Tag: Baldia Town

  • فوٹیج: لٹیرے امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے

    فوٹیج: لٹیرے امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں لٹیرے ایک امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

    بلدیہ ٹاؤن 24 مارکیٹ کے قریب مسجد کے امام سے ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی، فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مسجد کے امام گھر کے باہر بیٹھے موبائل فون استعمال کر رہے ہیں۔

    ایسے میں موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ڈکیٹ آئے اور اسلحے کے زور پر امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے، مسجد کے امام سے یہ واردات آج صبح 11 بج کر 45 منٹ پر ہوئی۔

    ویڈیو اور تصویر میں واردات میں ملوث ملزمان کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

    اسما کا قتل؟ اہل خانہ کا تشدد ہونے کا الزام، پولیس کا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شواہد نہ ملنے کا دعویٰ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کورنگی میں سعود آباد میں موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر ایک خاندان کو بھی لوٹ لیا تھا۔ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 لٹیروں نے گھر کے باہر میاں بیوی کو یرغمال بنایا۔

    ایک لٹیرے نے مرد سے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹا، دوسرے نے خاتون کے ہاتھ سے چوڑیاں اور انگوٹھی اتروا لی، لٹیرے موٹر سائیکل سوار خاندان کا تعاقب کرتے ہوئے ان کے گھر تک پہنچے تھے۔

  • میں نے ہینڈ گرنیڈ کو لات مار کر دور کیا تو وہ پھٹ گیا، بم دھماکے میں زخمی شخص کا بیان

    میں نے ہینڈ گرنیڈ کو لات مار کر دور کیا تو وہ پھٹ گیا، بم دھماکے میں زخمی شخص کا بیان

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں گھر کے باہر دستی بم دھماکے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، ایف آئی آر متاثرہ شہری اقبال کی مدعیت میں دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج ہوا ہے۔

    بم دھماکے میں زخمی شخص مدعی اقبال نے پولیس کو اپنے بیان میں لکھوایا کہ ’’میں نے ہینڈ گرنیڈ کو لات مار کر دور کیا تو وہ پھٹ گیا، جس میں زخمی ہو گیا۔‘‘

    اقبال نے بیان میں کہا ’’میں معذرور ہوں اور اپنا اسٹور چلاتا ہوں، افطار سے پہلے اپنے گھر کی فٹ پاتھ پر بیٹھا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان آئے اور بم پھینکا، میں نے ہینڈ گرنیڈ کو لات مار کر دور کیا تو وہ پھٹ گیا۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’چاروں ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے مجھے ماتھے اور آنکھ پر چوٹ آئی، دھماکے سے گلی میں گزرتا ہوا راہگیر کامران بھی زخمی ہوا۔‘‘

    کراچی ’ملزمان نے اقبال نامی شہری کا گھر پوچھا اور دستی بم پھینک دیا‘

    اقبال کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد انھیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ تاحال زیر علاج ہیں۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز بلدیہ ٹاؤن کے محلے پٹنی میں پیش آیا تھا، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ واقعے میں 3 افراد زخمی ہو گئے تھے، موٹر سائیکل سوار افراد نے شہری اقبال کے گھر کا پوچھا اور پھر دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ آپس کی دشمنی کا لگتا ہے۔

  • بلدیہ ٹاؤن قائم خانی کالونی میں فائرنگ سے ڈاکٹر جاں بحق

    بلدیہ ٹاؤن قائم خانی کالونی میں فائرنگ سے ڈاکٹر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں قائم خانی کالونی میں فائرنگ سے ڈاکٹر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے قائم خانی کالونی میں ایک ڈاکٹر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، پولیس نے گولی مارنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم چوہدری اسلم ریٹائرڈ پولیس افسر ہے، ملزم نے ڈاکٹر ماجد کو رشتے کے تنازع پر قتل کیا، ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ڈاکٹر ماجد ملزم کی بیٹی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔

  • سانحہ بلدیہ ٹاؤن، 10 سال بعد متاثرہ فیکٹری کو منہدم کرنے کا عمل شروع

    سانحہ بلدیہ ٹاؤن، 10 سال بعد متاثرہ فیکٹری کو منہدم کرنے کا عمل شروع

    کراچی: سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی متاثرہ فیکٹری کو 10 سال بعد منہدم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا، فیکٹری کی ایک منزل منہدم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دس سال قبل پاکستان کی تاریخ کا بدترین دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا، جب بلدیہ ٹاؤن کی علی انٹرپرائز فیکٹری میں آتش زدگی سے 250 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے، قاتل تو کیفر کردار تک نہ پہنچے، تاہم جائے وقوعہ کو منہدم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے متاثرہ فیکٹری کو مخدوش قرار دیا تھا۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس میں 2 ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی، سزائے موت پر عمل درآمد اب تک نہیں ہوا مگر مالکان کو فیکٹری حوالے کر دی گئی۔

    ملزمان کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں اب بھی ہائی کورٹ میں زیر التو ہیں، متاثرین نے دعویٰ کیا ہے کہ فیکٹری مالکان نے وعدے کے مطابق آج تک متاثرین کی کوئی مدد نہ کی۔

  • کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے والا ڈکیت گروہ کا سرغنہ گرفتار

    کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے والا ڈکیت گروہ کا سرغنہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا، ملزم منشیات فروشی، ڈکیتی اور جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی۔

    کارروائی میں منشیات فروش اور ڈکیت گروہ کے سرغنہ جلال کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پسٹل، 100 عدد راؤنڈز اور 30 پیکٹ گٹکا برآمد کیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم منشیات فروشی، مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں اور جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں بھی ملوث ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشتبہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

  • بلدیہ ٹاؤن میں پولیس مقابلہ کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک

    بلدیہ ٹاؤن میں پولیس مقابلہ کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران مقابلے میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک شدگان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی، ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق اس دوران دہشت گردوں نے بھاگنے کی کوشش میں اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

    جس کے جواب میں اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد موقع پر پی مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت  عدنان اور رفیق کےناموں سے ہوئی ہے۔

    بلدیہ ٹاؤن کے رئیس گوٹھ میں سی ٹی ڈی اور ملزمان میں ہونے والے مقابلے کے بعد دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں  ہلاک ہونے والوں کی لاشیں فوری طور اسپتال منتقل کردی گئیں۔

    اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کاتعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم سے ہے، ہلاک ہونے والے ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک ہونے والوں  میں ایک ملزم کا نام   عدنان اور دوسرا  رفیق کےنام سے شناخت ہوا ۔

    دوسری جانب ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ محمد رفیق کی گرفتاری پر حکومت سندھ نے20 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا، عدنان شبیر  کالعدم تنظیم کا انتہائی خطرناک دہشت گرد تھا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد بم دھماکوں، بینک ڈکیتی، فرقہ وارانہ دہشت گردی کی متعدد  وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق  یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں کا  تعلق کالعدم ٹی ٹی پی استاد اسلم گروپ سے تھا، کارروائی گزشتہ رات یار محمد گوٹھ بلدیہ ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پرکی گئی۔

    رینجرز کا کہنا ہے کہ مقابلے  کے دوران ملزمان نے وارننگ کےباوجود فائرنگ جاری رکھی، فورسز کی جوابی فائرنگ میں دونوں دہشت گرد مارے گئے، ہلاک  دہشت گردوں سے2ایس ایم جی،2پستول، ایمونیشن اوربارود مواد برآمد ہوئے ہیں۔

  • سانحہ بلدیہ فیکٹری، عزیربلوچ اور نثارمورائی کیخلاف جے آئی ٹی  رپورٹس آج پبلک کی جائیں گی

    سانحہ بلدیہ فیکٹری، عزیربلوچ اور نثارمورائی کیخلاف جے آئی ٹی رپورٹس آج پبلک کی جائیں گی

    کراچی : سانحہ بلدیہ فیکٹری،عزیربلوچ اورنثارمورائی کےخلاف جےآئی ٹیزآج  پبلک کی جائیں گی، سانحے بلدیہ اور عزیر بلوچ سے متعلق تفصیلات پہلے ہی منظر عام پر آچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے جرائم اور دہشت کے دو کرداروں عزیر بلوچ اور نثار مورائی سمیت سانحے بلدیہ کے سلسلے مین مرتب کردہ جے آئی ٹیز کو آج عوام کے لئے پبلش کیا جائے گا۔

    سندھ حکومت کے ترجمان کے مطابق پیر کے روز تینوں جے آئی ٹی رپورٹس کو سندھ کے ہوم ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر شاعہ کردی جائیں گی، تینوں رپورٹس میں دو رپورٹس سانحے بلدیہ اور عزیر بلوچ سے متعلق تفصیلات پہلے ہی منظر عام پر آچکی ہے جبکہ نثار مورائی سے ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ بھی جلد منظر عام پر آنے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی پہلی بار منظر عام پر، سیکڑوں‌ قتل کا اعتراف

    یاد رہے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے تھے ، جے آئی ٹی رپورٹ میں حبیب جان، حبیب حسن، سیف علی اور نور محمد سمیت عزیر بلوچ کے اہل خانہ اور دوستوں کے نام شامل ہیں۔

    رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ عزیر بلوچ نے تفتیش کے دوران لسانی اور گینگ وار تنازع میں 198 افراد کے قتل کا اعتراف کیا اور اپنے اثر و رسوخ کی بنیاد پر 7 ایس ایچ اوز مختلف تھانوں میں تعینات کرائے جبکہ اقبال بھٹی کو لیاری میں ٹاؤن پولیس افیسر تعینات کروایا، اسی طرح 2019 میں محمد رئیسی کو ایڈمنسٹیٹر لیاری تعینات کروایا۔

    عزیربلوچ کے بیرون ملک سےفرارکےباوجودماہانہ لاکھوں روپے بھتہ جمع کرکے دبئی بھیجا جاتا رہا، دوہزارآٹھ سے تیرہ کے دوران ہتھیارخریدے، پاکستان اوردبئی میں غیرقانونی اثاثے بنائے، گینگ وارمیں ملوث تھا جبکہ کراچی آپریشن میں اپنے استاد تاجو کو دبئی پھر افریقہ منتقل کرایا۔

    مزید پڑھیں  : 20 کروڑ روپے بھتہ نہ دینے پر بلدیہ فیکٹری کو آگ لگائی گئی، جےآئی ٹی رپورٹ

    دوسری جانب سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ فیکڑی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش نہیں آیا بلکہ 20 کروڑ روپے بھتہ نہ دینے پر بلدیہ فیکٹری کو آگ لگائی گئی۔

    جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے سفارش کی ہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری میں ملوث کرداروں کو بیرون ملک سے لایا جائے اور ملزمان کے پاسپورٹ ضبط کرکے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں۔

  • لیاری گینگ وار کے کارندے نے سالے کو اغوا کرلیا، مقدمہ درج

    لیاری گینگ وار کے کارندے نے سالے کو اغوا کرلیا، مقدمہ درج

    کراچی: شہر قائد کے علاقہ بلدیہ ٹاؤن سے لیاری گینگ وار کے مبینہ کارندے نے اپنے ہی سالے کو اغوا کرلیا، سسر نے داماد کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کے ملزم علی اکبر نے اپنے سالے کو اغوا کر کے سسرال والوں سے تاوان دینے کا مطالبہ کردیا۔

    سسرنے سعیدآباد تھانے میں داماد کےخلاف اغوا کامقدمہ درج کرایا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم کل دوپہر میرے 15 سالہ بیٹے کو ساتھ لے کر گیا۔

    مزید پڑھیں: گینگ وار کارندے کے انکشافات، تربیت افغانستان میں حاصل کی

    مدعی کا کہنا تھا کہ اغوا کار کوئی اور نہیں بلکہ اُن کا اپنا داماد ہے جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، علی اکبر ایک سال قبل بھی اپنے سسر کو تاوان کے لیے اغوا کرچکا ہے۔

    سسر کا کہنا تھا کہ علی اکبر کے 2 بھائی لیاری گینگ وار کی لڑائی میں مارے جاچکے جبکہ ملزم متعدد بار جیل کاٹ کر آچکا ہے۔

    واضح رہے کہ لیاری میں منشیات فروشی اور جرائم کرنے والے دو بڑے گروہوں تھے جن میں ایک عزیر بلوچ اور دوسرا ارشد پپو کا تھا ، کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے سے دونوں کا صفایا کیا جس کے بعد لیاری کے حالات کافی حد تک تبدیل بھی ہوچکے۔

  • رینجرز کی بڑی کارروائی: کروڑوں مالیت کا گٹکا، چھالیہ سگریٹ ودیگر سامان برآمد

    رینجرز کی بڑی کارروائی: کروڑوں مالیت کا گٹکا، چھالیہ سگریٹ ودیگر سامان برآمد

    کراچی : رینجرز اہلکاروں نے بلدیہ ٹاؤن میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں مالیت کا گٹکا، چھالیہ، سگریٹ اور ادویات سمیت دیگر اسمگلنگ کا سامان برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں بس ٹرمینل یوسف گوٹھ پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں گٹکا، چھالیہ، سگریٹ، ٹائرز، غیرملکی ادویات برآمد کرلی گئیں۔

    رینجرز اہلکاروں نے چار کروڑمالیت کا66ٹن گٹکا،200ٹن چھالیہ اور200کارٹن سگریٹ اپنی تحویل میں لے لیے، بعد ازاں برآمد کیا جانے والا گٹکا، چھالیہ ودیگرسامان کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی، رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائی، 7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مذکورہ 66ٹن گٹکا افغانستان سے براستہ بلوچستان کراچی لایا جارہا تھا، رینجرز نے12جون کو ماڑی پور روڈ سے5ہزار کلو گٹکا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی تھی ، اورتفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کراچی : بلدیہ ٹاؤن کے گھرمیں آتشزدگی‘ 7 افراد جاں بحق

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن کے گھرمیں آتشزدگی‘ 7 افراد جاں بحق

    کراچی : شہرقائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع گھر میں آگ لگنے سے 7 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے ملنگ گوٹھ میں واقع مکان میں آگ لگنے سے خاتون اوربچوں سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 زخمی ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں خاتون گلزارہ بی بی اوربچے شامل ہیں،لاشوں اورزخمیوں کوسول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ آگ لگنے کے وقت مکان میں خاتون اوراس کے 8 بچے موجود تھے، آتشزدگی میں خاتون گلزارہ بی بی اور6 بچوں کی موت واقع ہوئی۔

    پولیس کے مطابق مکان میں آگ گلزارہ بی بی نے خود لگائی جن کا دماغی توازن درست نہیں تھا، خاتون نے گھر میں جیسے ہی آگ لگائی تو اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق خاتون کے زخمی بیٹے نے بیان دیا کہ آگ اس کی ماں نے لگائی، گلزارہ بی بی کا 2 سال سے علاھ چل رہا تھا۔

    کراچی: کورنگی کےگھر میں آتشزدگی‘ میاں بیوی جاں بحق

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 5 اپریل کو کراچی کےعلاقے کورنگی میں واقع گھر میں آگ لگنے سے میاں بیوی جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

    بعدازاں جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کے قریبی رشتہ دار نے دعویٰ کیا تھا کہ قتل کے بعد واقعے کو حادثے کا رنگ دینے کے لیے آگ لگائی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔