اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا کی مہمان بنیں اور اپنے اس کارنامے کے بارے میں ناظرین کو آگاہ کیا۔

    مہرین نے بتایا کہ مجھے کبھی بھی گڑیاؤں کے وہ لباس پسند نہیں آتے تھے جو عام طور پر مارکیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں، اس لیے میں نے خود ہی انہیں ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کیا۔

    نویں جماعت کی طالبہ کا کہنا تھا کہ مجھے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت مختلف ممالک سے بھی گڑیاؤں کے لباس بنانے کے آرڈرز ملتے ہیں۔

    مہرین کا کہنا تھا کہ میں نے یہ کام کسی سے نہیں سیکھا بس سوئی دھاگے سے ہی گڑیوں کے کپڑے سیتی ہوں البتہ میری نانی کا اپنا بوتیک ہے جہاں سے مجھے کپڑوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے مل جاتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ میرا مقصد ہے کہ میں فرانس جاکر ڈریس ڈیزائننگ کا کورس کروں اس کیلئے میں نے فرنچ سیکھنا بھی شروع کردی ہے۔

  • سر چکرانا اور گھومنا، ایسا کیوں ہوتا ہے؟ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ماہرانہ رائے

    سر چکرانا اور گھومنا، ایسا کیوں ہوتا ہے؟ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ماہرانہ رائے

    اگر آپ کبھی اچانک کھڑے ہوئے ہوں اور پھر سر چکرانے لگتے تو اس یقیناً حیرت تو ہوگی اور یہ سوال ذہن میں ضرور آئے گا کہ ایسا کیوں ہورہا ہے؟

    اس کا جواب یہ ہے کہ اس کیفیت کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں کچھ عام جبکہ کچھ سنگین بھی ہوسکتی ہیں اور ان کا جاننا بھی بہت ضروری ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں نیورولوجسٹ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بتایا کہ چکر آنے کی بہت وجوہات ہوسکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سر کا چکرانا اور گھومنا تمام معمولات زندگی بری طرح متاثر کردیتا ہے، عمومی طور پر مرد و خواتین اس کا شکار ہوتے ہیں، یہ بیماری نہیں بلکہ اس کی ایک علامت ہے۔

    اگر لیٹنے کے بعد بیٹھنے یا کھڑے ہوکر پر اچانک آپ کا سر چکرانے لگے تو یہ ممکنہ طور پر بلڈ پریشر میں اچانک بہت زیادہ کمی کی نشانی ہوسکتی ہے۔

    — کریٹیو کامنز فوٹو

    اس کے علاوہ جب آپ بیٹھنے یا لیٹنے کے بعد اچانک تیزی سے کھڑے ہوتے ہیں تو جسم میں گردش کرتا خون اتنی تیزی سے سر تک نہیں پہنچ پاتا جس کے نتیجے میں سر چکراتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔

    ڈاکٹر فوزیہ نے بتایا کہ اگر آپ کو اکثر ایسی شکایت ہوتی ہو تو آرام سے پوزیشن بدلنے کو عادت بنائیں جبکہ ڈاکٹر کو فوری طورپر بلڈ پریشر چیک کروائیں۔

  • ٹائیفائیڈ کیوں ہوتا ہے؟ یہ کس حد تک خطرناک ہوچکا ہے؟ جانیے

    ٹائیفائیڈ کیوں ہوتا ہے؟ یہ کس حد تک خطرناک ہوچکا ہے؟ جانیے

    شہر میں نکاسی آب کا ناقص نظام لوگوں کی زندگی کیلئے خطرہ بنتا جارہا ہے، کراچی میں ٹائیفائیڈ بڑھنے لگا، آنتوں میں زخم اور بخار کا ہونا اس کا مناسب اور صحیح طریقے سے علاج بے حد ضروری ہے۔

    ٹائیفائیڈ انتڑیوں کی بیماری ہے جو ایک خاص قسم کے بیکٹیریا کی وجہ سے لاحق ہوتی ہے، ٹائیفائیڈ کی علامت میں لمبے عرصے تک ہلکا بخار رہنا اور سر میں درد ہونا شامل ہے۔

    کوئی شخص ٹائیفائیڈ سے متاثر ہے یا نہیں یہ معلوم کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ اس شخص کے خون یا فضلات میں سالمونیلا ٹائفی کی جانچ کی جائے، ٹائیفائیڈ بخار آنتوں کے خون اور پرفوریشن کا سبب بن سکتا ہے۔

    جس کے نتیجے میں یہ پیٹ میں شدید درد، متلی، قے اور عفونت (سیپسس) پیدا کر سکتا ہے، آنتوں میں ہونے والے نقصان کی مرمت کے لئے سرجری کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

    اسی سلسلے میں اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں عباسی شہید اسپتال کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عادل رمضان نے اس مرض کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا اور اس کے علاج سے متعلق اہم باتیں بیان کیں۔

    ڈاکٹر محمد عادل رمضان کا کہنا ہے کہ شہری حالیہ موسم میں ٹائیفائڈ سے بچاؤ کی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، ٹائیفائیڈ سے 40 فیصد اموات ہو رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گندہ پانی، مضرصحت خوراک، ٹائیفائیڈ کی بڑی وجہ ہیں، بخار، کھانسی، جسم درد، پیٹ کی خرابی ٹائیفائیڈ اور کورونا کی علامات ہیں، کورونا میں بخار ہلکا رہتا ہے، ٹائیفائیڈ میں بخار 103 اور 104 تک ہوتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس مرض سے شفاء یاب ہونے کے بعد بھی کچھ لوگوں کے فضلات میں اس مرض کا جراثیم مہینوں تک خارج ہوتا رہتا ہے، یہ بیماری برسات اور تیز گرم موسم میں زیادہ پھیلتی ہے۔

    ڈاکٹر محمد عادل رمضان نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو یہ مرض زیادہ تنگ کرتا ہے، بعض اشخاص میں اس مرض کے خلاف قوتِ مدافعت کمزور ہونے کی وجہ سے یہ مرض دوسروں کی نسبت جلدی ہوجاتا ہے۔

    واضح رہے کہ کورونا وائرس اور ٹائیفائیڈ کی ملتی جلتی علامات کے باعث ڈاکٹر کئی مریضوں کے ٹائیفائیڈ ٹیسٹ کروا رہے ہیں جو مثبت بھی آ رہے ہیں مگر انہیں ٹائیفائیڈ کی بجائے کرونا کے ٹیسٹ کروانے چاہییں تاکہ مریضوں میں دونوں بیماریوں سے متعلق تذبذب ختم ہو۔

  • یوگا کے ذریعے تمباکو نوشی سے کیسے نجات پائی جاسکتی ہے؟

    یوگا کے ذریعے تمباکو نوشی سے کیسے نجات پائی جاسکتی ہے؟

    کراچی : ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر تیسرا شخص تمباکو نوشی کی لت میں مبتلا ہے جن میں اکثریت نوجوانوں کی ہے، اس بری عادت کی ابتدا پہلے تو شوق یا فیشن سے ہوتی جو بعد میں ضرورت بنتی چلی جاتی ہے۔

    بہت سے لوگ اس لت سے چھٹکارا پانے کیلئے طرح طرح کے جتن کرتے ہیں لیکن قوت ارادی کی کمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر وہ سگریٹ نوشی  سے جان نہیں چھڑا پاتے۔

    لیکن ایسے بھی بہت سے لوگ ہمیں نظر آتے ہیں جو کامیابی سے سگریٹ نوشی ترک کر چکے ہیں اور یہی لوگ زیادہ بہتر اور لمبی زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق یوگا کی مشق سے تمباکو نوشی کے عادی افراد کے لیے اس لت سے چھٹکارا پانا آسان ہوجاتا ہے چاہے آپ اسے چھوڑنے کی کوشش نہ بھی کر رہے ہو۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں یوگا ماسٹر سید منور حسن نے ایسی ورزشیں بتائیں جو  سگریٹ نوشی سے چھٹکارا پانے میں انتہائی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

    منور حسن نے بتایا کہ سگریٹ پینے سے ہمارے جسم میں بے حد نقصان دہ اجزاء شامل ہوجاتے ہیں اس سے بچنے کیلئے بہترین ورزش انتہائی کارآمد ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ نکوٹین کی طلب میں اس وقت کمی آجاتی ہے جب ورزش کی جا رہی ہوتی ہے کیونکہ جسمانی مشقت کے دوران دماغ سیروٹینین اور ڈوپامائن جیسے کیمیکل خارج کرتا ہے جو خوشی اور راحت کے احساس کو بڑھاتے ہیں۔

    منور حسن کا کہنا تھا کہ یوگا کی مشق ذہن کو تناؤ اور پریشانیوں کو دور رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے یوگا کی چند مشقیں بھی کرکے دکھائیں جس سے سگریٹ نوشی سے بچنا بہت آسان ہے۔

  • سوچا نہیں تھا پاکستان آؤں گی اور محبت ہوجائے گی، روزی گیبریل

    سوچا نہیں تھا پاکستان آؤں گی اور محبت ہوجائے گی، روزی گیبریل

    کراچی : تین برس قبل موٹر سائیکل پر پاکستان آنے والی نو ملسم کینیڈین ولاگر روزی گیبریل نے پاکستانی بائیکر اور بلاگر عدیل عامر سے شادی کرکے ایک مرتبہ پھر سب کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔

    انہوں نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں جسے صارفین نے بے حد پسند کرتے ہوئے دعائیں دیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے روزی گیبریل اور ان کے شوہر عدیل عامر نے اپنی نئی زندگی کے سفر سے متعلق ناظرین کو آگاہ کیا۔

    روزی گیبریل نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان میں اپنی محبت کو بھی پالیا ہے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں پاکستان آؤں گی اور مجھے نہ صرف اس ملک سے اور اس کے لوگوں سے بلکہ کسی خاص شخص سے بھی محبت ہوجائے گی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Rosie Gabrielle (@rosiegabrielle)

    عامر عدیل نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہماری شادی بہت دھوم دھام سے ہوئی اس موقع پر ہم نے مل کر بھنگڑا بھی ڈالا تھا اور بہت انجوائے کیا۔

    مزید پڑھیں : اسلام قبول کرنے والی کینیڈین بلاگر نے پاکستانی نوجوان سے شادی کرلی

    انہوں نے کہا کہ ہماری شادی کے حوالے سے گھر والوں کی جانب سے کچھ مشکلات تھیں تاہم وہ تمام مسائل جلد ہی حل ہوگئے، انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد روزی گیبریل پاکستان میں ہی رہنا چاہتیں ہیں۔

  • ویڈیو گیمز انڈسٹری کی حکومتی سطح پر پزیرائی

    ویڈیو گیمز انڈسٹری کی حکومتی سطح پر پزیرائی

    پاکستان میں ای گیمز کا رجحان بڑھتا جارہا ہے مگر بدقسمتی سے ویڈیو گیمز کے حوالے سے معاشرے میں ایک منفی تاثر پھیل گیا ہے کہ یہ گیمز بچوں کی نشونما اور ان کی دماغی صحت کیلئے نقصان دہ ہیں جبکہ حقیقتاً ایسا نہیں ہے۔

    پاکستان میں سرکاری سطح پر ویڈیو گیمنگ انڈسٹری کو ماضی میں توجہ نہیں دی گئی، تاہم اب پی ٹی آئی حکومت نے دیگر صنعتوں کے ساتھ ویڈیو گیمز کی صنعت کو بھی فروغ دینے کی تیاری کر لی ہے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر توانائی فواد چوہدری نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ہم نے ای گیمنگ کے حوالے سے پلیٹ فام بنا دیا ہے، اب آپ اس نوے ارب ڈالر کی انڈسٹری میں شامل ہوسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گیمنگ انڈسٹری کی بھاری سرمایہ کاری ٹیکنالوجی اور تفریح کی سرحدوں کو مسلسل آگے کی طرف دھکیل رہی ہے، دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد لوگ کمپیوٹر، موبائل اور دیگر گیجٹس پر گیمز سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر نفسیات فاطمہ کریم نے بتایا کہ گیمز کھیلنا بری بات نہیں، گیمز مختلف اقسام کے ہوتے ہیں والدین کو اس بات نظر رکھنی چاہیے کہ ان کا بچہ کس نوعیت کا گیم کھیل رہا ہے لیکن وائلنٹ گیمز بچوں اور بڑوں دونوں کیلئے نقصآن دہ ہیں۔

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے گیم ڈولپر فرحان عقیل نے کہا کہ عموی طور پر والدیں نہیں چاہتے کہ ان کا بچہ یہ گیمنز کھیلے کہ جس سے اس کے رویے پر برے اثرات مرتب ہوں لیکن اس کا دوسرا پہلو بھی ہے وہ یہ کہ اگر والدین کو اس بات کا ادراک ہو کہ ان گیمز کی کیا مارکیٹ ہے یا اس کو سیکھ کر کیا فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں تو شاید معاملہ کچھ بہتر ہوجائے۔

    پاکستان میں نوجوانوں کا ویڈیو گیمز کھیلنا پسند نہیں کیا جاتا، آج سے چند سال قبل جب کمپیوٹر ہر گھر میں عام نہیں ہوا تھا تو مارکیٹوں میں موجود ویڈیو گیمز کی دکانوں میں کھیلنے نوجوانوں کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا جاتا تھا اور والدین بھی چاہتے تھے کہ ان کا بچہ ایس جگہوں سے دور رہے۔

    والدین کی بچوں کو ویڈیو گیمز سے روکنے کی کئی وجوہات تھیں اور ان میں سے بیشتر وجوہات جائز بھی تھیں مگر بدقسمتی سے اس وجہ سے ویڈیو گیمز کے حوالے سے معاشرے میں ایک منفی تاثر پھیل گیا۔

    جہاں ماہرین کا یہ کہنا کہ ان گیموں پر گھنٹوں وقت گزارنا ذہنی و جسمانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے وہیں تو دوسری جانب یہ مؤقف بھی سامنے آیا ہے کہ ویڈیو گیم بری چیز نہیں بلکہ ویڈیو گیم کے استعمال میں زیادتی بری چیز ہے۔

    دلچسپ بات یہ بھی ہے مختلف مستند تحقیقات کے مطابق ویڈیو گیمز کے مناسب استعمال سے دماغی نشونما میں فائدہ ہوتا ہے۔

  • پاکستان میں  کرونا ویکسین کب دستیاب ہوگی؟ معاون خصوصی نے بتادیا

    پاکستان میں کرونا ویکسین کب دستیاب ہوگی؟ معاون خصوصی نے بتادیا

    وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال عالمی وبا سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ اس وقت کراچی میں کرونا کیسز کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

    معاون خصوصی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے گنجان آباد علاقوں میں کووڈ تیزی سے پھیل رہا ہے، مگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے وبا میں کمی آجاتی ہے، سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال کرونا سے محفوظ رکھ سکتا ہے کیونکہ ایک دوسرے سے ملنا جلنا ہی بیماری کو پھیلانے کا سبب بنتا ہے۔

    باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے پاکستان کو کرونا کی ویکسین کے حصول کے حوالے سے بتایا کہ فروری یا مارچ دو ہزار اکیس تک پاکستان میں کرونا ویکسین دستیاب ہوجائے گی۔گذشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پورے پاکستان خصوصاً بڑے شہروں میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کوویڈ 19کے بڑھتے ہوئے کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اس جان لیوا وبا پر قابو پانے کے لیے پوری قوم کا تعاون کرنا بے حد ضروری ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اس وبا سے بچنے کیلئے کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، ماسک لازمی پہنیں اور ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھیں، اس کے علاوہ اجتماعات سے جانے سے گریز کریں۔

    یہ بھی پڑھیں: کرونا میں مبتلا 105 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

    واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.98 فیصد ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.13 فیصد، خیبرپختونخوا میں 11.68 فیصد، بلوچستان میں 9.30 فیصد اور پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.39 فیصد ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.68 فیصد، آزاد جموں کشمیر میں یہ شرح 8.78 فیصد اور گلگت بلتستان مثبت کیسز کی شرح 1.98 فیصد ہے۔