Tag: Balochistan governor

  • وزیراعظم نے گورنر بلوچستان سے استعفی طلب کرلیا

    وزیراعظم نے گورنر بلوچستان سے استعفی طلب کرلیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کو تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے، اسی سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے گورنر بلوچستان کو خط لکھ دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے گورنر بلوچستان کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اور نئے گورنر بلوچستان کے ناموں پر مشاورت بھی شروع کردی ہے، نئے گورنر بلوچستان کون ہوگا؟ اس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کرینگے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنربلوچستان کو خط لکھا ہے، خط میں گورنربلوچستان جسٹس (ر)امان اللہ خان سے مستعفی ہونےکا کہا گیا ہے، وزیراعظم نے اپنے خط میں کہا کہ بلوچستان میں نیاگورنر تعینات کرنا چاہتا ہوں، آپ سے درخواست ہےکہ مستعفی ہو جائیں۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر بلوچستان کے لئے تحریک انصاف کے ظہور آغا، فیض کاکڑ، سعیدمندو خیل اور نصیب اللہ بازئی کےناموں پر بھی غور شروع کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے تین اکتوبر 2018 میں محمد خان اچکزئی کے استعفے کے بعد امان اللہ یاسین زئی کو نیا گورنر نامزد کیا تھا۔

    جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی 7 اگست 1954 کو پیدا ہوئے، 27 جنوری 1997 میں بلوچستان ہائیکورٹ میں بطور جج تعینات ہوئے، 14 ستمبر 2005 کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بنے اور 5 اگست 2009 تک بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔

  • گورنربلوچستان پرحملے کی کوشش ناکام‘ 2 دہشت گرد گرفتار‘ وزیرداخلہ بلوچستان

    گورنربلوچستان پرحملے کی کوشش ناکام‘ 2 دہشت گرد گرفتار‘ وزیرداخلہ بلوچستان

    کوئٹہ : صوبہ بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پرحملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ڈی آئی جی کوئٹہ کے ہمراہ وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گورنر بلوچستان پرحملے کی کوشش ناکام بنادی۔

    وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے گلستان کے علاقے سے 2 دہشت گردوں محمد بشیر اور منور احمد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔

    سرفراز بگٹی نے کہا کہ افسران، سیاست دانوں کی فول پروف سیکورٹی کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں حاصل کررہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق اسی گروہ سے ہے جس نے اگست 2015 میں پنجاب کے وزیرداخلہ شجاح خانزادہ کو خودکش حملے میں نشانہ بنایا تھا۔


    کوئٹہ میں مسلسل دوسرے روز دہشت گردی کا منصوبہ ناکام


    وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ نادرا سے کوئٹہ چرچ حملہ آوروں کی تصدیق نہیں ہوسکی جس کا مطلب ہے کہ حملہ آور غیرملکی تھے۔

    سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ چرچ پر حملہ کرنے والوں کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ گزشتہ روز صوبے کے چرچ نمائندگان سے میٹنگ کرکے انہیں سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔


    کوئٹہ : چرچ میں دھماکہ اور فائرنگ‘ 9 افراد جاں بحق‘ 35 زخمی


    یاد رہے کہ 17 دسمبر کو کوئٹہ میں زرغون روڈ پر چرچ میں خودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔