Tag: Baldia Town

  • رینجرزاورسی ٹی ڈی سے مقابلے میں مارے گئے 3 دہشت گردوں کی شناخت

    رینجرزاورسی ٹی ڈی سے مقابلے میں مارے گئے 3 دہشت گردوں کی شناخت

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں گزشتہ روز رینجرز اور سی ٹی ڈی سے مقابلے میں مارے گئے تین دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی۔ امن دشمنوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی استاد اسلم گروپ سےتھا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلدیہ ٹاؤن کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران مقابلے میں تین دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے تھے۔

    ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مولوی عبدالکریم سواتی عرف مفتی، یوسف عرف شہزاد عرف نعمان برمی اور محمد احمد عرف مولوی عبداللہ برمی کے نام سے شناخت ہوگئی ہے، ہلاک شدگان کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی استاد اسلم گروپ سے تھا۔

    فائرنگ کے تبادلے میں دو رینجرز اورایک سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوئے، تاریکی کا فائدہ اٹھا کر کچھ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے جن کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔


    مزید پڑھیں: بلدیہ ٹاؤن میں رینجرزاورسی ٹی ڈی کا دہشتگردوں سے مقابلہ، تین ہلاک


    ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دو خود کش جیکٹیں، بلاک بم، دو آئی ای ڈیز ،دو ایس ایم جیز اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کی کاررروائی، کالعدم تنظیم کا کارندہ گرفتار

    علاوہ ازیں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر سہراب گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلیا ہے۔

     ایس ایس پی سی ٹی ڈی مینیر شیخ کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت محمد اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے، ملزم لوگوں میں مذہبی لٹریچر فراہم کرتا تھا، گرفتار دہشت گرد اشتہاری ملزم بھی ہے جس سے ممنوعہ لٹریچر اور نوٹ پیڈ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی مینر شیخ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں کالعدم تنظیم کا ایک گروپ ٹی ٹی پی کو فنٖڈنگ کرتا ہے، گرفتار دہشت گرد دکانداروں سے بھتہ وصولی کے ساتھ ساتھ دیگر سنگین وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • کراچی میں غیرقانونی مقیم بھارتی شہری مردم شماری میں پکڑا گیا

    کراچی میں غیرقانونی مقیم بھارتی شہری مردم شماری میں پکڑا گیا

    کراچی : مردم شماری کے دوران ستائیس سال سے کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی شہری پکڑا گیا۔ ملزم ریاض کو رہائش دینے والے مالک مکان کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مردم شماری کے دوران غیر قانونی رہائش پذیر بھارتی شہری کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ ٹاؤن سے بھارتی شہری گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم ریاض الاسلام ستائیس سال سے کراچی میں بغیر کاغذات کے رہ رہا تھا، ملزم کے بھارتی شہری ہونے کی شناخت مردم شماری کے دوران ہوئی۔

    پولیس نے ملزم ریاض الاسلام کے خلاف پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہنے اور سندھ کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں۔

    ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، پولیس کے مطابق ملزم کو رہائش دینے والے صفدر حسین کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ملزم بھارت میں اعظم گڑھ کا رہائشی ہے، ایس پی بلدیہ

    ایس پی بلدیہ آصف رزاق نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم سے ابتدائی تفتیش میں کچھ اہم باتیں سامنے آئیں ہیں، بھارتی شہری ریاض الاسلام 27سال سے کراچی غیرقانونی طورپرمقیم تھا، ملزم بھارت میں اعظم گڑھ کا رہائشی ہے، بھارتی شہری نےاطراف میں مختلف فیکٹریوں میں کام کرنے کا بھی بتایا ہے۔

    ریاض الاسلام کے پاس کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں ہیں، ایس پی بلدیہ کا کہنا ہے کہ ملزم بھارت میں کسی مسجد میں امامت بھی کرتا رہا ہے، ریاض الاسلام بھارت سے لاہور آیا اور لاہورسے کراچی منتقل ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ ریاض الاسلام کا خاندان بھارت میں ہے،اس کے 3 بچے ہیں، ملزم کراچی میں جس کے ساتھ مقیم تھا اسے بھی گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایس پی بلدیہ کے مطابق ملزم سےمزیدتفتیش کیلئےٹیم تشکیل دی جارہی ہے۔

  • رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن سے بھاری تعداد میں مدفون اسلحہ برآمد کرلیا

    رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن سے بھاری تعداد میں مدفون اسلحہ برآمد کرلیا

    کراچی : رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن میں کامیاب کارروائی کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا، اسلحہ خالی پلاٹ میں زیرزمین چھپایا گیا تھا، اسلحہ سیاسی جماعت کے ایک عسکری ونگ کے زیر استعمال تھا۔ دوسری کارروائی میں رینجرز نے پرانا گولیمار میں گینگ وار کے مفرور کمانڈر کے گھر پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ، منشیات اور ایک کروڑ 71 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں مدفون اسلحہ برآمد کر لیا ہے، اسلحہ خالی پلاٹ میں زیر زمین چھپایا گیا تھا۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں تین عدد ایس ایم جیز، کلاشنکوف، تین عدد بے بی کلاشنکوف 30 بور، دو عدد پستول ، چار عدد رپیٹر بارہ بور، اور مختلف اقسام کے 666 راؤنڈز شامل ہیں۔

    ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ اسلحہ شہر میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کیلئے استعمال ہونا تھا۔ علاوہ ازیں رینجرز نے پرانا گولیمار کے علاقے میں لیاری گینگ وار کے مفرور کمانڈر ماجد سخی داد کے گھر پر چھاپہ مارا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق چھاپے کی اطلاع پر گھر میں موجود تین ملزم فرار ہو گئے۔ تلاشی کے دوران رینجرز نے مفرور کمانڈر کے گھر سے 3 گرنیڈ، 2 کلاشنکوف، 1 ماؤزر، 2 پستول اور 20 کلو چرس برآمد لی جبکہ گھر کے اندر چھپائے گئے 1 کروڑ 71 لاکھ روپے بھی برآمد کئے گئے۔

  • فاروق ستار کا 25 دسمبر کو مزار قائد پر جلسے کا اعلان

    فاروق ستار کا 25 دسمبر کو مزار قائد پر جلسے کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ متحدہ پاکستان کے تحت 25 دسمبر کو مزار قائد کے سامنے بڑا جلسہ ہوگا جو ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔

    بلدیہ ٹاؤن میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان 23 اگست کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اب ہم پیچھے مڑ کر نہیں دیکھیں گے اور کراچی کو اس کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹائیں گے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اگر مردم شماری کی گئی تو کراچی کو 35 نشتیں دینی پڑ جائیں گے، انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سندھ کا وزیر اعلیٰ کراچی اور متحدہ قومی موومنٹ کا ہوگا۔

    پڑھیں:  عوامی رابطہ اورسو دن کی خدمتی مہم کا آغاز کریں گے،فاروق ستار

     سربراہ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کے تاریخی جلسہ کا ریکارڈ توڑنے کی پوزیشن میں آگئے ہیں، عوامی رابطے میں لوگوں کی دلچسپی دیکھ کر اندازہ ہوا کہ 2016 کے غروب ہوتے ہی کئی لوگوں کی سیاست بھی بیٹھ جائے گی۔

    قبل ازیں ڈپٹی کنونیر عامر خان نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کراچی میں ہماری شناخت بھتہ خور اور ٹارگٹ کلر کے نام سے ہوتی تھی تاہم اب ہمیں اپنے اوپر لگے ہوئے الزامات مٹانے کے لیے عوام کی خدمت کرنی ہے‘‘۔

    اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’22 اگست کے بعد کئی لوگوں نے اس شہر کو مالِ عنیمت سمجھ کر لوٹنے کی کوشش کی، حکمراں جماعت نے تمام تر سرکاری وسائل ریلی نکالی مگر وہ بھی ناکام رہے‘‘۔

  • بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں رینجرز کا مقابلہ: 3 دہشتگرد ہلاک، دو اہلکار زخمی

    بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں رینجرز کا مقابلہ: 3 دہشتگرد ہلاک، دو اہلکار زخمی

    کراچی : بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں رینجرزاورکالعدم تنظیم کے کارندوں سے مقابلہ میں تین دہشت گرد ہلاک اور دو رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے،علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کیخلاف چھاپہ مار کارروائی کی۔

    چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی، رینجرز کی جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ مقابلے میں رینجرز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ہلاک ہونے والے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد سنگین جرائم میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مطلوب تھے۔

    ہلاک شدگان کے قبضے اور ان کی کمین گاہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ اورگولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں۔ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

     

  • رشوت لے سکتا تھا لیکن میں رشوت العباد نہیں بنا، مصطفیٰ کمال

    رشوت لے سکتا تھا لیکن میں رشوت العباد نہیں بنا، مصطفیٰ کمال

    کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی اور پاکستان بہت مشکل دور سے گزر رہا ہے، اپنی نظامت کے دور میں بھی رشوت لے سکتا تھا لیکن میں رشوت العباد نہیں بنا، کراچی شہر کے لوگ پانی آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں، تالیاں بجاتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ سعید آباد میں پارٹی دفاتر کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی 70 فیصد رہونیو دیتا ہے لیکن اس شہر کو پانی میسر نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بعد آزاد ہونیوالے ممالک ترقی کر گئے ہیں لیکن ہم آج بھی روٹی، کپڑا اور مکان کو روتے ہیں۔

    45 فیصد بچوں کی خوراک نہ ہونے کی وجہ سے نشوونما صحیح نہیں ہو رہی ہے۔ کراچی میں ز ندگی موت میں بدل جاتی ہے لیکن عوام کو انصاف نہیں ملتا۔ یہاں عدالتیں پھانسی پر چڑھ جانے والوں کو مقدمے بری کررہی ہیں یہ کونسا انصاف ہے؟

    مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کا گورنر 14 سال سےرشوت وصول کررہا ہے۔

    50 ہزار روپے لے کر یہ جعلی ڈگری بنارہا ہے، میں اپنی نظامت کے دور میں بھی رشوت لے سکتا تھا لیکن میں رشوت العباد نہیں بنا۔ میں نے جو بولا تھا سب سچ ثابت ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ مہاجروں نے جن لوگوں کو ووٹ دئیے ان کو لاشیں چاہیئں ۔لاپتہ اور گرفتار افراد چاہیئں۔ اگر اپنی نسلیں بچانی ہے تو ان لوگوں کا ساتھ چھوڑنا ہوگا۔

    30 سال سے بہت ڈرامہ دیکھ لیا۔ میں پیسے کمانے یا جائیدادیں بنا نے نہیں آیا ۔ ہم جو کر رہے ہیں وہ جہاد ہے۔ ہم لڑائی نہیں کرینگے ہماری مارنے مرنے کی پالیسی نہیں ہے۔

    مصطفی کمال نے کہا کہ کے ایم سی کے 250 ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ان ملازمین کا تعین نہیں ہوا کہ یہ کے ایم سی کے ملازم ہے یا کے ڈی اے کے لوگوں کے گھروں میں فاقے ہو رہے ہیں۔

    اپنے حقوق کیلئے پرامن احتجاج کرینگے ۔ ہم اپنے حقوق چھین لیں گے۔ افتتاحی تقریب سے رضا ہارون اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

     

  • بلدیہ ٹاؤن میں خوفناک حادثہ، ڈمپر نے نو افراد کو کچل ڈالا

    بلدیہ ٹاؤن میں خوفناک حادثہ، ڈمپر نے نو افراد کو کچل ڈالا

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں خونی ڈمپر کی ٹکر سے ہائی روف میں سوار نو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، حادثہ نادرن بائی پاس کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن  نادرن بائی پاس کے قریب تیز رفتار ڈمپرنے ہائی روف  کو کچل ڈالا، حادثے میں گاڑی میں سوار نو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، واقعے کے بعد ریسکیو اداروں نے ایمبولینسوں کے ذریعے ہلاک اور زخمی افراد کو سول اسپتال پہنچایا،جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد پکنک منا کر واپس آرہے تھے،  ہلاک شدگان اور زخمیوں میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں ایم کیوا یم کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں نوافراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے واقعہ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونیوالے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس واقعہ میں جاں بحق ہونیوالے تمام افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا فرمائے۔

  • پولیس اہلکارکے قتل میں ملوث بیوی ساتھی سمیت گرفتار

    پولیس اہلکارکے قتل میں ملوث بیوی ساتھی سمیت گرفتار

    کراچی : سعید آباد میں پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث اس کی اہلیہ کوپولیس نے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آباد کا رہائشی پولیس اہلکار اپنی بیوی کے ہاتھوں مارا گیا، علاقہ پولیس کے مطابق اے ایس آئی علی احمد کو گزشتہ رات نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرفائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا تو قاتل گھر میں ہی مل گیا، دوران تفتیش سوالات کرنے پرعلی احمد کی بیوی پولیس کو تسلی بخش جواب نہ  دے سکی ، بعد ازاں مقتول اہلکار علی احمد کی بیوی نے قتل کا اعتراف کرلیا۔

    ملزمہ کے مطابق اس نے اپنے ساتھی کی مدد سے علی احمد کو اسی کے سرکاری اسلحہ سے گولیاں ماریں، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

  • کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ جاری

    کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ جاری

    کراچی : شہرمیں پولیس اہلکار ایک بار پھر ٹارگٹ کلرز کے نشانے پر ہیں ، بلدیہ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر پولیس اہلکار کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ کے علاقے سعید آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے اے ایس آئی علی احمد کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق اے ایس آئی علی احمدکو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے مقتول کی لاش تحویل میں لے کراسپتال پہنچائی،واضح رہے کہ کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ ایک بار پھر شروع ہوگئی ہے۔

    ستمبر دوہزار تیرہ میں کراچی میں امن و امان بحال کرنےاورمنظم جرائم کے خاتمے کے لئےرینجرزاور پولیس کا مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔ اس کےباوجوداہلکاروں کے قتل کے واقعات آئے دن پیش آرہے ہیں۔

  • کراچی: کالعدم تنظیم کے کمانڈرسمیت آٹھ دہشت گرد گرفتار

    کراچی: کالعدم تنظیم کے کمانڈرسمیت آٹھ دہشت گرد گرفتار

    کراچی : سی آئی ڈی پولیس کی کارروائی کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت آٹھ دہشت گرد کرفتار، پچاس کلو دھماکہ خیز مواد ،بال بم اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد۔

    تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی پولیس نے بلدیہ اتحاد ٹاون میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر امیر سمیت آٹھ دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا ہے۔

    جن کے قبضے سے پچاس کلو دھماکہ خیز مواد ،تین رائفل،دس بال بم ، آٹھ ٹی ٹی پستول اور دو موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں، انچارج انسداد دہشت گردی سیل سی ڈی ڈی علی رضا کے مطابق گرفتار دہشت گرد وزیرستان سے کراچی آئے تھے اور بلدیہ ٹاؤن میں روپوش تھے۔

    علی رضا کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے ملنے والا اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد شہر میں تخریب کاری کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔ سی آئی ڈی پولیس کی اس کامیاب کارروائی سے کراچی ایک بڑی تباہی سے بچ گیا۔